درخت کا بھوت

آج استاد نے دیوالی کی تعطیلات کا اعلان کر دیا تھا، جسے سن کر سب بچے بہت خوش نظر آرہے تھے۔ سب ایک دوسرے سے ڈسکس کررہے تھے کہ چھٹیاں گزارنے کے لیے کون کہاں جا رہا ہے؟ آہل اور شایان کی گفتگو کا موضوع بھی یہی تھا، ’’تو آہل اس بار چھٹیوں میں تم کہاں جا رہے ہو ؟‘‘ شایان نے اسکول بس میں سوار ہوتے ہوئے اپنے دوست سے پوچھا۔
ہم سب نانی کے گاؤں جائیں گے ۔ آہل نے جواب دیا۔
کیا یار۔۔۔۔ تم ہمیشہ وہیں جاتے ہو، کہیں اچھی جگہ جایا کرو، اکثر چھٹیاں تم وہیں گزار دیتے ہو۔ بور نہیں ہوتے؟ شایان نے کچھ اکتاتے ہوئے کہا۔
بالکل نہیں، مجھے تو وہاں بہت مزہ آتا ہے۔ نانی کے یہاں ایک گارڈن بھی ہے جہاں سے تازہ تازہ فروٹ توڑ کر کھانے کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے اور نانی کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا۔ آہا! مزہ آجاتا ہے وہ ٹیسٹی کھانا کھا کر۔ آہل تصور میں ہی کھانے کا مزہ لیتے ہوئے زبان چٹخارنے لگا۔
ہاں لیکن وہاں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہوتا ہے یار، لائٹ کبھی بھی غل ہو جاتی ہے اور مجھ سے گرمی برداشت نہیں ہوتی، اس لیے نانی کے گارڈن میں لگے درختوں کے نیچے سو جاتا ہوں۔ بہت ٹھنڈا اور فریش فیل ہوتا ہے وہاں۔
کیا درختوں کے نیچے؟ میں نے سنا ہے اس پر بھوت رہا کرتے ہیں۔ بچ کے رہنا کہیں تمھیں وہ اٹھا کر نا لے جائیں۔ شایان نے ڈراؤنا سا انداز بناکر اسے گویا سمجھاتے ہوئے کہا۔
لیکن یہ بات آہل کے ذہن میں پختہ ہو گئی کہ درختوں پر بھوت رہتے ہیں۔ اس نے سوچا گھر جاکر مما سے پوچھوں گا کہ کیا واقعی نانی کے درخت پر بھوت رہتے ہیں؟ کیوں کہ نانی کے گھر پر جب بجلی چلی جاتی ہے تو اکثر وہ پیڑ کے نیچے سو جایا کرتا ہے۔ مما بھی منع کیا کرتی ہیں کہ یہاں نا سویا کرو، لیکن اس نے کبھی منع کرنے کی وجہ نہیں پوچھی۔ آہل ان ہی سوچوں میں گم تھا کہ اس کا گھر آگیا اور وہ بس سے اتر گیا۔ گھر آیا تو یہاں مما کو کل کے سفر کے لیے پیکنگ وغیرہ کرتے دیکھ کر اس کی بھی ایکسائٹمنٹ بڑھ گئی اور وہ فریش ہوکر مما کا ہاتھ بٹانے لگا ان سب کاموں میں اسے بھوت والی بات بالکل ہی بھول گئی۔
دوسرے دن وہ لوگ دوپہر میں سفر کے لیے روانہ ہوئے اور شام تک نانی کے گھر پہنچ گئے۔ یہاں نانا نانی نے آہل کے خوب لاڈ اٹھائے اور اٹھاتے بھی کیوں نہیں! وہ ان کا اکلوتا نواسہ تھا۔ آہل کی کوئی بہن یا بھائی نہیں تھا، اس لیے وہ سب کو پیارا تھا اور سب اس سے بہت محبت کرتے تھے۔
اس دن موسم خراب ہونے کی وجہ سے شام کے وقت بجلی چلی گئی۔ نانا نانی بھی کہیں گئے ہوئے تھے، آہل کو اکیلے بوریت محسوس ہو رہی تھی۔ وہ صحن میں آکر بیٹھ گیا۔ اس وقت اسے اپنا دوست شایان بہت یاد آرہا تھا، شایان کے بارے میں سوچتے ہوئے اسے اس کی کہی ہوئی بھوت کی بات یاد آگئی۔ وہ سر جھٹک کر کٹی (آہل کی بلی) کے ساتھ کھیلنے لگا جسے وہ اپنے ساتھ ہی لے کر آئے تھے۔ کھیلتے کھیلتے اسے تھکان محسوس ہونے لگی تو وہ سستانے کی غرض سے چارپائی پر لیٹ گیا۔ درختوں کی ٹھنڈی ہوا کے آغوش میں نا جانے کب وہ نیند کی وادیوں میں کھو گیا۔ اچانک وہ دیکھتا ہے کہ کوئی دیو ہیکل آدمی آکر اس کے سامنے بیٹھا ہے اور اپنے ہاتھوں سے اس کی گردن پر زور ڈال رہا ہے۔ آہل کو اپنی سانس رکتی ہوئی محسوس ہورہی تھی، آہل پر ایک خوف سا طاری ہوگیا۔ وہ سمجھ گیا ہو نا ہو یہ وہی درخت کا بھوت ہے۔ وہ زور زور سے مما اور نانی کو آوازیں دینے لگا۔ مما، نانو جلدی آئیے۔۔۔ مجھے بچا لیجیے۔ یہ بھوت مجھے مار دےگا۔۔۔ مما، مما۔۔۔ اتنے میں اس کی آنکھ کھل گئی، اسے لگا کوئی جھاڑیوں سے بھاگتے ہوئے گیا ہے۔
آہل کی آواز پر امی تقریبا دوڑتے ہوئے اس کے پاس آئیں۔ کیا ہوا بیٹا، کون مار دے گا تمھیں؟ یہاں تو کوئی نہیں ہے۔ امی کو تشویش ہو رہی تھی۔
بھ۔۔ بھوت، بھوت ہے وہاں، مما مجھے بچا لیں وہ بھوت پکڑ کر لے جائے گا مجھے۔
کون سا بھوت؟ یہاں تو کوئی نہیں ہے۔
وہ ابھی یہاں آیا تھا جب میں سو رہا تھا اور جب میں نے آپ کو آوازیں دیا تو وہ ادھر سے وہ بھاگ گیا۔ آہل نے جھاڑیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا۔
آپ خواہ مخواہ ڈر رہے ہو کوئی بھوت پریت نہیں ہوتے۔ مما نے اسے تسلی دینا چاہا۔
اگر ایسا ہے تو آپ مجھے یہاں پیڑ کے نیچے سونےسے کیوں منع کرتی ہیں؟اور میرا دوست شایان بھی کہہ رہا تھا ان درختوں پر بھوت رہتے ہیں۔
آہل کا یہ جملہ سن کر مما کے دماغ نے جلدی جلدی کام کرنا شروع کر دیا۔ انھوں نے سوچا کیوں نا آج اپنے بیٹے کی یہاں سونے کی عادت چھڑوا ہی دوں۔ مما نے پر اسرار لہجہ بناتے ہوئے کہا: اچھا تو آپ اس درخت کے بھوت کی بات کررہے تھے۔ ہاں ہو سکتا ہے یہ بھوت آیا ہوگا۔
دیکھا میں نے کہا تھا نا کہ وہ آیا تھا یہاں۔
ہاں اس درخت پر ایک بھوت رہتا ہے جس کی پاور دن کے وقت تو تقریباً ختم ہو جاتی ہے لیکن رات کو وہ بہت پاور فل بن جاتا ہے اور جو اس کے نیچے سوتا ہے پھر وہ اپنے پاور سے ان پر Attack کرتا ہے۔ مما نے ایک خوفناک ماحول بناتے ہوئے کہا۔
آہل سہمے ہوئے انداز میں بیٹھا مما کی باتیں بڑے غور سے سن رہا تھا۔ یقیناً وہ بھوت آیا ہوگا اور اس نے آپ پر اپنے پاور سے اٹیک کیا ہوگا جس سے آپ کو بریتھنگ میں مشکل ہورہی ہوگی۔
ہاں ایسا ہی کیا تھا اس نے۔
یہ ایسا ہی کرتے ہیں کیوں کہ رات میں ان کی پاور بڑھ جاتی ہے اور جب صبح ہوتی ہے تو ایک سپر مین آ جاتا ہے جس سے ان کی پاور کم ہو جاتی ہے، آپ کو بھی ان کے بارے میں معلومات ہوگی لیکن شاید آپ کو ان کے اصلی نام نہیں پتہ ہیں۔ ان کے نام جاننا چاہو گے آپ؟
جی بالکل۔۔۔ آہل متجسس ہوا۔
اس بھوت کا نام کاربن ڈائی آکسایئڈ ہے اور وہ سپر مین آکسیجن ہے۔
مما کی کچھ باتیں سمجھ میں تو آئیں، لیکن کاربن ڈائی آکسائیڈ نامی بھوت اور آکسیجن نامی سپر مین کی بات پر وہ تھوڑا کنفیوز نظر آرہا تھا۔ یہ کیسا نام ہے مما بھوت کا؟
ٹھہرو میں آپ کو ذرا تفصیل سے بتاتی ہوں، درخت بھی ہماری طرح جاندار ہوتے ہیں جو سانس بھی لیتے ہیں اور غذا بھی کھاتے ہیں۔
جی یہ بات اسکول میں ہمارے سائنس کے ٹیچر نے ہمیں بتائی تھی۔ آہل کو شاید کچھ کچھ بات سمجھ میں آنے لگی تھی۔
مما نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا: اور ایک انٹرسٹنگ بات یہ ہے کہ ہم زندہ اسی سپر مین آکسیجن کی وجہ سے ہیں، کیوں کہ اسی کے ذریعہ ہمیں آکسیجن ملتی ہے اور ہم سانس لے سکتے ہیں۔
یہ آکسیجن کیا ہوتا ہے مما؟ آہل نے پھر سے روکتے ہوئے پوچھا۔
آکسیجن ہر جاندار کو زندہ رہنے کے لیے نہایت ضروری چیز ہے۔ یہ ایک گیس ہے جو ہمیں نظر نہیں آتی ۔
اچھا اچھا وہی نا جو دادو کو ڈاکٹر نے لگایا تھا جب انھیں بریتھنگ میں تکلیف ہو رہی تھی۔
مما نے ہنس کر کہا، ہاں بیٹا جی وہی۔ اب ذرا غور سے میری پوری بات سنو گے تو آپ کو سب کچھ سمجھ آ جائے گا۔
جی سمجھائیے۔ آہل پورے انہماک سے سننے لگا۔ تو مما نے بولنا شروع کیا: درخت بھی سانس لینے اور چھوڑنے کا عمل کرتے ہیں۔ ہم آکسیجن جذب کرتے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں، جب کہ درخت دن کے وقت photosynthesis کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں اور آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ جو ہمارے لیے مفید ہوتا ہے لیکن جب رات ہوتی ہے تو یہی درخت Respiration کے دوران زیادہ مقدار میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں جو ہم انسانوں کی صحت کے لیے خطرہ ہوتے ہیں اور ایسے میں جب ہم درخت کے نیچے سوتے ہیں تو ہمیں سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے اس لیے رات میں درختوں کے نیچے نہیں سونا چاہیے۔
اوہ! اب میں سمجھا، تبھی تو مجھے Breathing میں تکلیف ہو رہی تھی۔
جی ہاں بیٹا جی، یہاں اور کوئی بھوت پریت نہیں تھا۔ آپ نے کوئی ڈراؤنا خواب دیکھا ہوگا۔ اور یہاں سے آپ کا بھوت نہیں اپنی بلی کٹو بھاگی تھی۔ مما نے اس طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا جہاں سے آہل کے متعلق کچھ دیر بھوت گیا تھا۔
ہاں! میں تو ڈر ہی گیا تھا۔ پھر اس نے شایان کی کہی ہوئی بات مما کو بتائی، جس کے بارے میں وہ کچھ دیر قبل سوچ رہا تھا۔
اور اب میں یہ بھی سمجھ گیا کہ اصل میں درخت پر کوئی بھوت نہیں ہوتا بلکہ اس کاربن ڈائی آکسائیڈ کی وجہ سے مجھے سانس لینے میں مشکل ہورہی تھی۔ آہل نے ٹھنڈا سانس خارج کرتے ہوئے گویا پر سکون ہوتے ہوئے کہا۔
اب ڈر اور کنفیوژن دونوں دور ہوگئے نا؟ چلو اب ریلیکس ہو جاؤ اور چل کر اندر سو جاؤ ۔ دیکھو لائٹ بھی آ چکی ہے۔
آہل جاتے جاتے پھر رک گیا اور کہنے لگا: مما پھر تو ہمیں درخت بھی زیادہ لگانا چاہیے نا؟ تاکہ ہم زیادہ آکسیجن حاصل کر سکیں۔
ہاں بالکل لگانا چاہیے۔ مما نے اثبات میں سے ہلاتے ہوئے کہا۔
پھر جب ہم گھر جائیں گے تو وہاں بھی چھوٹا سا گارڈن بنائیں گے۔ آہل نے پر جوش ہوتے ہوئے کہا۔
جی جی یہ بھی کریں گے ہم انشاء اللہ۔ مما مسکرائیں اور اس کے ساتھ اندر جانے لگیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥