نئی ماؤں کی رہنمائی دودھ پلانے کا آسان طریقہ

دن بھر کے مصروف ترین شیڈول کے بعد کلینک سے گھر واپس ہوئی، تو آج تھکن سے برا حال تھا۔ ارادہ تھا کہ جلد سے جلد ڈنر کرکے آرام کر لوں، جیسے ہی فریش ہوکر روم میں قدم رکھی، موبائل کی رنگ بجنے لگی۔ بیٹی کو آواز لگائی کہ بیٹا دیکھنا کس کی کال ہے؟ موبائل دیکھ کے بیٹی مسکرانے لگی۔ مما آپ سوچیے کہ كس کی کال ہے؟ ہم اشارہ دیں گے جن کا نام بھی سکرین پر دیکھ کر آپ کی تھکن ختم ہوجاتی ہے۔ میں نے کہا: سمیہ کا؟ بیٹی نے مسکراتے ہوئے سر اثبات میں ہلایا۔ میں نے بیٹی کو جواب دیا کہ بیٹا ! ایک مخلص دوست ہی تو ہوتا ہے، جس سے بات کرکے تھکن دور ہوجاتی ہے اور positive energy ملتی ہے، اسی لیے تو ہمیں دوست اچھے بنانے چاہیے، جن سے بات کرکے ہم کو خوشی اور سکون ملے۔ خیر آپ ابّو کے ساتھ کچھ دیر بیٹھیے، ہم ابھی سمیہ آنٹی سے بات کرکے آتے ہیں۔ اُن کے ہاں کل ہی چھوٹا سا بےبی آیا ہے، شاید کچھ ضروری بات کرنی ہوگی۔
سمیہ سے سلام، خیریت ہوئی۔ آج وہ پریشان لگ رہی تھی۔ میں نے کہا! کیا ہوا سمیہ! سب خیریت ہے؟ سمیہ نے جواب دیا: بچہ دودھ نہیں پی رہا،latch نہیں کر رہا! میں نے نرمی سے کہا: سمیہ! گہری سانس لو۔ بچے کو قریب کرو، اس کا پیٹ تمہارے پیٹ سے لگاؤ، اس کی ٹھوڑی چھاتی کو چھوئے۔ گھبراؤ نہیں، آرام سے بیٹھو۔
چند لمحوں میں وہ بولی: ہاں ہاں! اب پی رہا ہے۔ میں مسکرا اٹھی۔ میں نے کہا: ’’یہی پہلا قدم ہے۔ وہ زردی مائل گاڑھا دودھ جو اب نکل رہا ہے، اسے روکنا نہیں۔ یہ پہلا دودھ، کولسٹرم، بچے کے لیے سونا ہے۔‘‘
میں ہمیشہ نئی ماؤں سے کہتی ہوں: بوتل کی جلدی مت کرو۔ تمہارا جسم جانتا ہے تمہارے بچے کو کیا چاہیے۔

ماں کا دودھ قدرت کا بہترین تحفہ

دودھ پلانا صرف خوراک نہیں بلکہ محبت، تحفظ اور زندگی کی بنیاد ہے۔ یوں تو کئی مائیں ہر سال اپنے بچوں کو دودھ پلاتی ہیں، مگر اکثر انھیں شروع میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ کبھی بچہ لچ نہیں کرتا، کبھی دودھ کم لگتا ہے، کبھی گھر کے مشوروں سے الجھن بڑھ جاتی ہے۔
لیکن دودھ پلانا فطری عمل ہے، صرف اس کے لیے رہنمائی اور حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔
پیدائش کے بعد کے پہلے چند گھنٹے اور دن دودھ پلانے کے لیے سب سے اہم ہوتے ہیں۔ اگر آغاز درست ہو، تو آگے کا سفر آسان ہوتا ہے۔

 پہلا دودھ، کولسٹرم کی اہمیت

پیدائش کے فوراً بعد جو گاڑھا زردی مائل دودھ آتا ہے، اسے کولسٹرم کہا جاتا ہے۔ یہ دودھ تھوڑا سا ہوتا ہے مگر بے حد قیمتی۔ اس میں وہ تمام قدرتی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو بچے کے لیے زندگی کی پہلی ڈھال بنتے ہیں۔
کولسٹرم میں طاقتور جراثیم کش مادے ہوتے ہیں جو بچے کو انفیکشن سے بچاتے ہیں۔
یہ بچے کے ہاضمے کو تیار کرتا ہے۔
پیدائش کے بعد بچے کے جسم میں پہلی صفائی کا کام کرتا ہے۔
اس سے بچے کو ویکسین جیسی قدرتی مدافعت ملتی ہے۔
کئی خاندانوں میں اب بھی غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ پہلا دودھ ’’گاڑھا‘‘ یا ’’پرانا‘‘ ہوتا ہے اور بچے کو نہیں دینا چاہیے۔ یہ بہت خطرناک غلطی ہے۔ ’’پہلا دودھ سونا ہے۔ اسے ضائع مت کریں۔‘‘

بچے کو دودھ پلانے کا درست طریقہ

اکثر مائیں پوچھتی ہیں کہ بچے کو دودھ پلانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ماں اور بچہ دونوں آرام دہ ہوں۔

  • ہمیشہ سیدھی کمر کے ساتھ بیٹھیں، بازو کو تکیے سے سہارا دیں۔
  • بچے کو اپنے قریب لائیں تاکہ اس کا جسم آپ کے جسم سے لگا رہے۔
  • بچے کا چہرہ، پیٹ، اور گھٹنے آپ کی طرف ہوں۔
  • بچے کی ٹھوڑی چھاتی کو چھوئے، ناک تھوڑی اوپر رہے۔
  • جب بچہ منہ کھولے، تو پورا نپل اور اردگرد کا کالا حصہ منہ میں ہو۔

اگر صرف نپل منہ میں جائے گا تو بچہ دودھ کم پیے گا اور ماں کے نپل میں درد یا زخم بن سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صحیح لچنگ (Latching) سب سے اہم قدم ہے۔ ’’ایک پرسکون ماں ہی اچھا دودھ پلا سکتی ہے۔‘‘
اگر بچہ لچ نہ کر رہا ہو:

  • ماں کو چاہیے کہ وہ گہری سانس لے اور آرام سے بیٹھے۔
  • بچے کو اپنے قریب کرے، پیٹ سے پیٹ لگائے۔
  • تھوڑی دیر بچے کے گال کو چھاتی سے چھوئے تاکہ وہ قدرتی طور پر منہ کھولے۔
  • اگر دودھ زیادہ جمع ہو گیا ہو تو تھوڑا سا نکال لیں تاکہ بچہ آسانی سے منہ لگا سکے۔

اگر چند دن بعد بھی بچہ لچ نہ کرے تو فوراً کسی تجربہ کار ڈاکٹر یا لیکٹیشن کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں۔
جلدی مدد لینے سے زخم یا درد سے بچا جا سکتا ہے۔
دودھ پلانے کی پوزیشنز: ماں اور بچے دونوں کے لیے آرام دہ طریقے
ہر ماں کے لیے ایک ہی پوزیشن مناسب نہیں ہوتی۔ کچھ ماؤں کے لیے بیٹھ کر دودھ پلانا بہتر ہوتا ہے، کچھ کے لیے لیٹ کر۔
کریڈل ہولڈ(Cradle Hold): سب سے عام پوزیشن۔ ماں بچے کو بازو میں تھامتی ہے، بچے کا سر کہنی پر ٹکا ہوتا ہے۔
کراس کرِیڈل (Cross Cradle Hold): ماں بچے کو مخالف بازو سے تھامتی ہے تاکہ کنٹرول زیادہ ہو۔
سائیڈ لائنگ (Side Lying): ماں پہلو کے بل لیٹ کر دودھ پلاتی ہے۔ رات کے وقت یہ آرام دہ رہتی ہے۔
فٹبال ہولڈ (Football Hold): سی سیکشن کے بعد ماؤں کے لیے بہترین طریقہ ہے۔ بچہ پہلو میں تکیے پر رکھا جاتا ہے، جیسے فٹبال۔
پوزیشن وہی بہتر ہے جس میں آپ اور بچہ دونوں کو سکون محسوس ہو۔

دودھ کی مقدار کم لگنا

بہت سی مائیں کہتی ہیں: میرا دودھ کم ہے۔ بچہ روتا رہتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ زیادہ تر ماؤں کا دودھ بالکل کافی ہوتا ہے، صرف اعتماد کی کمی یا غلط طریقہ مسئلہ پیدا کرتا ہے۔ دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے سب سے مؤثر نسخہ ہے: بچے کو بار بار دودھ پلانا۔ جب بچہ چوسنے کا عمل کرتا ہے تو جسم کو سگنل ملتا ہے کہ زیادہ دودھ بنانا ہے۔

  • دن میں کم از کم ۸ سے ۱۲؍بار دودھ پلائیں۔
  • ایک چھاتی سے مکمل دودھ پلانے کے بعد دوسری چھاتی دیں۔
  • دودھ کے درمیان طویل وقفے مت رکھیں۔
  • زیادہ پانی پئیں، یخنی، دودھ، یا ہلکی چائے۔
  • آرام کریں۔ ذہنی دباؤ دودھ کی پیداوار کو متاثر کرتا ہے۔

کبھی کبھی گھر کے لوگ کہتے ہیں کہ تمہارا دودھ پتلا ہے، بچے کو بوتل دو۔ یہ غلط مشورہ ہے۔ ماں کا دودھ کبھی کمزور نہیں ہوتا۔ قدرت جانتی ہے کہ ہر ماں کے جسم میں وہی غذائیت ہے جو اس کے بچے کو چاہیے۔

صرف ماں کا دودھ۔ چھ ماہ تک بہترین غذا

دنیا بھر کے ماہرین کہتے ہیں کہ پیدائش سے لے کر چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ بچے کے لیے کافی ہے۔ اسے ایکسکلوسیو بریسٹ فیڈنگ (Exclusive Breastfeeding) کہا جاتا ہے۔

  • پہلے چھ ماہ بچے کو نہ پانی دیں، نہ شہد، نہ کوئی اور چیز۔
  • ماں کا دودھ بچے کے لیے مکمل غذا ہے۔ اس میں پانی، وٹامن، پروٹین، سب کچھ شامل ہے۔
  • جو بچہ صرف ماں کا دودھ پیتا ہے وہ کم بیمار ہوتا ہے۔
  • اسے الرجی، سانس کی بیماری، یا ڈائریا کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اور سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ یہ بچے اور ماں کے درمیان ایک گہرا روحانی تعلق پیدا کرتا ہے۔
عام طور پر یہ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں:
پہلا دودھ نہیں دینا چاہیے۔
بچے کو پانی دینا ضروری ہے۔
میرا دودھ پتلا ہے۔
سی سیکشن کے بعد دودھ نہیں بنتا۔
یہ سب غلط تصورات ہیں۔
پہلا دودھ سب سے قیمتی ہے۔
بچے کو چھ ماہ تک پانی کی ضرورت نہیں۔ ماں کے دودھ میں ۸۸؍فیصد پانی ہوتا ہے۔
دودھ پتلا یا گاڑھا ہونے سے فرق نہیں پڑتا، اصل بات مقدار اور تسلسل کی ہے۔
سی سیکشن کے بعد بھی دودھ بالکل نارمل بنتا ہے، بس تھوڑا وقت لگتا ہے۔
میری ہر مریضہ سے گزارش ہوتی ہے: اپنے جسم پر یقین رکھیں۔ قدرت نے آپ کو یہ صلاحیت دی ہے، بس اعتماد اور حوصلہ درکار ہے۔
ماں کی غذائیت۔ دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہترین خوراک
اگر ماں خود کمزور ہوگی تو دودھ کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے ماں کو چاہیے کہ اپنی خوراک کا خاص خیال رکھے۔

    • روزانہ تازہ اور متوازن غذا کھائیں۔
    • یخنی، دال، انڈے، دودھ، مچھلی، سبزیاں، اور مکمل اناج استعمال کریں۔
    • پانی زیادہ پئیں۔
    • میتھی، سونف، دلیہ اور بادام دودھ بڑھانے میں مددگار ہیں۔
    • نیند پوری کریں اور ذہنی سکون رکھیں۔

    یاد رکھیں: ماں کی صحت بچے کی صحت ہے۔

بوتل کا استعمال کب اور کیوں ؟

کئی مائیں جلدی میں بچے کو بوتل دے دیتی ہیں۔ یہ عادت آگے جا کر مشکلات پیدا کرتی ہے۔

  • بوتل سے دودھ پلانے سے بچہ چھاتی سے لچنا چھوڑ سکتا ہے۔
  • نپل کنفیوژن پیدا ہوتا ہے۔
  • بوتل کی صفائی نہ ہونے سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
  • ماں کا دودھ کم ہونے لگتا ہے کیونکہ بچہ چھاتی چوسنا کم کر دیتا ہے۔

اگر واقعی کسی طبی وجہ سے فارمولا دودھ دینا پڑے تو ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورے سے دیں، خود سے نہیں۔

جذباتی تعلق۔ ماں اور بچے کے درمیان انمول لمحے

دودھ پلانے کے لمحات ماں اور بچے کے درمیان ایک ایسا تعلق بناتے ہیں جو زندگی بھر قائم رہتا ہے۔ جب بچہ ماں کی بانہوں میں ہوتا ہے، اس کی سانسیں، آواز، اور دل کی دھڑکن سن کر خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے۔ یہ تعلق صرف جسمانی نہیں، روحانی بھی ہوتا ہے۔ یہہ وقت تمہارا اور تمہارے بچے کا ہے۔ کسی دباؤ، کسی جلدی کو اس میں نہ آنے دو۔

کب ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

اگر درج ذیل مسائل ہوں تو فوراً ڈاکٹر یا لیکٹیشن اسپیشلسٹ سے مشورہ کریں:

  • بچے کا وزن نہ بڑھ رہا ہو۔
  • دودھ پلاتے وقت شدید درد یا زخم ہو۔
  • چھاتی میں گلٹی یا سوجن محسوس ہو۔
  • بخار یا انفیکشن کے آثار ہوں۔
  • بچہ مسلسل چوسنے میں ناکام ہو۔

جلدی علاج سے مسئلہ بگڑنے سے پہلے حل ہو جاتا ہے۔

دودھ پلانے کا عمل فطری ہے مگر کبھی کبھی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
صبر، اعتماد، اور محبت کے ساتھ یہ سفر آسان اور خوبصورت بن جاتا ہے۔
یاد رکھیں، ماں کا دودھ صرف غذا نہیں، یہ بچے کے جسم، دماغ اور روح کی پہلی بنیاد ہے۔
اپنے بچے کو گود میں لیں، دل سے دودھ پلائیں، کیوں کہ آپ کا دودھ ہی آپ کے بچے کا پہلا تحفہ، پہلی دوا، اور پہلا پیار ہے۔

بچے کی ماں سے وابستگی اور تربیت میں ماں کے دودھ کی اہمیت

ماں کا دودھ نہ صرف بچے کی جسمانی صحت کے لیے مفید ہے بلکہ اس کے جذباتی تعلق(bonding) اور ابتدائی تربیت پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے۔ جدید سائنسی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچوں میں ماں کے ساتھ گہری وابستگی پیدا ہوتی ہے، جو ان کی ذہنی اور جذباتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جذباتی وابستگی اور اعتماد

اں کا دودھ پینے کے دوران بچہ ماں کی قربت محسوس کرتا ہے، اس کی خوشبو، آواز اور لمس سے مانوس ہوتا ہے۔ اس سے بچے میں اعتماد پیدا ہوتا ہے اور وہ خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے، جو اس کے شخصیت سازی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ابتدائی تربیت اور ذہنی نشوونما

ماہرینِ نفسیات کے مطابق بچے کی ابتدائی زندگی کے تجربات اس کی پوری زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ماں کے دودھ کے دوران ہونے والا جسمانی و جذباتی تعلق بچے کی سیکھنے کی صلاحیت اور سماجی رویوں کو بہتر بناتا ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ دودھ پلانے والی مائیں اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ بات کرتی ہیں، جو ان کی زبان سیکھنے کی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔

مزاج اور رویوں پر اثر

ماں کے دودھ میں موجود قدرتی اجزا بچے کو سکون فراہم کرتے ہیں، جس سے وہ کم بےچین ہوتا ہے اور اس کا مزاج متوازن رہتا ہے۔ تحقیق کے مطابق دودھ پلانے والے بچے زیادہ مطمئن اور خوش مزاج ہوتے ہیں اور ان میں چڑچڑاہٹ کم ہوتی ہے۔

ماں اور بچے کے درمیان محبت کا رشتہ

جب ماں بچے کو دودھ پلاتی ہے تو جسم میں آکسیٹوسن (Oxytocin)نامی ہارمون خارج ہوتا ہے، جسے محبت کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف ماں اور بچے کے درمیان محبت کے رشتے کو مضبوط کرتا ہے بلکہ ماں میں مثبت جذبات بھی پیدا کرتا ہے۔ ماں کا دودھ بچے کی صحت کے ساتھ ساتھ اس کے جذباتی تعلق، اعتماد، تربیت اور ذہنی نشوونما میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ بچے کی ابتدائی زندگی میں ایک ایسا مضبوط رشتہ قائم کرتا ہے جو اس کی پوری زندگی میں اس کے رویے اور تعلقات پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ لہٰذا، ماں کے دودھ کی افادیت صرف جسمانی غذائیت تک محدود نہیں بلکہ یہ بچے کی تربیت اور شخصیت سازی میں بھی ایک بنیادی عنصر ہے۔ اپنا اور اپنے بچے کا خیال رکھنا۔ اللہ حافظ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥