معاشرے میں رائج بے جا رسوم ہمسایہ کی ادائیگی میں رکاوٹ

ملک ہندوستان بر صغیر کا وہ ترقی یافتہ ملک ہے جو اپنی گنگا جمنی تہذیب کی بنا پر نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔ یہ وہ ملک ہے جہاں متنوع تہذیب و ثقافت اپنی رنگینیاں بکھیرتی نظر آتی ہیں۔ مختلف تہذیب و ثقافت کا اثر اس طور پر نظر آتا ہے کہ ہر طبقہ دوسرے طبقہ کے رسوم و رواج کو اپنانے کی طرف راغب ہے۔ ملک کی سب سے بڑی اکثریت ہندو سماج کی مختلف تہذیب و ثقافت کی چھاپ ملک کی دوسری بڑی آبادی مسلم طبقہ پر بھی نمایاں طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔ چنانچہ شادی بیاہ اور دیگر مواقع پر مسلم معاشرے میں رائج بے جا رسوم و رواج انہی تہذیب و ثقافت کا حصہ ہیں۔
مختلف رسومات جو مختلف مواقع پر انجام دی جاتی ہیں، ان میں شادی بیاہ کے موقعوں پر ہلدی، مہندی، باراتیوں کا نت نئے طریقوں سے استقبال، مڑوا، جوتا چرائی، دولہے کا سہرا، سامان کی نمائش اور رونمائی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ کسی کی موت کے وقت انجام دی جانے والی رسومات میں سے قرآن خوانی، دوجہ، تیجہ، چالیسواں اور برسی وغیرہ معاشرے کا اٹوٹ حصہ بن چکی ہیں۔ بچوں کی پیدائش کے وقت بچوں کے لیے بے شمار تحفے تحائف کی تیاری اور عید کے موقع پر عیدی کا چلن سماج کا لازمی جزو کے طور پر مانا جاتا ہے۔

مذکورہ بالا رسوم کی ادائیگی میں ایک طرف جہاں وقت کے زیادہ استعمال کا امکان ہوتا ہے تو دوسری طرف مال و دولت کے بے جا اسراف کا پہلو بھی غالب رہتا ہے۔ لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ شادی کا مقدس فریضہ جو “خیر النکاح ایسرہ” کی روشنی میں چند گھنٹوں کی تقریب کا متقاضی ہے اور بہت معمولی رقم کے خرچ پر بھی انجام دیا جاسکتا ہے، مگر مذکورہ بالا تمام رسوم کی ادائیگی کے نتیجے میں کئی دن کی تقریبات پر مشتمل ہوتا ہے، جو لاکھوں روپے کے خرچ پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔ نیز ان کی تیاریوں میں مہینوں کی محنت درکار ہوتی ہے، جو بالآخر ہم سایوں کے حقوق سے بے اعتنائی پر منتج ہوتی ہے۔ ان رسومات کو بہتر طریقے سے انجام دینے کی فکر نہ ہمیں وقت دیتی ہے کہ ہم ’’لیس المؤمن بالذى يشبع و جارہ جائع‘‘ (الادب المفرد: ۱۱۲)کے پیش نظر پڑوسی کے حالات سے باخبر ہوں اور نہ ہی مالی وسائل اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ ہم ’’والذي نفسي بيدِهِ لا يؤمنُ عَبدٌ حتى يُحِبَّ لجارِهِ -أو قال: لأخيهِ- ما يُحِبُّ لنفْسِهِ۔‘‘ (مسند احمد) کے مصداق ہم سایوں کے مسائل حل کرنے کی وسعت رکھ سکیں۔

اسی طرح میت اور دیگر مواقع پر انجام دی جانے والی رسومات بھی وقت کے ساتھ ساتھ بے دریغ مالی اسراف کے ذریعے ہی انجام دی جاتی ہیں، لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ کسی کی موت پر کبھی قرآن خوانی، تو کبھی دوجہ، تیجہ اور چالیسواں کے نام پر تو کبھی برسی کے نام پر محفلیں سجائی جاتی ہیں، جہاں غیر شرعی رسومات انجام دی جاتی ہیں اور لاکھوں روپے کا سرمایہ بھی خرچ کر دیا جاتا ہے، مگر اپنے پڑوسی کی خبر لینے کے لیے نہ بندگان خدا کے پاس وقت ہوتا ہے اور نہ ہی سرمایہ۔ علاوہ ازیں بچوں کی پیدائش کے وقت بے جا رسوم کی ادائیگی میں معاشرہ کا ہر فرد اس طرح کمر بستہ ہوجاتا ہے، گویا یہی اولاد کا اولین حق ہے اور اس کے لیے نت نئے طریقے سے تحائف کی سجاوٹ و تیاریوں میں اس قدر منہمک ہوجاتا ہے کہ اس کے پاس اپنے قریبی پڑوسی کی خبر گیری کے لئے نہ وقت ہوتا ہے اور نہ اس کی مشکلات کے حل کے لیے مال کی فراہمی کہ وہ اپنے ضرورت مند پڑوسی کے مسائل کو حل کرسکے۔

اسی طرح عید کے مبارک موقع پر عیدی کے لین دین میں معاشرہ کا ہر فرد اس طرح غرق ہوجاتا ہے کہ اسے روزہ جیسی اہم عبادت کو انجام دے کر بھی روزہ کی اصل روح حاصل نہیں ہوپاتی اور وہ محض رسومات کی ادائیگی کا ہی پابند ہو کر رہتا ہے اور اسے اپنے کسی بھی پڑوسی کی خبر ہی نہیں ہوتی کہ وہ کس حالت سے دوچار ہے خواہ وہ مسلم پڑوسی ہو یا غیر مسلم پڑوسی۔
مذکورہ بالا تمام رسوم ملک میں موجود دوسرے طبقات کے اثرات سے وجود میں آئیں، جنھیں گویا عبادت سمجھ کر انجام دیا جانے لگا اور ان کی ادائیگی میں مسلم طبقہ اس قدر منہمک ہوا کہ اسے پڑوسی کے تئیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان مبارک یاد نہ رہ سکے۔

وہ پڑوسی جس کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عن عبد اللہ بن عمر رضي اللہ عنہما قال : قال رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم : ’’ما زال جبريل يوصيني بالجار حتی ظننت أنہ سيورثہٗ۔‘‘ ( متفق علیہ)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جبرائیل( علیہ السلام ) مجھے پڑوسی کے حق کے بارے میں اس قدر وصیت کرتے رہے کہ مجھے خیال ہونے لگا کہ وہ پڑوسی کو وارث بنادیں گے۔ ایسی ہی ایک روایت حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی مروی ہے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ پڑوسی سے تعلقات مستحکم کرنے کے لیے اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کے اس مفہوم کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر پڑوسی کو ہدیہ و تحائف دینے کی بھی تاکید کی: اسی روایت کے ایک طریق میں آیا ہے کہ حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے اپنے گھر والوں کو حکم دیا کہ وہ غیر مسلم پڑوسی کو ہدیہ بھیجیں جیساکہ اس حدیث سے واضح ہوتا ہے: عن عمرو بن شعيب عن أبيہ رضي اللہ عنہ قال : ’’ذُبِحتْ شاۃ لابن عمرو في أھلہ، فقال: أھديتم لجارنا اليہوديّ؟ قالوا: لا، قال: ابعثوا إليہ منہا، فإني سمعتُ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم يقول: ’’ما زال جبريل يوصيني بالجار، حتی ظننت أنہ سيورثہ۔‘‘ ( ابو داؤد: ۵۱۵۲)

عمرو بن شعیب نے اپنے والد سے نقل کیا ہے کہ انھوں نے کہا کہ حضرت عبدا للہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کے گھر میں ایک بکری ذبح کی گئی (پھر جب آئے تو) انھوں نے کہا تم نے ہمارے یہودی ہمسایہ کو ہدیہ بھیجا؟ گھر والوں نے کہا کہ نہیں۔ آپ نے فرمایا کہ اس بکری کے گوشت میں سے اسے کچھ بھیجو، اس لیے کہ میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا تھا کہ جبریل ہمیشہ مجھے ہمسایہ کے ساتھ احسان کرنے کی وصیت کرتے رہے، یہاں تک کہ میں نے گمان کیا کہ اس کو وارث کر دیں گے۔

عمرو بن شعیب نے اپنے والد سے نقل کیا ہے کہ انھوں نے کہا کہ حضرت عبدا للہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کے گھر میں ایک بکری ذبح کی گئی (پھر جب آئے تو) انھوں نے کہا تم نے ہمارے یہودی ہمسایہ کو ہدیہ بھیجا؟ گھر والوں نے کہا کہ نہیں۔ آپ نے فرمایا کہ اس بکری کے گوشت میں سے اسے کچھ بھیجو، اس لیے کہ میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا تھا کہ جبریل ہمیشہ مجھے ہمسایہ کے ساتھ احسان کرنے کی وصیت کرتے رہے، یہاں تک کہ میں نے گمان کیا کہ اس کو وارث کر دیں گے۔
علاوہ ازیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مومن کے ایمان کو پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک سے جوڑ کر ہم سایہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چناں چہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کرے۔‘‘ (مسلم: ۱۸۴،۱۸۵) اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑوسی کو ایذا پہنچانے سے بھی منع فرمایا۔ ارشاد مبارک ہے: من کان یومن باللہ واليوم الآخر، فلا یوذي جارہ. (صحیح بخاری) ’’جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے، اسے اپنے پڑوسی کو تکلیف نہیں پہنچانی چاہیے۔‘‘

یہ اور اس طرح کے کئی فرمان مبارک پڑوسی کو ایذا پہنچانے کے سلسلے میں ملتے ہیں، مگر مذکورہ بالا رسوم پڑوسی کو ایذا پہنچانے کا اس وقت سبب بنتی ہیں جب ان رسومات کو ادا کرنے والا کبھی بے محل و نامناسب وقت میں اس طرح کی رسومات کے ذریعے ہم سایوں کو ایذا پہنچانے میں کوئی گریز نہیں کرتا۔ جب کہ بسا اوقات اس طرح کے فنکشن میں پڑوسی کو نظر انداز کرکے اس کی ذہنی اذیت کا باعث بھی بنتا ہے۔
چناں چہ ہم ببانگ دہل یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم سایوں کے ساتھ مستحکم تعلقات میں رکاوٹ کا ایک بڑا سبب غیر شرعی رسوم کی انجام دہی ہے اور اس کا تدارک محض سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل درآمد کرکے ہی کیا جاسکتا ہے اور انہی فرمودات رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں ہم وقت کے ضیاع سے بھی بچ سکتے ہیں، نیز بے جا اسراف کے نتیجے میں معاشی تنگدستی سے بھی اپنے دامن کو بچا سکتے ہیں اور اس طرح اپنے وقت اور مال کا کچھ حصہ پڑوسیوں کی نذر کرکے اجر عظیم کے مستحق ہوسکتے ہیں۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی روح کو سرشار کریں اور ڈوبتی انسانیت کی کشتی کو ساحل تک پہنچانے کا سامان فراہم کریں۔ اللہ تعالی ہمیں ہم سایوں کے حقوق کی پاسداری کی توفیق عطا فرمائے، آمین! ثم آمین یارب العالمین!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے