اینٹ کی سرگوشی

سورج دھیرے دھیرے مغرب کی آغوش میں جا رہا تھا، جب ایک چمچماتی نئی ٹویوٹا کرولا دھول اڑاتی ہوئی شہر کے مضافات سے گزری۔ سڑک پر بکھری غربت کی کہانیوں سے بے نیاز، وہ کاربڑھتی جا رہی تھی اپنی منزل ڈی ایچ اے کی روشن،چمکتی سڑکوں کی طرف۔
گاڑی میں بیٹھا نوجوان بزنس ایگزیکٹو، کامیابی کے نشے میں سرشارکسی تازہ ڈیل کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ اس کی دنیا فائیو اسٹار ہوٹلوں، لگژری میٹنگز اور بڑے بڑے سودوں کے گرد گھومتی تھی۔ وہ زندگی کی دوڑ میں اتنا آگے نکل چکا تھا کہ پیچھے رہ جانے والے چہرے اب اس کے لیے دھندلے ہو چکے تھے،تبھی اچانک۔
ٹھک !

ایک زوردار آواز کے ساتھ گاڑی کے دروازے پر اینٹ آ کر لگی۔
بریک چرچرا اٹھی۔ غصے کی ایک لہر اس کے جسم میں دوڑ گئی۔ نئی گاڑی کے دروازے پر ڈینٹ (Dent)پڑ چکا تھا۔ وہ جھٹکے سے دروازہ کھول کر باہر آیا اور اِدھر اُدھر دیکھنے لگا۔ کچھ فاصلے پر ایک دس، گیارہ سالہ بچہ سہما کھڑا تھا۔ ہاتھ اب بھی فضا میں اٹھا ہوا جیسے اپنی حرکت پر خود بھی حیران ہو۔
نوجوان طیش میں اس کی طرف لپکا، اور بغیر کچھ سوچے بچے کو کندھوں سے پکڑ کر جھنجھوڑ ڈالا۔
’’اندھے ہو گئے ہو؟ یہ کیا حرکت کی ہے؟ تمہارے باپ کے پاس ہیں پیسے اس کا ہرجانہ بھرنے کے لیے؟‘‘
بچہ ایک لمحے کے لیے چپ رہا، پھر اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ وہ آہستہ سے بولا:
’’سائیں!مجھے کچھ نہیں پتہ، میں اور کیا کرتا؟ میں ہاتھ ہلا ہلا کر روکنے کی کوشش کر رہا تھا، مگر کوئی نہیں رکا،کوئی نہیں سنا!‘‘
نوجوان کا غصہ یکدم سرد پڑ گیا۔ بچے کی آنکھوں میں وہ بے بسی تھی جو دلوں کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔
’’کیا ہوا ہے؟‘‘ اس نے نسبتاً نرم لہجے میں پوچھا۔
بچے نے سڑک کے کنارے نشیبی علاقے کی طرف اشارہ کیا۔
’’میرا ابا۔۔ وہاں گرا ہوا ہے۔ بہت وزنی ہے، مجھ سے اُٹھایا نہیں جا رہا تھا، میں کیا کرتاسائیں!‘‘
نوجوان نے حیرانی سے سر موڑا۔ نیچے کیچڑ میں ایک آدمی اوندھے منہ پڑا تھا، اس کی ویل چیئر ساتھ ہی گری ہوئی تھی، اور اس کے قریب چند بکھرے ہوئے چاول زمین پر آلودہ ہو چکے تھے۔
نوجوان نے اپنے قیمتی سوٹ کی پروا کیے بغیر آگے بڑھ کر اسے اُٹھانے کی کوشش کی۔ وہ کافی وزنی تھا، مگر جیسے تیسے اسے ویل چیئر پربٹھا دیا۔ وہ شخص کراہ رہا تھا، چہرہ خراشوں سے بھرا تھا، اور بچہ اپنے ننھے ہاتھوں سے ان زخموں کو سہلا رہا تھا۔
نوجوان نے لرزتے ہاتھوں سے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا، اور جو کچھ نقدی تھی، نکال کر اس شخص کی جیب میں ڈال دیا۔
بچے نے حیرانی، عقیدت اور شکرگزاری کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اسے دیکھا، اور اپنے باپ کو لے کر جھگیوں کی طرف بڑھ گیا۔ وہ شخص بار بار آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر دعائیں دے رہا تھا۔
نوجوان کچھ دیر وہیں کھڑا رہا۔ زندگی میں پہلی بار اسے لگا کہ دنیا کی سب سے اہم چیز بینک بیلنس، گاڑی یا بزنس ڈیلز نہیں، بلکہ وہ ہاتھ ہیں جو بے بسی میں اٹھتے ہیں،وہ آنکھیںہیںجومددکے لیے سوالیہ نشان بن جاتی ہیں،وہ سرگوشیاں ہیں جو چیخوں میں بدلنے سے پہلے سنی جانی چاہئیں۔
اسی لمحے اس نے فیصلہ کیاکہ یہ آخری اینٹ نہیں ہوگی۔ وہ ان چیخوں کو خاموشی میں دفن ہونے نہیں دے گا۔
اسی ہفتے اس نے ایک خیراتی ادارے کے تعاون سے جھگیوں میں ایک اسکول کھول دیا۔ وہ بچہ، جس نے اینٹ اچھالی تھی، جلد ہی کئی دوسرے بچوں کے ساتھ پڑھنے لگا۔ سالوں بعد، وہی بچہ جب اپنی یونیورسٹی کی ڈگری لے رہا تھا، تو اسٹیج پر کھڑے نوجوان ایگزیکٹو کی آنکھوں میں فخر کے آنسو تھے۔وہی ٹویوٹا کرولا مزید پانچ سال اس کے پاس رہی، مگر اس نے ڈینٹ والا دروازہ کبھی مرمت نہیں کرایا۔
کبھی کوئی پوچھتا تو بس مسکرادیتا اور کہتا:
’’زندگی کی دوڑ میں اتنا تیز نہیں چلنا چاہیے کہ کسی کو اینٹ مار کر گاڑی رکوانی پڑے‘‘۔
اوپر والا اکثر ہمارے کانوں میں سرگوشیاں کرتا ہے، دل سے باتیں کرتا ہے، لیکن جب ہم سننے سے انکار کر دیتے ہیں، تو کبھی کبھار ایک اینٹ ہماری طرف اچھال دیتا ہے، تاکہ ہم جاگ جائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. سمیہ شیخ

    آ نکھیں ڈبڈبا گئیں ۔۔۔????
    بہت خوب ماشاءاللہ تبارک الرحمن
    اللہ کے زورِ قلم اور زیادہ ❤️

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے