ملکی و عالمی منظر نامہ

ملکی منظر نامہ

ہنگامہ ہے کیوں برپا

قارئین کرام!
گزشتہ ماہ ملک عزیز کی راجدھانی دہلی میں ہونے والے تشویشناک واقعے نے سبھی کے دل مٹھی میں لے لیے۔ نئی دہلی کی فضا اس وقت سوگ اور بے چینی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ہونے والے خوفناک دھماکے نے راجدھانی کی سکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں، کئی افراد موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے اور زخمیوں کی چیخوں نے پورے ماحول کو لرزا کر رکھ دیا۔ چشم دید گواہوں کے مطابق دھماکے کی آواز نے لوگوں کو سکتے میں ڈال دیا اور گھبراہٹ کے عالم میں متعدد افراد زمین پر گر پڑے۔ اسپتالوں میں زخمیوں کے آنے کا سلسلہ طویل ہوگیا اور شہر بھر میں ہنگامی حالت نافذ رہی۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کے فوراً بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی سرگرم ہوئی اور میوات خطے سے قریباً سات افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔ تاہم معلومات کے مطابق ان میں سے چار افراد تین ڈاکٹر اور ایک تاجر کو اس بنیاد پر رہا کر دیا گیا کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد دستیاب نہ تھے۔ تفتیشی عمل میں نہ تو کوئی قابلِ بھروسہ ڈیجیٹل ثبوت ملا اور نہ ہی کوئی ایسا سراغ جو انھیں براہِ راست اس دھماکے سے جوڑ سکے۔ اس کے باوجود ان افراد کی نگرانی فی الحال جاری رہے گی، تاکہ تحقیقات کا کوئی رخ تشنہ نہ رہ جائے۔
یہاں اصل سوال یہ ہے کہ ملک کی راجدھانی میں ایسا واقعہ پیش آنا اور مخصوص اقلیتی طبقے کو شک کی عینک سے جانچا جانا کہاں کا انصاف ہے؟ یہ تعصب کی صریح تصویر ہے۔ بغیر ثبوت گرفتاریوں کا یہ رویہ نہ صرف ناانصافی ہے، بلکہ معاشرے میں تعصب اور بدگمانی کو بھی تقویت دیتا ہے۔ ایک مخصوص اقلیتی طبقے کو بار بار مشکوک نگاہ سے دیکھنا اور بعد میں بے گناہی ثابت ہونے پر خاموشی اختیار کر لینا سماجی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اس نوعیت کی کارروائیاں وطن عزیز میں مسلمانوں کے تئیں بڑھتے ہوئے شکوک اور نفرت کی فضا کو مزید گہرا کرتی ہیں، جو کسی بھی طرح ایک جمہوری ملک کے شایانِ شان نہیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے پر شہریوں اور سیاسی مبصرین نے دھماکے کے بعد حکومت کی کارکردگی اور سکیورٹی انتظامات پر سخت تنقید کی ہے۔ عوامی ردعمل میں یہ سوال شدت سے گونج رہا ہے کہ آخر کب تک وزیرِ اعظم اور متعلقہ ادارے اس طرح کی غفلت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے رہیں گے؟ دارالحکومت، جو پورے ملک کی علامت ہے، اگر اسی طرح غیر محفوظ رہے تو یہ نہ صرف تشویشناک بلکہ شرمناک بھی ہے۔ حادثے کے بعد بیانات دینا یا افسوس کا اظہار کرنا کافی نہیں ہے بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ ایسے سانحات کی روک تھام میں ناکامی کیوں مسلسل دہرائی جا رہی ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ دھماکے کی غیر جانب دار، شفاف اور جامع تحقیقات کی جائیں، اصل ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور بے قصور افراد کو بار بار مشتبہ بنا کر پیش کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ملک اس وقت اتحاد اور ذمہ دارانہ حکومتی رویے کا متقاضی ہے، نہ کہ ایسے اقدامات کا جو معاشرتی تقسیم اور عدم اعتماد کو بڑھا دیں۔

عالمی منظرنامہ

قدم چوم لیتی ہے خود بڑھ کے منزل

عالمی منظرنامے پر غور کریں تو گزشتہ ماہ کئی خبریں سرخیوں کا حصہ رہیں۔ گزشتہ ماہ نیویارک کی سیاسی فضا میں ایک غیر متوقع مگر تاریخی پیش رفت سامنے آئی، جب زہران ممدانی نے میئر کے انتخابات میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔ اس کامیابی نے نہ صرف شہر کی سیاست کا رخ بدل دیا، بلکہ بین الاقوامی سیاسی حلقوں میں بھی اسے ایک غیر معمولی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ زہران ممدانی کی جیت اس لیے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے کہ انھوں نے مضبوط اور پرانی سیاسی جماعتوں کو شکست دے کر وہ مقام حاصل کیا جو اب تک کسی مسلم شخصیت کو نصیب نہیں ہوا تھا۔ ایک ایسے وقت میں جب سیاسی منظرنامہ غیر یقینی تھا اور مقابلہ سخت تھا، ممدانی کا ابھر کر سامنے آنا بہت سے ماہرین کے نزدیک ’’سیاسی انقلاب‘‘ سے کم نہیں۔ قابلِ ذکر امر یہ بھی ہے کہ صرف ایک سال قبل اُن کی انتخابی مہم نہایت کمزور سمجھی جا رہی تھی۔ ابتدا میں جلسوں میں سامعین کا فقدان اور سیاسی حمایت کا نہ ہونا ایک بڑا چیلنج تھا، مگر ممدانی نے ہمت نہیں ہاری۔ انھوں نے مسلسل شہر کے مختلف حصوں میں لوگوں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں، گھروں، عوامی مراکز اور چھوٹی کمیونٹی نشستوں میں جا کر شہریوں کے مسائل سنے اور اسی جذبے سے عوام کے دل جیت لیے۔
وقت کے ساتھ یہی عوامی رابطہ اُن کی سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا اور ایک سال بعد وہی شخص جو ابتدا میں توجہ حاصل کرنے کے لیے ترس رہا تھا، آج دنیا کے بڑے ترین شہروں میں سے ایک نیویارک کا میئر منتخب ہوکر نئی سیاسی تاریخ رقم کر چکا ہے‌۔ زہران ممدانی کی فتح اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ خلوص، مسلسل محنت اور عوامی رابطہ کسی بھی بڑی رکاوٹ کو عبور کرنے کا قوی ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ زہران ممدانی کی یہ کامیابی نہ صرف مسلم کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ امریکی سیاست میں ایک نئے دور کے آغاز کی نوید بھی سمجھی جا رہی ہے۔

یہ تازہ دھبے خون کے سنا رہے ہیں داستاں

سوڈان میں دو برس سے جاری خانہ جنگی نے ملک کو شدید انسانی بحران کی طرف ڈھکیل دیا ہے۔ مختلف بین الاقوامی تنظیموں اور علاقائی مبصرین کے مطابق جھڑپوں، جبری نقل مکانی اور بھاری جانی نقصان نے لاکھوں شہریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے۔ رپورٹوں میں کہا جارہا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں مسلح گروہوں کی کارروائیوں کے باعث عام شہری مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہیں، جب کہ بعض علاقائی طاقتوں پر داخلی تنازع میں مداخلت کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے آنے والی اطلاعات کے مطابق غریب اور کمزور آبادی بدترین معاشی دباؤ، بار بار نقل مکانی اور تشدد کے دورانیوں سے گزر رہی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔ کچھ امدادی گروہوں نے اغوا، لوٹ مار اور انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم میں اضافے کی نشاندہی بھی کی ہے۔ سوڈان کی موجودہ کشیدگی کے پیچھے اقتصادی مفادات اور قدرتی وسائل پر قبضے کی کشمکش اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس بحران کو وہ توجہ حاصل نہیں ہو رہی جو مطلوب ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی تنظیمیں زور دے رہی ہیں کہ سوڈان کے متاثرین کے لیے آواز بلند کی جائے، حالات پر عالمی سطح پر توجہ مبذول کرائی جائے اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

دسمبر۲۰۲٥