عن ابن عباس رضی اللہ عنہما أن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال:
إنَّ اللَّهَ وضَعَ عن أُمَّتِي الخطَأَ، والنِّسيانَ، وما اسْتُكْرِهُوا عليه (ابن ماجہ: ٢٠٤٥)
حضرت عبداللہ ابن عباس س روایت ہے کہ رسول اللہ صلی االلہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ نے میری امت سے غلطی اور بھول چوک اور جس چیز پر اسے زبر دستی مجبور کردیا گیا ہو؛ در گزر فرما دیا ہے۔
خطا و نسیان یعنی بھول چوک کے بارے میں درگزر کا ذکر خود اللہ تعالیٰ نے فرمایاہے:
ربنا لا تؤاخذنا إن نسینا أو أخطأنا. (البقرہ: ٢٨٦)
اے ہمارے رب ہم سے بھول چوک میں جو قصور ہوجائیں، ان پر گرفت نہ کر۔
نا دانستہ جو بات کہو اس کے لیے تم پر کوئی گرفت نہیں، لیکن اس بات پر ضرور گرفت ہے جس کا تم دل سے ارادہ کرو۔ (الأحزاب: ٥)
حضرت عمرو بن العاص سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر حاکم نے فیصلہ کیا اور اس میں اجتہاد سے کام لیا (یعنی پوری محنت سے صحیح فیصلہ تک پہنچنے کی کوشش کی) اور صحیح فیصلے پر پہنچا تو اسے دوگنا اجر ملے گا اور اگر (اس کوشش کے بعد) غلطی کی تو بھی ایک اجر ملے گا۔ اکراہ یعنی زبردستی کوئی کام کیا جائے، تب بھی درگزر کا ذکر قرآن مجید میں آیا ہے؛ جو شخص ایمان لانے کے بعد کفر کرے، (اگر) مجبور کیا گیا ہو اور دل اس کا ایمان پر مطمئن ہو۔ (النحل: ١٠٦)
مومنین اہل ایمان کو چھوڑ کر کافروں کو اپنا رفیق اور مددگار۔ہرگز نہ بنائیں، جو ایسا کرے گا اس کا اللہ سے کوئی تعلق نہیں۔ ہاں یہ معاف ہے کہ تم ان کے ظلم سے بچنے کے لیے بظاہر ایسا طرز عمل اختیار کر جاؤ۔
خطا ونسیان
خطا اس کا نام ہے کہ کوئی کام کرنے کا ارادہ کیا، لیکن ہوگیا دوسرا کام۔ مثلا: کسی شکاری کو نشانہ بنایا اور لگ گیا کسی انسان کو؛ نسیاں یہ ہے کہ کوئی چیز یاد تھی لیکن کرتے وقت بھول گئے۔ ان دونوں چیزوں میں گناہ نہیں ہوگا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس پر نتائج کی کوئی ذمہ داری بھی نہیں ہوگی۔ مثلا: کوئی وضو بھول جائیں اور یہ سمجھ کر نمازپڑھ لے کہ وہ با وضو ہے تو اس پر گناہ نہیں ہوگا، البتہ جب اسے یاد آجائے کہ اس نے بغیر وضو نماز پڑھی تھی تو نماز دہرانی ہوگی۔ اسی طرح اگر نماز ادا کرنا بھول جائیں تو یاد آنے پر قضا پڑھنی ہوگی، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’جو سو جائے یا بھول جائے تو یاد آنے پر نماز پڑھ لے، اس کے سوا اس پر کفارہ نہیں ہے۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی: وأقم الصلاة لذکری. اور میری یاد کے لیے نماز قائم کرو۔
اسی طرح روزے میں بھول کر کچھ کھالے تو روزہ باطل نہیں ہوگا، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: جس نے بھول کر کھا پی لیا وہ روزہ پورا کرے، کیوں کہ اسے اللہ تعالیٰ نے کچھ کھلا پلا دیا ہے، لیکن غلطی سے قتل کردینے پر کفارہ و خوں بہا دینا ہوگا۔
اکراہ
جس کا مطلق اختیار نہ رہ جائے اور بالکل مجبور کر کے اس سے کوئی کام کرالیا جائے، اس پر کوئی گناہ نہیں ہوگا، جیسے: کسی عورت کو بالکل بے بس کرکے زنا کا شکار بنا دیا جائے تو اس بے چاری کا کوئی قصور نہیں ہوگا، البتہ اگر کسی ایسے فعل پر مجبور کیا جائے جیسے کسی شخص کو قتل کرنے پر مجبور کیا جائے تو یہ اس کے لیے جائز نہیں ہوگا، کیوں کہ ایسا وہ اپنی جان بچانے کے لیے کرےگا اور مجبور کرنے والا اور قتل کرنے والا دونوں ذمہ دار ہوں گے۔ ہاں کوئی بات کہنے پر مجبور کیا جائے، جیسے: کلمہ کفر کہنے پر تو (جان بچانے کے لیے) ایسا کرنا مباح ہوگا۔
إلا من أکرہ و قلبه مطمئن بالإيمان ولکن من شرح بالکفر صدرا فعلیھم غضب من اللہ. (النحل: ١٠٦)
کچھ صورتوں میں اکراہ (زبر دستی مجبور کرنا) مباح بھی ہوجاتا ہے، جیسے: کسی پر قرض ہو تو حاکم اس پر قرض کی ادائی کے لیے اس کی کوئی چیز بیچنے پر اسے مجبور کرسکتا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments