ہجرت کا لفظ سنتے ہی ذہن میں انسانی تاریخ کا وہ عظیم الشان واقعہ گھوم جاتا ہے، جو ہجرت مدینہ کے نام سے جانا جاتا ہے، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام نے اسلام کی سربلندی کی خاطر اپنے گھر بار اور قبیلے کو چھوڑ کر مدینہ کی طرف ہجرت کی۔ اس ہجرت نے انسانی تاریخ کے رخ کو ہمیشہ کے لیے موڑ دیا اور انسانیت کو اس کی بدولت وہ عالم گیر اصول اور قوانین عطا کیے گئے، جو دنیا اور آخرت دونوں میں اس کو کامیابی دلانے والے ہیں۔
ہجرت مدینہ سے ہی اسلامی تقویم (کلینڈر ) کا آغاز ہوا اور اسی کی بدولت اسلامی ریاست قائم ہوئی اور وہ نظام اپنے عملی شکل میں دنیا کے سامنے آیا، جس نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانوں کو مذہبی آزادی عطا کی، ہجرت مدینہ نے ہی مواخات (مہاجر اور انصار کے مابین اخوت اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ) جیسے انقلابی تصور سے دنیا کو آشنا کیا، جو اخوت اسلامی، معاشی انصاف، سماجی برابری اور انفرادی تزکیہ کا ضامن بنا۔
عربی زبان میں ہجرت کا لفظ ھجرسے مأخوذ ہے، جس کا مطلب ہوتا ہے چھوڑ دینا، ترک کر دینا۔ اسی لیے عرب کے لوگ بولتے ہیں:
ھاجر القوم من دار إلی دار
یعنی فلاں قوم ایک علاقہ چھوڑ کر دوسرے علاقہ میں چلی گئی۔
ہجرت کی شرعی تعریف میں علماء لکھتے ہیں:
ترک دار الکفر و الخروج منھا إلی دار الإسلام.
یعنی دار الکفر کو چھوڑ کر دار الاسلام میں چلے جانا۔
اس اصطلاحی تعریف کے علاؤہ علماء نے ہجرت کے دوسرے معنی بھی بیان کیے ہیں۔ جیسے حافظ ابن حجر علیہ الرحمہ ہجرت کی تعریف ان الفاظ میں کرتے ہیں:
الھجرۃ فی الشرع ترک ما نھی اللہ عنھا.
یعنی شریعت میں ہجرت سے مراد ہر ایسے کام کو چھوڑ دینا ہے، جس سے اللہ تعالیٰ نے منع کر دیا ہے۔ رسول الله ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر ہجرت کی اسی آفاقی حیثیت کو ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے:
والمہاجر من هجر الخطایا والذنوب. (ابن ماجہ)
مہاجر درحقیقت وہ ہے جو اپنے گناہوں اور خطاؤں کو چھوڑ دے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ہجرت کے مفہوم میں باطنی اور ظاہری دونوں ہجرتیں شامل ہیں۔ باطنی ہجرت سے مقصود یہ ہے کہ انسان تمام ایسے کاموں کو چھوڑ دے، جنھیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ممنوع قرار دیا ہے اور ظاہری ہجرت کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے دین کو کفر اور فتنوں سے بچا کر کسی ایسی جگہ پر چلا جائے، جہاں وہ پر امن طور پر اسلامی تعلیمات پر عمل کرسکے۔
اسی طرح ہجرت کی فضیلت سے متعلق متعدد قرآنی آیات اور احادیث نبوی بھی ہمیں ملتی ہیں۔ درحقیقت ہجرت کا سلسلہ انسانی تاریخ میں ہمیشہ جاری رہا ہے۔ بہتر زندگی کی تلاش میں اپنا گھر بار چھوڑ کر جانا یا اپنے آبائی علاقے کی غیر یقینی صورت حال انسان کو ہر دور میں ہجرت پر مجبور کرتی رہی ہے۔
ہجرت کا یہ سفر انسانی عزم و حوصلہ اور محنت و جدوجہد سے عبارت ہے۔ پروفیسر انعام الرحمن ہجرت کی اسی تاریخی حیثیت کو بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
ہجرت قدیم دور سے ہی انسانی زندگی کا لازمہ رہی ہے۔ تاریخ عالم کی کسی بھی کتاب کی ورق گردانی کر لیجیے، اس میں آپ کو حضرت انسان بار بار رختِ سفر باندھتا دکھائی دے گا۔ کہیں انسان کی بے بسی کے دل دوز مناظر ملیں گے، تو کہیں عزم و ہمت کی تاریخ ساز داستانوں سے واسطہ پڑے گا، لیکن یہ صرف انسان ہی نہیں ہے جس کے نصیب میں مسلسل سفر لکھا ہے، بلکہ ہجرت کا مظہر چرند پرند سے لے کر نباتات اور جمادات تک پھیلا ہوا ہے۔ تند و تیز ہوائیں، نباتاتی بیجوں اور پرندوں کو زبردستی اٹھا کر کہیں سے کہیں پہنچا دیتی ہیں۔ بعض جانور اور پرندے خود بھی صحرا نوردی اور جہاں گردی کا مزہ چکھتے ہیں اور ایک ماحول سے دوسرے ماحول میں ہجرت کر جاتے ہیں۔ یوں ہجرت انسانی زندگی کا نہیں، بلکہ خود زندگی کا ایک آفاقی مظہر بن جاتی ہے۔
ہجرت کا یہ سلسلہ ہمیں ہر طرف دکھائی دیتا ہے۔ عصر حاضر میں چاہے وہ معاشی ضرورتوں کے لیے گاؤں سے شہروں کی طرف کوچ کرتے ہوئے نوجوان ہوں یا پھر بہتر مستقبل اور زندگی کی تلاش میں ملک سے بیرون ملک جاتے ہوئے لوگ، سب اپنے علاقے کو اسی امید پر چھوڑ رہے ہیں کہ ہم کو ایک باعزت، بہتر زندگی مل جائے گی۔ اس وقت سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال ۲۰۲۴ء میں تقریبا دو لاکھ لوگوں نے ہندوستانی شہریت کو چھوڑ دیا ہے اور دیگر ممالک کی شہریت اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ سالوں سے ملک چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ترک وطن کی اہم وجہ بیرون ملک بہتر تعلیم، روزگار اور طرز زندگی کو بتایا جا رہا ہے۔ روزگار کی تلاش میں بیرون ملک غیر قانونی طریقوں سے جانے والے لوگ بھی اچھی خاصی تعداد میں پکڑے جاتے ہیں۔
دنیا کے بہت سے علاقے جن میں فلسطین، شام، سوڈان اور یوکرین سر فہرست ہیں، وہ اس وقت جنگی حالات سے دوچار ہیں اور وہاں کے لوگ امن و سلامتی کی تلاش میں دوسرے ملکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح سیاسی دباؤ اور ظالم حکمرانوں نے بھی بہت سے لوگوں کو نقل مکانی کے راستے پر ڈھکیل دیا ہے۔ ان سب وجوہات کے ساتھ قدرتی آفات، قحط اور بیماریاں بھی لوگوں کو ان کے علاقے چھوڑ جانے پر مجبور کر رہی ہیں۔
ہر سال ۱۸؍دسمبر کو اقوام متحدہ کی طرف سے ہجرت کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور اس دن کو دنیا بھر میں ہجرت کرنے والے افراد کے حقوق، ان کے مسائل اور معاشرے میں ان کے مثبت تعاون کو تسلیم کرنے کے لیے وقف کیا گیا ہے۔
سچائی یہ ہے کہ ہجرت کرنے والے افراد بہت سے معاشی، سماجی، سیاسی اور ثقافتی مسائل کا سامنا کرتے ہیں اور ان سب کے ساتھ جذباتی خلاء اور تنہائی سے بھی خود ہی لڑتے ہیں۔ ہجرت کرنے والے اکثر لوگ خود کو دوسروں کے ساتھ جوڑ نہیں پاتے اور بھیڑ میں بھی اکیلا محسوس کرتے ہیں۔ بقول شاعر:
ہر طرف ہر جگہ بے شمار آدمی
پھر بھی تنہائیوں کا شکار آدمی
نئی جگہ اور ماحول میں اپنی پہچان اور شناخت کا بحران ایک ایسا مسئلہ ہے، جس سے ہر ہجرت کرنے والا دوچار ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ثقافتی تصادم انسان کو بسا اوقات اتنا بے چین کردیتا ہے کہ وہ خود کو کٹا ہوا محسوس کرنے لگتا ہے۔ ان تمام مسائل کو بروقت حل کرنا بہت ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ یہی ڈپریشن اور انزائٹی میں بدل جاتے ہیں۔ ان مسائل سے باہر آنے کے لیے مثبت رویے اور سوچ سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اسی کے ساتھ بہتر سماجی رابطے، مقامی ثقافت سے واقفیت اور نئے دوست بنانا بھی اتنا ہی اہم ہے، کیوں کہ یہ چیزیں انسان کو سرگرم بھی رکھتی ہیں اور اس کو آگے بڑھنے میں مدد گار بھی ثابت ہوتی ہیں۔
اس طرح ہجرت جہاں بہت سے چیلنج اور مسائل اپنے ساتھ لاتی ہے، وہیں نئے مواقع اور دروازے بھی انسان کے سامنے کھول دیتی ہے، جہاں اس کو اپنے وطن سے دوری کی وجہ سے بہت سی سماجی، ثقافتی اور لسانی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہیں اس کی بہت سی پوشیدہ صلاحیتیں بھی ابھر کر سامنے آجاتی ہیں۔
ہجرت بہت سے مواقع پر انسان کو اس کی اصل طاقت سے روشناس کراتی ہے۔ اس لیے ہجرت محض جغرافیائی تبدیلی کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ذہنی، سماجی، ثقافتی تبدیلی کا عمل بھی ہے۔ یہ انسان کی شخصیت کو ایک نیا رخ دیتی ہے۔اور تحمل و وسیع النظری کے ساتھ دوسروں کے نظریات کو سمجھنے کے مواقع دیتی ہے۔
اس طرح ہجرت کا عالمی دن محض ایک تاریخ نہیں، بلکہ ہم سب کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم سب کو اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی ہے۔ ہر منفی سوچ اور خیال کو چھوڑ دینا ہے۔ مثبت سوچ اور تبدیلی کا خیر مقدم کرنا ہے، جہالت اور کم علمی سے خود کو بچانا ہے۔ اس کی جگہ علم و حکمت کے راستے پر گامزن ہونا ہے اور سب سے اہم بات اپنے گناہوں اور برائیوں کو چھوڑ کر رب کی رضا اور اطاعت پر کمر بستہ رہنا ہی اصل ہجرت ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments