درس حدیث پاجا سراغ ِزندگی
زمرہ : النور

حدیث مبارکہ:

حضرت ابو العباس سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا:
یا رسول اللہ! مجھے ایسا عمل بتائیے کہ اللہ بھی مجھ سے محبت کرے اور لوگ بھی۔
آپ ﷺ نے فرمایا:
’’دنیا سے بے رغبت ہو جاؤ، اللہ تم سے محبت کرے گا، اور لوگوں کے مال و دولت سے بے نیاز ہو جاؤ، لوگ تم سے محبت کریں گے۔‘‘
(سنن ابن ماجہ، حدیث حسن)
یہ حدیث مختصر ہے مگر اپنے مفہوم اور حکمت میں بے حد جامع۔ اس میں نبی کریم ﷺ نے دو بنیادی سوالوں کا بہت پریکٹیکل جواب دیا:
1۔اللہ کا محبوب بندہ کیسا ہوتا ہے؟
2۔لوگ آپ سے محبت کب کرتے ہیں؟
یہ وہ دوخواہشیں ہیں جو ایک مخلص انسان کے دل میں ہوتی ہیں۔ایک طرف خدا کی رضا، دوسری طرف معاشرتی عزت و محبت۔

پہلا نکتہ: دنیا سے بے رغبتی اللہ کی محبت کا ذریعہ ہے۔

دنیا سے بے رغبتی کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہےکہ انسان مال و دولت نہ کمائے، یا سادگی کا مطلب غربت ہے،بلکہ اس سے مراد ہے کہ دل دنیا کا غلام نہ بنے۔ دنیا ہاتھ میں ہو، مگر دل میں صرف اللہ کی رضا ہو۔
قرآن مجید میں بھی یہی تعلیم دی گئی ہے:

وَمَا الْحَیٰوةُ الدُّنْیَاا إِلَّا مَتَاع الْغُرُوْرِ (الحديد20)

ترجمہ: دنیا کی زندگی صرف ایک دھوکے کا سامان ہے۔
مثال:ایک شخص دولت مند ہو، مگر خمس، زکوٰۃ، صدقہ دیتا ہو، ضرورت مندوں کا سہارا بنتا ہو اور اللہ کے احکام کا پابند ہو تو ایساشخص زاہد ہے، کیونکہ اس کی دولت اُس کے دل پر قبضہ نہیں رکھتی۔
اسلام میں زہد کا مطلب دنیا ترک کردینا، معاشرہ سے کٹ جانا ، یاگوشہ نشیں ہو جانا نہیں ہے،بل کہ اسلام اپنے پیروکار کو سماج میں رہنا سکھاتا ہے، معاش کے احکام بتاتا ہے تو سیاست کے ہنر بھی سکھاتا ہے ۔وہ دنیا کے لیے اپنے پیرو کار کو مثالی بناتا ہے، جو دنیا میں جیتاہے، حلال طریقے سے کماتا ہے لیکن اس سے بے نیاز ایسا ہوتاہے کہ وہ اس دولت کے لیے کسی کو دھوکہ نہیں دیتا، کسی کی مجبوری کا فائدہ نہیں اٹھاتا، کسی کا حق نہیں مارتا بل کہ دولت کے بجائے اپنے رب کی رضا اس کے پیش نظر ہوتی ہے۔جسے رب نے حرام قرار دیا اس سے دور ، جسے رب نے حلال کیا اس کی جدو جہد ۔اور جب یہ دولت آجائے تو اس کا رویہ ہوتا ہے

وَ الَّذِیْنَ فِیْ اَمْوَالِهِمْ حَقٌّ مَّعْلُوْم لِّلسَّآئل ِ وَ الْمَحْرُوْمِ المعارج (25/24)

ترجمہ: اور وه جن کے مالوں میں مانگنے والوں اور محروم لوگوں کے لیے ایک معین حق ہوتا ہے ۔

 دوسرا نکتہ: لوگوں کے مال سے بے نیازی۔معاشرتی محبت کا راستہ

جو لوگ دوسروں سے دنیاوی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، اکثر وہ عزت کھو بیٹھتے ہیں، چاہے وہ کتنے ہی پڑھے لکھے کیوں نہ ہوں۔
نبی ﷺ کی حکمت یہاں واضح ہے: اگر تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہیں دل سے چاہیں تو ان کے مال و جاہ کی حرص چھوڑ دو۔ تمہارے تعلقات کی بنیاد ان کا مال نہ ہو، تمہارے دل میں یہ چاہت نہ ہو کہ اس کی دولت کو میں اپنے مفاد کے لیے کیسے استعمال کر لوں،بل کہ ایک دوسرے کے لیے مفید بننے کی کوشش ہو جو اسے میسر ہے، اس میں خوش ہو ۔
اس حدیث سے یہ بھی پیغام ملتا ہے کہ لوگوں کی لائف اسٹائل (Life Style)ان کی انکم (Income)اور دولت کے مطابق ہوسکتی ہے ،تم اپنے دل میں حرص پیدا نہ کرو۔ اپنی استطاعت سے اونچی زندگی کی چاہت پیدا ہوگی، جو زندگی کا سکون ختم کرے گی ۔بڑھتی خواہش مقروض بنادیںگی، تعلقات خراب ہوں گے۔
لیکن جب لوگوں کی دولت سے بے نیاز اپنی استطاعت کے اندر زندگی ہوگی تو تعلقات استوار ہوں گے ۔

مثال:

ایک استاد، جو طلبہ سے صرف عزت اور اصلاح کا طالب ہو، اور ان پر مہربانی کرے وہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتا ہے۔
مگر جو استاد فیس، تحفے یا سفارشات کی تلاش میں رہے، اس کا مقام صرف رسمی رہ جاتا ہے۔

عملی پیغام:

دنیا میں رہو، مگر دنیا دل میں نہ آنے دو۔
خوددار بنو، لوگوں کے مال و منصب سے نہ امید رکھو نہ حسد کرو۔
اللہ کی رضا کو اپنی زندگی کا مرکزبناؤ،وہ تمہارے دل کو سکون دے گا اور لوگوں کے دلوں میں تمہاری محبت ڈال دے گا۔

دعائیہ کلمات:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ حُبَّكَ،وحُبَّ مَنْ يُحِبُّكَ، وَالْعَمَلَ الَّذِي يُبَلِّغُنِي حُبَّكَ۔ (الترمذی)

اے اللہ! میں تجھ سے تیری محبت مانگتا ہوں، اور اس شخص کی محبت مانگتا ہوں ،جو تجھ سے محبت کرتا ہے، اور ایسے عمل کی توفیق مانگتا ہوں جو مجھے تیری محبت تک پہنچا دے۔
آمين يارب العالمين

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے