ہر سال 19 اگست کو’’عالمی یومِ انسان دوستی‘‘ (World Humanitarian Day) منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا، ضرورت مندوں، مظلوموں اور متاثرہ افراد کی مدد کی اہمیت اجاگر کرنا، اور انسانی وقار، بنیادی حقوق، آزادی، انصاف اور مساوات کے شعور کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر انسانی حقوق کے تحفظ اور ان کے عملی نفاذ کے عزم کی بھی تجدید کی جاتی ہے۔تاہم افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ موجودہ دور میں انسانی حقوق سے متعلق قوانین اور ان کے عملی نفاذ کے درمیان نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ یہ سوال اپنی پوری اہمیت کے ساتھ موجود ہے کہ جب انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے درجنوں بین الاقوامی قوانین، معاہدے اور ادارے موجود ہیں، تو پھر دنیا میں انسانی حقوق کی صورتِ حال مسلسل ابتر کیوں ہوتی جا رہی ہے؟
دوسری عالمی جنگ کے بعد 24 اکتوبر 1945ء کو اقوامِ متحدہ (UN) اسی مقصد کے تحت قائم کی گئی تھی کہ دنیا میں امن برقرار رکھا جائے، ممالک کے درمیان جنگوں کی روک تھام کی جائے، انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، غربت، بھوک اور بیماری جیسے مسائل کے حل کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دیا جائے، اور بین الاقوامی امن، سلامتی، انسان دوستی اور باہمی تعاون کو مستحکم کیا جائے۔اس کے باوجود دنیا کے مختلف خطوں میں بلاجواز جنگیں مسلط کی جا رہی ہیں، طاقت ور کمزور اقوام اور طبقات کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا ایک بار پھر بڑے عالمی تصادم کے دہانے پر کھڑی ہے۔
بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد، گھروں اور املاک کی مسماری، بھوک، غربت، مذہبی و نسلی امتیاز، خواتین، بچوں اور بزرگوں پر تشدد، انسانی اسمگلنگ، آزادیِ اظہار پر قدغنیں اور اس نوعیت کے بے شمار مسائل آج بھی پوری شدت کے ساتھ موجود ہیں، جبکہ دوسری طرف دنیا انسانی حقوق کے دلکش نعروں سے گونج رہی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا صرف قوانین بنا دینا ہی کافی ہے؟ کیا مسئلہ قوانین کی کمی کا ہے، یا اصل خرابی ان پر منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور یکساں عمل درآمد نہ ہونے میں ہے؟حقیقت یہ ہے کہ قانون اور انصاف کسی ایک قوم، نسل، مذہب یا علاقے تک محدود نہیں ہوتے، بلکہ ہر انسان کے لیے یکساں اور غیر جانب دار ہونے چاہیے۔ عدل کا تقاضا یہی ہے کہ قانون کی نظر میں تمام انسان برابر ہوں اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔
اگر اس پہلو پر سنجیدگی سے غور کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اسلام انسانیت کے لیے ایک جامع اور آفاقی تصورِ حقوق پیش کرتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات ہمیں یہ اصول عطا کرتی ہیں کہ:
الخَلْقُ عِیَالُ اللّٰہ
یعنی’’تمام مخلوق اللہ تعالیٰ کا کنبہ ہے۔‘‘
لہٰذا ہر انسان عزت و احترام کا مستحق ہے، ہر جان کی حفاظت ضروری ہے، اور ہر فرد کے بنیادی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔رسولِ اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہی تعلیم دیتی ہے کہ قانون کی اصل روح عدل، انصاف، امانت، دیانت اور انسانی عزت و حرمت کے تحفظ میں مضمر ہے۔ یہی وہ اصول ہیں جن پر ایک پُرامن، منصفانہ اور باوقار معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔اسی لیے’’ عالمی یومِ انسان دوستی ‘‘کے موقع پر صرف حقوق کا مطالبہ کافی نہیں، بلکہ ان کی ادائیگی، پاسداری اور اپنے اجتماعی و معاشرتی رویّوں کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ جب تک قانون پر ہر فرد کے لیے یکساں، منصفانہ اور غیر جانب دارانہ عمل درآمد نہیں ہوگا، اس وقت تک انسانی حقوق کے حقیقی مقاصد مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
حقوق انسانی کے لیے سیرت طیبہﷺ ہی کیوں؟
سیرتِ رسول اللہ ﷺ کا مطالعہ کرتے ہوئے سب سے پہلے یہ حقیقت ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ سیرتِ طیبہ اور دنیا کی دیگر شخصیات کی سیرتوں میں بنیادی فرق کیا ہے۔ اس کا سب سے نمایاں امتیاز یہ ہے کہ سیرتِ رسول اللہ ﷺ مستند ذرائع اور مضبوط اسناد کے ساتھ محفوظ ہو کر ہم تک پہنچی ہے، جبکہ دنیا کی کسی دوسری شخصیت کی سیرت اس درجے کی مستند روایت کے ساتھ محفوظ نہیں ملتی۔رسول اللہ ﷺ کے ہر ارشاد اور ہر روایت کو نقل کرنے والے راویوں کی مکمل سند محفوظ کی گئی۔ اگر سند کی کوئی کڑی منقطع ہو جائے تو محدثین اسے ضعیف قرار دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ علمِ حدیث میں اس بات کا غیر معمولی اہتمام کیا گیا کہ ہر راوی کی ثقاہت، دیانت اور سماع کی تحقیق کی جائے، تاکہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات بغیر کسی تحریف کے امت تک پہنچ سکیں۔دوسرا اہم امتیاز یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ پر اللہ تعالیٰ کا کلام حضرت جبرئیل علیہ السلام کے ذریعے براہِ راست نازل ہوا، اور ہر مرحلے پر وحیِ الٰہی کی رہنمائی آپ ﷺ کو حاصل رہی۔ قرآنِ کریم کی تلاوت، حفظ اور حفاظت کا سلسلہ بھی عہدِ نبوی ہی میں شروع ہو گیا تھا۔
رسول اللہ ﷺ خود قرآنِ کریم کی تلاوت فرماتے، اسے صحابۂ کرامؓ کو سکھاتے، اور ہر سال رمضان المبارک میں حضرت جبرئیل علیہ السلام کے ساتھ قرآنِ کریم کا دور فرماتے تھے۔ صحابۂ کرامؓ نے بھی اسے یاد کیا، محفوظ رکھا اور آئندہ نسلوں تک اسی امانت کے ساتھ منتقل کیا۔یوں رسول اللہ ﷺ کی براہِ راست تربیت، آپ ﷺ کی عملی زندگی، وحیِ الٰہی کی رہنمائی، اور مستند ذرائع سے محفوظ ہو کر ہم تک پہنچنے والی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے ایک بے مثال نمونہ ہے، جس کی دوسری کوئی نظیر تاریخِ عالم میں موجود نہیں۔آپ ﷺ کے بلند اخلاق، عدل، رحم، دیانت، امانت اور پاکیزہ کردار نے انسانیت کو ایک ایسا عملی ضابطۂ حیات عطا کیا جس میں ہر انسان کی عزت، جان، مال، آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت موجود ہے۔ آج بھی اگر دنیا حقیقی امن، عدل، مساوات اور انسان دوستی کی متلاشی ہے تو سیرتِ طیبہ ﷺ ہی وہ روشن مینار ہے جو انسانیت کو ایک منصفانہ، پُرامن اور باوقار معاشرے کی طرف رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
’’جس کا احسان و کرم انسانیت پر قرض ہے،
وہ بشر، خیرالبشر، جس کی اطاعت فرض ہے۔‘‘
آج دنیا میں کردار، قول اور عمل کے تضاد نے معاشرتی زندگی کو نہایت افسوسناک صورتِ حال سے دوچار کر دیا ہے۔ بڑے بڑے وعدے، طویل اجلاس، قوانین کی لمبی فہرستیں تو موجود ہیں، لیکن عملی نفاذ نہ ہونے کے برابر ہے۔ علاقائیت، قوم پرستی اور نسل پرستی کی بدبو نے معاشرے کو آلودہ کر دیا ہے۔ ہر طرف نسل کشی اور قومی تعصب کا بازار گرم ہے۔ اگر ناحق بہایا جانے والا خون کسی دوسری قوم یا نسل کا ہو تو گویا وہ خون نہیں بلکہ پانی سمجھا جاتا ہے، اور اگر ظلم کسی دوسرے رنگ و نسل کے افراد پر کیا جائے تو اسے ظلم نہیں بلکہ بہادری قرار دیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ اگر بااثر اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کے نام کسی بڑے مقدمے، مثلاً’’ ایپسٹین فائل‘‘ میں بھی سامنے آئیں تو بھی اس کی سنگینی کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔
دنیا اگر واقعی سکون، اطمینان، حق اور انصاف کی متلاشی ہے تو اسے وہ صاف اور شفاف نمونہ کہاں ملے گا، جس کے آئینے میں وہ اپنی بگڑی ہوئی تصویر کو درست کر سکے؟ آخر وہ مثالی نمونہ کہاں ہے؟اگر آج سے چودہ سو سال پہلے کی سیرتِ طیبہ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ کیا جائے تو پورے یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، تمام انسانیت کے لیے عملی پیغام لے کر آئے، اور پوری دنیا کے ہادی، رہبر اور رہنما بنے۔ یہ اعزاز صرف آپ ﷺ کو حاصل ہے، اور کسی دوسری شخصیت کی سیرت میں یہ جامعیت اس انداز سے دکھائی نہیں دیتی۔
میثاقِ مدینہ اور خطبۂ حجۃ الوداع اس حقیقت کی روشن مثالیں ہیں۔ جنگی قوانین ہوں، عورتوں اور بچوں کے حقوق ہوں، رحم دلی اور عدل و انصاف ہو، وراثت کی منصفانہ تقسیم ہو، یا آزاد اور غلام کے درمیان مساوات کا تصوربھی، یہ وہ عظیم اصول ہیں جن کی ایسی جامع مثال دنیا آج تک پیش نہیں کر سکی۔
انسانی حقوق کی بحالی
’’غلام کو بھی رتبۂ شہنشاہِ زماں ملا۔‘‘
آپ ﷺ نے یتیموں، بیواؤں، معذوروں، لولے، لنگڑے، نابینا افراد، مجبور اور اپاہج لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی ایسی مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔عرب معاشرے میں رائج لڑکیوں کو زندہ درگور کرنے کی ظالمانہ رسم کا آپ ﷺ نے خاتمہ فرمایا۔ قریش کے سرداروں کی ناراضگی کی پروا کیے بغیر آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے۔یہاں تک کہ ابوجہل بھی یہ کہنے پر مجبور ہو گیا کہ: ’’میں جانتا ہوں کہ محمد ﷺ جو کہتے ہیں وہ حق ہے، لیکن ہم وہ دین قبول نہیں کر سکتے جو غلام کا مرتبہ قریش کے سرداروں کے برابر کر دے۔‘‘
درحقیقت قریش کے سرداروں کو اسلام کے عقائد سے زیادہ اس بات پر اعتراض تھا کہ اسلام مساوات، برابری اور انسانی عزت کا درس دیتا ہے، اور غلاموں، کمزوروں اور سیاہ فام افراد کو بھی وہی عزت و مقام عطا کرتا ہے جو قریش کے معزز سرداروں کو حاصل تھا۔
میثاقِ مدینہ
رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ میں میثاقِ مدینہ ایک نہایت اہم اور تاریخی موڑ کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے انسانی اخوت، محبت، بھائی چارے اور باہمی تعاون کی ایک روشن مثال قائم کی۔ مدینہ کے دو بڑے قبائل، اوس اور خزرج، صدیوں سے باہمی جنگ و جدال میں مبتلا تھے۔ ان کے درمیان صلح کرانا رسول اللہ ﷺ کے اولین اور عظیم کارناموں میں سے ایک تھا۔
اسی طرح مدینہ کے مقامی مسلمانوں، یعنی انصار، اور مکہ سے ہجرت کر کے آنے والے مہاجرین کے درمیان مؤاخات اور باہمی اخوت کا ایسا مضبوط رشتہ قائم کیا گیا جس کی بنیاد پر اسلامی ریاست کی تعمیرِ عمل میں آئی۔اس ریاست میں دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی امن، تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل تھی۔ اس معاہدے کی بنیادی روح یہ تھی کہ ہر طبقے کو، خواہ وہ تعداد میں کم ہو یا زیادہ، مقامی باشندہ ہو یا مہاجر، یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔یہاں تک کہ کسی غیر مسلم ذمی کو بھی ناحق قتل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ’’ جو شخص کسی ذمی کو ناحق قتل کرے گا، وہ جنت کی خوشبو تک نہ پا سکے گا۔‘‘
عدل و انصاف کے قیام میں رسول اللہ ﷺ نے کسی قسم کی خاندانی یا معاشرتی رعایت کو قبول نہیں فرمایا۔ آپ ﷺ نے واضح اعلان فرمایا کہ حضرت فاطمہؓ بنتِ محمد ﷺ اور حضرت صفیہؓ (آپ ﷺ کی پھوپھی) بھی اپنے اعمال ہی کی بنیاد پر آخرت میں کامیابی حاصل کریں گی۔ اسی اصول کی وضاحت کرتے ہوئے آپ ﷺ نے فرمایا کہ اگر فاطمہ بنتِ محمد ﷺ بھی چوری کرے تو اس پر بھی وہی سزا نافذ کی جائے گی جو ایک عام چور کے لیے مقرر ہے۔
جنگ میں انسانی حقوق کی پاسداری
اسلام نے جنگی قوانین اور انسانی حقوق کی جو تعلیم دی، اس کی مثال دنیا کی کسی دوسری تہذیب میں نہیں ملتی۔ عام طور پر جنگی حالات میں ہر قسم کے ظلم و جبر کو روا سمجھا جاتا ہے، لیکن رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات اور آپؐ کے اسوۂ جنگ سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اسلام میں جنگ کو ہرگز مسلط نہیں کیا جاتا، بلکہ حتیٰ الامکان کوشش کی جاتی ہے کہ جنگ کی نوبت ہی نہ آئے۔تاہم اگر جنگ ناگزیر ہو جائے تو اس کے بھی آداب، اخلاق اور اصول متعین کر دیے گئے ہیں۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جنگ کے میدان میں اخلاقی اصولوں کو کس بے دردی سے پامال کیا جاتا رہا ہے اور انسانیت کو پاؤں تلے روند کر خونریز داستانیں رقم کی گئی ہیں۔امن کے دعوے داروں، خواہ وہ عیسائی ہوں، یہودی ہوں یا خود عرب، سب کے ہاں جنگ کے دوران عورتوں، بچوں، بوڑھوں، بیماروں، کمزوروں اور ان افراد کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا جاتا تھا جو جنگ میں حصہ نہیں لیتے تھے۔
آج بھی صورتِ حال مختلف نہیں۔ سفاکی اور ظالمانہ رویے اپنے عروج پر ہیں۔ حالیہ امریکہ، ایران جنگ میں اسکول کی بچیوں پر کیے گئے حملے اور فلسطین میں ہزاروں بچوں پر بمباری، ظلم و بربریت کی انتہا کی واضح مثالیں ہیں۔ یہ واقعات اس حقیقت کے شاہد ہیں کہ دنیا میں جنگ کا نام ہی دہشت گردی، سفاکی اور ظالمانہ رویوں کی علامت بن چکا ہے۔
لیکن اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺ نے جنگ کو بھی امن، عدل اور انسانیت کا ذریعہ بنا دیا۔ اسلامی جنگی اصولوں میں سب سے پہلے اس بات کا اہتمام کیا گیا کہ جو لوگ نہتے ہوں یا جنگ میں شریک نہ ہوں، مثلاً بوڑھے، بچے، خواتین، بیمار اور کمزور افراد، ان پر ہرگز ہاتھ نہ اٹھایا جائے۔اسلام نے جنگ کے باقاعدہ اصول و ضوابط مقرر کیے۔ حملے کس طرح ہوں گے، جنگ کا آغاز کیسے ہوگا، کس موقع پر کیا اقدام کیا جائے گا، ان تمام امور کے لیے واضح رہنمائی فراہم کی گئی۔
جنگ سے پہلے اللہ تعالیٰ سے دعا کرنا، اس کی مدد اور نصرت طلب کرنا، حق کی سربلندی کے لیے التجا کرنا، ناحق کسی پر ہاتھ نہ اٹھانا، رکوع و سجود کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے فتح کی دعا کرنا، اور کامیابی حاصل ہونے کے بعد بھی اللہ تعالیٰ کی کبریائی اور بڑائی کا اعلان کرنا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔فتح کے بعد جشن، غرور، لوٹ مار، قتل و غارت اور بے راہ روی کو فروغ دینا اسلام کی تعلیم نہیں، بلکہ لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنانا، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا، سجدۂ شکر بجا لانا، اور دشمن کو بھی امن و امان دینا رسول اللہ ﷺ کا شیوہ تھا۔
عام معافی کا اعلان کرنا آپؐ کا معمول تھا۔ آپؐ نے لاشوں کی بے حرمتی سے منع فرمایا، جسم کے اعضا کاٹنے (مثلہ کرنے) کو حرام قرار دیا، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے سے سختی سے روکا، اور ان تمام تعلیمات پر خود بھی عمل فرمایا اور اپنی امت کو بھی ان پر عمل کرنے کا حکم دیا۔
تحفظِ ماحولیات اور جانوروں سے حسنِ سلوک
انسان دوستی کی مثال سیرتِ رسول ﷺ میں بدرجۂ اتم دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن ساتھ ہی ماحولیات اور فطرت سے انسان کا رشتہ کیا ہو، یہ بھی آپ ﷺ نے بہت اچھی طرح سکھایا۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے آپ ﷺ نے حیوانات اور نباتات کی زندگی کو بچانے اور ان کا خیال رکھنے کی ترغیب دی۔جانوروں کے حقوق میں ان سے زیادہ کام نہ لینا، ان پر زیادہ بوجھ نہ لادنا، جانوروں کو بھوکا نہ رکھنا، دھوپ میں نہ باندھنا، اور ان کے کھانے اور آرام کا خیال رکھنے کی تعلیم دی۔ ہری بھری کھیتی اور پیڑ پودوں کو برباد نہ کرنے کا حکم دیا، اور پیڑ پودے لگانے کی ترغیب دی، اور اس کے اجر کو آخرت کا ذریعہ بتایا۔
پانی کا خیال رکھنے کا حکم دیا۔ پانی کو ضائع کرنا اور اس کے بے جا استعمال سے آپ ﷺ نے منع فرمایا۔ جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آپ ﷺ بہت زیادہ حساس تھے۔ اکثر اونٹوں اور گھوڑوں کا جائزہ لیتے اور انہیں لاغر و کمزور دیکھ کر معلوم کرتے کہ وہ کمزور کیوں ہیں۔ جانوروں کے حقوق کی ادائیگی کی تاکید فرماتے۔ صحابۂ کرامؓ کو بار بار ہدایت کرتے کہ جانور بھی اللہ کی امانت ہیں۔ ان سے بدسلوکی سے منع فرمایا، کوڑا مارنے اور منہ پر ضرب لگانے سے روکا، اور فرمایا کہ یہ جانور آخرت میں اللہ تعالیٰ کے حضور ان کے خلاف گواہی دیں گے۔
منشورِ انسانیت
دنیا کا پہلا جامع منشورِ انسانیت خطبۂ حجۃ الوداع
(Universal Declaration of Human Rights) ہے۔
* انسانی مساوات: تمام انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں۔ کسی عربی کو عجمی پر، اور کسی گورے کو کالے پر کوئی نسلی برتری حاصل نہیں۔ فضیلت کا واحد معیار تقویٰ ہے۔
* جان و مال کی حفاظت:
کسی مسلمان کی جان، مال اور عزت دوسرے مسلمان پر اسی طرح حرام ہے جیسے یومِ حج کی حرمت۔ سارے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔
* خواتین کے حقوق:
عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور بھلائی کا حکم دیا گیا، اور ان کے معاشی و معاشرتی حقوق کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
* حقِ وراثت:
وارث کو اس کا حق ادا کرو۔
* سود کی ممانعت:
زمانۂ جاہلیت کے تمام سود معاف ہیں۔
* انسانی حقوق:
زمانۂ جاہلیت کے تمام خون اور انتقام معاف ہیں۔
* غلاموں اور ماتحتوں کے حقوق:
انہیں بھی وہی کھلاؤ جو خود کھاتے ہو۔
* امانتوں کی ادائیگی:
ہر شخص اپنی امانت اصل حق دار کو لوٹائے۔
* مظلوم کی مدد:
کسی پر ظلم نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی ظالم کا ساتھ دیا جائے۔
* دین کی تکمیل:
اللہ تعالیٰ نے دین کو مکمل کر دیا اور قرآن و سنت کی روشنی میں ایک مضبوط راستہ چھوڑا جا رہا ہے۔یہ تکریمِ بنی آدم کے حوالے سے اس تاریخی خطبے کے چند اہم نکات ہیں، جو انسانیت کے ہادی و رہبرِ اعظم ﷺ نے دنیا کو عطا فرمائے۔
حیاتِ طیبہ اور ہم
حیاتِ طیبہ کی ان درخشاں اور ابدی مثالوں کے باوجود آج بھی ہمارا معاشرہ چھوٹے بڑے، امیر و غریب، ذات پات، نسل اور برادری کی مصنوعی تقسیم کا شکار ہے۔
افسوس کہ آج بھی بہت سے معاشرتی تعلقات، خصوصاً رشتوں کی بنیاد، کردار اور تقویٰ کے بجائے دولت، شہرت، منصب اور خاندانی برتری کو بنایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں معاشرے میں ناانصافی، تعصب اور نفرت کو فروغ ملتا ہے۔
اگر ہم سیرتِ طیبہ کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں خلوصِ دل سے نافذ کریں تو ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جو انسان دوستی، مساوات، عدل، رحم، اخوت اور باہمی احترام کی روشن مثال بن جائے۔ یہی وہ تعلیمات ہیں جو انسانوں کے درمیان محبت، امن، رواداری اور باہمی تعاون کو فروغ دیتی ہیں اور پوری انسانیت کو ایک خاندان کی مانند جوڑتی ہیں۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کی تعمیر انہی آفاقی اصولوں اور اخلاقی اقدار کی بنیاد پر کی جائے جنہیں اسلام نے چودہ سو سال قبل عملی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
دنیا کے تمام ممالک، بین الاقوامی ادارے اور ہر فرد اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر انسان کے جان، مال، عزت، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ رنگ، نسل، مذہب، زبان یا قومیت کے ہر امتیاز سے بالاتر ہو کر کیا جائے۔حقیقت یہ ہے کہ پائیدار عالمی امن، عدل و انصاف، انسانی وقار اور باہمی احترام کی بنیاد انہی اعلیٰ اسلامی اقدار پر استوار ہے، اور ان اقدار کی سب سے جامع، کامل اور روشن عملی تفسیر سیرتِ طیبہ میں ملتی ہے۔ یہی پیغام آج کے مضطرب اور تقسیم شدہ عالمِ انسانیت کے لیے امید، اتحاد اور حقیقی فلاح کا راستہ ہے۔
٭ ٭ ٭


سیرت پر روشنی ڈال کر قلبی سکون ملا ۔ جَزَاكَ ٱللّٰهُ خَيْرًا