دو افسانے

(۱) دستر خوان

ایک بات سمجھ میں نہیں آئی چاچا؟
کون سی؟
جب سیٹھ رئیس الدین نے اپنے بیٹے کے لیے نجمہ آپا کا ہاتھ مانگا تو آپ نے انکار کیوں کر دیا، جب کہ وہ شہر کے جانے مانے رئیس ہیں؟ آپ نے دیکھا نہیں ان کے دسترخوان پر شہر کے بڑے بڑے رئیس موجود تھے۔
بیٹا، زندگی میں دولت ہی سب کچھ نہیں ہوتی۔
اچھا۔۔۔ پھر آپ نے نگر سیوک منّا پہلوان کے بیٹے کا رشتہ کیوں ٹھکرادیا؟ ان کے دسترخوان پر تو شہر کے بڑے بڑے لیڈر موجود تھے۔
سیاست کا کیا بھروسا، آج ہے تو کل نہیں۔۔۔
تو پھر ایسے شخص کے بیٹے سے کیوں رشتہ طے کردیا جس کے دسترخوان پر سوائے پڑوسیوں کے کوئی نہ تھا؟
بیٹے اس کے دسترخوان پر پڑوسی موجود تھے، اسی لیے تو میں نے ہاں کردی۔ ماسٹر سلیم الدین نے بڑے سکون سے جواب دیا۔

(۲) بونس پوائنٹ

شہر کے معروف کالج میں سالانہ مقابلوں کا آخری دن تھا۔ شوبھا اور ارسلان کوئز مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پہنچ چکے تھے۔ دونوں نے کئی ذہین طلبہ کو پیچھے چھوڑ کر یہاں تک کا سفر طے کیا تھا۔ کالج کے تمام طلبہ کی نگاہیں اس مقابلے پر لگی ہوئی تھیں۔ مقرّرہ وقت سے پہلے ہی آڈیٹوریم کھچا کچھ بھر گیا تھا۔
ایک کرسی پر شوبھا اور دوسری طرف کی کرسی پر ارسلان بیٹھا تھا۔ دونوں کے درمیان میں کارڈلیس مائک تھامے اینکر کھڑی تھی، جو سامعین کو مقابلے کے پچھلے راؤنڈ کی روداد سنا رہی تھی۔ اینکر جوش سے بھری ہوئی لگ رہی تھی، لیکن ارسلان اور شوبھا کافی نروس دکھائی دے رہے تھے۔
آخر کار تالیوں کی گڑ گڑھاہٹ کے ساتھ مقابلے کا فائنل راؤنڈ شروع ہوا، پہلے راؤنڈ میں فلموں سے متعلق سوالات تھے، جس کے دونوں نے صحیح جوابات دیے اور مساوی پوائنٹس حاصل کیے۔ دوسرے راؤنڈ میں جغرافیائی سوالات تھے، اس بار بھی ارسلان اور شوبھا نے صحیح جوابات دیے اور مساوی پوائنٹس حاصل کیے۔
اب مقابلہ بہت دلچسپ مقام پر پہنچ چکا تھا، کیوں کہ سوالات کا آخری راؤنڈ شروع ہونے جارہا تھا۔ آڈیٹوریم میں مکمل خاموشی طاری تھی، اینکر نے آخری راؤنڈ کا آخری سوال شوبھا سے کیا: گوتم بدھ کو کس پیڑ کے نیچے عرفان حاصل ہوا تھا؟
شوبھا نے کچھ دیر سوچنے کے بعد درست جواب دیا: بودھی ورکش۔
اس وقت شوبھا ارسلان سے دو پوائنٹس آگے تھی، اینکر نے ارسلان سے آخری سوال کیا: پیغمبر محمد پر پہلی وحی کہاں آئی تھی؟ ارسلان بہت دیر تک سوچنے کے بعد بھی جواب نہ دے سکا۔
وقت ختم ہونے کے بعد جب اینکر نے یہی سوال شوبھا سے پوچھا تو اس نے فوراً جواب دیا: د کیو آف حرا (غار حرا)
جواب بالکل درست تھا۔
شوبھا نے بونس پوائنٹ کے ساتھ فائنل مقابلہ جیت لیا تھا۔ پورا ہال تالیوں سے گونج رہا تھا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. ناضیرہ مسرور

    دونوں افسانےموجودہ حالات کی عکاسی کرتے ہیں بہت عمدہ تحریر ہے۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥