زندگی کا ہردن ایک نیا تجربہ اور عجیب و غریب احساسات کے ساتھ گزرتا چلا گیا۔امی ابو خوش تھے۔انور بھی مطمئن تھا اور پڑھائی پر مکمل توجہ دے رہا تھا۔ صرف چند مہینوں کی بات تھی، امتحانات سے فارغ ہوکر وہ کسی غیر ملک جانا چاہتا تھاتاکہ اپنا اور اپنوں کا مستقبل سنوار سکے۔
موسم بہت خوشگوار تھا۔ہلکی بارش نے دلوں پرچھائی غم و اداسی کی گرد کو دھونے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ آنگن میں سرخ گلاب کھلے اپنی خوبصورت مسکراہٹ بکھیرتے نظر آرہے تھے۔ امرود کے درخت پھلوں کے بوجھ تلے جھک کر سرشار دکھائی دے رہے تھے، جبکہ ناریل کے درخت بھی بارش کے اثرسے خاصے سرسبز و شاداب ہوگئے تھے۔ خوبصورت پرندے یہاں اپنے گھونسلے بنا کر رہتےتھےاورصبح میں ان کی چہچہاہٹ روح کو سکون بخشتی تھی اوردماغ کو تازگی کا احساس پیدا کراتی تھی۔ پرندوں کی پرواز اور شام کی سنہری کرنوں کے ساتھ ان کی واپسی آنگن کی رونقیں بڑھا دیتی تھیں۔ صبح کی تازہ ہوا میں قدرت نے عجیب لطف اور خاصیت رکھی ہے۔
ثانیہ نے معمول کے مطابق فجر کی نماز ادا کی اور رب العالمین کا شکر ادا کیا۔ آج تنخواہ ملنے والی تھی، لیکن ناز رات بھر سر کھاتی رہی۔ اس نے اتنی فہرستیں ترتیب دے رکھی تھیں کہ ثانیہ پریشان ہوگئی۔ ضروریات سمندر کی طرح وسیع تھیں اور آمدنی بس چند بوندوں کی مانند۔ سوال یہ تھا کہ زندگی کیسے سیراب ہوگی؟ کہیں یہ تشنگی جان نہ لے لے؟ یہی خیال اسے کافی پریشان کر رہا تھا۔
امی نے ناشتا تیار کیا۔
’’ثانیہ ناشتا کر لو بیٹی!‘‘
ابو دسترخوان پر اس کا انتظار کرتے ہوئے آواز دے رہے تھے۔
’’آئی ابو!‘‘
وہ آفس جانے کی مکمل تیاری کے بعد دسترخوان کے قریب آگئی۔ امی نے روٹی، قیمہ اور آلو کی سبزی بنائی تھی۔ اس نے ناشتہ کیا اور ناز کے ساتھ کالج کے لیے روانہ ہوگئی۔
آج اسٹیشن پر بے پناہ بھیڑ تھی۔ دنیا کا ہر اسٹیشن اپنی ایک نئی کہانی بیان کرتا ہے۔کہیں غریبی اور آنسو، تو کہیں امیری کے نشے میں سرشار مسافر۔یہاں سسکتے،بدحال،اپاہج بھی ہیں،اورنئے جذبات کے ساتھ نئی زندگی کی شروعات کرتے شرمیلے جوڑے بھی۔ ترقی کی رونقیں اور ناکام حسرتیں ہر جگہ بکھری ہوئی تھیں۔ زندگی کے ان مختلف رنگوں سے مزین پلیٹ فارم ہمیشہ مسافروں کا گرم جوشی سے استقبال کرتا نظر آتا ہے۔
ثانیہ سفر کے دوران ہر روز ایک نئی کہانی، ایک نیا جذبہ محسوس کرتی۔ بڑی مشکلوں کے بعد وہ دونوں بھیڑکو چیرتے ہوئے ٹرین میں سوار ہوئیں اور اپنی مخصوص سیٹ کی طرف بڑھ گئیں۔یہ ان کا پہلا اسٹیشن ہونے کا فائدہ تھا، انہیں آسانی سے سیٹ مل جاتی تھی، اور کالج تک کا سفر بے فکری سے گزرتا۔ ریل کا سفر چاہے کتنا ہی طویل ہو، کبھی بھی بوجھل محسوس نہیں ہوتا۔ اس دوران ثانیہ اکثر اپنے ذوقِ مطالعہ کی تسکین کرتی۔ آج بھی اس نے اپنا پسندیدہ شاعرطاہر بلال کا شعری مجموعہ ’’خوشبو کاکاروبار‘‘کا مطالعہ شروع کیا۔کئی خوب صورت غزلیں نظروں سے گزریں،جنہوںنےلبوں پر لرزش،آنکھوں میں خمار اور دل میں دلسوز گدگداہٹ طاری کیں، اس نے سر کو خفیف انداز میں جھٹکا اورکتاب بند کرتی ہوئی مسافروں پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالی۔اکثر مسافر موبائل میں گم تھے۔ جیسے ہی اسٹیشن آیا، دونوں بہنیں تیزی سے اتر گئیں۔
کالج پہنچتے ہی ناز اپنی سہلیوں میں شامل ہوگئی تو ثانیہ آفس روم کی جانب بڑھ گئی۔
کالج میں وقت دھیمی رفتار سے گزرتا رہا۔ ہر لمحہ اس نے گھر اور افراد خانہ کی تمام ضروریات کے مطابق فہرستیں بنائیں اور مٹائیں۔ ساڑھے چار بجے اسے تنخواہ کی رقم حاصل ہوئی، جس پر ثانیہ کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ پہلی تنخواہ زندگی کے انوکھے اور دلچسپ تجربات میں سے ایک ہوتی ہے۔ وہ عجیب احساسات کے ساتھ ندا کے پاس گئی۔
’’کیا تم پریشان ہو؟‘‘
’’نہیں، میں تو خوش ہوں! مجھے پہلی تنخواہ ملی ہے!‘‘
ثانیہ کی آنکھیں آنسوؤں سے لبریز تھیں۔ ’’میں سمجھ سکتی ہوں، پہلی تنخواہ ملنے پر اکثر ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔‘‘
’’ویسے، ان پیسوں کا کوئی منصوبہ تو ہوگا؟‘‘
کینٹین میں چائے کی چسکیوں کے دوران نداسوال کرنے لگی، پھر خود ہی جواب بھی دے دیا۔
’’سب سے پہلے، تم شاہ بابا کی درگاہ پر پھول چڑھانا، اور ساتھ میں ایک سو گیارہ روپے کا چڑھاوا بھی۔‘‘
’’ندا، کیا تم نہیں بدلو گی؟‘‘ ثانیہ نے تیز نگاہوں سے ندا کی طرف دیکھا۔
’’یار، یہ تو پہلی تنخواہ ہے! اگر ایسا کرو گی تو پیسوں میں برکت رہے گی۔‘‘
’’شٹ اپ!‘‘ ثانیہ زچ ہوگئی۔
’’غصہ کیوں ہوتی ہو؟ بس مذاق کر رہی تھی۔‘‘ وہ دھیمی مسکراہٹ کے ساتھ بولی۔
’’قسم سے، میں نے شاہ بابا کا نام بھی لینا ترک کر دیا ہے۔‘‘ ندا نے باقاعدہ کان پکڑ لیے۔
’’گڈ!‘‘ ثانیہ بے اختیار مسکرائی۔
’’تم اچھی بچی بن رہی ہو۔‘‘
’’یہ تو صحبت کا اثر ہے!‘‘
رضاکچھ فاصلے پر بیٹھا ان دونوں کی گفتگو سن رہا تھا۔ اس نے ثانیہ پر فخر محسوس کیا۔ ثانیہ کی دوستی نے ندا کی زندگی میں کافی فہم و فراست پیدا کردی تھی۔ اس نے سوچا کہ ایک نیک انسان کی دوستی مشک کے برابر ہوتی ہے، جو بدن کے ساتھ ساتھ روح کو بھی معطر کر دیتی ہے۔
’’میرا سوال ابھی باقی ہے، پہلی تنخواہ کا کیا کرو گی؟‘‘ ندا نے ایک بار پھر اسے تنگ کیا۔
’’نئی جوتیاں خریدلائیں گی، اور کیا!‘‘ رضا نے مضحکہ خیز لہجے میں کہا۔ ندا نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا اور شوخی سے بولی:
’’میں تو کہتی تھی، یہ بندہ بس تمہاری خبر لینے میں لگا رہتا ہے۔‘‘
ثانیہ نے جوابی طور پر ندا کے بازو پر چٹکی بھری۔
’’اف! یہ کس لیے؟‘‘ ندا کی چیخ فضامیں گونج گئی۔ احساس شرمندگی کے تحت ثانیہ کی پیشانی عرق آلود ہوگئی اور آنکھوں کے گوشے تیزی سے بھیگنے لگے۔ اس نے گھوم کر غصے سے سرخ ہوتے ہوئے رضا کو سرزنش کی۔
’’بزرگوں کی دولت کا بہت تکبر ہوتا ہے! دماغ میں خرافات تو آتی رہیں گی، لیکن خود کے پیروں پر کھڑے ہونے کے بعد آٹا، دال کی اہمیت اور بنیادی ضروریات کے زخم سمجھ آئیں گے۔‘‘
’’یار، وہ تو اپنے ہی پیروں پر کھڑا ہے۔‘‘ ندا نے چہرے پر لگی محدب عدسہ نما عینک کو درست کرتے ہوئے احمقانہ انداز میں کہا۔
’’ہاہاہا!‘‘ رضا نے زور سے قہقہہ لگایا۔ اس سے پہلے کہ دوسری جانب سے کوئی جوابی حملہ ہوتا، ثانیہ نے ندا کی کلائی تھامی اور کینٹین کے باہر چلی گئی۔
’’بہت مغرور ہو۔‘‘ رضا اندر ہی اندر خار کھاتا ہوا بڑبڑایا۔
’’رضا کی نظریں تمہیں حصار میں لے چکی ہیں، بچ کر رہنا۔‘‘ اس کی خود کلامی سرگوشی بن کر فضا میں معدوم ہوگئی۔
ثانیہ تھکی ہوئی گھر لوٹی۔ وہ شاید واقعی پاگل ہوچکی تھی، کیوں کہ جوتوں کی دکان سے آدھی درجن جوتیاں خرید لائی تھی۔ ساتھ میں نئے ملبوسات بھی تھے۔ ناز حیرت زدہ ثانیہ کو دیکھ رہی تھی۔
’’دیدی، اتنی ساری چپلیں اور اتنی مہنگی پوشاک؟ آپ نے تو ایک بڑی رقم خرچ کر دی! جبکہ ابھی میری اور بھائی کی فیس باقی ہے، اور ابو کے علاج کے لیے بھی کچھ رقم درکار ہے۔ گھر کے اخراجات کا کیا؟ آپ نے ان سب کا خیال کیوں نہیں رکھا؟‘‘ ناز کی حیرانی دیدنی تھی۔ثانیہ نے سر جھکاتے ہوئے کہا، ’’ناز، مجھے نہیں معلوم، مجھے کیا ہوگیا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں کبھی اتنی بے بسی محسوس نہیں کی، جتنی آج کل محسوس کررہی ہوں ۔ کبھی کبھی اپنی مفلسی پر غصہ آتا ہے۔‘‘
’’کیا کسی نے کچھ کہا؟‘‘ ناز نے سوال کیا۔
’’پتا نہیں کیوں، کچھ دنوں سے اپنی تقدیر پر شکوہ کرنے کو دل چاہ رہا ہے۔ کاش ہم امیر ہوتے، ہماری خواہشیںیوں پامال نہ ہوتیں،‘‘ ثانیہ نے افسوس کے ساتھ کہا۔
’’زندگی تو بہت پرسکون گزر رہی تھی، مگر نہیں معلوم کیوں دل و دماغ پر ایک گھٹن سی چھائی ہوئی ہے۔ الجھنیں اوربے چینیوں نے سکون چھین لیا ہے،‘‘ ثانیہ نے اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔
ناز نے مذاق میں کہا، ’’دیکھ رہی ہوں، آپ کی خواہشیں بڑھتی جا رہی ہیں۔‘‘ وہ جانتی تھی کہ ثانیہ بہت زیادہ حساس ہے، اور کسی کی چھوٹی سی بات بھی اسے بُری طرح متاثر کر سکتی ہے۔
ثانیہ بے اختیار مسکرا دی، ’’تم نہیں سدھرو گی۔‘‘
ناز نے ثانیہ کے رخسار پر چٹکی بھرتے ہوئے بولی، ’’یوں ہی ہنستی رہو، بہت پیاری لگتی ہو۔ منہ بسورنا چھوڑ دو، بالکل ہٹلر کلثوم لگتی ہو۔‘‘
ثانیہ نے کھل کر ہنستے ہوئے پوچھا، ’’اب یہ بھی بتا دو کہ کلثوم کون ہیں؟ ہٹلر تو میں جانتی ہوں۔‘‘
’’یہ دادی جان کا نام ہے، جو کل ہی ابو نے بتایا تھا،‘‘ ناز نے جواب دیا۔
ثانیہ حیران ہو گئی، ’’ارے، ان کا نام تو!‘‘
ناز نے وضاحت کی، ’’ہٹلر چنگیز خان تھا اور ہے۔بس اصل نام کل پتا چلا ہے۔‘‘
’’ بزرگوں کی توہین یا ان پر مذاق،مجھے اچھا نہیں لگتا، مگر تمہاری معصوم چڑ مجھے ہنسانے پر مجبور کرتی ہے۔‘‘
ثانیہ سنجیدہ ہوتے ہوئے بولی، ’’ ناز! تو ایک دن ابو سے ضرور مار کھائے گی۔
ناز نے ہنستے ہوئےکہا، ’’کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس کے بعد بھی دادی ہٹلر اور چنگیز خان ہی رہیں گی۔‘‘
ثانیہ نے ناز کی سنوری زلفوں کو مٹھی میں دبوچ لیا اور کہا، ’’زلفی! اب بس کر! میرے پیٹ میں درد ہو رہا ہے۔‘‘ناز بناوٹی کرب سے چیخ اٹھی، ’’دیدی یہ ظلم ہے۔‘‘ثانیہ مسکراتے ہوئے بولی، ’’اب ابو کے پاس جاؤ اور میری شکایت کر دو کہ میں نے تمہارے ساتھ زیادتی کی ہے۔ ساتھ میں اس زیادتی کی وجہ بھی بتا دینا۔ تب دیکھنا،ابو قینچی لے آئیں گے تاکہ ان گھنی زلفوں کو ذبح کر سکیں۔‘‘
ناز نے مسکین شکل بنائی تو ثانیہ نے اس کے بال چھوڑ دیے، ’’جاؤ، زلفی رانی! میں نے تمہیں معاف کر دیا۔‘‘ناز نے بد دعا دیتے ہوئے کہا، ’’زلفی بہت کہتی ہو نادیکھنا، ایک دن اللہ میاںکسی گنجے شخص سے آپ کا نکاح کروا دیں گے۔‘‘ثانیہ پر ایک بار پھر ہنسی کا دورہ پڑا، ’’کمبخت، ایسی بد دعا تو نہ دے!‘‘ثانیہ نے ہاتھ بڑھا کر دوبارہ ناز کی زلفوں کو نشانہ بنانا چاہا، مگر ناز وہاں سے بھاگ گئی۔
وسیم فراز کی زندگی میں چھوٹی چھوٹی خوشیاں آ رہی تھیں، جو انہیں سچی خوشی، سکون، اور راحت کی راہوں پر لے جا رہی تھی۔ ان کی بیٹی نے گھر کی تمام ذمہ داریوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا تھا جسے نہایت خوش اسلوبی سے نبھا رہی تھی۔ انور نے بھی اس سال انجینئرنگ بہت اچھے نمبروں کے ساتھ مکمل کی اور جاب کی تلاش میں تھا۔چند دنوں میں اسے دبئی کی کسی بڑی کمپنی میں ملازمت بھی مل گئی۔ ویزے کے سلسلے میں ایجنٹ نے ستر ہزار روپے مانگے تھے۔ ثانیہ نے انتظام کیا اور انور دبئی چلا گیا۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، مگر وسیم فراز کو ثانیہ کی شادی کی فکر ستانے لگی۔
ندا کی درخواست پر، ثانیہ نے رضا کے ساتھ دوپہر کا لنچ کرنا قبول کر لیا، کیونکہ ندا نے اپنے ہاتھوں سے زبردست بریانی تیار کی تھی۔ رضا اور ثانیہ کو ندا کی بریانی بے حد پسند تھی، اس لیے انکار کی کوئی گنجائش نہ تھی۔
موسم دلکش تھا، ہوا میں معطر خوشبو پھیلی ہوئی تھی ،جو دلوں کو گدگدارہی تھی۔ ہلکی پھلکی بارش نے ماحول کو مزید رومانوی بنا دیا تھا۔ کیفے ٹیریا کے قریب ایک بڑا خوبصورت لان تھا، جہاں سبز گھاس، رنگ برنگے پودے، اور کھلے ہوئے سفید گلابوں کی مہک ماحول کو دلکش بنا رہی تھی۔ ندا نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’رضا کو یہ گلاب بے حد پسند ہیں، اسی نے یہاں گلاب کے پودے لگوائے ہیں۔‘‘ گلابوں کی اتنی وافر تعدادنے ماحول میں ایک خاص دیوانگی محسوس کرائی، جس نے ثانیہ کو سوچنے پر مجبور کر دیا کہ رضا کے دل میں چھپی محبت کے پیچھے کیا راز ہو سکتا ہے۔ دل میں خیال آیا کہ رضا سے پوچھے، مگر اس کی مغرور فطرت نے ہر بار اس حوصلے کو پست کر دیا۔
جاری ۔۔۔۔
٭ ٭ ٭


0 Comments