اب تک ہم نے دیکھا کہ کام سے جی چرانے میں سب سے بنیادی چیز جو آڑے آتی ہے، وہ اضطرابی اور ہیجانی کیفیت ہے۔اسی لیے اس کیفیت سے نکلنے کا واحد حل یہ ہے کہ اس کو جتنا کم کیا جائے، اتنا بہتر ہے۔ یہ طریقہ ڈوپامائن ڈیٹاکس (ڈوپامائن کا اصلاحی عمل) کہلاتا ہے۔
اصلا ڈوپامائن کی اصلاح ہے کیا؟
ڈوپامائن کا اصلاحی عمل اسے کہتے ہیں جس میں بے چینی اور اضطرابی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے نفس کی آمادگی پر توجہ دی جائے اور دل و دماغ کی پراگندگی کو کم سے کم کیا جائے۔
علمی طور پر ڈوپامائن ڈیٹاکس کی اصطلاح خاصی مشہور ہے، مگر اس کا یہ رائج نظریہ غلط ہے کہ ڈوپامائن ڈیٹاکس انسان کے دماغ میں بہت زیادہ کیمکل خارج کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جب انسان پہلے سے بے چینی اور اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہوتا ہے تو بنیادی طور پر اسے مناسب مقدار میں ڈوپامائن خارج کرنے کے لیے اس اضطراب کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈوپامائن ڈیٹاکس (ڈوپامائن کا اصلاحی عمل ) اضطرابی اور ہیجانی کیفیت کو کم کرنے میں بڑا معاون ہوتا ہے، اس لیے کہ انسان کو فطری حالت کی طرف لوٹنے کا مکمل انحصار اس پر ہوتا ہے۔ جب آپ کے اندر اٹھنے والی بے چینی کم ہوگی، تو شعوری طور پر ہلکے، تھکانے والے یا چیلنجنگ کام بہت زیادہ اہم معلوم ہوں گے اور انھیں برتنا بھی آسان ہوگا۔
آئیے اب ہم ایک نظر ڈوپامائن کے مختلف اصلاحی عمل پر ڈالتے ہیں۔ اس میں ہم تین مشہور طریقوں کا تعارف کرائیں گے:
(۱) مکمل ۴۸/ گھنٹے کا اصلاحی عمل
یہ طریقہ سب سے زیادہ پسندیدہ اور معروف ہے۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ اشتعال اور پریشانی پیدا کرنے والے تمام خارجی عناصر کو ۴۸/ گھنٹوں کے لیے بالکلیہ ختم کردیا جائے۔ اس سے پریشانی اور بے چینی میں کمی آئے گی اور انسان اپنی فطری حالت کی طرف لوٹنے لگتا ہے۔ فرحت بخش احساسات جنم لینے لگتے ہیں اور اہم کاموں پر ارتکاز آسان ہوجاتا ہے۔
خارجی تمام پریشان کن عناصر کو دور کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ درج ذیل چیزوں کو ۴۸/ گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں:
- شراب / نشہ
- ورزش
- انٹرنیٹ
- فلمیں
- میوزک (میڈیٹیشن کے علاوہ)
- فون
- سوشل میڈیا
- شکر / شکر والے پکوان
- ویڈیو گیمز
اب سوال یہ ہوتا ہے کہ اگر ذہن بھٹکانے والی ان چیزوں کو آپ دور کردیں تو آپ کو اور کیا کرنا چاہیے؟ذیل میں کچھ تجاویز درج ہیں:
- صبح کی چہل قدمی
- اخبار بینی
- مراقبہ کرنا
- خاص ورزش کرنا
- پڑھنا
۴۸/ گھنٹے کا یہ اصلاحی عمل انتہائی مشقت آمیز اور سخت ہوتا ہے۔ میرا ایک دوست نیلس (Nils) نے دس روزہ میڈیٹیشن کورس جوائن کیا۔ اس پوری مدت میں درج ذیل چیزیں مطلوب تھیں:
مکمل طور پر خاموشی اختیار کیا جائے، کسی طرح کا اشارہ بھی نہ کیا جائے۔
•کسی طرح کا جسمانی تعلق نہ ہو۔
•جسمانی ورزش نہ ہو۔
سگریٹ نوشی، شراب نوشی اور دیگر منشیات سے کلی طور پر اجتناب ہو۔
فون اور انٹرنیٹ سے دور رہیں اور باہری روابط نہ ہوں۔
•میوزنگ اور لکھنے پڑھنے سے دور رہیں۔
ویڈیو بنائیں اور نہ فوٹوز کلک کریں۔
(۲) ۲۴/ گھنٹے کا اصلاحی عمل
اس کا طریقہ کار ۴۸/ گھنٹے والے اصلاحی عمل کی طرح یکساں ہے، بس مدت کا فرق ہے۔ اگرچہ یہ ذرا آسان ہے، مگر اس میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ ضرور یاد رہے کہ اضطرابی اور ہیجانی کیفیت کو تبدیل کر کے دوبارہ فطری حالت کی طرف لوٹنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
(۳) خاص طریقہ کار
یہ طریقہ کم مقبول ہے، لیکن اگر اسے لمبے وقفے تک کیا جائے تو انتہائی مؤثر ہے۔ اس سے ہیجانی کیفیت پیدا کرنے والے عناصر مکمل ختم ہوجاتے ہیں۔ عموما چھوٹی چھوٹی عادتیں بڑے انتشار کا سبب بنتی ہیں۔ جیسا کہ میرے لیے یوٹیوب ہے۔
ڈوپامائن کی اصلاح کے تین مفید طریقے
اس حصے میں ہم تین آسان طریقوں کی طرف رہنمائی کریں گے، جس سے آپ کو ڈوپامائن کے کامیاب اصلاحی عمل میں مدد ملے گی۔
(۱) سب سے بڑی پریشانی کی شناخت کیجیے
ڈوپامائن کے متاثر کن اصلاحی عمل کو انجام دینے کا پہلا طریقہ یہ ہے کہ سب سے بڑی پریشانی اور اضطراب کی شناخت کی جائے۔ اس کے لیے سب سے پہلے قلم کاپی لیں اور دو کالم بنائیں: ’’کرسکتا ہوں اور ’’نہیں کرسکتا‘‘۔
پہلے کالم میں ہر وہ کام لکھیں، جو آپ کا پسندیدہ ہو اور اچھا لگتا ہو۔ مثال کے طور پر چہل قدمی، اخبار بینی، کسی پروجیکٹ پر کام کرنا، کتب بینی وغیرہ۔ دوسرے کالم میں ہر وہ کام لکھیں، جن سے اس اصلاحی عمل کے دوران آپ کو دوری بنانی ہے۔ مثلا: یوٹیوب دیکھنا، میل چیک کرنا یا سوشل میڈیا اسکرول کرنا وغیرہ۔ پھر خود سے کچھ سوالات پوچھیں:
اگر میں تمام چیزیں چھوڑ دوں اور صرف ایک چیز پر توجہ دوں، جس سے میرا ارتکاز بڑھے اور حیرت انگیز طور پر میری قابلیت میں اضافہ ہوجائے، تو کیسا رہے گا؟
کیا مجھے اپنی توجہ بڑھانے کے لیے دیگر تمام کاموں کو چھوڑنے کی ضرورت ہے؟ یہ سوال اس وقت تک خود سے کرتے رہیے، جب تک آپ کو اطمینان بخش جواب نہ مل جائے۔ پھر جب آپ اپنی فہرست مکمل کرلیں تو اسے اپنی میز پر رکھ لیں یا ایسی مناسب جگہ پر رکھیں، جہاں آپ کی نظر پڑتی رہے۔ بری عادتوں سے بچنے میں یہ طریقہ انتہائی کارگر ثابت ہوگا۔
(۲) موانعات کااستعمال کریں
عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ جس چیز تک رسائی مشکل ہو، اس میں پڑنے کا امکان اتنا ہی کم ہوتا ہے اور اس کا الٹا بھی ممکن ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انسان کو ناپسندیدہ جذبات میں پڑنے کے لیے لامحالہ اپنے ماحول کو بدلنا ہوگا، جو کہ انتہائی مشکل کام ہے۔ جب کہ سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ جو جذبات سب سے زیادہ پسندیدہ اور پرلطف ہوں، ان کے مطابق کام کیا جائے۔آپ اپنی جس عادت یا کام سے چھٹکارہ چاہتے ہیں، اس پر ایک نگاہ ڈالیے اور خود سے سوال کیجیے کہ ان سے بچنے کے لیے میں کتنے موانعات کا استعمال کرسکتا ہوں۔ جتنے موانعات زیادہ ہوں گے، اتنا ہی بہتر ہے۔ مثال کے طور پر:
اگر آپ کا فون ہی آپ کی سب سے بڑی الجھن ہے، تو سب سے پہلے تمام نوٹیفکیشن بند کردیجیے یا اسے ایئر پلان موڈ پر ڈال دیجیے۔ ہوسکے تو اسے آف کردیجیے یا کسی دوسرے روم میں رکھ دیں، جہاں آپ کی رسائی کم ہو۔
اگر آپ کی سب سے بڑی الجھن فیس بک ہے، تو اس کی تمام نوٹیفکیشن بند کریجیے یا پھر بعض ایپ کا استعمال کیجیے، جن سے استعمال میں کمی آسکے۔
اگر آپ اپنا وقت محض یوٹیوب دیکھنے میں ضائع کرتے ہیں، تو اپنے گوگل پر “DF Tube” انسٹال کرلیجیے یا پھر ایسا ایپ استعمال کیجیے جو اس سلسلہ میں آپ کی مدد کرے۔ اس طرح سے فضول ویڈیوز اور نوٹیفکیشن دونوں کو بند کیا جاسکتا ہے اور پھر صرف وہی ویڈیوز دیکھیں جن کا کوئی خاص مقصد ہو۔
دیکھنے میں اگرچہ موانعات شامل کرنا ایک آسان سا کام ہے، لیکن ہے توجہ طلب۔ اس لیے کہ ہم انسان بنیادی طور پر کاہل واقع ہوئے ہیں۔ ہم مجبوری کی صورت میں کسی کام کے لیے آمادہ ہوتے ہیں۔ (مانع: ۱) اگر آپ کو دوسرے روم جاکر فون لانے کی ضرورت محسوس ہو اور (مانع: ۲) اسے دوبارہ آن کرنا چاہیں تو یہ ایک ناممکن سا کام لگتا ہے۔ اسی طرح اگر انٹرنیٹ اسٹور روم میں رکھا ہو تو وہاں تک رسائی کے لیے مجھے درج ذیل چیزوں کا اتباع لازما کرنا پڑے گا:
- (مانع: ۱) اپنی عمارت سے نکلنا ہوگا۔
- (مانع: ۲) چار منزلہ اترنے کے لیے لفٹ کا استعمال کرنا ہوگا۔
- (موانع: ۳ سے ۶ تک) انٹرنیٹ تک پہنچنے کے لیے چار پانچ دروازوں سے ہوکر گزرنا ہوگا۔
- (موانع: ۷ سے ۱۲ تک) واپسی کے مراحل دوبارہ ایسے ہی طے کرنے ہوں گے۔
موانع یا بندشوں کے استعمال کا یہ ایک اچھا طریقہ ہے۔ چوں کہ میں نے انٹرنیٹ باکس کو اسٹور روم میں رکھنے میں اچھی خاصی قوت صرف کی، اس لیے اسے دوبارہ لانے کے لیے میرا ذہن آسانی سے تیار نہیں ہوگا۔ اس طرح لانے لے جانے میں بھاری قوت ضائع ہوگی، جس کے لیے میرا ذہن کبھی بھی تیار نہیں ہوگا۔ اس کا سیدھا سا مطلب یہ ہوا کہ آپ غیر ضروری کاموں میں دل بستگی کو جتنا زیادہ مشکل بنادیں، اتنا اچھا ہے۔
اس کے برخلاف اپنے ضروری کاموں کو کم سے کم موانع کا عادی بھی بنائیں۔ مثلا: صبح لکھنے کی عادت ڈالنے کے لیے میں فون کے استعمال سے بچتا ہوں اور خود کو ترو تازہ رکھتا ہوں۔ اکثر و بیشتر وقت کی تحدید کے ساتھ سکون بخش میوزک سنتا ہوں۔ اس کے لیے ہر روز ۴۵؍منٹ خاص ہیں۔ اس طرح جستہ جستہ میں نے موانع ختم کردیا اور اب بآسانی کاموں میں لگ جاتا ہوں۔ مجھے احساس بھی نہیں ہوتا، اگر میں اچانک سے میوزک روک دوں، ٹائمر بند کردوں اور کسی دوسرے کام میں مصروف ہوجاؤں۔ اب میرے لیے موانع کا استعمال ضروری نہیں ہے۔ حقیقت میں میں ابھی بھی ٹال مٹول کی عادت میں پڑ سکتا ہوں، لیکن موانع کے بغیر عادت بنالینے سے پریشانیاں کم ہوجاتی ہیں۔
اب آپ کی باری ہے۔ آپ کتنے موانع شامل کر کے غیر ضروری کاموں سے پیچھا چھڑا سکتے ہیں؟
اپنی ’’نہ کرسکنے والی‘‘ فہرست پر نظر ڈالیں۔ ان میں سے ہر ایک کو لکھیں اور ان میں موانع شامل کریں۔ اب اس فہرست پر نظر دوڑائیں، جنھیں آپ نے ’’کرسکنے‘‘ والے خانے میں رکھا ہے ۔ اس میں سے صرف ان چیزوں کو لکھیں، جن میں موانع کو ہٹاکر بآسانی کام کرسکتے ہیں۔ یاد رکھیے کہ آپ کا ذہن نہایت کاہل ہے۔ اس لیے اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھائیے۔
(۳) صبح کا آغاز اہم کاموں سے کیجیے
تیسری اور آخری بات انتہائی آسان ہے۔ میں آپ کو یہ صلاح دیتا ہوں کہ ہیجانی کیفیت اٹھنے سے پہلے پہلے آپ اپنی صبح کا آغاز اچھے کاموں سے کریں۔ میرا یہ عام مشاہدہ ہے کہ اگر میں نے اپنا فون دیکھ لیا یا جاگتے ہوئے انٹرنیٹ کا استعمال کرلیا تو میں پورا دن پراگندہ ذہن رہتا ہوں۔
میں آپ کو یہ تجویز بھی دوں گا کہ آپ اپنی صبح کو منظم کریں، تاکہ آپ اپنے دن کا آغاز مثبت ذہنیت اور مضبوط ارتکاز کے ساتھ کرسکیں۔ طویل مدت تک صبح کی تنظیم سازی سے آپ کی زندگی میں بڑا فرق پیدا ہوسکتا ہے۔
اس سلسلہ میں آپ کا کیا کہنا ہے؟ آپ جب بیدار ہوتے ہیں تو سب سے پہلے کیا کرتے ہیں؟ کیا اس سے آپ پرسکون اور متوجہ رہتے ہیں؟ یا پھر آپ ہیجانی کیفیت میں چلے جاتے ہیں اور اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کاموں کو ٹالنے لگ جاتے ہیں۔
اپنی صبح کو منظم کرنے کے لیے سادی سی دو تین ایسی چیزیں لکھیں، جنھیں آپ ہر صبح کرسکتے ہوں۔ آپ اپنے ڈوپامائن کے اصلاحی عمل کو دوہرانے کے لیے ان کاموں کو بآسانی کرسکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ لمبے وقفے تک اس عمل سے وابستہ رہیں گے۔ یا درکھیں کہ یہ عمل آپ کے ارتکاز میں گہرائی پیدا کرے اور آپ کو ہیجانی کیفیت سے بچائے، تبھی اس کا فائدہ ملے گا۔ اس سلسلہ میں چند ہدایات پر ضرور عمل کریں، مثلا:
میڈیٹیشن
اسٹریچ
ہلکی مدھر میوزک سنیے
پورے دن کے کاموں کی فہرست بنالیں
تین ایسی چیزیں لکھ لیں جن سے آپ خوش ہوتے ہوں۔
مثبت کاموں کو یاد کریں۔
اپنی کاپی پر روز کے کاموں کی فہرست مرتب کریں اور ڈوپامائن کا کامیاب اصلاحی عمل انجام دینے کے لیے درج ذیل کام ضرور کریں:
۱۔ اپنی سب سے بڑی پریشانی کی شناخت کریں اور اسے کسی صفحے پر لکھ لیں۔ پھر اس کو کہیں پرچسپاں کردیں۔
۲۔ ناپسندیدہ جذبات کی فہرست تیار کیجیے۔
۳۔ پسندیدہ جذبات کی فہرست بنائیے۔
۴۔ اپنے ذہن کو پرسکون رکھنے کے لیے روز کے کاموں کو انجام دیجیے اور اپنے دن کا آغاز اچھے ماحول میں کیجیے۔
اب یہ فیصلہ کیجیے کہ آپ کو ۴۸؍گھنٹے ، ۲۴؍گھنٹے یا کچھ دیر کا اصلاحی عمل درکار ہے۔ اس کے بعد آپ اضطراب اور بے چینی پیدا کرنے والے اسباب کی شناخت کریں۔ ۴۸ یا ۲۴؍گھنٹے والے اصلاحی عمل کے دوران یہ کوشش کریں کہ ان اسباب پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول کرلے جائیں۔ انٹرنیٹ سے دور رہیں۔ جواں بازی سے بچیں۔ ٹی وی نہ دیکھیں۔ ویڈیو گیمز نہ کھیلیں۔ ہلکے کھانے کھائیں، زیادہ پکے ہوئےتیکھے پکوان اور شکر زدہ چیزوں سے دور رہیں۔ فون بند رکھیں وغیرہ۔ کچھ دیر کے اصلاحی عمل کے لیے لازم ہے کہ بے چینی اور بے اطمینانی پیدا کرنے والے سب سے اہم ذرائع کو روکنے کی کوشش کی جائے۔
ڈوپامائن کے اصلاحی عمل کو مزید بہتر کرنے کے چند نسخے
درج ذیل میں چند طریقے دیے جارہے ہیں، جن سے اصلاحی عمل کے دوران زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
نوٹ بنائیے
میں یہ ضرور مشورہ دوں گا کہ ڈوپامائن کے اصلاحی عمل کے دوران آپ نوٹ بنائیں۔ اگر کام کے لیے آمادگی پیدا ہورہی ہے تو اسے لکھ لیں۔ یا اگر اس دوران فون چلانے یا ویڈیو دیکھنے کی خواہش ہوئی تو اسے بھی لکھ لیں۔ اس طریقہ سے آپ اضطرابی کیفیت کے اسباب کا سراغ لگا سکتے ہیں اور دماغ کے طریقہ کار کو بھی سمجھ سکتے ہیں۔
اپنی زندگی پر اثر انداز ہوں
جب ہم لگاتار مصروف ہوتے ہیں اور حد سے زیادہ متحرک رہتے ہیں تو بسا اوقات ایک قدم بھی پیچھے ہٹنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ہم کھل کر کاموں کا جائزہ نہیں لے پاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر جہات سے ڈوپامائن کے اصلاحی عمل کی نگرانی کی جائے۔ اس کے لیے درج ذیل طریقے اپنائیں:
اپنے اہداف پر نظریں جمائیں: آپ کس ہدف کو حاصل کر رہے ہیں؟ کیا وہ آپ کے لیے درست ہیں بھی؟ کیا آپ ہر روز اس میں ترقی کر رہے ہیں اور اگر آپ ہر روز یہی کرتے رہے تو کیا آپ کسی نتیجہ پر پہنچیں گے؟
اپنے اوقات کا جائزہ لیں: کیا آپ ہر روز کے حساب سے نفع مند ثابت ہورہے ہیں؟ کیا آپ ان چیزوں کو وقت دے رہے ہیں جو معنی خیز ہیں؟ کونسے کام یا پروجیکٹ ایسے ہیں، جو فوری توجہ کے طالب ہیں اور کونسے ایسے ہیں جنھیں روک دینا چاہیے؟
خود بینی: کیا آپ وہیں ہیں جہاں خود کو دیکھنا چاہتے تھے؟ کون سے کام ایسے ہیں جو آپ کی ذات میں نکھار پیدا کرسکتے ہیں؟
اپنی پریشانیوں کو حل کریں
اگر آپ پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں یا رنجیدہ ہیں تو انھیں اپنی کاپی پر نوٹ کیجیے اور ساتھ ہی اس کا حل بھی لکھیے۔ کاغذ پر خیالات لکھ لینے سے ذہن میں بات پوری طرح بیٹھ جاتی ہے اور واضح ہوجاتی ہے۔ ورنہ ذہن میں الجھے ہوئے خیالات کو درست کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے ، بلکہ خیالات مزید الجھ جاتے ہیں۔ جب کہ لکھ لینے سے وہ آسان لگنے لگتے ہیں۔ اس سے تفہیم میں بڑی مدد ملتی ہے اور خیالات کو لفظوں کا خول پہنادینے سے انھیں ترتیب دینا آسان ہوجاتا ہے۔
میں آپ سے کہتا ہوں کہ آپ قلم اور کاغذ اٹھائیں اور درج بالا تمام سوالوں کے جواب تحریر کریں۔ یہ حقیقت ہے کہ حد سے زیادہ ہیجانی کیفیت پیدا کرنے والے کاموں سے اگر پیچھا چھڑا لیا جائے تو آپ انتہائی سکون اور عافیت محسوس کریں گے اور ترقی کی طرف گامزن ہوں گے۔
عام طور پر یہ بات کہی جاتی ہے کہ ہر ہفتے صرف غورو فکر کے لیے وقت نکالنے سے زندگی میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اس سے آپ بڑی غلطیوں سے محفوظ رہتے ہیں اور اپنے وقت اور طاقت کو بھی بچا کر رکھتے ہیں۔ اسی لیے زیادہ مصروفیت سے بھی بچیں، کیوں کہ یہ ایک اچھا بہانا بن جاتا ہے اور زندگی پر آپ کی اثر اندازی ختم ہونے لگتی ہے۔
اپنے خوف کی شناخت کریں
اضطرابی اور ہیجانی کیفیت کے سلسلہ میں ہماری نہ ختم ہونے والی سرگرمیاں عام طور پر خوف کو چھپانے کی کوشش ہوتی ہے۔ مصروفیت کے باعث انسان طرح طرح کے غموں اور مختلف ڈراؤنے حقائق کا سامنا کرتا ہے اور اس پر غور کرنے کے بجائے الجھتا چلا جاتا ہے۔ لہذا اگر آپ نے یہ مشاہدہ کیا کہ آپ کے خیالات کمزور پڑ رہے ہیں یا خوف پیدا ہورہا ہے، تو اسے بھی ضرور لکھیں۔ نظر انداز ہرگز نہ کریں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments