جب سے مسلمانوں پر زوال آیا ان میں رہنمائی کا بحران رہا ہے۔ عالمی سطح پر عثمانیوں کے کمزور ہونے اور بالآخر۱۹۲۳ء میں مرکزیت کا ناپید ہونا ایک سانحہ رہا۔ اس کے بعد ہندوستان میں مغلیہ سلطنت کا زوال اور تقسیم کا دل سوز ایک باب۔ حالاں کہ تقسیم کی بنیاد ہی نمائندگی اور طاقت کی عادلانہ ساجھداری پر تھی، پر شومئ قسمت دیکھیے کہ علما کا ایک طبقہ تھا جو اس ملک کی بنیاد میں پیش پیش رہا، مگر حالیہ حالات سے لگتا ہے کہ پڑوس بھی ہمارے اچھے لوگوں کے سیاسی زہد کی نذر ہو گیا۔
ہندوستان کی آزادی کے بعد سے مسلم قوم کی سیاسی نمائندگی ہمیشہ ایک نازک اور پیچیدہ موضوع رہی ہے۔ تقسیم کے بعد مسلمانوں میں دو سیاسی دھارے پیدا ہوئے۔ ایک تو بچی ہوئی مسلم لیگ، اس کے بقیہ نیتا اور حمایتی، دوسرے جمعیت علمائے ہند جو کہ ایک سیاسی تنظیم ہوا کرتی تھی اور اس کے حمایتی۔ لیگ نے شناخت اور حصہ داری کی سیاست میں ہی یقین رکھا اور قائد ملت جناب اسماعیل صاحب اسی سیاست کے ساتھ آگے بڑھے اور جنوب میں انڈین یونین مسلم لیگ آج بھی اسی فکر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ کامیاب ہے۔ دوسری جمعیت اور لیگ کے وہ لوگ جو اسماعیل صاحب کے طرز پر نہ جاکر کانگریس میں ضم ہوتے ہیں اور کانگریس کے سائے ہی اس حصہ داری کو پانے کے قائل رہے۔
آج جب آٹھ دہائیاں گزر گئیں تو ہندی بیلٹ اور شمالی ہند کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ایک طرف سیکولر پارٹیاں مسلمانوں کو ’’ووٹ بینک‘‘ کے طور پر دیکھتی رہی ہیں، تو دوسری طرف ایک مؤثر قیادت کی تلاش اس کمیونٹی کا دیرینہ خواب رہا ہے۔
مسلمانوں میں اس پر باتیں اور کوششیں بھی ہوئیں، خاص کر ایمرجنسی اور بابری مسجد سانحے کے بعد سے کانگریس رو بہ زوال ہوئی اور اس کی تنقید کا ڈسکورس ابھرا۔ حالاں کہ ساتھ ساتھ ہی کانگریس کی غلطیوں نے فرقہ وارانہ افکار اور سیاست کو بھی جنم دیا اور اس کے بال و پر آئے۔ ادھر مسلمانوں نے کانگریس اور جمعیت کو کوسا اور شیریں زہر تو قرار دیا، پر کوئی تریاق پیش کرنے سے عاجز ہی رہے۔ حالاں کہ علاقائی سطح پر کئی صوبوں میں کئی پارٹیوں نے کام کیا، مگر وہ صوبائی اور قومی سطح پر ناکام ہی رہیں۔ البتہ گزشتہ دو دہائیوں سے اگر قومی سطح پر کسی مسلم سیاسی پارٹی نے اپنی موجودگی درج کرائی ہے، تو وہ ہے حیدرآباد کی مجلس اتحاد المسلمین۔ لیکن مجلس جن وجہوں سے ابھر کر آئی، انہی میں سے ایک وجہ نے اس کے مخالفین بھی پیدا کیے اور وہ ہے اس کے صدر اسد الدین اویسی کا لب ولہجہ اور ان کا بیانیہ، جو کہ پارلیمنٹ، ڈبیٹ اور پبلک میں الگ الگ رہتا ہے۔ حالیہ دنوں ہی اردو کے صحافی عزیز برنی نے بھی ان کو اور ان کی پارٹی کو اپنی فیسبک جداریہ پر ہندی میں ایک مضمون لکھ کر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مجلس اور اسد الدین اویسی کے حامی و مخالفین دونوں ایک انتہا پر ہیں۔ اگر ان کے حامیوں کی بات کریں تو وہ مجلس اور اویسی کو مسیحا سے نیچے دیکھنے اور کسی بھی قسم کی تنقید برداشت کرنے کے لیے تیار ہی نہیں اور جو غیر مسلم لیڈران کے تحت سیاست کر رہے ہیں ان کو دری بچھانے والا کہہ کر طعنہ دیتے ہیں۔ رہی بات ان کے مخالفین کی جو تو وہ بھی ایک الگ ہی انتہا کو پہونچے ہوئے ہیں اور انھیں بی جے پی کی بی ٹیم، ووٹ کٹوا، جناح اور تقسیم کے راستے پر چلنے والا کہتے ہیں اور مسلمانوں کے لیے ان کی سیاست کو نقصاندہ مانتے ہیں۔
اگر سوچا سمجھا جائے تو یہ سب ہو رہا ہے، پر اس کی ذمہ داری مجلس اور اویسی پر ڈالنا کم نظری ہوگی۔ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ اپنی شناخت اور قوم کے لیے سیاست سب نے کی ہے اور جمہوریت میں سب کو اس کا حق بھی ہے۔ رہی بات بی جے پی کی مضبوطی تو وہ اویسی کی سیاست سے نہیں بلکہ کانگریس کی تاریخی غلطیوں سے وابستہ ہے، ایک پل کو مجلس اور اس کے صدر کو ہٹا لیں یا جہاں وہ نہیں ہے وہاں کا حال دیکھ لیا جائے تو کہیں بھی مثبت نتائج نہیں ہیں۔ رہی بات ووٹ کاٹنے کی تو کسی جگہ نئی اترنے والی پارٹی کا پہلا کردار ہی یہی ہوتا ہے جیسا کہ عام آدمی اور جن سوراج نے بھی کیا۔ کسی نے کہا تھا کہ پہلا چناؤ ہارنے، دوسرا ہرانے اور تیسرا جیتنے کے لیے لڑا جاتا ہے، جب کہ مجلس نے کئی جگہ پہلی بار جیت بھی درج کی ہے۔ البتہ اویسی کی سیاست سے اختلاف بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کے لب و لہجہ پر مسلسل تنقید ہوتی بھی رہنی چاہیے۔
مجلس نے مسلم پارٹی کی حیثیت سے اتحادی کوششیں بھی کیں، پر ان کو جگہ ہی نہیں دی گئی۔ اگر ایک پل کو مجلس کو برطرف رکھ کر بھی دیکھا جائے، تو آزاد ہندوستان میں کبھی بھی آبادی کے تناسب سے شرح نمائندگی نہیں رہی، رہی بھی تو وہ پارٹی کے زیرِ اثر ایسی رہی کہ مسلم مسائل پر کھل کر بول پائی، نہ ہی کچھ کر پائی۔ غالبا مظفر نگر فسادات کے وقت آزادی کے بعد کی تاریخ میں سب سے زیادہ مسلم نمائندگی رہی پر سماج وادی کے مسلم لیڈران نے وہ حق ادا نہیں کر پایا جو انھیں ایک مضبوط آواز بن کر کرنا چاہیے تھا۔
پھر اس کے ساتھ یہ بھی سوال کرنا چاہیے کہ اس ملک کی سیکولرازم مذاہب کی شمولیت میں یقین رکھتی ہے یا اس سے بیزاری میں؟ تاریخ دیکھیں تو یہ شمولی ہی رہی ہے، مگر سب کو آبادی کے تناسب سے وہ جگہ نہیں دی گئی تو ایسے ماحول میں اپنی حصہ داری کی بات کرنا اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔ مزید برآں یہ کہ ایک خاص مذہب نے اس ملک کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے جس سے مسائل اور پیدا ہوتے جا رہے ہیں جب کہ آئینِ ہند برابر کی حصہ داری کا ضامن ہے جس میں کسی قوم یا مذہب کو غلبہ دینے کی کوئی گنجائش نہیں۔ گر کوئی غلبے اور دوسرے کو حصہ دار نہ سمجھے تو وہ نقطہ جہاں پر تقسیم اور پھوٹ کی شروعات ہوتی ہے اور آئین بے معنی ہو جاتا ہے، گویا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس، جب جس کو طاقت ملے وہ اپنے حساب سے چیزوں کو رخ دے۔ سب نے اپنی قوم کی رہنمائی کی اور وہی سیاست کی۔
اگرچہ کانگریس کے دور میں مسلم نمائندے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں موجود رہے، لیکن ان کی زیادہ تر نمائندگی اشرافیہ طبقے سے تعلق رکھتی تھی۔ عام مسلمانوں کی سماجی اور اقتصادی پسماندگی (جس کی نشاندہی سچر کمیٹی نے بھی کی) جوں کی توں برقرار رہی۔ مسلمانوں نے خود اپنی سیاسی قیادت کو گر سنجیدگی سے حل نہ کیا تو آنے والے سالوں میں بہ مشکل ہی پارلیمنٹ میں ان کے مسائل پر بات کرنے والا کوئی ہوگا۔
٭ ٭ ٭


سیاست میں مسلم قیادت کی کمی کو تو سب محسوس کرتے ہیں مگر عورتوں میں خاص کر اس سلسلے میں کوئی بیداری نہیں پائی جاتی اچھی شروعات ہے اس کو جاری رہنا چاہیے