ایک سے تین دکان کے مالک بنے عبدالواجد

تلنگانہ کے سدا شیو پیٹ میںخدمت میوچولی ایڈیڈ کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی(Khidmat Mutually Aided Co-operative Credit Society) نے قریب پانچ سال پہلے کام کرنا شروع کیا تھا۔ اس برانچ میں ممبر بننے والے ’’عبدالواجد پاشا‘‘ تیسرے شخص تھے۔
سدا شیو پیٹ کے مین بازار میں عبدالواجد کی چوائس الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس (Choice Electrical and Electronics)نام کی دکان ہے۔ چھتیس سال کے عبدالواجدنے میٹرک پاس کیاتھا۔آگے انہوں نے انٹرمیڈیٹ کی کلاسیز تو کیں، لیکن امتحان نہیں دے سکے۔
پڑھائی کے دوران 1999میں ہی انہوں نے الیکٹرانک سامانوں کی مرمت کا کام سیکھنا شروع کیا۔ خاص طور سے ٹیلی ویژن کا۔ وقت کے ساتھ انہوں نے الیکٹریکل سامانوں کی مرمت کا ہنر بھی سیکھ لیا اور ایسے سامانوں کی چھوٹے پیمانے پر فروخت بھی شروع کردی۔ عبدالواجد کہتے ہیں:
’’جب میں نے کام شروع کیا ، تو پیسوں کی قلت کی وجہ سے مجھے آگے بڑھنے کا موقع نہیں مل رہا تھا، مگر خدمت سے مجھے مدد ملنی شروع ہوئی تو جو پیسہ سود کے طور پر میرے پاس سے چلاجاتا تھا، وہ رک گیا۔ اور اس طرح سے مجھے آگے بڑھنے کا موقع ملا۔ ‘‘

تمنائیں ہوئیں پوری

ممبر بننے کے بعد خدمت کے بچت کھاتے میں پیسہ جمع کرتے ہی ایک طرح سے عبدالواجد کو مالی مدد ملنی شروع ہوگئی۔ انہوں نے بچت کے پیسوں کا اپنے کاروبار کے لیے استعمال کرنا شروع کیا۔
عبدالواجد کو خدمت کے بارے میں یہ اطلاع ملی کہ یہاں سے قرض بھی مل سکتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے قرض کے لیے درخواست دی اور انہیں پہلا قرض تیس ہزار روپے کا ملا۔ یہ قرض عبدالواجد کو تین مہینے میں چکانا تھا، لیکن انہوں نے یہ قرض سوا مہینے میں ہی واپس کردیا۔ اس کے بعد انہوں نے پچاس ہزار روپے کا دوسرا قرض لیا۔
عبدالواجدنے پہلے قرض کا پیسہ الیکٹریکل سامانوں کے کاروبار پر لگایا۔ دھیرے دھیرے ان کا کاروبار بڑھتا گیا۔ اب تک عبدالواجد تقریبا پندرہ بار قرض لے چکے ہیں۔ ان کے سب قرضے اپنے کاروبار کے لیے گئے تھے، سوائے ایک کو چھوڑ کر جس میں انہوں نے اپنے گھر کے لیے کچھ سونا خریدا تھا۔
خدمت کے قرض سے عبدالواجد کاکاروبار کچھ اس قدر بڑھاکہ پہلے الیکٹرانک سامانوں کی ان کی صرف ایک دکان تھی، اور اب پرانی دکان کے ٹھیک بغل میں انہوں نے الیکٹریکل سامانوں کی ایک نئی دکان شروع کردی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ایک لاکھ روپے کا جوقرض لیا تھا، اس سے دکان کے پیچھے شیڈ ڈال کر کولر کا کاروبار بھی شروع کردیا۔ یہاں پر وہ کولر اسیمبل کرتے ہیں۔ فی الحال ان کے پاس سو کولر کا سامان موجود ہے۔
عبدالواجد کی ایک چھوٹی سی فیملی ہے، جس میں ان کی بیوی اور دو بچے ہیں۔ عبدالواجد کے والد ڈرائیور تھے۔ عبدالواجد کہتے ہیں:
’’میری تو واقعی ترقی ہوئی ہے۔ گھر میں کچھ بھی خرچ آجائے اب فکر نہیں رہتی۔ بچوں کی آرزوئیں پوری کرنے کے لیے سوچنا نہیں پڑتا۔بیتے دنوں بچوں نے ونڈر ورلڈ (Wonder World)جانے کی خواہش ظاہر کی تو میں فورا ہی تیار ہوگیا۔‘‘
عبدالواجد نے بتایا کہ خدمت سے پہلے جب وہ پرائیویٹ فائنانسر (Private Financer)سے قرض لیتےتھے تو قرض پر سود بہت زیادہ دینا پڑتا تھا۔ ایک لاکھ روپے کے قرض پر سود کے دس ہزار روپے پہلے ہی کاٹ لیے جاتے تھے۔ اس طرح ان کی پوری کمائی فائنانسر لے لیتے تھے۔ وہ کہتے ہیں:
’’ پہلے ایک لاکھ روپے کے قرض پر کم سے کم دس ہزار روپے سود میں چلے جاتے تھے۔ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا تھا۔ مگر وہ پیسے اب بچ جاتے ہیں۔ میرے بیوی بچے خوش ہیں۔ اس بچت سے میں رفاہی کاموں میں بھی شامل ہوجاتا ہوں۔‘‘
عبدالواجد اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں:
’’میری کمائی میں برکت ہو رہی ہے۔ اب مجھے سود نہیں دینا پڑتا۔ پہلے میری پوری محنت بے کار چلی جاتی تھی۔ اب مجھے اپنی محنت اور اپنے پیسے کا ریٹرن مل رہا ہے۔ مال جمع ہورہا ہےاور دکان میں اب پہلے کے مقابلے میں پانچ گنا سامان بھی زیادہ رہتا ہے۔‘‘

بینک کا قرض پریشانی کا سودا

عبدالواجد کے مطابق انہوں نے ایک سرکاری بینک سے اپنی دکان کے نام پر جو کاروباری قرض لیا تھا ،اس پر بہت سود دینا پڑا۔ بینک نے جب قرض دیا تو فی سو روپے ایک روپیہ ماہانہ سود کی بات کی تھی مگر میرے حساب سے یہ تین روپے پڑ رہا تھا۔ دن بڑھنے کے ساتھ ساتھ یہ چارجز (Charges) بڑھتے ہی جارہے تھے۔‘‘
بینک کا قرض چکانے سے جڑی پریشانیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے عبدالواجد کہتے ہیں:
’’ قرض چکانے کے لیے ہرمہینے کے شروع میں بینک جانے کا وقت مجھے نہیں ملتا تھا۔ تاریخ آگے پیچھے ہو جانے سے کافی دقت ہوتی تھی۔‘‘
خدمت کا قرض چکانے کے بارے میں عبدالواجد کہتے ہیں:
’’خدمت کے بندے آتے ہیں۔کاروبار کے بارے میں سب کچھ جان کرپیسے کلیکٹ کرتے ہیں۔اس طرح قرض آسانی سے ادا ہوتا رہتا ہے۔‘‘
عبدالواجد آگے کہتے ہیں:
’’یہ صحیح ہے کہ بینک قرض واپسی کے لیے دو سے ڈھائی سال کا وقت دیتا ہے لیکن ا س لمبی مہلت کے عوض بہت زیادہ سود چکانا پڑتا ہے۔ خدمت کا قرض صرف تین ماہ کے لیے ہوتا ہے اور وقت سے قرض ادا کردینے پر دوبارہ قرض لینے کا موقع مل جاتا ہے۔ حقیقت میں دیکھا جائے تو خدمت سے بلاسودی قرض لمبی مدت کے لیے مل جاتا ہے۔ ‘‘
دوسری طرف عبدالواجد کا تجربہ یہ بھی رہا کہ لمبی کاغذی کارروائی کے بعد بھی سرکاری بینک قرض دینے میں دیر کرتے ہیں، جبکہ خدمت میں ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا ،بینک سے قرض لینے کے لیے دو سیکورٹی چاہیے، ایک گورنمنٹ اور ایک ایم آر ایف امپلائی سیکورٹی (MRF Employee Security)چاہیے۔ اس کے بعد وہ جی ایس ٹی بل(GST Bil) اور آئی ٹی ریٹرن(IT Return) مانگتے ہیں۔یہ سب دینے کے باوجود بینک قرض دینے میں وقت لگاتے ہیں۔ کبھی مارچ کلوزنگ تو کبھی دوسری وجہوں سے ٹالتے ہیں، مگر خدمت میں ایک کرنٹ اکاؤنٹ چیک (Current Account Check)اور خدمت کے ایک ممبر کی سکیورٹی دے کر آسانی سے لون مل جاتا ہے۔

بینک کی اونچی سود کی در اور لمبی کاغذی کارروائی سے عبدالواجد اتنا اُوب چکے ہیں کہ اب انہوں نے طے کرلیا ہے کہ بینک سے کبھی قرض نہیں لیں گے۔ مگر بینک ہیں کہ انہیں چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔ عبدالواجد بتاتے ہیں:
’’بینک کا قرض چکانے کے بعد تین ماہ سے کلیئرنس سرٹیفکٹ (Clearance Certifcate)کے لیے بینک کے چکر لگارہا ہوں مگر وہ سرٹیفکٹ نہیں دے رہے ہیں۔ بینک پھر سے قرض دینے کے آفر کے ساتھ سرٹیفکٹ روکے ہوئے ہے۔ وہ مدرا لون دینے کا بھی آفر دے رہے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ کلیئرنس سرٹیفکٹ دینے کے بعد گراہک بینک سے دور چلا جائے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا :’’بینک میں مَیں ایئر کولر کرائے پر دیتا ہوں۔ میری ان سے بہت اچھی جان پہچان ہے۔ وہ مجھے مدرا لون اور دوسرے قرض دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن میں کہتا ہوں کہ مجھے بینک سے قرض لینا ہی نہیں ہے۔ سود کے نام پر وہ مجھے لوٹ رہے ہیں اور میری پوری کمائی سود ادا کرنے میں چلی جاتی ہے۔‘‘
عبدالواجد بتاتے ہیں، ’’خدمت کے قرض سے میرا اعتماد اتنا بڑھ گیا ہے کہ میں اب بینک سے کہتا ہوں کہ مجھے آپ کا قرض چاہیے ہی نہیں۔ خدمت نے مجھے ہمت دی ہے۔ سود سے میرا پیچھا چھوٹ گیا ہے۔ اب وقت سے پہلے میں قرض بھی ادا کردیتا ہوں اور پہلے سے زیادہ بچت بھی کرپاتا ہوں۔‘‘
خدمت کی آفس کا وقت کافی مفید ہے۔ عبدالواجد کی رائے بھی خدمت میں پیسہ جمع کرنے والے دوسرے ممبرس کی طرح ہی مثبت ہے کہ وہ بچت یا وقت پر قرض اس لیے واپس کرپاتے ہیں، کیونکہ خدمت کے کارندے روزانہ طے وقت پر آکر پیسے جمع کر لیتے ہیں۔
خود بینک جا کر پیسہ جمع کرنے کی پریشانیوں کو عبدالواجد کچھ اس طرح بتاتے ہیں، ’’کچھ کام آ گیا، یا دکان پر کسٹمر آگئے، تو میں بینک جا کر پیسے جمع نہیں کر سکتا۔ کام پینڈنگ ہوجاتا ہے۔ اور اس چکر میں بھول بھی جاتے ہیں۔ ان وجہوںسے ہمارے لیے بچت کرنا بہت مشکل ہو جاتا تھا۔ لیکن خدمت والے آتے ہیں تو ہم دباؤ میں آکر بچت والے پیسے نکال کر رکھ دیتے ہیں۔طے شدہ مدت سے پہلے قرض واپس کرنے پر خدمت قرض پر سروس چارج بھی کم کردیتا ہے، اس سے بھی کچھ بچت ہوجاتی ہے۔‘‘
قرض واپسی کی مدت اور سروس چارج کے بارے میں عبدالواجد کہتے ہیں، ’’میرے کاروبار کی نوعیت کے مطابق قرض واپسی کے لیے نوے دن کا وقت ٹھیک ہے۔ ‘‘
میں نے عبدالواجد سے سوال کیا کہ جب خدمت کی سروس اتنی اچھی لگتی ہے تو کیا آپ نے کچھ اور لوگوں کو خدمت سے جوڑنے کی کوشش کی؟ اس سوال کے جواب میں عبدالواجد کہتے ہیں، ’’میرے سامنے کی جتنی بھی دکانیں آپ دیکھ رہے ہیں، ان میں سے زیادہ تر لوگوں کو میں نے خدمت سے جوڑا ہے، اور یہ سب خدمت سے قرض لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘
عبدالواجد نے خدمت سے کاروبار کا ایک اور فائدہ بتایاکہ کوئی بھی بینک ہو چاربجے بند ہوجاتا ہے، لیکن خدمت شام آٹھ بجے تک کام کرتا ہے۔ کاروباری ایمرجنسی میں یہ ٹائمنگ کام آتی ہے۔
عبدالواجد خدمت کی سالانہ میٹنگ میں جاتے رہتے ہیں۔ان میٹنگوں میںبات رکھنی پڑتی ہے۔ میں میٹنگ کے دوران تفصیل سے معلومات حاصل کرتا ہوں اور تفصیل سے ہی اپنے کاروبار کے سلسلے میں خدمت کے ذمہ داران کو بتاتا ہوں۔
خدمت سے عبدالواجد کی ایک گزارش ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں گھر بنانے کے لیے زمین کے کاغذات کی ضمانت پر قرض دینا شروع کریں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے