فرزین اور تاریخ کا سبق

مغرب بعد فرزین اپنے اسٹڈی روم میں بیٹھا تھا۔ کتابیں بکھری ہوئی تھیں اور تاریخ کی کتاب کھلی تھی، مگر تاریخ کی تاریخیں اور واقعات اسے بالکل سمجھ نہیں آ رہے تھے۔ دونوں ہاتھوں میں سر پکڑ کر وہ بے بسی سے بیٹھ گیا۔ اُس کے ذہن میں صرف ایک ہی سوال گونج رہا تھا ’’میں تو بڑا ہوکر سائنسدان بننا چاہتا ہوں، مجھے تاریخ پڑھنے کی کیا ضرورت؟‘‘
اچانک مماا اُس کے کمرے میں آئیں ۔
’’بیٹا، کیا ہوا؟ اتنا پریشان کیوں ہو؟‘‘
فرزین نے افسردگی سے جواب دیا:
’’ماما، تاریخ کی یہ تاریخیں اور واقعات مجھے بورنگ لگتے ہیں۔ مجھے ایسالگتا ہے کہ سائنسدان بننےکے لیے صرف تجربات اور نظریات کافی ہیں، تاریخ میں تو بس پرانی باتیں ہوتی ہیں۔‘‘
مما نے مسکراتے ہوئے فرزین کے قریب بیٹھ کر کہا:
’’بیٹا، تاریخ صرف پرانی تاریخیں ہی نہیں ہیںبل کہ بے شمار اسباق کا خزانہ ہیں۔یہ ہمیں بتاتی ہیں کہ قوموںنے ماضی میںکیاکیا؟ انہیں کیا کیا مشکلات درپیش تھیں۔۔؟نیزکیسے انہوںنے ترقی کی۔ اگر ہم اپنی تاریخ سے واقف ہوں گے تو مستقبل میں بہتر کام کر سکیں گے۔ تاریخ میں اگر کوئی غلطی کر تا ہے تو ان غلطیوں کو زندہ قومیں نہیں دہراتیں۔‘‘
وہ مزید وضاحت کرتے ہوئی بولیں،’’چاہے تم سائنسدان بنو، ڈاکٹر بنو یا کچھ اورغرض ہر شعبے میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ماضی کے تجربات کو سمجھیں۔ تاریخ میں چھپے ہوئےقصے ہمیں سکھاتے ہیں کہ مشکلات کے باوجود کس طرح شوق اور مسلسل محنت سے آگے بڑھاجا سکتاہے۔ مثال کے طور پر بہت سے عظیم سائنسدانوں نے اپنی تحقیقات اور ایجادات کے لیے ماضی کی غلطیوں سے سبق لیا ہے۔‘‘
مما نے اسےپانی پلاکر اپنے سینے سے لگایا تو اسے قدرے بہتر محسوس ہوا۔
مما پھر گویا ہوئیں:
’’ آپ جانتے ہیں مدینہ منورہ کے وہ چھوٹےسےدس بارہ سالہ زید بن ثابت جن کی ذہانت کودیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا’’زید !میرے لیے یہودیوں کی عبرانی زبان سیکھ لو‘‘
پھر کیا تھا ۔۔اللہ کے نبی کے حکم کو اس چھوٹے صحابی نے اپنی سر انکھوں پر رکھا اور صرف 15دنوں میں اس زبان کو نہ صرف سیکھا بل کہ اس میں مہارت بھی حاصل کر لی۔ اس کے بعد آپ رضی اللہ عنہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یہودیوں کے خطوط پڑھتے اور آپ ﷺ کی طرف سے جواب بھی دیتے تھے ۔
یہ سب کیسے ممکن ہوا، اس کے لیے انہوں نے دن رات محنت کی اور راتوں کو جاگا بھی ہوگا جب جا کر یہ کارنامہ انجام دیا ۔‘‘
فرزین کی آنکھوں میں ایک چمک آئی۔ مما کی باتوں نے اُس کے دل پر بڑا اثر کیا تھا۔
اسی لمحے فرزین نے یہ عزم کیا کہ وہ اپنے پسندیدہ مضمون سائنس کے ساتھ ساتھ تاریخ کو بھی اپنی تعلیم کا دلچسپ حصہ بنائےگا، کیونکہ دونوں ہی ہمیں مستقبل کی راہیں روشن کرنے کا ہنر سکھاتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے