ہندوستان میں تعلیم کا گرتا ہوا معیارہم نوا! میں بھی کوئی گل ہوں کہ خاموش رہوں؟

ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعليم!

معزز قارئین!
قوموں کی تعمیر اینٹ اور پتھر سے نہیں، بلکہ معیاری تعلیمی اداروں، اساتذہ کی دیانت داری اور طلبہ کے خوابوں سے ہوتی ہے۔ جس معاشرے میں قلم کی حرمت مجروح ہونے لگے، امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد متزلزل ہو جائے اور نوجوان اپنی محنت کا صلہ غیر یقینی کی صورت میں پانے لگیں، وہاں صرف تعلیمی بحران ہی جنم نہیں لیتا بلکہ پوری قوم کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ افسوس کہ آج ہندوستان کا تعلیمی نظام بھی انہی سنگین سوالات کے نرغے میں کھڑا نظر آتا ہے، جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اعتمادی اور اضطراب کی فضا مزید گہری ہوتی جا رہی ہے۔
تعلیم کا اصل مقصد کبھی بھی یہ نہیں رہا کہ بچے کتابوں کے بوجھ تلے اپنی شخصیت کھو بیٹھیں۔ اس کا بنیادی مقصد فکر کو آزادی دینا، سوال کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا، تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا اور باشعور، ذمہ دار اور باکردار انسانوں کی تشکیل کرنا ہے۔ مگر آج صورتِ حال اس کے بالکل برعکس دکھائی دیتی ہے۔جیسے ہی بچے اسکول کی دہلیز پر قدم رکھتے ہیں، ان کے کندھوں پر بھاری نصابی بوجھ، امتحانات کی دوڑ، کوچنگ سینٹروںکا بڑھتا ہوا دباؤ، تعلیمی مشقوں کی بھرمار اور ہر وقت زیادہ نمبروں کی فکر اس انداز سے مسلط کر دی جاتی ہے کہ ان کے بچپن کی مسکراہٹیں بھی نصابی کتابوں کے صفحات میں کہیں گم ہو جاتی ہیں۔
افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ آج والدین کا پہلا سوال یہ نہیں ہوتا: ’’بچے نے کیا سیکھا؟‘‘بلکہ یہ ہوتا ہےکہ ’’کتنے نمبر حاصل کیے؟‘‘
اساتذہ پر بہتر نتائج دکھانے کا دباؤ ہے، تعلیمی ادارے اپنی رینگنگ کو بہتر بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں، اور طالب علم ایک ایسے نظام کا محض ایک مہرہ بن کر رہ گیا ہے، جہاں علم کی روشنی کے بجائے نمبروں کی چمک کو کامیابی کا اصل پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔نتیجتاً ہزاروں ذہین نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارتوں اور منفرد استعداد کے باوجود صرف اس لیے پس منظر میں چلے جاتے ہیں کہ وہ مخصوص امتحانی سانچوں میں خود کو ڈھال نہیں پاتے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ یہ بنیادی سوال اٹھائیں: کیا ہم واقعی ایک تعلیم یافتہ نسل تیار کر رہے ہیں، یا صرف ایسے امیدوار پیدا کر رہے ہیں جو امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا جانتے ہیں؟

سب تحفظ کے بھرم ٹوٹ رہے ہیں، جاناں!

(NEET پیپر لیک: صرف ایک اسکینڈل نہیں، لاکھوں خوابوں کا قتل)
تعلیمی نظام کی ساکھ اس وقت شدید مجروح ہوئی جب NEET امتحان میں پیپر لیک کے الزامات نے ایک بار پھر پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ وہ نوجوان جنہوں نے برسوں اپنی نیند، آرام، تفریح اور ذاتی خواہشات قربان کرکے صرف ایک امتحان کی تیاری کی، اچانک یہ خبر سن کر سکتے میں آ گئے کہ ان کی برسوں کی محنت چند بدعنوان عناصر اور انتظامی ناکامیوں کی نذر ہو گئی۔ذرا تصور کیجیے، وہ طالب علم جس نے اپنے والدین کی امیدوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے راتوں کی نیند قربان کر دی، جس کے گھر والوں نے اپنی بنیادی ضروریات کم کرکے کوچنگ، کتابوں اور تعلیم کے اخراجات پورے کیے، جس نے اپنی زندگی کے قیمتی ترین سال ایک خواب کی تعبیر کے لیے وقف کر دیے؛ اگر اسے یہ احساس ہو کہ اس کا مقابلہ محنت، صلاحیت اور قابلیت سے نہیں بلکہ پیپر لیک، بدعنوانی اور بے ضابطگیوں سے ہے، تو اس کے دل پر کیا بیتے گی؟اسی صدمے کے باعث متعدد طلبہ شدید ذہنی دباؤ اور اضطراب کا شکار ہو گئے۔ کئی نوجوانوں نے اپنے مستقبل سے امیدیں کھو دیں، اور افسوس کہ بعض نے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔ اگر کوئی امتحانی نظام نوجوانوں کو زندگی سے ہی مایوس کر دے تو یہ محض ایک امتحان کا مسئلہ نہیں رہتا، بلکہ پورے نظام کی اخلاقی بنیادوں پر ایک سنگین سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔یہ صرف پیپر لیک کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ عوامی اعتماد کے ٹوٹنے کا ایک المناک باب تھا۔یہ سوالیہ پرچے نہیں تھے، بلکہ اس تعلیمی نظام کی کمزوریاں بھی پوری طرح بے نقاب ہو گئی تھیں، جس پر لاکھوں خاندانوں نے اپنے بچوں کے مستقبل کی امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں۔

شفافیت کہاں ہے، اور احتساب کس کا ہوگا؟

ہر امتحانی اسکینڈل کے بعد تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کی جاتی ہیں، تحقیقات کا اعلان ہوتا ہے، بیانات جاری کیے جاتے ہیں، مگر چند ماہ گزرنے کے بعد سب کچھ معمول پر آ جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر کب تک؟
کیا صرف نئی امتحانی تاریخوں کا اعلان کر دینا ہی انصاف ہے؟ کیا دوبارہ امتحان لینے سے ان طلبہ کی ذہنی اذیت ختم ہو سکتی ہے جنہوں نے مہینوں شدید دباؤ برداشت کیا؟ کیا والدین کے آنسوؤں کا مداوا صرف ایک سرکاری اعلامیے سے ممکن ہے؟
قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب ان کے اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط ہو۔ لیکن اگر ہر بڑے امتحان کے بعد طلبہ کے دل میں یہ خدشہ جنم لے کہ کہیں پرچہ دوبارہ لیک نہ ہو جائے، یا سفارش، بدعنوانی اور بے ضا بطگی ان کی محنت پر پانی نہ پھیر دے، تو ایسے نظام پر اعتماد کیسے بحال ہو سکتا ہے؟

جو دریا جھوم کے اٹھے ہیں، تنکوں سے نہ ٹالے جائیں گے!

(جنتر منتر کا احتجاج: جب طلبہ نے حکومت کو لرزادیا ۔)
حال ہی میں دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر ہزاروں طلبہ کا اجتماع اس حقیقت کا واضح ثبوت تھا کہ نئی نسل کو بے حس یا غیر سنجیدہ قرار دینا محض ایک غلط فہمی ہے۔ یہ وہی نوجوان تھے جنہیں اکثر موبائل فون، سوشیل میڈیا اور غیر سنجیدہ طرزِ زندگی کا طعنہ دیا جاتا تھا، مگر جب ان کے مستقبل پر ضرب پڑی تو وہ اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
ان کے ہاتھوں میں لاٹھیاں نہیں تھیں، صرف انصاف کے مطالبات تھے۔ ان کی زبان پر اپنے مستقبل، اپنے حق اور تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی کی صدا تھی۔ ان کا بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ تعلیمی نظام میں مؤثر جوابدہی کا نظام قائم کیا جائے اور ذمہ دار افراد اپنی غفلت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قانون کے مطابق جواب دہ ہوں۔ ان کا مؤقف تھا کہ جب لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہوا ہے تو محض افسوس کا اظہار کافی نہیں، بلکہ عملی احتساب بھی ناگزیر ہے۔
تعلیم اور انصاف کے مطالبے پر جمع ہونے والے نوجوانوں کو شاید یہ امید نہ تھی کہ ان کے سوالات کا جواب دلیل سے نہیں بلکہ طاقت سے دیا جائے گا۔
۲۰جولائی، جسے بعض حلقوں نے طلبہ کی استقامت کے باعث ’’یومِ بے خوفی’’اور ریاستی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے ’’ قتلِ یومِ جمہوریت‘‘ کا نام دیا، اس دن کے مناظر نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد نوجوان زخمی ہوئے۔ طالبات بھی تشدد کی زد میں آئیں، اور کم عمر بچے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔ سڑکوں پر بکھری چپلیں، ٹوٹی ہوئی عینکیں، خون آلود کپڑے اور عزم و حوصلے سے بھرے چہرے ایک ایسا منظر پیش کر رہے تھے جو کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے باعثِ تشویش ہونا چاہیے۔
اختلاف اگر جرم بن جائے تو جمہوریت کا حسن باقی نہیں رہتا۔ سوال یہ ہے کہ کیا اپنے مستقبل کے لیے آواز بلند کرنا بھی اب قابلِ سزا عمل بن چکا ہے؟
ابتدا میں متعدد مبصرین کا خیال تھا کہ شاید یہ احتجاج بھی چند روز بعد ماند پڑ جائے گا، مگر نوجوانوں کی ثابت قدمی نے یہ تصور غلط ثابت کر دیا۔ بالآخر عوامی دباؤ اس حد تک بڑھا کہ متعلقہ قیادت کو جواب دہی کا سامنا کرنا پڑا، اور وزیرِ تعلیم کے استعفے کے ساتھ ایک نیا باب رقم ہوا۔ یہ واقعہ اس حقیقت کی علامت ہے کہ مسلسل، منظم اور پرامن جدوجہد جمہوری معاشروں میں مثبت تبدیلی کی بنیاد بن سکتی ہے، اور تعلیمی نظام میں ایسی بددیانتی اور سنگین غفلت کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔

اس حال میں ہم دیوانوں سے تم کہتے ہو خاموش رہو؟

(منتخب خاموشیاں بھی سوال بن جاتی ہیں!)
یہاں ایک اور بنیادی سوال بھی اٹھتا ہے۔ اگر بعض تنظیمیں اور سیاسی جماعتیں خود کو تعلیمی اصلاحات اور طلبہ کے حقوق کی علمبردار قرار دیتی ہیں، تو کیا ان کی ذمہ داری صرف چند مخصوص معاملات تک محدود ہے؟
اسی تناظر میں چند ایسے سوالات بھی ہیں جنہیں نظر انداز کرنا آسان نہیں۔ اگر تعلیمی انصاف اور طلبہ کے حقوق واقعی اصولی اقدار ہیں، تو پھر مختلف معاملات میں یکساں حساسیت کیوں دکھائی نہیں دیتی؟ مثال کے طور پر، محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق کارروائیوں کے دوران کیا ملک گیر سطح پر ویسا ہی عوامی ردِعمل، ویسی ہی مہم اور ویسی ہی متحدہ آواز سنائی دی جو دیگر تعلیمی معاملات میں دیکھنے میں آئی؟ اگر کسی بھی تعلیمی ادارے کا وجود خطرے میں ہو تو کیا اس کا دفاع اس کی مذہبی یا نظریاتی شناخت سے بالاتر ہو کر نہیں ہونا چاہیے؟
اسی طرح ایک اور سوال یہ بھی ہے کہ وہ افراد، جو برسوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، جن کے مقدمات عدالتی مراحل سے گزرنے کے قابل بھی نہیں سمجھے جاتے، اور جن کے حقوق کے بارے میں مسلسل بحث جاری ہے، اُن کے لیے طلبہ کی اجتماعی تحریکوں میں وہی شدت کیوں دکھائی نہیں دی؟ عمر خالد اور شرجیل امام جیسے طلبہ کارکنان کے معاملے میں بھی یہ بحث سامنے آتی رہی ہے کہ کیا طلبہ برادری کو نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہر طالب علم کے بنیادی آئینی اور قانونی حقوق کے لیے یکساں آواز بلند نہیں کرنی چاہیے؟اگر انصاف واقعی ایک اصول ہے تو پھر اس کا معیار ہر فرد کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔
اسی تناظر میں کاکروچ جنتا پارٹی کے سربراہ ابھیجیت دپکے کے ایک انٹرویو کا بھی مختلف حلقوں میں ذکر کیا گیا، جس میں ان کے بقول اگر ان کا نام ’’خالد‘‘ہوتا یا وہ مسلمان ہوتے تو شاید ان کے ساتھ مختلف طرزِ عمل اختیار کیا جاتا۔ ایسے بیانات اختلافِ رائے کو جنم دے سکتے ہیں، لیکن یہ ضرور ظاہر کرتے ہیں کہ انصاف، امتیازی سلوک اور مساوی شہری حقوق کے حوالے سے مختلف حلقوں میں سنجیدہ سوالات موجود ہیں، جن کا جواب صرف سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ شفاف، غیر جانب دار اور آئینی طرزِ عمل سے ہی دیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مسلم تعلیمی اداروں کے حوالے سے مختلف ادوار میں متعدد تنازعات اور حکومتی کارروائیاں موضوعِ بحث بنتی رہی ہیں۔
ساتھ ہی یہ نکتہ بھی قابلِ غور ہے کہ کیا کسی بھی تعلیمی ادارے کو سیاسی اختلافات، نفرت یا نظریاتی کشمکش کی بنیاد پر کمزور کرنا یا منہدم کرنا انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے؟ اگر تعلیمی ادارے سیاست کا میدان بن جائیں تو نقصان صرف ایک طبقے کا نہیں بلکہ پورے ملک کے علمی مستقبل کا ہوتا ہے۔ اسی لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر تعلیمی ادارے، ہر طالبِ علم اور ہر شہری کے ساتھ یکساں عدل و انصاف کا برتاؤ کیا جائے، کیونکہ تعلیم کا تحفظ دراصل قوم کے مستقبل کا تحفظ ہے۔

روشن کہیں بہار کے امکاں ہوئے تو ہیں!

ان تمام تلخ حقیقتوں کے باوجود ایک حقیقت امید کی کرن بھی دکھاتی ہے۔ ہندوستان کے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے یہ بھی ثابت کیا کہ ظلم کے سامنے خاموشی ہمیشہ مقدر نہیں ہوتی۔ اگر شعور بیدار ہو، اتحاد برقرار رہے اور جدوجہد مسلسل جاری رہے تو مضبوط سے مضبوط نظام بھی جوابدہی پر مجبور ہو جاتا ہے۔
یہ صرف ایک احتجاج کی کامیابی نہیں تھی، بلکہ اس پیغام کی فتح بھی تھی کہ نوجوان نسل اپنے حقوق سے آگاہ ہے اور اپنے مستقبل کو چند بااثر حلقوں کی بے حسی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے لیے ہرگز تیار نہیں۔
آج ہندوستان کا تعلیمی نظام ایک ایسے نازک دوراہے پر کھڑا ہے، جہاں ایک راستہ اصلاحات، شفافیت، جوابدہی اور مساوی مواقع کی طرف جاتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ بداعتمادی، ذہنی دباؤ، ناانصافی اور سیاسی مداخلت کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ فیصلہ صرف حکومتوں کو ہی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کو بھی کرنا ہوگا۔کیونکہ اگر تعلیم سیاسی مفادات کی اسیر بن گئی، اگر امتحانات منافع بخش کاروبار میں تبدیل ہو گئے، اگر محنت کا صلہ بدعنوانی کی نذر ہو گیا، اور اگر سوال اٹھانے والوں کو خاموش کر دیا گیا، تو تاریخ یہ نہیں لکھے گی کہ محض ایک امتحان کا پرچہ لیک ہوا تھا؛ تاریخ یہ لکھے گی کہ ایک قوم نے اپنی ہی آنے والی نسلوں کے خواب، اعتماد اور مستقبل کو اپنے ہاتھوں مجروح کر دیا تھا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦