اسلام ہر معاملے میں اعتدال کی وجہ سے اپنا ایک امتیازی مقام رکھتا ہے۔ انفرادی زندگی ہو یا اجتماعی، ہر دو معاملہ میں عدل وتوازن کی تعلیم دیتا ہے۔ کمانے اور خرچ کرنے کے تعلق سے بھی عدل کا حکم دیتا ہے۔ کمانے میں حلال کمانے کا پابند بناتا ہے۔ فرد کو پوری اجازت دیتا ہے کہ جائز طریقے سے جیسا چاہے کمائے اور جتنا چاہے کمائے، لیکن کمائی حلال ہو۔ اس میں ایک لقمہ حرام کی بھی اسلام اجازت نہیں دیتا۔ ساتھ ہی خرچ کرنے میں اسراف اور بخل دونوں سے روکتا ہے۔ اس لیے کہ یہ دونوں اخلاقی معاشی اور معاشرتی برائیاں ہیں، اس کا مرتکب ناصرف خود کا بلکہ پورے معاشرہ کا نقصان کرتا ہے۔
مستقبل کی حفاظت میں حال برا رکھنا یا اس خیال سے کہ آئندہ کام آئے، آج کی ضرورت پوری نہ کرنا نری بے وقو فی ہے۔ دوسری جانب معاشرہ اور خاندان کی غربت اور ضرورت سے صرف نظر خوب عیاشی، فضول خرچی اور دولت کی نمائش بھی بے حسی اور کم عقلی کا مظہر ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنی معیشت میں توسط اختیار کرنا آدمی کے دانا ہونے کی علامتوں میں سے ہے۔
(كنز العمال، ٥٤٣٨)
توسط یہ ہے کہ کمایاجائے اور کمائی کی مناسبت سے خود پہ، خاندان، رشتہ دار اور معاشرے پہ حسب استحقاق اور حسب ضرورت خرچ کیا جائے۔ توسط اور میانہ روی کی اہمیت کا شعور نہ ہو تو انسان اسراف یا بخل جیسی انتہاؤں کا شکار ہو جاتا ہے۔
اسراف
اسراف اور فضول خرچی یعنی ضرورت سے زیادہ اور بے جا خرچ صرف اپنے تعیش اور خواہشات کی تکمیل میں ہو تو فرد نہ کماتے وقت حدود کا لحاظ رکھتا ہے اور نہ خرچ کرتے وقت ضرورت مندوں کی ضرورتوں کا۔ ایسی بے حسی اور خود غرضی شیطانی صفت ہے، اسی لیے اسلام فضول خرچی کو انتہائی قبیح فعل قرار دیتا ہے اور اسراف کرنے والوں کو شیطان کا بھائی کہتا ہے۔
إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ وَكَانَ الشَّيْطَانُ لِربّه كَفُورًا. (الإسراء: ٢٧)
بےشک فضول خرچ کرنے والا شیطان کا بھائی ہے اور شیطان اپنے رب کا بڑا ہی ناشکرا ہے۔
نعمتوں کی ناقدری کرنے والا جواب دہی کے احساس سے عاری مال، دولت اور وسائل کو صرف اپنی ملکیت سمجھ کر بے حساب خرچ کرنے والا خدا کو سخت ناپسند ہے۔
فضول خرچی کی وجوہات
تصنع اور نمائش فضول خرچی کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔ لوگوں سے تعریف حاصل کرنے، فخر جتانے، احساس برتری یا کمتری کے سبب لوگ نمائش کرتے ہیں۔ کپڑے، زیورات، تقریبات وغیرہ کی نمائش کرکے لوگوں کی توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
پیسوں کے صحیح استعمال کے شعور کا فقدان
کسی ایک یا کچھ چیزوں کا ایسا جنونی شوق کہ جس کی وجہ سے خود کی یا گھر والوں کی اور دیگر لوگوں کی اہم ضرورتوں کا خیال بھی نہ آئے، بس اسی شوق کو پورا کرنے میں اسراف کیے جانا۔
شاپنگ کو ایک تفریح سمجھنا
شاپنگ کو تفریح سمجھنے کا مزاج دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔ بلا احتیاج صرف وقت گزاری کے لیے بازاروں میں نکلنا اور خریداری کرنا ایک عام بات ہوگئی ہے۔
آفرز سے متاثر ہونا
بازار میں آنے والی پر کشش آفرز، گھر بیٹھے آسان خریداری، نت نئے پروڈکٹس، فیشن کا تیزی سے بدلنا، ان سب سے جلد متاثر ہونے والے اکثر غیر ضروری شاپنگ اور اسراف کے مرتکب ہوتے ہیں۔
آسانی سے قرض کی دستیابی
قرض دینے والی کمپنیوں کے پرکشش آفر سے متاثر ہوکر قرض لینے کے مزاج سے اسراف کو بڑھاوا مل رہا ہے۔ جیب میں پیسہ نہ بھی ہو تو قرضوں کے ذریعہ خوب خریداری کی جارہی ہے۔
بخل
بخل یعنی جب ضرورت ہو شرعا و ضرورتا اور خرچ کرنا لازم ہو، وہاں بھی خرچ نہ کیا جائے اور بچا بچا کر رکھا جائے۔ قرآن نے اس برائی کی بھی شدید مذمت فرمائی ہے۔
الَّذِىُ جَمَعَ مَالًا وَ عَدَّدَةَ. (الهمزة: ٢)
جس نے مال جمع کیا اور گن گن کر رکھا۔
وَلَا يَحْسَبَنَّ الَّذِينَ يَبْخَلُونَ بِمَا آتَاهُمُ اللَّهُ مِن فَضْلِهِ هُوَ خَيْرًا لَّهُم ۖ بَلْ هُوَ شَرٌّ لَّهُمْ ۖ سَيُطَوَّقُونَ مَا بَخِلُوا بِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۗ وَلِلَّهِ مِيرَاثُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۗ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ. (آل عمران: ١٨٠)
جو لوگ بخل کرتے ہیں اس چیز میں جس کو اللہ ہی نے اپنے فضل سے انھیں بخشی ہے، یہ نہ خیال کریں کہ یہاں کے حق میں بہتر ہے بلکہ یہ ان کے حق میں بہت برا ہے، جس چیز میں وہ بخالت کریں گے۔ اس کا قیامت کے دن انھیں طوق پہنایا جائے گا۔ اللہ ہی کے لیے ہے زمین و آسمان کی وراثت اور جو تم کررہے ہو اس سے وہ باخبر ہے۔
بخل مال سے بہت زیادہ محبت کا مظہر ہوتا ہے۔
بخیل انسان کا آخرت میں بھی خسارہ ہے اور دنیا میں بھی لوگوں کے نزدیک ناپسندیدہ مانا جاتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سخی آدمی اللہ سے قریب، جنت سے قریب، لوگوں سے قریب اور جہنم سے دور ہوتا ہے اور بخیل آدمی اللہ سے دور، جنت سے دور، لوگوں سے دور اور جہنم سے قریب ہوتا ہے۔ جاہل سخی اللہ کے نزدیک عالم بخیل سے زیادہ محبوب ہوتا ہے (ترمذی)
بخالت کے اسباب
مال سے محبت
مال سے شدید محبت ضرورت کے وقت بھی مال خرچ کرنے سے روکتی ہے۔ بخیل ہمیشہ بے سکونی اور مال خرچ کرتے وقت بے چینی کی کیفیت میں رہتا ہے۔
مستقبل کا خوف
یہ اندیشہ کے مال خرچ ہوگیا تو آگے کیا ہوگا؟ یہ بے یقینی انسان کو کنجوسی پر ابھارتے ہے۔
خود غرضی
بعض بخیل صرف دوسروں کے لیے بخل کرتے ہیں۔ اپنی ضرورتیں پوری ہونے کے بعد سارا پیسہ مستقبل کے لیے محفوظ کردیتے ہیں۔ صرف اپنی ضرورتوں سے غرض اور معاشرہ کی زبوں حالی کو نظر انداز کرنا انتہائی خود غرضی ہے۔ یہ ساری کمزوریاں خدا پر توکل اور یقین کی کمی سے پیدا ہوتی ہیں۔ یہ تصور کے خدا رزق کا دینے والا ہے، بخل سے روکتا ہے۔ کنجوس انسان مال کے ذریعہ خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔
اعتدال
اخرجات میں اعتدال پورے انسانی معاشی نظام کو متوازن رکھتا ہے۔ اس میں اعتدال یہ ہے کہ فرد ایک سہولت بخش اور شائستہ زندگی گزارے اور زائد مال سے سوسائٹی وخاندان کی ضرورتیں پوری کرے۔
کمانے کی اسلام میں حوصلہ افزائی کی گئی ہے، کمانے سے روکا نہیں گیا ہے، لیکن خرچ کرنے میں اعتدال کی تلقین کی گئی ہے۔
وَالَّذِيْنَ إذَا أَنْفَقُوْا لَمُ يُسْرِفُوا وَلَم يَقتُرُوا وَكَانَ بَيْنَ ذلِكَ قَوَامَا۔ (الفرقان: ٦٧)
وہ لوگ جب خرچ کرتے ہیں، تو نہ فضول خرچی کرتے ہیں اور نہ بخل سے کام لیتے ہیں، بلکہ دونوں کے درمیان اعتدال کی راہ اپناتے ہیں۔
اعتدال اور توسط ایمان کی علامت ہے۔ مومن افراط و تفریط سے بچنے والا ہوتا ہے۔ اپنے مال کو اپنی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ خدا کی دی ہوئی نعمت سمجھتا ہے۔ خود پر اور اہل عیال پر خرچ کرکے شکر گزار رہتا ہے اور معاشرے کی ضرورتوں کو پورا کرکے طمانیت محسوس کرتا ہے۔
خرچ میں اعتدال نہ صرف ایک اخلاقی اصول ہے، بلکہ یہ ایک مضبوط شخصیت، پرسکون زندگی اور خوش حال گھرانے کی ضمانت ہے۔
میانہ رو انسان نہ دکھاوا اور نہ نام نمود کے پیچھے بھاگتا ہے، نہ بدحال بنا گھومتا ہے، بلکہ خدا کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر گزاری کے جذبہ سے بھرپور اظہار کرتا ہے۔ چوں کہ اسلام ظاہری زیب وزینت اور فطری حسن وزیبائش کی بھی ترغیب دیتا ہے۔
ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ میں اچھے اور عمدہ کپڑے زیب تن کرنا پسند کرتا ہوں۔ گھمنڈ اور ریاکاری کی وجہ سے نہیں، بلکہ زیب و زینت کے لیے۔ اس کے جواب میں آپ نے فرمایا کہ اللہ صاحب جمال ہے اور جمال کو پسند کرتا ہے (حدیث)
زیب زینت اختیار کرنا، جائز سیر وتفریح کرنا، حسب استطاعت سہولت بخش چیزوں سے فائدہ حاصل کرنا اسراف نہیں کہلائے گا، بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ اپنے بندوں پر اپنی نعمتوں کا اثر دیکھنا پسند کرتا ہے۔ (ترمذی)
جب رضائے الٰہی اور اخروی فلاح مقصد حیات بن جائے تو زندگی کے ہر گوشے سے اعتدال اور توازن جھلکے گا۔ نہ دکھاوا، نمود، نمائش خوشی دے گی، نہ جوڑ جوڑ کر رکھا مال دیکھ کر وہ خوش ہوگا، بلکہ خدا کا مال خدا کی رضا کے لیے خرچ کرکے اطمینان قلب حاصل کرے گا۔
مال کی کمی یا زیادتی لوگوں پر خرچ کرنے کے لیے نہیں ابھارتی، بلکہ خدا اور خدا کے بندوں سے محبت، ایثار اور فراخ دلی پیدا کرتی ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments