انسانیت کی فتح :کچھ پڑوسی ایسے بھی

یہ واقعہ ہماری رکن جماعت کی ایک بہن کے گھر کا ہے، جنھوں نے ہمیں بتایا کہ ان کے بھائی اور بھابھی جان جو کہ ممبئی کے ایک محلے میں اپنی ایک آٹھ ماہ کی بیٹی نبیلہ کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کا فلیٹ ماہم محلّے کے سرکاری کالونی کے چوتھے منزل پہ تھا۔ ماہم ایک پُرسکون محلہ تھا۔ ان کے فلیٹ کے سامنے ایک ادھیڑ عمر کے گجراتی شخص سولنکی صاحب رہتے تھے۔ وہ اور ان کی اہلیہ دونوں نوکری کرتے تھے۔ سولنکی صاحب ٹیلی گراف میں اور ان کی اہلیہ بینک میں کلرک تھیں۔ ان کے تین بچے بھی تھے۔ بھابھی جان کو اس انجان شہر میں غیروں کے بیچ بہت ڈر لگتا تھا، لیکن دھیرے دھیرے سولنکی صاحب کے گھر پر آنا جانا شروع ہوگیا اور وہ ہر طرح کے مشورے اور معلومات دینے لگے۔ یہ دسمبر ۱۹۹۲ء کی بات ہے۔ بھائی جان اس وقت بی ایس این ایل کے فرسٹ کلاس انجینئیر تھے۔ ایک انتہائی محنتی اور ذمہ دار انسان اور آج وہ اسی عہدے سے رٹائر ہو چکے ہیں۔
ماہم کا محلہ عام طور پر پُرسکون تھا، لیکن دسمبر ۱۹۹۲ء میں بابری مسجد کا سانحہ پیش آیا۔ پورے شہر میں خوف اور بے چینی کا ماحول تھا۔ اسی وقت بھائی جان کا ٹرانسفر ہوگیا تھا اور وہ اس وقت اپنی اہلیہ اور بیٹی کو چھوڑ کر جبل پور فلیٹ دیکھنے آئے ہوئے تھے۔ بھابھی جان اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ اکیلی تھیں، لیکن تبھی وہاں دنگے شروع ہوگئے، کرفیو لگ گیا اور ٹرینیں بھی بند ہو گئی۔ جس علاقے میں وہ رہتے تھے، وہ زیادہ ہی متاثر تھا۔ بھائی جان اور ساری فیملی والے بہت ہی فکر میں تھے۔ اسی بیچ وہاں ایک دن شام کے وقت کچھ لوگ چیختے چلاّتے ہوئے بھابھی جان کے گھر پر دستک دیتے ہوئے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ بھابھی جان خوف کے مارے کانپ رہی تھیں۔ وہ چھوٹی سی بیٹی کے ساتھ گھر میں اکیلے ہونے پر انتہائی خطرے کا سامنا کر رہی تھیں۔ اسی لمحے ان کے پڑوسی سولنکی صاحب جو بھابھی جان کو اپنی بیٹی مانتے ہیں، اپنی جان پر کھیل کر گھر کے سامنے کھڑے ہو کر ان کو روکنے کی کوشش کی۔ انھوں نے بھیڑ کے سامنے کھڑے ہوکر طاقتور انداز میں کہا: ’’تمہیں پہلے ہمیں مارنا ہوگا، پھر ان ماں بیٹی کو نقصان پہنچا سکوگے۔‘‘
سولنکی صاحب کی ہمت نے بھیڑ کو روک دیا۔ ان کی اس بہادری کی وجہ سے بھابھی جان اور نبیلہ کی جان بچ گئی۔
یہ ایک ایسا لمحہ تھا جب خوف اور نفرت کے بیچ انسانیت، محبت اور قربانی کی روشنی چمکی۔ سولنکی صاحب نے فون پر بات کرکے ہم لوگوں کو اطمینان دلایا اور انھوں نے بھابھی جان اور نبیلہ کو اپنے فلیٹ میں چھپا کر رکھ لیا تھا اور بھائی جان کے گھر کی نیم پلیٹ وغیرہ ہٹا دی تھی۔
آج ۳۶؍سال بعد ۲۰۲۵ء میں بھی وہ رشتہ اتنا ہی مضبوط ہے۔ سولنکی صاحب آج بھی ہمیں اپنے رشتہ داروں سے بڑھ کر پیار دیتے ہیں۔ ہر خوشی اور غمی میں ہم ان کے یہاں جاتے ہیں اور وہ ہمارے یہاں آتے ہیں۔ یہ تعلق یاد دلاتا ہے کہ سچا رشہ خون سے نہیں بلکہ دل سے بنتا ہے۔یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ مشکل حالات میں بھی بہادری اور انسانیت ہر خطرے پر بھاری ہے یہ کہانی ایک گھر یا ایک محلے کی نہیں، بلکہ انسانیت کی فتح ہے۔
باجی نے یہ بھی بتایا کہ آج بھی ہمارے مسلم محلے میں ایک دو گھر غیر مسلم کے ہیں، جو خوشی اور غمی میں ان کے ساتھ شریک رہتے ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے وہ ہمارے گھر آئے، انھوں نے کچھ ایسی بات کہی جو دل پر گہرا اثر چھوڑ گئی۔ انہوں نے بتایا: ’’ہمارے رشتہ دار آج بھی ہم سے یہ کہتے ہیں کہ یہ مسلم محلہ چھوڑ دو، لیکن ہمارا دل بالکل آمادہ نہیں ہوتا کہ آپ لوگوں کو چھوڑ کر کہیں اور جائیں۔‘‘
یہ سن کر ان کے دل پر ایک عجیب سکون اور خوشی چھا گئی۔ اس لمحے یہ بات ثابت ہو گئی کہ ہندو اور مسلم کے درمیان بھی ایسا خالص رشہ ممکن ہے۔ یہ رشتہ مذہب یا نسل سے نہیں، بلکہ انسانیت، محبت اور احترام سے جڑا ہوتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥