معصوم دعا

 نواسہ کا فون آیا، ’’ابو آپ کل پہنچ رہے ہیں نا‘‘۔ہم نے کہا،’’ بیٹے، تمہیں مما نے سمجھایا نہیں کہ ہم عید کا چاند دیکھ کر ہی باہر نکلیں گے۔‘‘
نواسہ جو ابھی تیسری جماعت میں پڑھتا ہے۔ گھر میں سبھی روزے رکھ رہے ہیں۔ یہ صاحب اپنی امی سے بار بار ضد کر رہے تھے کہ میں بھی سحری میں اٹھوں گا، مجھے بھی روزہ رکھنا ہے۔ آخر بیٹی نے ہمیں فون کیا کہ ابو آپ ذرا اسے سمجھائیں، وہ تو بس آپ کی ہی بات مانے گا۔ روز ضد کررہا ہے۔ کہتا ہے ، ’’شمیم باجی بھی تیسری میں تھیں ان کو کیسے رکھوایا تھا۔ اب ہم بھی تیسری کلاس میں پہنچ گئے ہیں، ہم بھی پہلا روزہ رکھیں گے‘‘۔ ہم نےاسے سمجھایا کہ بیٹے روزہ ضرور رکھو، لیکن ابھی دھوپ بہت تیز ہے۔ اس گرما میں تو بڑے لوگ بھی پریشان ہیں۔ تو کہنے لگا،’’ آپ کب آسکتے ہیں ،ہم تو آپ کے آنے کے بعد ہی رکھیں گے۔‘‘ ہم نے کہا،’’ایک عشرہ اور گزرنے دو، موسم کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔‘‘آخر گڈو میاں نے ہماری بات مان لی۔تاریخ بھی طے ہوگئی۔ 25/رمضان کا روزہ رہے گا۔ لیکن انھوں نے ایک شرط لگا دی !کہنے لگے،’’لیکن آپ امی سے کہیے کہ وہ ہم کو سحری میں ضرو اٹھایا کریں۔‘‘ ان کی یہ شرط منظور کرلی گئی۔
دوسرے دن ہماری بیگم صاحبہ کہنے لگیں،’’اس سال اعتکاف کا ارادہ نہیں ہےکیا؟‘‘ ہم نے کہا’’ بیگم صاحبہ، ارادہ تو الحمداللہ یہ ہے کہ آخر دم تک ان شاءاللہ ہر سال اعتکاف میں ضرور بیٹھا کریں گے۔‘‘ تو وہ فوراً کہنے لگیں،’’ اچھا پھر آپ نے گڈو کو بہانہ کردیا، آپ جانتے ہیں اس کے تیور، وہ اب 25/رمضان کو روزہ رکھ کر ہی رہے گا۔ اور اگر ہم لوگ اسکے روزہ رکھائی پروگرام میں نہیںگئے تو وہ آسمان سر پہ اٹھالے گا۔ آپ ان دنوں اعتکاف میں رہیںگے حضرت،ذرا سوچ سمجھ کر وعدہ کرنا چاہیے۔ گرمی سے اوسان خطا ہورہے تھے ۔ اس دن بھی آفس سے آتے ہوئے دھوپ لگ گئی تھی،اور ایسی حالت میں گڈو سے بات کرتے ہوئے ذرا خیال نہیں آیا کہ آخری عشرہ تو ہم سفر نہیں کرسکیں گے۔‘‘
بس ہم نے فوراً فون لگایا، بیٹی کہنے لگی، ہاں ابو مجھے معلوم تھا کہ آپ تو اعتکاف میں بیٹھیں گے،لیکن ابو ابھی بہت گرمی ہے۔ 25ویں روزہ تک کچھ موسم ٹھیک ہوسکتا ہے۔ میں نے گڈو کو سمجھایا کہ ابو نے تاریخ تو طے کرلی، لیکن ان دنوں تو ابو اعتکاف میں رہیں گے۔ کہنے لگا’’ میرے ابو تو انشاء اللہ ایک دن کے لیے ضرور آجائیں گے۔‘‘ پھر میں نے اسے یہ کہا کہ کل دینیات کی میم سے ذرا پوچھنا کہ میرے ابو آخری عشرے میں اعتکاف کرتے ہیں، اور میں 25رمضان کا روزہ رکھنے والا ہوں، میرے ابو اعتکاف میں سے ایک دن کے لیے آسکتے ہیں نا؟ ۔
میم نے کہا : ’’بیٹے ابھی گرمی بہت ہے۔ تم تو آئندہ سال ہی رکھنا‘‘
کہنے لگا ’’میم صاحبہ، وہ تو ہمارے یہاں طے ہوگیا کہ 25/رمضان کو روزہ رکھنا ہے۔ آپ سے مجھے یہ پوچھنا ھے کہ میرے ابو ایک دن کے لیے آسکتے ہیں کیا؟‘‘
میم نے پوچھا یہ آپ کے ابو یعنی آپ کےنانا جان ہی نا؟
گڈو کہنے لگا: ’’ ہاں ہم بچپن سے ابو ہی بولتے ہیں۔ ہماری مما انھیں ابو بولتی ہیں نا، تو ہم بھی ابو ہی بولتے ہیں‘‘۔ اس بات پر میم بڑی محظوظ ہورہی تھیں ۔ یہ تمام باتیں اسی نے مجھے فون پر بتایا۔ کہنے لگی۔ میں نے گڈو کو سمجھایا بیٹے روزہ اللہ کے لئے رکھو گے یا اپنے ابو کے لیے۔ تو کہنے لگا روزہ توہم اللہ ہی کے لئے رکھیں گے، لیکن ابو رہے تو ذرا مزہ آئے گا۔ میں نے کہا ،اگر تمھارے ابو تمھاری محبت میں ایک دن کے لئے آجائیں تو جانتے ہوکیا ہوگا؟
کہنے لگا ’’کیا ھوگا؟
’’ اللہ تعالیٰ ان سے ناراض ہو جائیں گے۔‘‘
تو وہ ایک دم سنجیدہ ہوگیا۔ اور کہنے لگا’’ لیکن میم روزہ رکھنے کی تاریخ تو ابو نے ہی دی ہے۔ شاید وہ اللہ میاں سے دعا کرلیں گے اور ایک دن کے لئے آجائیں گے‘‘۔ ہم نے کہا :’’بیٹے، اس معاملے میں ایسی کوئی بڑی مجبوری نہیں ہے۔ تمھارے ابو تو دس دن تک یعنی عید کا چاند نظر آنے تک مسجد کے باہر بھی نہیں نکل سکتے۔ تم روزہ رکھ لو اور ابو سے کہنا عید کے بعد جلد آجا ئیں۔ اور اعتکاف میں اللہ دعا قبول کرتا ہے۔ آپ ان سے کہیں کہ وہ آپ کے لئے دعا بھی کریں۔‘‘
’’اچھا اچھا‘‘کہا اور چلا گیا۔ بات تو اسکی سمجھ میں آگئی، لیکن اچھا ہے کہ ابو عید کے بعد جلد آجائیں۔
گڈو میاں نے 25/رمضان کا اپنا پہلا روزہ رکھا۔ ہم نے فون لگایا ،ہمارا نمبر دیکھ کر خوشی سے چلایا،’’ ابو آپکا اعتکاف ہوگیا، آپ کہاں تک پہنچے۔‘‘
ہم نے کہا:’’ بیٹے ہم اعتکاف میں ہی ہیں۔ ہم نے رات میں تمھارے لیے اللہ میاں سے دعابھی کی ہے۔‘‘ کہنے لگا،’’ ابو موسم تو بہت خوشگوار ہوگیا ۔ اللہ میاں نے آپ کی دعا سن لی، آج تو ادھر صبح میں بارش بھی ہوگئی۔‘‘ ہاں بیٹے ادھر بھی موسم سازگار ھے ۔ بس دن بھر آج گھر میں ہی گذارو۔ کہنے لگا،’’ ہاں ابو، میں تلاوت بھی کررہا ہوں اور ایک چھوٹی سورت بھی ترجمہ کےساتھ زبانی یاد کر رہاہوں۔ اور ابو امی کو بتایئے نا ، کہ ہم کچھ دیر اپنے کمرے میں تنہائی میں بیٹھیں گے۔ آج تو سارے رشتہ داروں اور ان کی سہلیوں کو انھوں نے گھر پہ جمع کر لیا ہے اور ان لوگوں نے تو ہار پھولوں کے گلدستوں سے ہمیں دلہا بنادیا ہے۔‘‘ ہم نے کہا، اچھی بات ہے۔ اللہ میاں آپ کو سچا دلہا بھی بنادیں گے۔بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیےیہ سب ہوتا ہے بیٹے ۔ کہنے لگا،’’ آپ ذرا مما کو سمجھا ئیں کہ ہم مہمانوں کو چھوڑ کر افطاری سے کچھ پہلے اپنے کمرے میں دعا کے لیے بیٹھیں گے، سب کے سامنےہم کو اچھا نہیں لگتا ‘‘۔ ہم نے کہا ٹھیک ہے، دس منٹ پہلے کمرے میں چلے جانا۔اور پھر افطاری سے قبل ہم نے فون لگایا تو بیٹی کہنے لگیں،’’ ابو گڈو میاں تو کافی دیر سے اپنے کمرے میںدعا میں مصروف ہیں۔ مہمان لوگ کھڑکی میں سے جھانک کر بڑا لطف لے رہے ہیں۔ سب کے لیے بلکہ عالم اسلام کے لئے دعائیں ہورہی ہیں‘‘۔
ہم نے کہا ،ذرا موبائل اسکے کمرے میں رکھ دو ،ہم بھی تو سنیں۔ اور ہمارے کانوں میں آواز پڑی ، روتےروتے دعا ہورہی تھی، انکے رونے پر بھلا ہمارے آنسوں کہاں رکنے والے تھے۔ اور پھر جو ہم نے سنا، ’’اے اللہ ! ہمارے ابونے سنایا تھا کہ آپ نے کعبہ پر حملہ کرنے والوں پرابابیلوں کالشکر بھیجا تھا، ان کی چونچ سے کنکریاں کیا گریں کہ ان پر گویا بم برسے۔ اے اللہ ،آج پھر فلسطین میں معصوم بچے توپوں اور بموں کا مقابلہ پتھروں سے کر رہے ہیں، اب ان کی لاشوں کا منظر دیکھا نہیں جاتا، آپ ان کے ہاتھوں کے پتھروں کو بم بنادیجیے‘‘۔ ہم نے زور سے کہا آمین۔ گڈو میاں ہماری آواز پر چلائے ،’’ ابو آپ آگئے‘‘۔ بیٹی نے کہا،’’ نہیں بیٹے، ابو تمھاری دعا موبائل پر سن رہےتھے۔‘‘ وہ کہنے لگا، ’’ابو نے اعتکاف میں سے آمین کہا ،تب تو ہماری دعا قبول ہوگئ۔‘‘ ہم نے ادھر سے کہا ،’’بیٹے تم تو خود ایک معصوم روزہ دار ہو، ان شاء اللہ تمہاری دعا سنی جائے گی۔ اچھا جاؤ، افطاری کا وقت ہو رہوہے‘‘۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے