تحریکِ اسلامی کی پُرعزم خواتین

ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ کی یہ تصنیف دراصل اُن خاموش مگر عظیم کرداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جو شہرت کی چکا چوند سے دور رہ کر بھی تاریخ کے دھارے کو موڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ مصنفہ نے نہایت دلکش، شگفتہ اور ادیبانہ اسلوب میں تحریکی خواتین کی زندگی کے اُن روشن پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے جو عزم، اخلاص اور استقامت کی تابندہ مثالیں ہیں۔ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ کی یہ تصنیف دراصل اُن خاموش مگر عظیم کرداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جو شہرت کی چکا چوند سے دور رہ کر بھی تاریخ کے دھارے کو موڑنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ مصنفہ نے نہایت دلکش، شگفتہ اور ادیبانہ اسلوب میں تحریکی خواتین کی زندگی کے اُن روشن پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے جو عزم، اخلاص اور استقامت کی تابندہ مثالیں ہیں۔ان کا قلم محض واقعات کا راوی نہیں بلکہ احساسات کا ترجمان بھی ہے۔ انھوں نے ہر کردار کو اس درجہ تاثیر کے ساتھ پیش کیا ہے کہ قاری خود کو اُن کے عہد اور شخصیت سے قریب تر محسوس کرنے لگتا ہے۔ ان خواتین کی زندگیوں میں جھلکتی صبر و رضا، ایثار و قربانی اور مقصد سے گہری وابستگی ایک ایسی روحانی اور فکری کیفیت پیدا کرتی ہے جو نہ صرف دل کو چھو لیتی ہے، بلکہ قاری کو میدانِ عمل میں متحرک ہونے پر بھی ابھارتی ہے۔کتاب کا سب سے نمایاں وصف یہ ہے کہ اس میں تحریکِ اسلامی سے وابستہ خواتین کو محض روایتی گھریلو دائرے تک محدود نہیں دکھایا گیا، بلکہ انہیں ایک باشعور داعیہ، مدبرہ اور باہمت قائدہ کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کی تحریکی بصیرت، تنظیمی مہارت اور دعوتی حکمتِ عملی کو اس خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے کہ ہرقاری کے خانۂ دل میں ایک نئی روشنی جاگ اٹھتی ہے۔ڈاکٹر صاحبہ نے نہایت سلیقے سے یہ حقیقت واضح کی ہے کہ تحریکیں محض نعروں سے نہیں بلکہ ٹھوس کردار سے زندہ رہتی ہیں، اور ان کرداروں کی تعمیر میں خواتین کا حصہ نہایت اہم اور فیصلہ کن ہوتا ہے۔ ان کی خاموش جدوجہد اور بے لوث قربانیاں ہی دراصل کسی بھی تحریک کی اصل روح ہوتی ہیں۔  مصنفہ کی بصیرت افروز نگاہ کا درخشاں اور منفرد پہلو ایک یہ بھی ہےکہ انہوں نے تحریک کے اُن خاموش کرداروںکو بھی لفظوں کی حرمت اور شناخت عطا کی جو عموماً تاریخ کے گرد آلود اوراق میں کہیں گم ہو جاتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں وہی اس تاریخ کی بنیاد اور اصل قوت ہوتے ہیں۔ ان کی تحریر کا آخری عنوان  : ’’خاموش قربانیاں،مشن کے سچے ساتھی‘‘   محض ایک الوداعی باب نہیں، بلکہ اُن بے مثال خواتین کے نام ایک دلگداز اعترافِ عظمت اور عقیدت کا نذرانہ ہے۔یہ وہ عظیم خواتین ہیں جنہوں نے اپنے گھریلو دائرے کو ’قربان گاہِ ایثار‘ بنا دیا ، اور اپنی انفرادی خواہشات کو مقصد کی بلندی پر خاموشی سے قربان کر دیا تاکہ تحریک کے علمبرداروں (ان کے شوہروں) کے لیے فضا ہموار رہے اور ان کی پرواز میں کوئی لغزش نہ آئے۔ ان کی قربانیاں کسی شور یا نمائش کی محتاج نہیں، بلکہ یہ ایک ایسے خاموش ستون کی مانند ہیں جس پر تحریک کی پوری عمارت استوار ہوتی ہے۔مبشرہ صاحبہ نے نہایت لطیف،اور دلنشیں اسلوب میں ان خواتین کی زندگی کے بظاہر معمولی مگر معنوی اعتبار سے غیر معمولی پہلوؤں کو اجاگر کیا ،یہی وصف اُن کی تحریر کو منفرد اور اثر انگیز بنا دیتا ہے۔  یہ تحریر قاری کو صرف متاثر ہی نہیں کرتی بلکہ اسے اس حقیقت سے روشناس کراتی ہے کہ خاموشی کی بھی ایک اپنی زبان ہوتی ہے ۔اور جب یہ زبان ایثار، وفا اور اخلاص کے پیرائے میں بولتی ہے، تو کائنات کی سب سے بلند صدا بن جاتی ہے۔یقیناً ڈاکٹر مبشرہ فردوس صاحبہ نے ان گمنام مجاہداتِ حیات کو جس وقار، علمی متانت اور قلبی وابستگی کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کیا ہے، وہ خود ان کے اعلیٰ ادبی ذوق اور تحریک سے ان کی والہانہ محبت کی ایک روشن دلیل ہے۔ مجموعی طور پر یہ کتاب نہ صرف ایک ادبی شہ پارہ ہے بلکہ ایک عملی دستور العمل (Guide) کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔ یہ قاری کو خود احتسابی اور اپنے کردار کے جائزے پر مجبور کرتی ہے۔ درحقیقت یہ ایک ایسی دلنشین اور فکر انگیز تصنیف ہے جو خواتین کو ان کے حقیقی مقام، ذمے داریوں اور پوشیدہ قوتوں کو پہچاننے کا شعور عطا کرتی ہے اور انہیں عمل کے میدان میں پُر اعتماد طریقے سے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔بلاشبہ، اس کتاب کے مطالعے کے بعد قلب و نظر میں ایک نئی حرارت، تازہ عزم اور خدمتِ دین کا ولولہ بیدار ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول فرمائے، اسے ذریعۂ ہدایت بنائے اور ہمیں اس نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ٢٠٢٦