’’دیارِ غیر ۔۔۔خاموش سسکیاں‘‘

گرمی کی شدت عروج پر تھی۔ گلیاں ویران، در و دیوار ساکت اور ہوائیں وحشیانہ انداز لیے دروازے کھٹکھٹاتی محسوس ہو رہی تھیں…
جیسے کسی کے لیے موت کا پیغام لائی ہوں۔اندر ایک کمرے میں اکرم زندگی کی ڈور تھامے، آخری ہچکی سنبھالنے کی کوشش میں نہایت نڈھال ہانپ رہا تھا۔
وہ بستر پر نیم جان پڑا تھا۔ تپتے جسم پر پسینے کی لکیریں، ہونٹوں پر دراڑیں اور سانسیں بے ترتیب تھیں۔ مریم دروازے پر رکی۔ ماسک، دستانے اور ایک لمبی چادر میں لپٹی ہوئی، مردہ قدموں سے کمرے میں داخل ہوئی۔
’’کتنی بار کہا ہے، میرے کمرے میں مت آؤ!‘‘
اکرم نے تھکی ہوئی، بوجھل آواز میں ہانپتے ہوئے کہا۔ الفاظ جیسے سانسوں کی اذیت سہہ کر لبوں پر اترے ہوں۔مریم شدید دکھ تلے اندر ہی اندر سسک اٹھی۔
’’اکرم… فکر نہ کریں… میں نے مکمل احتیاط کی ہے۔ آپ کے لیے دوا اور سوپ لائی ہوں، تھوڑا سا پی لیجیے۔‘‘
اکرم نے آنکھیں اٹھائیں، جن میں شکست، بے بسی اور گہری اداسی چھائی ہوئی تھی۔
’’ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے ہر شے کی مٹھاس سمیٹ لی ہو… اندیشہ ہے کہیں زندگی کا ذائقہ بھی میرے وجود سے چھن نہ جائے۔‘‘
’’مایوسی کفر ہے… دوا پی لیں… پلیز۔‘‘
اکرم نے ایک گہری، تھکی ہوئی سانس لی۔
’’ہم اس پردیس میں کتنے تنہا ہیں، مریم۔ اگر میں نہ رہا تو تم بالکل اکیلی رہ
جاؤ گی… واپس چلی جانا۔‘‘
’’اکرم!‘‘مریم کی آواز لرز گئی۔
’’ایسا مت کہیں… سب ٹھیک ہو جائے گا… اللہ کی ذات بہت بڑی اور مہربان ہے۔‘‘
’’مگر اللہ کے بندے مہربان نہیں…‘‘نہایت کرب انگیز لہجے میں یہ کہتے ہوئے اس نے اپنی بھیگی آنکھیں سختی سے موند لیں۔
رات سے مریم ایمرجنسی نمبر پر کال پر کال کیے جا رہی تھی۔ تھکن اس کی آواز میں اتر آئی تھی، مگر ہر مرتبہ وہی جواب ملتا…’’کچھ دیر انتظار کیجیے۔‘‘اور پھر لائن کٹ جاتی۔یوں لگتا تھا جیسے ہر راستہ بند ہو چکا ہو… کہیں سے کوئی مدد نہیں پہنچ رہی تھی، اور ادھر اکرم کی حالت لمحہ بہ لمحہ بگڑتی جا رہی تھی۔ وہ گاہے بگاہے کھانستا بھی تھا، جس کی شدت اب کافی بڑھ چکی تھی۔
گھڑی کی سوئیاں کسی برف کی مانند ٹھوس شکل اختیار کر چکی تھیں۔
’’ہر شعبے میں سعودائزیشن… ہر جگہ حقارت… کم مائیگی کا احساس… ہم نے اس ملک کو ۲۵ سال دیے ہیں… لیکن آج بھی ہم یہاں صرف ایک اجنبی کی حیثیت رکھتے ہیں… کتنے تنہا ہیں ہم… اس درد کا کوئی احساس نہیں کر پائے گا…‘‘
’’اکرم… تمہیں کیا ہو گیا؟ اس قدر ناامیدی… ہمارا یوں ایک دوسرے کا ساتھ ہی ہماری طاقت اور کامیابی کی دلیل ہے۔‘‘
’’تمہیں نہیں لگتا کہ اب ہمارا ساتھ ختم ہونے کو ہے؟‘‘
’’ناامیدی کفر ہے…‘‘
مریم نے تڑپ کر شوہر کے خشک لبوں پر دستانے میں قید اپنا ہاتھ رکھا اور سینے سے ابلتی چیخوں کو اپنے وجود کے اندر دفن کرنے لگی۔
فون کی گھنٹی بجی تو اکرم نے بمشکل فون اٹھایا۔ اس کے دوست اشفاق کا فون تھا۔
’’یار… اس ظالم کورونا نے… مجھ میں بات کرنے کی… قوت بھی چھین لی… تم… بیوی کے موبائل پر کال کر لو۔‘‘
آنکھوں میں نمی اور آواز میں کپکپاہٹ لیے مریم نے اشفاق سے بات کی۔
’’بخار میں کوئی کمی نہیں… سانس بھی بہت مشکل سے لے پا رہے ہیں۔‘‘
اشفاق نے چند دیسی نسخے تجویز کیے، پھر آہ بھر کر کہا:
’’بھابھی، میں آ نہیں سکتا… پورے ریاض شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ باہر نکلنے پر دس ہزار ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ ایسے حالات میں میں
آ نہیں سکتا۔ ایمبولینس کے لیے مسلسل کوشش کر رہا ہوں۔ اگر کوئی انتظام ہوا تو میں ضرور آؤں گا۔‘‘
فون بند ہوا، اور اس کے ساتھ ہی امید کا آخری در بھی بند ہو گیا۔
مریم نے بڑی بے بسی سے اپنے لب بھینچ لیے اور سر جھکا لیا۔
’’مریم…!‘‘ اکرم نے مدھم مگر لرزتی ہوئی آواز میں پکارا۔
وہ تیزی سے لپکی، مگر دہلیز پر آ کر جیسے اس کے قدموں میں زنجیر پڑ گئی۔
’’بس… وہیں ٹھہر جاؤ… میں تمہیں یوں ہی دیکھتا رہوں…
تمہاری آنکھوں کے روشن چراغ میرے وجود میں اترتے اندھیروں کو کچھ دیر کے لیے پسپا کر دیتے ہیں اور زندگی کا احساس دلاتے ہیں۔‘‘
مریم کے حلق میں آنسوؤں کا ایک بھاری گولا سا اٹک گیا۔ اس نے پلکیں جھکا لیں کہ کہیں آنکھوں کی نمی اس کے حوصلے کا بھید نہ کھول دے۔
’’اکرم… صبح اشفاق بھائی آئیں گے اور آپ کو اسپتال لے جائیں گے۔ ان شاء اللہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔‘‘
الفاظ اس کے لبوں سے نکل تو گئے، مگر وہ جانتی تھی کہ یہ تسلی حقیقت کی کوکھ سے نہیں، مجبوری کی آغوش سے جنمی ہے۔ سچ تو یہ تھا کہ افق پر امید کا کوئی رنگ باقی نہ تھا، صرف خاموشی… صرف ویرانی۔
اکرم نے اسے گہری نظر سے دیکھا، جیسے اس کے جھوٹ کی تھکن بھی پڑھ لی ہو۔ پھر ہونٹوں پر ایک دھیمی، مطمئن سی مسکراہٹ ابھری… ایسی مسکراہٹ، جس میں شکوہ نہ تھا، صرف قبولیت تھی۔’’تم دیکھنا… میں صبح تک جی نہیں پاؤں گا۔
مجھے اپنے اطراف… فرشتے دکھائی دے رہے ہیں… موت کے فرشتے…!‘‘اکرم کی ٹوٹی ہوئی آواز کمرے کی دیواروں سے ٹکرا کر جیسے مریم کے دل میں پیوست ہو گئی۔ اس کا وجود لرز اٹھا۔
’’ایسا مت کہیے!‘‘وہ بے اختیار ایک قدم آگے بڑھی… چاہتی تھی شوہر کو بانہوں میں سمیٹ لے، اس کے سینے پر سر رکھ کر اس کی سانسوں کی ڈور کو اپنی دعا اور محبت سے باندھ لے… مگر ہاتھوں میں پہنے دستانوں اور دل میں چھپے ہوئے خوف، دونوں نے اس کے قدم جکڑ لیے۔
’’قریب مت آؤ، مریم… میری بیٹی کو تمہاری ضرورت ہے۔‘‘یہ جملہ کسی حکم کی طرح نہیں، بلکہ وصیت کی طرح ادا ہوا۔
مریم کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔ اس نے جلدی سے ماسک درست کیا، اپنے آپ کو سنبھالا اور پھر شوہر کے قریب جا بیٹھی۔ ٹشو سے اس کے ماتھے پر ابھرا ہوا پسینہ پونچھتے ہوئے بولی:’’اکرم، حوصلہ رکھیے۔‘‘
اکرم نے ایک طویل سانس لی، جیسے برسوں کا بوجھ الفاظ میں ڈھالنے لگا ہو۔
’’پردیس میں آدمی کتنا مجبور… کتنا بے بس ہو جاتا ہے۔‘‘
’’اپنوں کے بغیر جینے کا کرب، اذیت اور تنہائی… اس احساس کو وہی سمجھ سکتا ہے، جو اس آگ سے خود گزرا ہو۔‘‘
’’کوئی اپنا نہیں… نہ سکھ میں کوئی شریک، نہ دکھ میں کسی کا ساتھ… اماں کی موت پر بھی جنازے کو کندھا نہ دے سکا۔‘‘
’’بابا کی اوپن ہارٹ سرجری ہو رہی تھی، اور میں… یہاں ریالوں کے پیچھے پاگلوں کی مانند دوڑ لگا رہا تھا… سر پر بے پناہ خوف اور وسوسے سوار تھے کہ جہاں میرے قدم تھمے، وہیں بابا کی سانسیں بھی تھم جائیں گی…‘‘
’’بتاؤ… پردیس کی زندگی بھی کوئی زندگی ہے؟‘‘
آخری لفظ کے ساتھ اس کی آواز ٹوٹ گئی، جیسے اندر کہیں کوئی شیشہ چٹخ گیا ہو۔
مریم نے کرب میں ڈوبی ہوئی آواز میں کہا:
’’بھول گئے؟ اسی پردیس نے ہمیں حلال رزق عطا کیا ہے۔‘‘اکرم کے لبوں پر زہرخند مسکراہٹ ابھری۔
’’ہاں… رزق دیا ہے… مگر خون اور جوانی بھی نچوڑ لی۔‘‘مریم نے ہونٹ بھینچ لیے۔ اس کے پاس اس تلخ سچ کا کوئی جواب نہ تھا۔
دوسری شام اشفاق کا فون آیا۔
’’میں ایمبولینس کے ساتھ آ رہا ہوں… تیار رہنا۔‘‘
اسپتال میں مریض کا نام رجسٹر ہو چکا تھا، ایمبولینس کا انتظام بھی ہو گیا تھا… مگر اصل مسئلہ تین منزلہ عمارت کی تیسری منزل سے گراؤنڈ فلور تک پہنچنا تھا۔ اس عمارت میں لفٹ کی سہولت نہ تھی۔ایسی رہائش کا انتخاب بھی انہی دونوں کا تھا، تاکہ پردیس میں کچھ پیسے بچا سکیں اور اپنے وطن میں ایک چھوٹا سا آشیانہ تعمیر کر سکیں۔ برسوں کی محنت، گنتی کے سکون اور بے شمار قربانیوں کے بعد وطنِ عزیز میں ایک چھوٹا سا گھر اور عزت کی چادر نصیب ہوئی تھی۔
مگر آج وہی تیسری منزل پہاڑ بن کر سامنے کھڑی تھی۔
مریم نے خود کو مکمل طور پر ڈھانپا، ماسک درست کیا اور شوہر کے بھاری جسم کو سہارا دیا۔
اسے یوں لگا جیسے وہ صرف ایک بیمار انسان کا وزن نہیں، بلکہ برسوں کی مشقت، خوابوں اور پردیس کی تھکن کو اپنے کندھوں پر اٹھائے کھڑی ہو۔
اکرم چھ فٹ قد، مضبوط اور بھرپور جسم کا مالک تھا… ایسا مرد، جس کے وجود میں کبھی توانائی کی ایک بے قابو لہر دوڑا کرتی تھی، اور مریم… نازک اندام، دبلی پتلی، خاموش مزاج عورت… جیسے کسی ہلکی سی ہوا سے بھی لرز جائے۔
ان کے آنگن میں بیٹے کی کلکاریاں کبھی نہ گونجیں… صرف ایک بیٹی تھی، جو تعلیم کے سلسلے میں انڈیا میں مقیم تھی۔
اس لمحے مریم کو زندگی کی سب سے بڑی محرومی پوری شدت سے آن لگی…
آج اگر ایک جوان بیٹا ہوتا… تو شاید باپ کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا لیتا۔
اس نے بڑی مشکل سے آنکھوں میں ٹھہری نمی صاف کی، جیسے اپنے دل کو ڈانٹ رہی ہو کہ یہ وقت کمزوری کا نہیں۔چند سیڑھیاں اترنے کے بعد ہی اکرم کی سانسیں بے ترتیب ہونے لگیں۔ سینہ دھونکنی کی طرح چلنے لگا۔ وہ ہانپتا ہوا وہیں بیٹھ گیا۔مریم نے اسے یوں دیکھا، جیسے وقت اچانک تھم گیا ہو… جیسے زندگی نے ایک لمحے کے لیے اپنی رفتار روک لی ہو۔
’’میں… چل نہیں سکتا۔‘‘آواز میں وہ مردانہ اعتماد باقی نہ تھا، صرف تھکن تھی، شکستگی تھی۔
’’کوشش کیجیے۔‘‘مریم نے خود کو مضبوط ظاہر کرنے کی سعی کی۔
’’مریم… میں اتنی سیڑھیاں نہیں اُتر سکتا۔‘‘وہ بری طرح ہانپ رہا تھا۔ ہر لفظ جیسے سینے کو چیر کر باہر آ رہا ہو۔
مریم کی ریڑھ کی ہڈی میں ایک تیز سنسناہٹ سی دوڑ گئی۔ اس نے بے بسی سے اپنے لرزتے ہوئے کمزور جسم کو دیکھا… یہی دو نحیف ہاتھ آج اس پہاڑ جیسے مرد کا سہارا تھے۔آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، مگر اس نے فوراً چہرہ دوسری جانب پھیر لیا۔
’’بیٹھ کر… ایک ایک سیڑھی اُتریں۔ میں ساتھ ہوں۔‘‘اکرم نے اثبات میں سر ہلایا اور سیڑھی پر بیٹھ کر آہستہ آہستہ خود کو نیچے سرکانے لگا۔
ہر سیڑھی ایک اذیت تھی۔ ہر زینہ جیسے خودداری کے کسی ستون کو توڑ رہا تھا۔
بلڈنگ کی کھڑکیوں سے جھانکتی آنکھیں…
پردوں کے پیچھے چھپی نظریں…
سرگوشیوں کی مدھم آوازیں…
اکرم کو یوں محسوس ہوا جیسے ان نگاہوں میں ہمدردی نہیں، تمسخر ہے۔وہ اندر ہی اندر سسک اٹھا۔کئی سالوں کی محنت، عزت اور خودداری… آج ہر زینے پر ریزہ ریزہ ہوتی محسوس ہو رہی تھی۔اتنی بے بسی اس نے زندگی میں کبھی محسوس نہ کی تھی، جتنی اس لمحے اس کے وجود پر پوری شدت سے طاری تھی۔
پورے دو گھنٹوں بعد وہ دونوں آخرکار گراؤنڈ فلور تک پہنچے تھے۔ تب تک اشفاق بھی آ چکا تھا۔مریم ساتھ نہیں جا سکی… عملے کی جانب سے اسے روک دیا گیا تھا۔ اسے ساتھ جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مریم نے ایک آخری نظر شوہر پر ڈالی، ہوا میں ہاتھ ہلایا، اور پھر وہ ایمبولینس گلی کے موڑ پر نظروں سے اوجھل ہو گئی۔
مریم دروازے کے قریب کھڑی رہی، جیسے کسی نے اس سے وقت سے بھرا ہوا ایک بیگ چھین کر بھاگ لیا ہو۔
اسے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔ نہ یہ کہ وہ اکیلی رہ گئی ہے، نہ یہ کہ اکرم کے بغیر اس کے وجود کی حیثیت کیا ہے۔صرف اس کا دل تھا، جو دھڑک رہا تھا، اور اس کی آنکھوں میں گہرے سیاہ سائے اتر آئے تھے۔
رات آہستہ آہستہ کمرے میں اتر آئی، جیسے زمین نے خود کو تاریکی میں چھپا لیا ہو۔
دیوار پر لٹکی گھڑی کی ٹک ٹک جاری تھی، مگر مریم کے لیے وقت رک چکا تھا… ایسا لگ رہا تھا جیسے ہر لمحہ ٹھہر گیا ہو اور زندگی کی ہر حرکت ساکت ہو گئی ہو۔
سوپ ٹھنڈا ہو چکا تھا، دوائیاں ویسے ہی میز پر رکھی تھیں… جیسے کسی نے اپنی ساری امیدیں، اپنے خواب اور اپنے ارادے ادھورے چھوڑ دیے ہوں۔
کچھ دیر بعد اسپتال سے فون آیا…ایک جملہ تھا… مختصر، بے جان، مگر قیامت خیز۔
فون اس کے ہاتھ سے پھسل گیا، اور پھر وہ فرش پر بیٹھ گئی۔
نہ کوئی چیخ نکلی، نہ کوئی آہ…
صرف سینے میں ایک گہری خاموشی اتر آئی تھی۔
کسی چیز کے ٹوٹنے کی آواز اسے اپنے اندر ہی اندر سنائی دے رہی تھی… ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی بہت قیمتی شے ریزہ ریزہ ہو کر بکھر گئی ہو۔
اس نے کانپتے ہاتھوں سے بیگ میں رکھا اکرم کا اقامہ نکالا اور اسے سینے سے لگا لیا…وہی اکرم…جو زندگی بھر زینوں پر بجلی کی لہر بن کر چڑھتا رہا…خاندان کے لیے…خوابوں کے لیے…عزت کے لیے…
اور آخرکار انہی زینوں پر ہار گیا۔
کھڑکی کے باہر وہی سیڑھیاں خاموش کھڑی تھیں…
بے حس، بے خبر…انہیں کیا معلوم تھا کہ وہ کسی ایک انسان کی نہیں، بلکہ ایک پورے خاندان کی ریڑھ کی ہڈی توڑ چکی ہیں۔مریم کی آنکھوں سے ایک آنسو ٹپکا، اور پھر فرش پر جا گرا…
بس ایک آنسو۔
کیونکہ کچھ دکھ ایسے ہوتے ہیں،جو آنسوؤں کے بھی محتاج نہیں ہوتے۔
ختم شد

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦