ہادی اور حُرَّم ایک ہی جماعت میں پڑھتے تھے۔
ہادی اور حُرَّم نہ صرف ہم جماعت تھے بلکہ بہن بھائی بھی تھے۔ چھٹیوں میں وہ اکثر اپنے نانی کے گاؤں چینّور جایا کرتے تھے۔ چینّور ایک چھوٹا سا خوبصورت گاؤں تھا جہاں ہر طرف درخت، پودے، رنگ برنگے پھول اور چہکتے پرندے نظر آتے تھے؛ چڑیا، طوطے، کوے اور مینائیں۔
ان سب کو دیکھ کر ہادی اور حُرَّم بہت خوش ہوتے اور ان کا دل چاہتا کہ وہ ہمیشہ وہیں رہیں، مگر جیسے ہی چھٹیاں ختم ہوتیں، امی ابو کے ساتھ انھیں واپس شہر آنا پڑتا۔ واپسی کے بعد حُرَّم کئی دن تک اداس رہتی۔ یہ دیکھ کر ہادی اسے ہنسانے کی کوشش کرتا مگر اس کی اداسی کم نہ ہوتی۔
ایک دن ہادی نے کہا: حُرَّم! کیوں نہ ہم اپنے گھر میں بھی پودے لگائیں؟ اگر ہم اپنے آنگن کو ہرا بھرا بنا لیں تو ہمیں نانی کے گھر کی یاد نہیں آئے گی۔
یہ سن کر حُرَّم کے چہرے پر خوشی چھا گئی۔
دونوں بہن بھائی نے مل کر کئی پودے لگائے۔
ہر روز وہ ان کو پانی دیتے، ان کی دیکھ بھال کرتے۔ کچھ دنوں میں وہ پودے بڑے ہو گئے، ان پر پھول بھی کھلنے لگے۔ اب ان کا گھر بھی ایک چھوٹے باغیچے کی طرح لگنے لگا۔
ہادی اور حُرَّم جب بھی اپنے ہرے بھرے پودوں کو دیکھتے، ان کے چہرے پر مسکراہٹ آ جاتی۔
یوں انھوں نے اپنے گھر میں خوشی اور سبزے کا خوبصورت تحفہ پیدا کیا۔
اگر ہر بچہ اپنے گھر یا اسکول میں ایک پودا لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے، تو ہمارا شہر بھی گاؤں کی طرح ہرا بھرا بن سکتا ہے۔
٭ ٭ ٭

0 Comments