میرے عزیز ابو

تجربات انسان کے نظریات کی تشکیل کرتے ہیں۔ یہی تجربات زندگی کو سمت اور مقصد عطا کرتے ہیں، بشرطیکہ انسان ان سے سبق حاصل کرے۔ درحقیقت، تجربات زندگی میں پیش آنے والے واقعات سے جنم لیتے ہیں، اور یہی واقعات انسان کی تعمیر یا بگاڑ کا سبب بنتے ہیں۔
اس تحریر کا مقصد قارئین کے ساتھ چند ایسے تجربات بانٹنا ہے جنہوں نے میری سوچ کو تحریکی شعور عطا کیا۔ یہ ایک ایسے والد کی فکر کا آئینہ ہے جس نے شعوری انداز میں اپنی اولاد تک مقصدِ زندگی منتقل کرنے کی کوشش کی۔ یہ ایک خداترس باپ کی محض اپنی اولاد کی دنیا سنوارنے کی نہیں، بلکہ ان کی آخرت سنوارنے کی جدوجہد کی داستان ہے۔
ہماری پھوپھی جس انگریزی اسکول کی پرنسپل تھیں، وہاں ہمارا پڑھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔ مگر دوسری جماعت کے بعد والد محترم نے فیصلہ کیا کہ ہمیں انگریزی میڈیم سے اردو میڈیم میں منتقل کر دیا جائے۔ یہ ہمارے لیے مکمل یعنی (۳۶۰) ڈگری تبدیلی تھی۔ صرف اسکول، دوست اور ماحول ہی نہیں بدلا، بلکہ ہماری زبان بھی بدل گئی۔ جنرل نالج ’’عام معلومات‘‘، بایولوجی ’’حیاتیات ‘‘اور میتھ ’’ریاضی‘‘ بن گئی۔
کچھ بڑے ہونے پر ہم نے ابو سے پوچھا کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا؟ انہوں نے جواب دیا:

’’بیٹے! اسلامی لٹریچر جتنا اردو زبان میں موجود ہے، شاید کسی اور زبان میں نہ ہو۔ اگر میری اولاد اردو پر عبور نہیں رکھے گی تو وہ قرآن کو آسانی سے سمجھ نہیں پائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید فرمایا: ’’میرا سارا تصنیفی کام اردو میں ہے۔ اگر میرے اپنے بچے ہی اپنے باپ کی فکر نہ سمجھ سکیں تو میرا لکھنا بے معنی ہو جائے گا۔‘‘
یوں ہماری اردو تعلیم کا سفر شروع ہوا، اور چند ہی مہینوں میں ہم اردو نصابی کتابیں روانی سے پڑھنے لگے۔
پھر۱۹۸۸ء میں ادارۂ ادبِ اسلامی کے زیرِ اہتمام کل ہند مشاعرے کا انعقاد ہوا، جس میں ملک کے نامور شعرائے کرام کے ساتھ مرحوم حفیظ میرٹھی اور مرحوم مائل خیرآبادی بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
والد محترم نے ان دونوں بزرگوں کو گھر مدعو کیا تاکہ ہم بچوں کو ان عظیم شخصیات سے متعارف کرا سکیں، جن کی نظمیں اور تحریریں ہماری فکری تربیت کا حصہ رہی تھیں۔
جب مہمان تشریف لائے تو والد محترم نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے زنجیریں لکھی ہے۔‘‘
مرحوم حفیظ میرٹھی کی نظم ’’زنجیریں‘‘ اور علامہ اقبال کی نظمیں ’’خودی کا سرِ نہاں‘‘ اور ’’مٹا دیا میرے ساقی نے…‘‘والد محترم نہ صرف ہمیں سنایا کرتے تھے بلکہ انہیں یاد بھی کرواتے تھے۔اس وقت اگرچہ ہم ان تحریروں کی گہرائی کو پوری طرح سمجھنے سے قاصر تھے، لیکن ان کے اشعار ہماری یادداشت کا حصہ بن چکے تھے۔ابوہمیشہ دینِ اسلام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی تلقین کرتے تھے۔ انہوں نے کبھی جبر یا زبردستی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ نہ نماز کے لیے مجبور کیا اور نہ روزے کے لیے۔
آج بھی ان کی ایک نصیحت میرے دل میں نقش ہے۔ انہوں نے ایک دن فرمایا:’’بیٹا! نماز بندے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے۔ اگر یہ تعلق درست ہو جائے تو اللہ تعالیٰ دنیا کے باقی تمام معاملات بھی سنوار دیتا ہے۔‘‘
آج ہم بھی یہی نصیحت اپنی اولاد کو کرتے ہیں۔
دسویں جماعت کے بعد جب میں نے والد محترم سے عبایا (کوٹ) لینے کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے فرمایا: ’’جس عبایا کی تم خواہش کر رہی ہو، وہ فیشن یا نمائش کی چیز نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ عہد ہے۔ پہلے میں تمہیں چند کتابیں دیتا ہوں، انہیں پڑھ لو۔ اگر اس کے بعد بھی تمہارا ارادہ برقرار رہا تو عبایا ضرور ملے گا، ورنہ کوئی زبردستی نہیں۔‘‘
اس کے بعد انہوں نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی کتاب’’پردہ‘‘ لا کر دی۔ جب میں نے اسے پڑھنے کے بعد شعوری طور پر پردہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تو والد محترم مجھے شہر کے بہترین شوروم لے گئے، کپڑا خریدا اور محبت بھرے انداز میں فرمایا: ’’یہ میری بیٹی کے درست فیصلے پر ایک تحفہ ہے۔‘‘
ابو کی تمام تصنیفات ایمان، اخلاق، خداترسی اور تحریکی شعور کا پیغام دیتی ہیں۔ ہم نے کبھی ابو کو اخلاقی حدود سے باہر نہ کوئی شعر کہتے سنا اور نہ ایسا کچھ لکھتے دیکھا۔
بہت سے شعرائے کرام نعت کہتے ہوئے رسولِ اکرم ﷺ سے اپنی بے پناہ محبت کے اظہار میں کبھی کبھی مبالغے سے کام لیتے ہیں، یہاں تک کہ ایک بشر رسول کو ایسے مقام پر پیش کر دیتے ہیں جو توحید کے اصولوں سے ہم آہنگ نہیں ہوتا۔لیکن ابو کے تمام نعتیہ اشعار میں اللہ کے آخری رسول ﷺ سے والہانہ محبت اور بے مثال عقیدت کے باوجود کوئی ایسا شعر نہیں ملتا جو عقیدۂ توحید کے خلاف ہو یا جس میں بے جا مبالغہ آرائی کی گئی ہو۔ ان کی نعتیہ شاعری عشقِ رسول ﷺ اور اعتدالِ عقیدہ کا حسین امتزاج ہے۔ابو کی ایک مشہور نعت کے یہ اشعار ان کے فکری توازن اور اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل کی واضح مثال ہیں:

دعوت و ہدایت کی اک حسیں شفق لے کر میرے مصطفیٰ آئے
کفر کے اندھیروں میں نور کا طبق لے کر میرے مصطفیٰ آئے
فتنہ جو زمانہ تھا، دین کی اشاعت میں حکمتیں ضروری تھیں
حاسدوں کی دنیا میں سورۂ الفلق لے کر میرے مصطفیٰ آئے

ٹھیک ہے عقیدت ہو، ساتھ ہی عقیدت کے جذبۂ اطاعت ہو
جو عمل کے قابل ہو، ایسا اک سبق لے کر میرے مصطفیٰ آئے

ابو نے حتیٰ المقدور یہی کوشش کی کہ ان کی اولاد صرف کامیاب نہیں بلکہ مخلص اور باکردار انسان بنے۔
الحمدللہ، آج ہم میں جو بھی بھلائی ہے، وہ انہی کی محنت، دعا اور تربیت کا ثمر ہے۔ان کی دی ہوئی تربیت، نصیحتیں، ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان سے وابستہ یادیں بے شمار ہیں، مگر اب جبکہ وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں، ان کے بارے میں لکھنا آسان نہیں رہا۔ ہر لفظ قلم پر آتے ہی آنکھیں اشک بار ہو جاتی ہیں، اور ہر جملہ ابو کی جدائی کے احساس کو مزید گہرا کر دیتا ہے۔
جن ہاتھوں نے ہمیشہ ہمیں مضبوطی سے تھامے رکھا، آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ باپ کا سایہ ایک مضبوط چھت کی مانند ہوتا ہے۔ اس کے سر سے اٹھ جانے کا احساس یوں ہوتا ہے جیسے کسی وسیع ریگستان میں انسان اچانک تنہا چھوڑ دیا گیا ہو۔لوگ کہتے ہیں کہ صبر کرو، مگر جنہوں نے اپنے والدین میں سے کسی ایک کو کھویا ہو، وہ جانتے ہیں کہ یہ ایسا غم نہیں جس پر آسانی سے صبر آ جائے۔ انسان صرف اس دکھ کو اپنے ساتھ لیے زندگی کا سفر جاری رکھتا ہے۔ہمیں صرف ایک امید جینے کا حوصلہ دیتی ہے کہ اللہ رب العزت ہمیں ایک دن ضرور اپنے والد سے دوبارہ ملا دے گا۔

أَلَمْ يَجِدْكَ يَتِيمًا فَآوَى

  (الضحی :۶)
’’کیا اُس نے تم کو یتیم نہیں پایا اور پھر ٹھِکانا فراہم کیا؟‘‘
آج ہماری سب سے بڑی فکر یہی ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اس طرح گزاریں کہ اپنے والد کے لیے باعثِ ثواب بن سکیں، ان کی تربیت کا حق ادا کر سکیں اور ان کے لیے صدقۂ جاریہ ثابت ہوں۔
آخر میں ابو کا یہ شعر بار بار دل میں گونجتا ہے:

متاعِ قوتِ ایماں کا جویا کہاں ہوں میں
تہجد کی نمازوں میں ابھی رویا کہاں ہوں میں

یہ شعر صرف ان کی شاعری نہیں، بلکہ ان کی پوری شخصیت، ان کی عاجزی، ان کی فکر اور ان کے روحانی سفر کا آئینہ دار ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

5 Comments

  1. Zeba Baig

    سبحان اللہ! اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور ان پر رحم فرمائے۔

    Reply
  2. Abdul Rehman Khan

    عبد الرحمن خان
    عزیزالدین عزیز سے ۵۰ سالوں پر محیط لمبی رفاقت رہی۔اپنے دوست کے تعلق سے ایک شعر
    سورج ہوں زندگی کی رمق چھوڑ جاؤں گا
    میں ڈوب بھی گیا تو شفق چھوڑ جاؤں گا۔

    Reply
  3. Asma imtiyaz

    Allah tala aapke Abbu ki maghfirat fermaye aur jannatul firdaus men aala muqam ata kare

    Reply
  4. ام صبغت اللہ۔

    الله آپ کے والد کی مغفرت فرمائے۔۔۔اور انکے نعتوں شرفِ قبولیت بخشے۔۔۔ آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔۔۔

    Reply
  5. رضیہ خاتون

    بہت خوبصورت یادیں جو رضا ے الٰہی کے حصول امنگیں پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں
    رحمان اپنی جوار رحمت میں جگہ دے آمین

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦