بیگم مرزا لبوں پر نرم تبسم لیے کشیدہ کاری میں مصروف تھیں۔ تبھی صائمہ کا نام موبائل اسکرین پر جگمگایا۔۔۔ ان کی مسکراہٹ مزید گہری ہوئی۔ جب کہ صائمہ نے تشویش زدہ لہجہ میں اپنی ماں کو سلام کیا اور فوراً والد صاحب کے بارے میں استفسار کرنے لگی۔ امی ابو کی طبیعت تو ٹھیک ہے ناں؟ گھر کے کام زیادہ کرنے لگے ہیں کیا؟ کوئی نوکر رکھ لیں ناں آپ لوگ۔ ابو سے بات ہی نہیں ہو پاتی ٹھیک سے، مختصر سی بات کرکے فون رکھ دیتے ہیں، ہمیشہ عجلت میں ہی ہوتے ہیں۔ جیسے ریٹائرمنٹ سے پہلے ہوتے تھے۔ کہیں ناراض تو نہیں ہے ناں؟ ہم لوگ زیادہ بات نہیں کرپاتے اس لیے؟ کئی اندیشے اس کے سوالوں کی شکل میں چھلک پڑے۔
بیگم مرزا زور سے ہنس دیں۔ ارے ذرا دم تو لو لڑکی۔ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ سب بتاتی ہوں کہ کہاں مصروف ہیں۔ دراصل بیٹا مجھے لگتا ہے اب تک ہم نے زندگی صرف گزاری ہے لیکن اب زندگی جینے لگے ہیں۔ بیگم مرزا صائمہ کو ریٹائرمنٹ کے بعد سے لے کر اب تک کی ساری روداد سنانے لگی اور صائمہ کی نظروں کے سامنے وہ سارے مناظر دوڑنے لگے۔ جب کالج کے احاطے میں کافی چہل پہل تھی۔ پروفیسر مرزا صاحب اپنی ملازمت کے سفر کو خیرآباد کہتے ہوئے ریٹائر ہو رہے تھے، جس کے اعزاز میں طلبہ، اساتذہ اور کالج کے دیگر عملے کی جانب سے ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
مرزا صاحب خلاف معمول کافی ہشاش بشاش نظر آرہے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے وقت عام طور پر جو افسردگی دیگر لوگوں کے چہرے پر ہوتی ہے، مرزا صاحب کے چہرے پر اس کا شائبہ تک نہ تھا۔
بھائی ریٹائرمنٹ کے بعد کی میری تو ساری پلاننگ تیار ہے۔ مرزا صاحب چہکتے ہوئے اپنے ساتھیوں سے مخاطب ہوئے۔ مجھے تو لگتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد میں کچھ زیادہ ہی مصروف ہو جاؤں گا۔ مرزا صاحب نے مسکرا کر سلسلہ کلام کو جوڑا، اپنے بیٹے اور بیٹی کے گھر کچھ عرصے رہنا ہے۔ کافی دنوں سے بچوں کی خواہش تھی کہ لمبا عرصہ ساتھ گزاریں، پھر بیگم صاحبہ کے ساتھ حج کا فریضہ بھی انجام دینا ہے۔ بہت سارے رشتہ دار جیسے میرے حقیقی بھائی بہنیں وغیرہ ہیں جو فرصت سے ملاقات کی آرزو رکھتے ہیں اور اس ملازمت کی وجہ سے میں انھیں وقت نہیں دے پایا، انھیں بھی وقت دینا ہوگا۔ مرزا صاحب کے لہجے میں پلاننگ بتاتے ہوئے ایک کھنک تھی اور اسی خوشگوار ماحول میں اس تقریب کا اختتام ہوا۔
دوسرے دن سے ہی مرزا صاحب اور بیگم مرزا اپنی طے شدہ پلاننگ کے مطابق سرگرم عمل ہو گئے۔ ایک ماہ صاحبزادے کے گھر پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت بتایا، خوب تفریح کی پھر بچے اپنے سکولوں اور مرزا صاحب کے سپوت اپنے آفس کی مصروفیات میں لگ گئے۔ مرزا صاحب اب اکتاہٹ کا شکار ہونے لگے، لیکن ان کی صاحبزادی صائمہ مسلسل تقاضہ کر رہی تھی کہ مرزا صاحب اب ان کے ساتھ کچھ وقت گزاریں۔ نواسے نواسیاں بھی بے چین تھے، وہاں بھی اسی طرح سے پچیس دن گزار کر وہ لوگ اپنے گھر لوٹ آئے۔
پھر ہر دوسرے دن مرزا صاحب شہر میں موجود رشتہ داروں کے یہاں وقتاً فوقتاً ملاقاتیں کر آئے۔ اس دوران حج و عمرہ اور ڈاکٹرز کے پاس چیک اپ کی پلاننگ پر بھی عمل درآمد ہو چکا۔ ان سارے کاموں کو کرنے پر انھیں ایک سال کا عرصہ ہو گیا۔ اب بار بار عزیز و اقارب کے یہاں جانا بھی مناسب نہیں لگ رہا تھا۔ اپنے صاحبزادے اور صاحبزادی کے یہاں بھی لمبے عرصے کے لیے رکنے کی طبیعت نہیں چاہ رہی تھی کہ ان لوگوں کی بھی مصروفیت رہتی ہے۔ اب مرزا صاحب بس گھر اور مسجد تک ہی محدود ہونے لگے۔ زیادہ سے زیادہ ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ سبزی لانے کے لیے بازار ہو آتے۔
ایک دن بیگم مرزا دلان میں اپنے کشیدہ کاری کے مشغلے میں مصروف تھی، تبھی مرزا صاحب بگڑے ہوئے تیور کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے! بیگم مرزا نے اپنے مشغلہ کو ترک کر کے مرزا صاحب کی جانب استہفامیہ نظروں سے دیکھتے ہوئے سوال کیا۔ خیر تو ہے مرزا صاحب کسی سے نوک جھوک ہوئی کیا؟
ارے نہیں بیگم! نوک جھونک کیا ہونا تھی، یہ کمبخت پڑوسیوں کے لڑکے ان سے میں سخت عاجز آگیا ہوں۔ کیوں کیا ہوا کوئی بدتمیزی کی کیا انھوں نے؟ بیگم مرزا جلدی سے مرزا صاحب کے قریب آئیں۔ بدتمیزی نہیں تو اور کیا! یہ میرے سفید براق کرتے پر یہ چھینٹے دیکھ رہی ہو؟ کمبخت نے گٹکھا کھا کر اس کی پچکاری اگلی ہے۔ وہ تو بروقت میں پرے ہٹ گیا ورنہ اچھے خاصے نقش و نگار بن گئے ہوتے۔ ہر روز نماز کے وقت باہر کے چبوتروں پر موبائل میں گیم کھیلتے ہیں یا سامنے والے درخت کے نیچے بیٹھ کر وقت ضائع کرتے ہیں۔ میں نے آتے جاتے نماز کے لیے کہا تو مجھے دیکھ کر چھپنے لگے ہیں۔ مرزا صاحب کا پارہ ہائی ہی ہوتا جا رہا تھا، پتہ نہیں ان کے والدین کیا کرتے ہیں ان لونڈوں کو آوارہ گردی کرنے کے لیے چھوڑ رکھا ہے، نہ تعلیم کی فکر ہے نہ ذریعہ معاش کی! ان جیسے نوجوانوں کی بدولت ہی ملت بدنام ہو رہی ہے۔ اب مرزا صاحب کے لہجے میں غصے کے ساتھ ملت کے لیے فکرمندی کے جذبات کی آمیزش بھی ہونے لگی۔ بیگم مرزا نے مرزا صاحب کے ہاتھ میں پانی کا گلاس تھماتے ہوئے کہا: سچ کہتے ہیں آپ ہمارے سب ہی پڑوسی کافی اچھے ہیں۔ سب اپنے کام سے کام رکھتے ہیں اپنی دنیا میں مگن، اپنے اور اپنے معاش میں مصروف رہنے والے لوگ ہیں، نہ کسی کی ٹوہ رہتی ہے، نہ کسی قسم کی جستجو۔ اب یہی دیکھ لیجیے ہماری ساری عمر گزر گئی اس محلے میں لیکن پڑوسنوں سے سوائے کسی تقریب یا میت کے اور کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ پتہ نہیں ان کی اولادیں کیوں اتنی بگڑ گئی ہیں! سب سے زیادہ اعلی تعلیم یافتہ اور ملازمت پیشہ لوگوں کا محلہ ہے ہمارا۔ بیگم مرزا کے لہجے میں بھی تشویش تھی۔ پتہ نہیں یہ دو چار گھروں کے لڑکے کیوں آوارہ گرد ہو گئے کہ سب کو بیزار کر دیا ان کم بختوں نے۔ بیگم مرزا اپنی کشیدہ کاری کی اشیاء سمیٹ کر کمرے کی جانب چلی گئیں اور مرزا صاحب گہری سوچوں میں گم ہو گئے۔ ان کے ماتھے پر فکر اور پریشانی کی لکیروں کا جال بڑھتا ہی جا رہا تھا۔ وہ اپنے دور کا اور آج کے دور کا موازنہ کرنے لگے کہ تب ان کے محلے کے پڑوسی ایک دوسرے کی ٹوہ میں تو نہیں رہتے تھے، لیکن ایک دوسرے سے اتنے لاتعلق بھی نہیں تھے۔ خود مرزا صاحب کی نوجوانی میں ڈگمگاتے قدموں کو راہ راست پر لانے کا کام بھی ایک پڑوسی چاچا ہارون نے کیا تھا۔ مرزا صاحب ماضی میں غوطے لگانے لگے، جب وہ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھ رہے تھے اور دوستوں کی ترغیب دلانے پر فرط جذبات اور جوش میں ابھی ہاتھ میں سگریٹ تھامی ہی تھی کہ ان کے شانوں نے شفیق ہاتھوں کا دباؤ محسوس کیا وہ پلٹے تو سامنے ہارون چاچا شفیق مسکراہٹ لیے کھڑے تھے۔ گھبراہٹ میں مرزا صاحب کے ہاتھ سے سگریٹ چھوٹ گئی اور حلق خشک ہو گیا۔ ہارون چاچا نے بس اتنا کہا کہ ’’تمہارے والد محلے کے بہت معزز فرد ہیں اور تم ان کا فخر ہو بیٹا، یہ بات ہمیشہ یاد رکھنا۔‘‘ ہارون چاچا نے مرزا صاحب کو نہ ڈانٹ لگائی نہ کوئی دھمکی دی کہ والد کو بتاؤں گا نہ کوئی وعظ کیا، لیکن ان کی نظروں نے خود بخود مرزا صاحب کو نظریں جھکانے پر مجبور کر دیا۔ وہ دن اور آج کا دن پھر دوبارہ مرزا صاحب کے قدم نہیں ڈگمگائے مرزا صاحب ایک گہری سانس لیتے ہوئے حال میں لوٹ آئے۔ اب کہاں وہ پڑوسیوں کی شفقت اور ایک دوسرے کے لیے احترام!
’’اپنے آپ کو مہذب ثابت کرنے کے لیے ہم نے رابطے ہی کم کر دیے۔‘‘ کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کرنے کا چلن اتنا غلط رخ موڑ گیا کہ اللہ کا پیغام نیکی کی طرف بلانا اور برائی سے روکنے کا کوئی وسیلہ نہ رہا۔ مرزا صاحب کی سوچوں میں ایک کشمکش شروع ہوئی اور وہ بے چینی سے ٹہلنے لگے۔ خود کے رویے پر غور کرنے لگے، اپنے آپ کو سب سے پہلے احتساب کے کٹہرے میں رکھ دیا کہ میں تو پروفیسر ہوں، اعلی تعلیم یافتہ۔ میں نے تو نوجوانوں کی نفسیات پڑھی ہے اور انھیں صحیح رخ دینے کی تعلیم حاصل کی ہے۔ پھر مجھے اللہ ضرور سوال کرے گا کہ صرف ملازمت کے لیے ہی اللہ نے یہ تعلیم تو عطا نہیں کی۔ اللہ کی خوشنودی کے لیے بھی تو میں اس کا استعمال کر سکتا ہوں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد میں نے اپنے آپ کو بس گھر اور مسجد تک ہی محدود کر لیا اور رو رو کر گڑگڑا، گڑگڑا کر اللہ کے حضور ملت اور قوم کے لیے دعائیں مانگیں، لیکن عملی طور پر میں نے کیا کیا؟ مرزا صاحب اپنے ہاتھ مسلنے لگے، جیسے انھوں نے اپنے ہاتھوں سے کوئی نقصان کر دیا ہو۔ اپنی اولاد کو تو میں نے اعلی تعلیم دلوا دی، لیکن پڑوس کی بے راہ روی کا شکار ہوتے بچوں پر سوائے غصہ اور ناراضگی کا اظہار کرنے کے اور تو کچھ نہ کر سکا۔ مجھے اپنی تعلیم کا استعمال اپنے پڑوس کے بے راہ رو ہوتے نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کے لیے کرنا ہوگا۔اللہ کی خوشنودی کی خاطر اور رسولؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے لیے۔ مرزا صاحب کی پیشانی کی لکیریں کم ہو کر اب چہرہ ایک نئے عزم کی لو سے تمتما رہا تھا۔ وہ اپنی بیگم کو اپنے عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے عصر کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل ہی گھر سے نکل آئے۔ محلے کے گراؤنڈ میں گھنے پیڑ کے نیچے سب نوجوان اترتی دھوپ سے بچنے کے لیے بیٹھ کر خوش گپیوں میں مصروف تھے۔ کسی کے منہ میں گٹکھا دبا ہوا تھا، تو کچھ کے ہاتھ میں سگریٹ۔ موبائل کی اسکرین کو تیزی سے چھوتی انگلیاں کچھ لڑکوں کی ویڈیو گیم میں منہمک ہونے کا اشارہ کر رہی تھی۔ مرزا صاحب خوشگوار موڈ میں ان کے سروں پر جا پہنچے اور جوش سے سلام داغا، جن کی انگلیوں میں سگرٹ دبی ہوئی تھی وہ جھٹ ان کے جوتوں تلے چلی گئی اور جن کے منہ میں گٹکا تھا وہ پیک کو اگلنے کے لیے جگہ ڈھونڈنے لگے۔ سب نے چونک کر سلام کا جواب دیا، مرزا صاحب نے لڑکوں کی طرف دوستانہ مسکراہٹ اچھالی اور بہت اچھے انداز میں خیر خیریت دریافت کرنے لگے، نہ ان کے چہرے پر ناگواری تھی نہ ان کے لہجے میں ناراضگی، سب ہی متحیرانہ انداز میں سوالات کے جواب دینے لگے۔ مرزا صاحب نے اپنے آنے کا مدعا بیان کرتے ہوئے کہا بھئی ہم ٹھہرے پرانے زمانے کے لوگ۔ موبائل کے بہت سارے ایپ کو ہم استعمال نہیں کر پاتے، ہمارے صاحبزادے نے ہمیں اتنا مہنگا موبائل دلوا تو دیا مگر اس میں بہت ساری چیزیں ایسی ہیں جو ہماری سمجھ سے باہر ہے۔ مرزا صاحب معصومانہ انداز میں اپنی پیشانی مسلتے ہوئے لڑکوں کو اپنی پریشانی بتا رہے تھے، کیوں نہ عصر کی نماز کے بعد تم لوگ مجھے سمجھنے میں مدد کرو۔ مرزا صاحب کے لہجے میں بلا کی التجا تھی، لڑکوں نے بھی مروتاً مرزا صاحب کو سکھانے کی حامی بھر لی اور عصر کی نماز ان کے ساتھ ہی ادا کر کے مسجد کے احاطے میں ہی مرزا صاحب کو ٹیوشن دینے لگے۔ انھیں ریٹائرڈ پروفیسر کو ٹیوشن دینے میں لطف آنے لگا اور مرزا صاحب کو ریٹائرڈ ہو کر دوبارہ طالب علم بننے میں لطف محسوس ہوا۔ اب جو اس ملاقات کا سلسلہ چل نکلا تو پھر چلتا ہی چلا گیا۔ کبھی مرزا صاحب کو کار ڈرائیونگ کے بارے میں معلومات حاصل کرنی ہوتی تو کبھی کسی کھیل کے متعلق۔
مرزا صاحب ان لڑکوں کو کبھی ظہر کے بعد کھانے پر بلا لیتے یا کبھی عشاء کے بعد گھر پر۔ چائے کا دور چلنے لگتا، لڑکوں کو بھی مرزا صاحب کی صحبت سے اب کسی قسم کی عارنہ تھی۔
مرزاصاحب کسی ایک کو بھی نظر انداز نہیں کرتے، اگر کوئی نظر نہ آئے تو جھٹ اس کے بارے میں استفسار کرتے۔ دھیرے دھیرے وہ انھیں کبھی حدیث نبویؐ سے بھی روشناس کرواتے تو کبھی صحابہ کے واقعات سے۔ محلہ کا ماحول اب بدلنے لگا تھا۔ بزرگوں کی عزت ہونے لگی تھی اور نمازوں کی صفوں میں بھی اضافہ ہونے لگا۔
مرزا صاحب نے اپنے ہم عمر بزرگ لوگوں کی بھی اس دوران برین واشنگ کی۔ شروعات میں انھیں درشت لہجوں اور طنزیہ جملوں سے واسطہ پڑا، لیکن ان کی ثابت قدمی نے درشتگی کو شیرینی میں تبدیل کر دیا۔
اب مسجد میں ننھے بچوں کو دوران نماز صفوں میں پیچھے دھکیلنے کے بجائے اپنے پہلو میں بٹھایا جانے لگا۔ ان کی اچھل کود والی شرارتوں کو نظر انداز کرکے یہ بزرگ انھیں شفقت سے نصیحت کرتے۔ چھوٹے بچوں کو بھی پابندی سے نماز ادا کرنے پر یہ بزرگ حوصلہ افزائی کر کے چھوٹے چھوٹے انعامات دینے لگے۔ نماز کے دوران مکمل ادب سے نماز ادا کرنے والے بچوں کو بھی انعامات ملنے لگے اور بزرگوں اور بچوں کے درمیان جنریشن گیپ کا جو خلا دور حاضر نے پیدا کیا تھا وہ مرزا صاحب کی کوششوں سے ختم ہونے لگا۔ مرزا صاحب ریٹائرمنٹ کے بعد صحیح معنوں میں اب مصروف ہوگئے تھے۔ بیگم مرزا ساری روداد سناکر کہنے لگی بیٹا۔ تمہارے ابو کو گھر کے کام تو کم ہی کرنے پڑتے، کیوں کہ محلے کے سارے بچے کبھی سودا سلف لا دیتے تو کبھی سبزی ترکاری، پلمبر کا مسئلہ ہو یا بجلی کے سارے کام، ان لڑکوں نے ہی سنبھال لیے ہیں۔ اب رہا سوال طبیعت کا تو الحمدللہ تمہارے ابو کی شوگر، بی پی سب ٹھیک ہے۔ پرسکون نیند بھی آتی ہے، موڈ بھی خوشگوار رہتا ہے۔ بیگم مرزا تفصیلاً بچوں کو ساری خوشگوار تبدیلیاں بتانے لگی اور ساتھ ہی وہ بھی ایک عزم کرنے لگیں کہ نوجوان لڑکوں اور چھوٹے بچوں کو تو مرزا صاحب ودیگر محلے کے بزرگ مرد حضرات کی گھنی چھاؤں ملی ہے۔ اب لڑکیوں کے لیے انھیں اور محلے کی دیگر خواتین کو بھی گھنیری چھاؤں بننا ہوگا، ان شاء اللہ۔
٭ ٭ ٭


الحمدللہ بہت بہترین تحریرہے
ماشاءاللہ بہت خوب۔۔۔ ہر محلے کو اسی طرح ایک ایک مرزا صاحب مل جائیں تو نقشہ بدل جائے گا۔
جدید دور کے مسائل کو بہت خوبصورت اور تدبرانہ طریقے سے حل کیا گیا مثالی اورسبق آموز رہنمائی۔