بعض کتابیں محض اوراق و سطور کا مجموعہ نہیں ہوتیں، وہ دل کی دھڑکنوں میں اُتر کر روح کے نہاں خانوں کو منور کر دیتی ہیں۔ کتابوں سے محبت ہر شخص کی جداگانہ ہے، مگر کچھ تصانیف ایسی مسحور کن ہوتی ہیں کہ قاری کو ایک نرم و گرم آغوشِ محبت عطا کرتی ہیں۔ دکھوں کی دھند میں وہ سہارا بنتی ہیں، تنہائی کے لمحوں میں مونس و غمگسار ہوجاتی ہیں اور یوں انسان کے لیے بے حد خاص ہو کر رہتی ہیں۔
میرے لیے ’’رسائل من النبی ﷺ‘‘ بھی ایسی ہی ایک دیرپا تاثیر رکھنے والی کتاب ہے۔ اللہ کے رسولﷺ کے فرمودات پر مشتمل وہ گراں قدر تحریر، جسے ادھم شرقاوی نے صدق دل اور فکر کی پاکیزگی سے رقم کیا ہے۔ ادھم شرقاوی مایہ ناز فلسطینی مصنف ہیں۔ آپ عرب دنیا کے ان روشن دماغ اور دل آویز مصنفین میں شمار ہوتے ہیں، جنھوں نے نہ صرف ادب کی دنیا میں منفرد مقام حاصل کیا بلکہ اپنے قلم سے لاکھوں دلوں کو متاثر بھی کیا ہے۔ ان کی تحریریں محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ درد انسانیت، حرارت عشق، جراتِ مزاحمت، حکمت اور شفاف صداقت کا آئینہ ہے۔ اس کتاب کی معنوی رفعت کو اس کے اصل قالب میں منتقل کرنا بلاشبہ ایک نہایت دشوار مرحلہ رہا ہوگا، مگر مترجم ابوالاعلیٰ سید سبحانی صاحب نے جس فنی مہارت اور لسانی لطافت اور فہم سیرت کے ساتھ اسے اردو کے دامن میں سمویا ہے، وہ ان کی علمی بصیرت، محنت اور اللہ کی عطا کردہ توفیق کا کھلا ثبوت ہے۔
کتاب کے موضوعات و مضامین، کتاب کا انتساب اپنی تاثیر اور سادگی میں بے مثال ہے۔ مصنف نے جس محبت، نرمی اور روحانی شفقت سے قاری کو مخاطب کیا ہے، وہ دل میں ایسا گہرا رس گھول دیتی ہے کہ انسان بے اختیار ٹھٹھک کر رہ جاتا ہے۔ وہ لکھتے ہیں:
’’ان لوگوں کے نام جو اپنی تمام کو تا ہیوں کے باوجود نبی اکرم سے محبت کرتے ہیں، اور میں بھی ان ہی میں سے ایک ہوں! ان لوگوں کے نام جو حرام سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، کبھی اس کوشش میں کامیاب ہوتے ہیں اور کبھی ناکام رہ جاتے ہیں اور میں بھی ان ہی میں سے ایک ہوں! میں اپنے حالات دیکھ کر اندازہ کر سکتا ہوں کہ تم جان بوجھ کر اللہ کی نافرمانی نہیں کرتے، اور تم سب بھی انسان ہی ہو! یہ تعلیمات اس نبی کی طرف سے ہیں، جس سے تم سب محبت کرتے ہو۔ اس لیے تم بھی ان تعلیمات کا مطالعہ کرنا ! اور میں بھی تمہارے ساتھ ان تعلیمات کا مطالعہ کروں گا! تم بھی کوشش کرنا اور میں بھی تمہارے ساتھ کوشش کروں گا کہ ہم سب نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے حوضِ کوثر پر ملاقات کریں! یقیناً اس وقت ہم سب بہترین نعمتوں میں ہوں گے!‘‘
یہ چند جملے ہی پوری کتاب کے مزاج، مصنف کی خوش اسلوبی، سچی طالبانہ کیفیت اور محبانہ لہجے کا نقشہ کھینچ دیتے ہیں۔ انتساب میں موجود یہ محبت بھری نسبت قاری کو فوراً اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ اس میں وہ نرمی، عاجزی اور روحانی حلاوت ہے، جو دل کے نہاں خانوں میں دیر تک مہکتی رہتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ مصنف محض لکھ نہیں رہا ہے، بلکہ قاری کا ہاتھ تھام کر اسے رسولِ کریمﷺ کی تعلیمات کی طرف محبت سے دعوت دے رہا ہے۔ یہی وہ جمال ہے جو اس انتساب کو غیر معمولی طور پر اثر انگیز بناتا ہے۔
انتساب کے بعد سید سعادت اللہ حسینی صاحب کا تحریر کردہ مقدمہ اس کتاب کی تمام تر انفرادیت اور خوبیوں کا نچوڑ بیان کرتا ہے۔ آپ لکھتے ہیں کہ ’’رسائل من النبی ﷺ ’مسنون جذبات‘ کا ایک ایسا حسین و جمیل مرقع ہے جس کا ورق ورق بیش قیمت عملی اسباق سے مزین ہے۔‘‘
کتاب کے مطالعے کے بعد امیر محترم کی یہ بات من و عن تسلیم کرنے پر قاری مجبور ہوجاتا ہے اور متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔
کتاب کا مرکزی خیال نبیﷺ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو پیغام کی صورت میں پیش کرنا ہے، تاکہ قارئین ان سے سبق حاصل کر سکیں۔ یہ رسائل نبی ﷺ کے الفاظ، ان کے اخلاق اور ان کی زندگی کے ایسے لمحات پر مشتمل ہیں، جن سے آج کے انسان کو اپنے ذاتی معاشرتی اور روحانی مسائل میں رہنمائی ملتی ہے۔ کتاب میں نبیﷺ کے اعلیٰ اخلاق کو محور بنایا گیا ہے۔ سچائی، صبر، بردباری ،عدل، محبت اور عفو و درگزر جیسے موضوعات بارہا دہرائے گئے ہیں۔ ہر پیغام میں ایک اخلاقی سبق دیا گیا ہے جو اس زمانے کے ساتھ ساتھ آج کے دور میں بھی انسانی زندگی کے معیار کو بلند کر سکتا ہے۔ ادهم شرقاوی نے ان رسائل میں انسانی تعلقات کی نزاکتوں پر خاص توجہ دی ہے۔ چاہے وہ خاندان کے اندر محبت کا رشتہ ہو، یا دوستوں کے درمیان اعتماد یا معاشرے میں بھائی چارہ ہر پیغام میں نبیﷺ کی تعلیمات کو عملی مثال کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں قاری کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد محبت احترام اور اتحاد کا ماحول بنائے۔ رسائل من النبیﷺ میں روحانی ارتقاء اور ایمان کی پختگی پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ نماز، صلہ رحمی، توبہ اور اللہ کی یاد کو زندگی کا لازمی حصہ بنانے کی تلقین کی گئی ہے۔ کتاب کا یہ حصہ قاری کو نہ صرف ظاہری عبادات کی طرف راغب کرتا ہے بلکہ تطہیر قلب اور خلوص نیت پر زور دیتا ہے۔اس کتاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کتاب میں خواتین کے حقوق، ان کی عزت اور ان سے محبت پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ اہم موضوعات ہے جن کی طرف قارئین کو متوجہ کیا گیا ہے۔ نبیﷺ کی خواتین کے ساتھ محبت، عزت اور برابری کے رویے کو سادہ انداز میں حسن معنی کے ساتھ جملوں میں ڈھالنا اس کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ کتاب کا اسلوب نہایت سادہ، مؤثر اور دل کو چھو لینے والا ہے۔ زبان بہترین اور جامع ہے، جو قاری کو بآسانی سمجھ آجاتی ہے۔ ادبی حسن کے ساتھ ساتھ کتاب میں ایک نرم گفتگو اور محبت کا انداز غالب ہے جو نبیﷺ کے ساتھ قاری کے تعلق کو گہرا کرتا ہے۔
جدید دور کی مصروفیات اور مشکلات میں ایک ایسی کتاب کا ہونا ضروری ہے، جو سیرت نبویﷺ اور اس کے پیغامات کو آسان، مختصر اور مؤثر انداز میں پیش کرے۔ یہ کتاب خاص طور پر نوجوانوں اور ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو نبیﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا چاہتے ہیں، مگر عمیق کتب پڑھنے کی فرصت یا قابلیت نہیں رکھتے۔ ساتھ ہی یہ کتاب اخلاقی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو فرد اور معاشرے دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
ابوالاعلی سبحانی صاحب کا یہ ترجمہ محض ایک ادبی خدمت نہیں، بلکہ قارئین کے لیے ایک بے مثال تحفہ ہے۔ وہ تحفہ جو قرب الٰہی کی خوشبو بھی رکھتا ہے اور محبت رسولﷺ کی حرارت بھی۔ اللہ تعالیٰ مترجم کو بہترین اجرِ خیر سے نوازے، ان کے علم و فن میں مزید برکت عطا فرمائے اور اس کتاب کو ہمارے دلوں کی دنیا کو نکھارنے کا ذریعہ بنائے۔
واضح رہے کہ مترجم کے قلم سے اس سے قبل ’’رسائل من القرآن‘‘ کا بھی ایک جامع اور بہترین اردو ترجمہ کیا جاچکا ہے۔ حال ہی میں آپ نے ’’رسائل من الصحابہ‘‘ کا بھی ترجمہ کیا ہے۔ امید واثق ہے کہ آپ ’’رسائل من التابعین‘‘ بھی اردو قارئین کے لیے جلد دستیاب کریں گے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments