سوڈان اور غزہ خون سے رستی دو زخمی زمینیں

دو دن بعد فیسبک کھولا تو سوڈان کے لیے بلند ہوتی چیخیں سب سے پہلے اور سب سے زیادہ غزہ کے اکاؤنٹس سے سنائی دیں۔ غزہ کے صحافی سوڈان کے صحافی بنے دکھائی دیے کہ ان کے لیے آواز بلند کرنے والا اور کوئی نہیں تھا۔
جانتے ہیں کیوں؟؟
کیوں کہ وہ اس درد کو جانتے ہیں۔
وہ جانتے ہیں ظلم پر خاموش رہنے کی قیمت کیا ہوتی ہے، وہ قیمت جو وہ کل رات بلکہ آج دس بجے تک اپنے خون سے ادا کرتے رہے ہیں۔ آگے جانے کب تک ادا کرتے رہیں گے۔
انھیں علم ہے یہ خاموشی خاندان کے خاندان اجاڑ کر رکھ دیتی ہے۔
صرف یہی نہیں ہمارے برعکس غزہ کے لوگ یہ بھی بخوبی سمجھتے ہیں کہ جو ان کا ظاہری دشمن ہے، وہی سوڈان کا خفیہ دشمن بھی ہے، جس نے شمالی سوڈان کو جنوبی سوڈان سے الگ کرنے کی سازش کی، دارفور کرائسس کی سازش کی۔ ملک سوڈان میں جاری نسلی تعصب، شدید مہنگائی، کمزور ترین معیشت، خانہ جنگی کی کڑیوں سے کڑیاں ملائیں تو بہت سی بین الاقوامی طاقتیں بلاواسطہ ملوث ملتی ہیں، جو اس صورت حال کو مزید خراب کرتی جا رہی ہیں کہ ان کے لیے معاشی طور پہ مضبوط اور معدنیات سے مالامال ایک مستحکم سوڈان خطرے کی علامت ہے اور اس کے دشمن کے ہاتھوں کو سہارا دینے والا وہی قابیل نما عرب بھائی ہے، جس نے بھلے اس کا گلہ گھونٹنے کے لیے اپنا ہاتھ استعمال نہیں کیا، لیکن اس کا گلہ دباتے ہاتھوں کو شہہ دینے میں معاون ضرور ثابت ہوا۔ خنجر پہ ہاتھ قاتل کا ہے لیکن قاتل کے سر پہ انہی کا ہاتھ تھا، جس کے ہاتھ غزہ کے بعد اب سوڈان کے بے گناہ خون سے بھی رنگے ہوئے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ سوڈان میں وہ اسلحہ دیتا ہے اور غزہ میں اسی بھائی کے دشمن سے تجارتی معاہدوں کے ذریعے حاصل کیے گئے پیسے سے خریدا گیا اسلحہ، جو ان کے خلاف سالوں سے مسلسل چلایا جا رہا ہے۔
آپ پوچھتے ہیں اسرائیل کے بائیکاٹ سے کیا ہوتا ہے، کبھی سوچا ہے بائیکاٹ نہ کرنے سے کیا کچھ ہو چکا؟
خیر چھوڑیں اپنی زندگی میں مگن یہ سب کون سوچے؟
مجرموں کی بات کرتے ہیں تو غزہ کا جرم یہ ہے کہ اس کے ساحل کے نیچے گیس کے ذخائر ہیں
اور سوڈان کا گناہ یہ کہ اس کی زمین سونے سے مالامال ہے۔
سوڈان میں خانہ جنگی نے اب تک لاکھوں انسانوں کو بے گھر کر دیا ہے، مگر حیرت انگیز طور پر اسی دوران ۲۰۲۴ء میں وہاں سونے کی پیداوار ریکارڈ سطح پر پہنچی۔ تقریباً ۶۲؍ٹن، جس میں سے ۹۸؍فیصد سونا متحدہ عرب امارات منتقل ہو چکا ہے اور یہ سرکاری اعداد و شمار ہیں؛ سمگلنگ والا سونا شامل کریں تو ۸۰؍ٹن سے اوپر سونا بنتا ہے۔ وہی سونا جو اب اس جنگ کو ایندھن دے رہا ہے۔ جس پہ قبضے کے سارے مسلح گروہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں جیسے افغانستان کے پہاڑوں میں روبی اور عراق میں تیل دیکھ کر امریکہ ہوش کھو بیٹھا تھا۔
دوسری جانب، غزہ کے سمندر میں چھپے ٹریلین ڈالرز کی گیس کے ذخائر پر قبضے کی دوڑ جاری ہے، جہاں فلسطینیوں کا خون گیس سے زیادہ سستا سمجھا جاتا ہے، وہیں سوڈانی خون سونے سے بھی سستا سمجھ کر بہایا جا رہا ہے۔ شومئی قسمت سوڈان میں سونے کی خاطر وہ لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں جن کے پاس دو وقت کھانے کو بھی کچھ موجود نہیں۔
ایسے میں دنیا کی خاموشی ایک شور بن چکی ہے۔ وہ شور جو سوڈان کے جلے ہوئے گاؤں اور غزہ کے ملبے تلے دبی لاشوں سے اٹھتا ہے اور دنیا کے ہر باضمیر انسان کو بوجھل کر دیتا ہے۔ ظاہر میں یہ دو الگ ملک ہیں، مگر حقیقت میں ایک ہی داستان ہے۔ طاقت، تجارت اور لالچ کے ہاتھوں پامال انسانیت کی داستان اور ہم بے بس تماشائی۔
غزہ کے ملبے تلے دبے ہوئے بچے جانتے ہیں کہ ایسی دنیا میں مظلوم کی چیخ بھی سنائی نہیں دیتی اور سوڈان کے درختوں سے لٹکتی ماؤں کی لاشوں کو اب سمجھ آ گیا ہے کہ دنیا کی آنکھ میں لحاظ نہیں، مفادات کی چمک ہے۔
ان دونوں زمینوں کے زخم گواہی دیتے ہیں کہ ظلم کبھی اکیلا نہیں ہوتا اور ظالم ایک ہی ہوتا ہے یا ایک سا۔ وہ جہاں بھی ہوتا ہے، مختلف روپ میں پروان چڑھتا ہے لیکن نتیجہ ایک ہی ہوتا ہے؛ موت اور ہولناکی۔
جب انسانیت کا دل اپنے ہی سینے میں مدھم پڑنے لگتا ہے۔
جب سونا، گیس حاصل کرنے کے لیے طاقت بولتی ہے اور حق خاموشی اختیار کر لیتا ہے لیکن یہ وہ خاموشی نہیں جس میں خیر ہوتی ہے بلکہ یہ مجرمانہ خاموشی ہوتی ہے جس کی پہنچ سے میں اور آپ دور نہیں ہوتے ہیں۔
یاد رہے جو خون زمین پہ گرتا ہے، وہ گم نہیں ہوتا۔ وہ گواہ بنتا ہے، ظلم کا گواہ اور جب ایسے گواہ بولتے ہیں، تو تخت لرز جاتے ہیں کہ اس ظلم سے عرش لرز جاتے ہیں اور اس کی لپیٹ میں فرش پہ پھر سب آجاتے ہیں۔
تصویر میں تینوں ممالک کے جھنڈوں میں مماثلت دیکھیے اور سر دھنیے۔ ستم یہ کہ کہنے کو یہ تین مسلمان بھائی ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥