دنیا کی ہر قوم اور ہر مذہب کی تاریخ میں بعض مقامات اور عمارتیں صرف اینٹوں اور پتھروں کا مجموعہ نہیں ہوتیں، بلکہ وہ ان کے عقیدے اور وجود کی علامت ہوتی ہیں۔ بابری مسجد بھی مسلمانوں کے لیے ایک ایسی ہی تاریخ ساز اور مقدس علامت تھی، جس کا ملبہ آج بھی لاکھوں دلوں میں آباد ہے۔
بابری مسجد، جو ۱۵۲۸ء میں مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کے سپاہ سالار میر باقی نے ایودھیا میں تعمیر کی، صرف اینٹوں اور پتھروں کا ڈھانچہ نہ تھی، بلکہ برِصغیر کے مسلمانوں کی روحانی، تہذیبی اور تاریخی وراثت کا ایک مقدس نشان تھی۔ یہ مسجد چار سو سال تک عبادت اور امن کا مرکز رہی، جس کے سائے میں نہ جانے کتنی نسلیں پروان چڑھیں، مگر افسوس کہ تاریخ کی بے رحم سیاست اور فرقہ وارانہ سیاست نے اس کو نشانہ بنایا۔
انیسویں صدی کے وسط میں پہلی بار اس مسجد کے خلاف منّظم طور پر ہندو انتہا پسند گروہوں کی طرف سے دعوے سامنے آئے کہ یہاں کسی قدیم مندر کا انہدام ہوا تھا۔ ۱۸۵۰ء کی دہائی میں پہلی بار یہاں مذہبی تصادم کا اندراج ملتا ہے، جس کے بعد انگریزوں نے مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصے کو علاحدہ کر دیا۔ یہ فرقہ وارانہ تفریق کے بیج بونے کی ایک خاموش پالیسی تھی، جس نے مسلمانوں کے اجتماعی حقِ عبادت کو محدود کرنے کی راہ ہموار کی۔
دسمبر ۱۹۴۹ء میں ایک اور المناک واقعہ پیش آیا خود ساختہ ’’کار سیوکوں‘‘ نے رات کی تاریکی میں مسجد کے اندرونی حصے میں رام کے مجسمے رکھ دیے۔ اس کھلی بے حرمتی کے بعد انتظامیہ نے مسجد کو ’’تنازعہ شدہ مقام‘‘ قرار دے کر اس کے دروازے مقفل کر دیے اور یوں مسلمانوں کی عبادت ہمیشہ کے لیے روک دی گئی۔ اس دن سے لے کر ۱۹۹۲ء تک، عدالتوں اور انتظامیہ کا رویہ اکثر ’’مصلحت اور مصالحت‘‘ کی آڑ میں مسلمانوں کے حقِ عبادت کو نظرانداز کرتا رہا۔
اس کے بعد ۱۹۸۰ء کی دہائی میں وشو ہندو پریشد (VHP)، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) نے مذہبی جذبات کو سیاسی طاقت میں بدلنے کا کھیل شروع کیا۔ رام مندر تحریک کے نام پر لاکھوں ہندوؤں کو منظم کیا گیا، جس کے پس منظر میں مذہبی عقیدت کم اور سیاسی منصوبہ بندی زیادہ تھی اور اس تحریک کا سب سے بڑا نشانہ بابری مسجد تھی۔
۶؍دسمبر ۱۹۹۲ء کا دن ہندوستانی تاریخ کے دامن پر ایک ایسا داغ چھوڑ گیا، جسے کبھی دھویا نہیں جا سکتا۔ سپریم کورٹ اور حکومت وقت کی یقین دہانیوں کے باوجود، لاکھوں کارسیوک ایودھیا میں جمع ہوئے اور چند گھنٹوں میں مسجد کو شہید کر دیا۔ مسجد کی دیواروں کو ہتھوڑوں اور آریوں سے منہدم کیا گیا۔
آہ! اسی امید اور اسی درد کے ساتھ
قصۂ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
یہ صرف عمارت کا انہدام نہیں تھا، بلکہ آئین، قانون اور مذہبی آزادی کی روح کا قتل تھا۔ اس المناک واقعے نے پورے ملک میں فساد بھڑکا دیا۔ دو ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوئے۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، ہزاروں خاندانوں نے اپنی زندگی کی دھجیاں اڑتی دیکھیں۔ مگر اس سارے جبر و ستم کے باوجود مسلمانوں نے قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ مگر افسوس کہ دہائیوں پر مشتمل اس قانونی جدوجہد میں بھی انصاف کا میزان مسلسل جھکتا رہا۔
سپریم کورٹ نے ۲۰۱۹ء میں یہ فیصلہ صادر کیا کہ بابری مسجد کی اصل زمین رام مندر کی تعمیر کے لیے ہندو فریق کے حوالے کی جائے اور مسلمانوں کو کسی اور مقام پر پانچ ایکڑ زمین دے کر تسلی دی گئی۔ جبکہ عدالت نے خود اس واقعے کو قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا، مگر سزا اور اصل بحالی سے گریز کیا۔ یہ فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ مسلمانوں کی منصفانہ جدوجہد کا صلہ اُنہیں مکمل طور پر نہ مل سکا۔ آج بھی بابری مسجد کا المیہ انصاف کے ایک نامکمل سفر کی صورت تاریخ میں ثبت ہے۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant[ Qissa e Dard]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2025/11/Girls-Plant-Qissa-e-Dard.jpg)
0 Comments