درس قرآن
زمرہ : النور

فَمَا أُوتِيتُم مِّن شَيْءٍ فَمَتَاعُ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا ۖ وَمَا عِندَ اللَّهِ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ لِلَّذِينَ آمَنُوا وَعَلَىٰ رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ ۔ وَٱلَّذِينَ يَجْتَنِبُونَ كَبَـٰٓئِرَ ٱلْإِثْمِ وَٱلْفَوَٰحِشَ وَإِذَا مَا غَضِبُوا۟ هُمْ يَغْفِرُونَ ۔
وَٱلَّذِينَ ٱسْتَجَابُوا۟ لِرَبِّهِمْ وَأَقَامُوا۟ ٱلصَّلَوٰةَ وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ وَمِمَّا رَزَقْنَـٰهُمْ يُنفِقُونَ
(الشورى: ۳۶، ۳۸)

(لوگو) جو (مال ومتاع) تم کو دیا گیا ہے وہ دنیا کی زندگی کا (ناپائدار) فائدہ ہے۔ اور جو کچھ خدا کے ہاں ہے وہ بہتر اور قائم رہنے والا ہے (یعنی) ان لوگوں کے لئے جو ایمان لائے اور اپنے پروردگار پر بھروسہ رکھتے ہیں اور جو اجتناب کرتے ہیں بڑے بڑے گناہوں سے اور بےحیائی کے کاموں سے اور جب انہیں غصہ آتا ہے تو معاف کردیتے ہیں۔اور وہ لوگ جنہوں نے اپنے رب کی پکار پر لبیک کہا اور نماز قائم کی۔ اور ان کا کام آپس میں مشورے سے ہوتا ہے اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے وہ خرچ کرتے ہیں۔
سورہ شوری کے مضامین پر غور کرنے سے یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ اس سورت میں اگرچہ دوسری مکی سورتوں کے تمام مضامین بھی موجود ہیں، لیکن اس کا مرکزی مضمون یا عمود ’’اقامت دین ‘‘ ہےاور اس کی توضیح سورت کی آیت ۱۰ سے ہوتی ہے، جس میں اللہ تعالی کی حاکمیت کا واضح تصور پیش کیا گیا ہے اور اس تصور کی عملی تطبیق کے لئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کی حقانیت کو اجاگر کیا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رہنمائی میں اس تصور کا عملی نمونہ اصحاب کرام کے عملی طرز کی صورت میں پیش کرکے بندگان خدا کو اس بات کی تلقین کی گئی کہ کائنات میں حاکمیت للہ کا تصور انہی طرز عمل کو اختیار کرکے ہی پیش کیا جا سکتا ہے۔ گویا اقامت دین کی عملی تطبیق کے لئے بندۂ خدا کے لیے مذکورہ بالا آیات پر عمل ناگزیر ہے۔ اس مضمون کے اعتبار سے اس سورت کی یہ آیات پورے قرآن میں منفرد اور ممتاز حیثیت کی حامل ہیں۔
آیت نمبر ۳۶ میں اللہ تعالیٰ نے حیات کے ساتھ متاع کا لفظ استعمال کرکے اس کی بے حقیقتی کا اظہار کیا ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ مطلوب و مقصود بنانے کے قابل دنیا نہیں، صرف آخرت ہے۔

اس کے بعد ’’ وما عند اللہ خیر و ابقی ‘‘ کہہ کر ان مومنین صالحین کے حق میں ایک بڑی تسلی کا سامان فراہم کیا ہے جو دنیوی سازوسامان سے محروم رہتے ہیں۔ آیت ۳۷؍میں ان مومنوں کی دو خاص صفات کا تذکرہ فرمایا ہے جو اقامت دین کی روح رواں کا درجہ رکھتی ہیں۔ لہٰذا یہاں بڑے چھوٹے سارے گناہوں سے ہمیشہ بچے رہنا یہ کسی بھی بشر کے لئے ممکن ہی نہیں اس لئے بشریت کی عادت کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ قید لگائی کہ وہ وہ ہیں جو بڑے بڑے گناہوں اور ’’الفواحش ‘‘ یعنی بے حیائی کے کاموں سے بچتے ہیں۔ اسی طرح ’’وَإِذَا مَا غَضِبُوا۟ هُمْ يَغْفِرُونَ‘‘ میں ایک خاص صفت کا ذکر فرمایا کہ جب بے محل و بے جا غصہ آجائے تو اپنی طبیعت کو قابو میں رکھتے ہوئے عفوو درگزر سے کام لیتے ہیں۔
یہاں یہ نکتہ قابل ذکر ہے کہ یہ نہیں فرمایا کہ انھیں غصہ سرے سے آتا ہی نہیں، کیونکہ یہ کمال نہیں، نقص ہے ؛ ہنر نہیں، بلکہ عیب ہے لہٰذا یہ بات ذہن نشین رہے کہ غصہ کا نہ آنا کمال نہیں بلکہ اصل کمال غصہ کے وقت خود پر قابو پانا ہے جو اقامت دین کی راہ میں ناگزیر ہے۔
آیت نمبر ۳۸ میں استجابوا لربهم سے مراد اللہ کے احکام، اوامر و نواہی پر لبیک کہنا ہے۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ کون سی پکار ہے جس کا یہاں ذکر ہوا ہے؟ اس حوالے سے ڈاکٹر اسرار احمد اپنی تفسیر ’بیان القرآن‘ میں لکھتے ہیں:’’یہ اہم نکتہ ذہن میں رکھیے کہ اس سورت میں اب تک جمع کے صیغے میں فعل امر ایک ہی مرتبہ آیا ہے ، یعنی { اَنْ اَقِیْمُوا الدِّیْنَ } اور جمع کے صیغے میں اب تک ایک ہی مرتبہ فعل نہی آیا ہے ،یعنی { وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ }۔ چناچہ یہی وہ پکار یا حکم ہے جس کی استجابت کا ذکر یہاں ہوا ہے ‘ یعنی :
{ اَقِیْمُوا الدِّیْنَ وَلَا تَتَفَرَّقُوْا فِیْہِ} ’’دین کو قائم کرو اور اس میں تفرقہ نہ ڈالو ‘‘۔
اسی کے بارے میں حضور ﷺ کو آیت میں مخاطب کر کے فرمایا گیا تھا :
{ فَلِذٰلِکَ فَادْعُ وَاسْتَقِمْ کَمَآ اُمِرْتَ وَلَا تَتَّبِعْ اَہْوَآئَ ہُمْ} کہ آپ ﷺ کی دعوت کا عمود اور مرکزی پیغام اقامت دین ہے۔ یہی آپ ﷺ کا مشن ہے اور یہی آپ ﷺ کی دعوت کا اصل ہدف۔ آپ ﷺ اپنے اسی مشن اور اسی موقف پر ڈٹے رہیے اور مخالفین کی مخالفت کی بالکل پروا نہ کیجیے۔

چوں کہ یہ مشن بہت عظیم ہے، لہٰذا اس میدان میں مصروف عمل ہونے کے لئے خصوصی سیرت و کردار کے حامل مردانِ کار کی ضرورت ہے۔ چنانچہ ان آیات میں ان اوصاف کا تذکرہ ہے جو اس مشن کے علمبرداروں کی شخصیات کے لیے ناگزیر ہیں اور اس میں استجابت کے بعد سب سے پہلے ’’اقاموا الصلاۃ‘‘ کا حکم دے کر یہ واضح کیا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح نماز کی پابندی ہے جو تمام ارکان و شرائط کے ساتھ مربوط ہے، یعنی اپنی مرضی کے مطابق نماز میں تقدیم و تاخیر جائز نہیں، بلکہ ٹائم مینجمنٹ میں نماز ہی پہلی ترجیح ہو، اس لئے کہ تمام اعمال کی درستگی کا انحصار نماز پر ہی ہے۔ نماز کی پابندی کے بعد اگلا وصف بیان ہوا : { وَاَمْرُہُمْ شُوْرٰی بَیْنَہُمْ } ’’اور ان کا کام آپس میں مشورے سے ہوتا ہے۔‘‘ یعنی ہر قسم کی شورائیت مراد ہے جس میں بندوں کا رب سے مشورہ جسے استخارہ کہتے ہیں اور بندوں کا بندوں سے مشورہ جو اجتماعی کاز کے لئے بے حد ضروری ہے۔ چونکہ اس سورہ کا مرکزی مضمون اقامت دین ہے، اس لیے ظاہر ہے اقامت دین کی جدوجہد کے لیے اجتماعیت درکار ہے اور اجتماعی زندگی میں فیصلے کرنے اور مختلف امور نپٹانے کے لیے باہمی مشاورت بہت ضروری ہے۔ یہاں نماز اور زکوۃ کے ساتھ ساتھ شوری کا ذکر فرمایا گیا، جس سے شوری کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ تمام کام اجتماعیت سے مربوط ہیں۔

مشاورت کی حکمت

(۱) اس میں خیر کا پہلو پایا جاتا ہے، کیونکہ مشاورت میں ایک عقل کے بجائے کئی عقل کا استعمال ہوتا ہے۔ اس لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اکثر مشورہ فرماتے، چنانچہ غزوہ خندق کے موقع پر سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کا مشورہ مانا گیا ۔ اسیران بدر کے سلسلے میں اور دیگر مواقع پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اصحاب سے مشورہ کیا۔
(۲) ایک حکمت یہ بھی ہے کہ انسان محض اپنی رائے ہی نہ تھوپے بلکہ جماعت میں موجود ہر فرد کو اس بات کا احساس رہے کہ اس کی بات بھی سنی جاتی ہے، کیونکہ اس کے بغیر ماحول میں ناخوشگواری آتی ہے، مثلا: گھر کا سربراہ اگر ہر فرد پر اپنی ہی مرضی تھوپے تو اس سے ماحول خراب ہوگا۔
(۳) انسانی عقل کے نتیجے میں کبھی مشورہ غلط بھی ہوسکتا ہے تو اس کا منفی اثر ہر ایک پر پڑے اور اسی طرح مثبت اثر کا کریڈٹ کسی ایک فرد کو نہ جائے۔
(۴) ایک بڑی حکمت یہ ہے کہ انسان فخر و غرور کا شکار نہ ہو بلکہ عاجزی و انکساری کا پیکر ہو۔گویا ’’و امرھم شوری بینھم‘‘ سے ہر قسم کی ڈکٹیٹر شپ کی مکمل نفی ہوتی ہے۔

شورائیت کی شرائط

کسی اجتماعیت کے اندر اگر موثر مشاورتی نظام موجود نہ ہو اور کوئی ایک فرد دوسروں پر اپنی رائے تھوپنےکی کوشش کرے تو اس سے نہ صرف اجتماعی کاز کو نقصان پہنچے گا، بلکہ خود اس اجتماعیت کا وجود ہی خطرے میں پڑجائے گا۔ چنانچہ شورائیت کے مثبت نتائج کے لیے مندرجہ ذیل شرائط کا پایا جانا ناگزیر ہے:
(۱) مشورہ ہر ایک سے نہیں لیا جا سکتا بلکہ جو صاحب رائے و صاحب فراست ہو، جیساکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں چھ افراد پر مشتمل ایک باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی گئی اور جنگ قادسیہ کے موقع پر رکن شوری حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مشورہ پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ خود جنگ میں شریک ہونے سے باز رہے۔ مثلا: ایک ڈاکٹر کا مشورہ تعمیری کام میں نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے، اسی طرح ایک انجینئر سے طبی مسائل میں مشورہ بھی خطرے سے خالی نہ ہوگا، گویا موجودہ جمہوریت میں ہر ایک کو صاحب رائے قرار دے کر حکومت کا انتخاب کرنا آیت کریمہ کی خلاف ورزی ہے جس کے نمایاں منفی اثرات معاشرے کی تعمیر و ترقی میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
(۲) مشورہ تھوپا بھی نہیں جا سکتا، بلکہ مشاور صرف اپنی رائے سے آگاہ کرے۔
(۳) مشورے صرف انہی امور میں پسندیدہ ہیں جو بجائے خود قابل مشورہ بھی ہوں۔ مثلا: کوئی بھی اجتماعی، سیاسی و معاشرتی مسئلہ وغیرہ۔ اور جو چیزیں قطعی احکام میں داخل ہیں ان میں مشورہ نہیں، مثلا: نماز پنجگانہ، رمضان کے روزے وغیرہ۔
(۴) مشورہ میں کہی گئی بات کو سنجیدگی سے لیا جائے، مذاق میں نہیں کہ بات تو رکھی گئی مگر عمل نہیں کیا گیا تو گویا یہ بڑی خیانت ہے۔
{ وَمِمَّا رَزَقْنٰـہُمْ یُنْفِقُوْنَ } ’’اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا اس میں سے وہ خرچ کرتے ہیں۔‘‘ اس سے صدقات واجبہ و نافلہ دونوں مراد ہیں۔ دعوت و اقامت دین کی جدوجہد میں مصروف لوگوں کو جہاں توکل علی اللہ ، کبائر و فواحش سے اجتناب، عفوو درگزر سے کام لیتے ہوئے اپنے وقت اور اپنی جانوں کی قربانی دینا ناگزیر ہے ، وہاں اس راستے میں انھیں ایمان کی تکمیل کے لیے مال بھی خرچ کرنا ضروری ہے، چناں چہ متعلقہ لوگوں کے اوصاف میں سے ایک وصف یہ بھی گنوا دیا گیا کہ وہ اللہ کے دیے ہوئے مال میں سے ’’انفاق ‘‘ بھی کرتے ہیں۔
خلاصہ درس یہ کہ ایک مومن بندہ مکمل طور پر عجز و انکساری کا پیکر ہوتا ہے، لہٰذا مذکورہ بالا آیات کا مطلوب یہ ہے کہ بندہ خدا توکل علی اللہ کا مظہر پیش کرتے ہوئے کبائر و نواہی سے مکمل اجتناب برتے اور اللہ کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے نماز کی ادائیگی میں رب کے سامنے عجز و خاکساری کا اظہار کرے اور معاشرتی معاملے میں محض اپنی رائے کو لائق اعتنا نہ سمجھتے ہوئے بندوں کی راہ کو اہمیت دے کر اپنی انکساری کی وضاحت نیز غصے کے وقت انانیت کی قربانی پیش کرکے عفوو درگزر کا مظاہرہ کرے اور اپنے مال کا صرف خود کو حقدار سمجھتے ہوئے محض اپنے اوپر خرچ کی فکر نہ کرے بلکہ ضرورت مندوں کی ضرورت کو ترجیح دے۔ گویا یہی مومن کی وہ مطلوبہ صفات ہیں، جو تذلل و خاکساری کا عملی نمونہ ہیں اور عبد و معبود کے رشتے کو استحکام بخشتی ہیں۔ موجودہ دور میں انہی صفات کا بندگان خدا میں فقدان ہے جس کی بنا پر انانیت و خود پرستی کا غلبہ ہے اور مادہ پرستی سر اٹھا رہی ہے اور معاشرہ تخریب کاری کا شکار ہے لہٰذا ضرورت ہے کہ ہم آیت کے مصداق کو سمجھیں اور تذلل و خاکساری کا عملی نمونہ بن کر اقامت دین کا پرچم لہرائیں اور تعمیر معاشرہ میں اہم کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہم تمام مسلمانوں کو ان اوصاف سے متصف کرے جو اقامت دین کی راہ میں معاون ثابت ہوں۔ آمین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥