کبھی محسوس کیا ہے کہ کچھ خوشبوئیں دل میں نہیں، روح میں اتر جاتی ہیں؟
وہ جو وقت کے ساتھ ماند نہیں پڑتیں، بلکہ برسوں بعد بھی یادوں کے دروازے کھول دیتی ہیں۔
ایسی ہی ایک خوشبو ہے، ماں کے ہاتھوں کی خوشبو۔
ماں کے ہاتھ صرف ہاتھ نہیں ہوتے،
وہ دعا، محبت، اور قربانی کی تفسیر ہوتے ہیں۔
ان میں عجیب سی مٹی کی خوشبو بسی ہوتی ہے۔
جیسے رب نے خود ان انگلیوں کو محبت سے تراشا ہو۔
ان ہاتھوں سے جب چہرہ چھو لیا جائے،
تو لگتا ہے جیسے تقدیر بدل گئی ہو۔
جب ماں کھانا بناتی ہے،
تو چولہے سے اٹھتی بھاپ میں صرف مصالحوں کی مہک نہیں،
اس کی دعاؤں کی گرمی بھی شامل ہوتی ہے۔
روٹی کی خوشبو میں محبت گھل جاتی ہے،
اور سالن کی بھاپ میں جنت کا سا سکون چھپ جاتا ہے۔
ماں کے ہاتھوں کی خوشبو وقت کے ساتھ نہیں جاتی۔
وہ اسکول کی کاپیوں کے کاغذوں میں،
عید کے کپڑوں کی شکنوں میں،
اور بچپن کی دعاؤں کے لہجے میں چھپ جاتی ہے۔
وہ خوشبو جو کبھی ماں کے دوپٹے میں محسوس ہوئی تھی،
اب میری دعاؤں کے الفاظ میں بسی ہے۔
کبھی کبھی خاموش رات میں
وہ خوشبو بے ساختہ دل پر دستک دیتی ہے،
جیسے کوئی کہہ رہا ہو،
’’بیٹی، گھبرانا نہیں۔۔۔ میں دعا میں تیرے ساتھ ہوں۔‘‘
ماں کے ہاتھوں کی خوشبو دراصل جنت کی نشانی ہے۔
وہ بتاتی ہے کہ محبت کوئی چیز نہیں،
ایک احساس ہے جو وقت کے بعد بھی قائم رہتا ہے۔
یہ خوشبو اب بھی میری سانسوں میں بسی ہے،
جب بھی زندگی تھکاتی ہے،
میں آنکھیں بند کر کے وہ لمس محسوس کرتی ہوں
اور دل کہتا ہے:
’’بس، اب سب ٹھیک ہو جائے گا۔۔۔‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments