مسلم خواتین روایت اور جدیدیت کے بیچ سفر

دنیا تیزی سے دے بدل رہی ہے۔ خیالات، روئیے، ترجیحات اور اقدار ہر روز نئے رنگ اختیار کر رہے ہیں۔ ایسے میں مسلم خواتین کا سفر نہ صرف منفرد ہے بلکہ انتہائی حساس بھی۔ کیوں کہ وہ محض دو زمانوں کے درمیان نہیں، بلکہ دو تصورات کے بیچ کھڑی ہیں۔ ایک طرف روایت جو خود انھیں تہذیب و وقار اور معنویت عطا کرتی ہے اور دوسری طرف جدیدیت جو انھیں مواقع، آواز اور امکانات فراہم کرتی ہے۔ یہ سفر آسان نہیں،مگر ناممکن بھی نہیں۔

روایت (tradition)کی حقیقت،
اصل اعتبار کی حفاظت

روایت صرف پرانی چیزوں کا نام نہیں۔ یہ وہ تہذیبی سرمایہ ہے جس نے صدیوں سے مسلم عورت کو باوقار کردار دیا ہے۔ اس کی تفصیل ہمیں اسلامی تاریخ میں خواتین کے کردار سے ملتی ہے۔ چاہے وہ حضرت خدیجہ کا تجارتی شعور ہو۔ حضرت عائشہ کا علمی مقام یا حصرت شفاء بنتِ عبداللہ کی تدریسی خدمات۔ یہ سب بتاتے ہیں کہ اسلامی روایت عورت کو فعال، سمجھدار، سنجیدہ اور موثر شخصیت بناتی ہے۔ روایت کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین صرف گھر تک محدود رہیں یا زندگی کے ہر پہلو میں خاموش اور تابع رہیں، بلکہ رعایت کا اصل مفہوم اقدار، اخلاق، خاندان، سماجی ہم آہنگی کا تحفظ ہے۔ فرد کا حیا، کردار، ادب وقار اور تعلقِ الہی کی حفاظت ہے۔ شریعت حدود میں رہتے ہوئے متوازن زندگی سکھاتی ہے۔ وہ آزادی کے خلاف نہیں، بلکہ ایسی آزاد خیالی کے خلاف ہے جو ایک فرد کے کردار کو تہس نہس کر سماجی اقدار کی بقاء کے لیے خطرہ بنے۔ روایت کا مقصد پابندی نہیں، توازن ہے۔ اس سے عورت کو یہ بتانا ہے کہ ترقی کا سفر کردار کے بغیر ادھورا ہے اور گھر معاشرے کی بنیاد ہے، قید خانہ نہیں۔

جدیدیت (Modernity) کا زاویہ

جدیدیت اور روایت کے بیچ کشیدگی انیسویں صدی سے چلی آرہی ہے۔ مثبت پہلوؤں پر بات کی جائے تو جدیدیت نے مسلم خواتین کے لیے بے شمار دروازے کھولے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے مواقع، پیشہ وارانہ دنیا میں حصہ، اپنی آواز اور وجود کو نمایاں کرنا، سوشل پلیٹ فارمز ہر جگہ خواتین اپنے وجود کو ثابت کر رہی ہیں۔ مگر ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی۔ جدیدیت کے منفی اثرات بھی واضح ہیں:
1)شخصیت کو ظاہری معیار سے پرکھنا
2) سوشل میڈیا کا دباؤ
3) آزادی کے نام پر اقدار سے بےربطی
4) فردیت کا غلبہ
جدیدیت نے انفرادیت پر زور دیا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں میں سماجی تعلقات کمزور پڑے اور وہ تنہائی کا شکار ہوئے ہیں۔ ثقافتی اور مذہبی اقدار کو بالکل ہی غیر ضروری قرار دیا ہے، جس سے روحانی و اخلاقی زوال کا سامنا کرنا پڑا۔ مادیت پرستی پر زور دیا اور مادی کامیابیوں کو ہی اصل قرار دیا، جس کی وجہ سے روحانی اقدار کی اہمیت کم ہوئی۔ مسلم وقار اور Modesty کو بھی کسی حد تک ترقی کی راہ میں حائل پتھر ثابت کیا جس کے بغیر ترقی ممکن نہ ہو۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں مسلم خواتین الجھن کا شکار ہوتی ہیں۔

درمیانی راستہ: اسلامی بصیرت

اسلام عورت کا راستہ تنگ نہیں کرتا، بلکہ روشن کرتا ہے۔ اسلام کہتا ہے:
علم حاصل کرو مگر مقصد کے ساتھ۔
کام کرو مگر اقدار کی حفاظت کے ساتھ۔
دنیا میں حصہ لو مگر اپنی پہچان کھوئے بغیر۔
گھر سنبھالو مگر اپنے وجود کو مٹائے بغیر۔
اسلام جدیدیت کے فائدے قبول کرتا ہے مگر اس کی اندھی تقلید نہیں کرتا۔

جدید دور کی مسلم خاتون: ایک نیا چہرہ

مسلم خواتین نے اعلی تعلیم حاصل کی ہے اور مختلف شعبوں جیسے سائنس، ٹیکنالوجی، طب، قانون اور آرٹس میں کامیاب کیرئر بنا رہی ہیں۔ بہت سی خواتین پردے یا حجاب کو اپنے عقیدے اور مذہبی شناخت کا لازمی حصہ سمجھتی ہیں، لیکن ان کے حجاب پہننے کی وجہ مذہبی اور ذاتی یقین کی بنا پر ہوتی ہے ناکہ زبردستی کی وجہ سے۔ جدید مسلم خواتین خود مثال بن رہی ہیں اور دکھا رہی ہیں کہ مذہبی اقدار کو جدید زندگی کے ساتھ کیسے نبھایا جاسکتا ہے۔
وہ روایت سے جڑی رہتی ہیں اور جدیدیت سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ اسی سے ایک مہذب، باوقار اور مضبوط مسلمان خاتون وجود میں آتی ہے۔

اصل چیلنج اور اصل کامیابی

سب سے بڑا چیلنج یہ نہیں کہ دنیا کیا چاہتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ مسلمان عورت خود کیا بننا چاہتی ہے۔ اگر مقصد صرف فیشن، آزادی کا شور، یا مغربی تعریف بن جائے تو راستہ دھندلا جاتا ہے، لیکن اگر مقصد اللہ کی رضا، خود کی ترقی، خاندان کی مضبوطی اور سماج میں مثبت کردار ہو تو زندگی کا ہر قدم مضبوط ہوجاتا ہے۔ کامیابی نہ روایت چھوڑنے میں ہے، نہ جدیدیت سے بھاگنے میں۔ کامیابی توازن میں ہے۔
مسلم خواتین کا یہ سفر ایک پل کا نہیں، ایک طویل جہد مسلسل ہے اور اسلام ان دونوں کے درمیان وہ روشنی ہے جو نا صرف راستہ دکھاتی ہے بلکہ منزل بھی واضح کرتی ہے۔ آج کی مسلمان خاتون خود ثابت کررہی ہے کہ وہ روایت کی وارث بھی ہے اور جدید دور کی معمار بھی۔یہی اس کی اصل طاقت ہے۔ یہی اس کا اصل امتیاز۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥