شوہر کی دوسری شادی کی بنا پر خلع کا مطالبہ

سوال:

میری شادی کو پچیس برس ہو چکے ہیں۔ میرے چار بچے ہیں؛ دو کی شادی ہو چکی ہے، جبکہ دو ابھی کم عمر ہیں۔ میرے شوہر سے ہمیشہ میرے تعلقات خوش گوار رہے ہیں۔ یہاں تک کہ میں نے ان کی مدد کے لیے اپنا وہ زیور بھی دے دیا جو مجھے اپنے والد سے ملا تھا۔ اس کے علاوہ کئی مرتبہ اپنے بھائی سے رقم لے کر بھی انھیں دی۔ میرے شوہر دینی مزاج رکھتے ہیں اور دعوت و تبلیغ کے کام میں خاصا وقت صرف کرتے ہیں۔چند دن قبل مجھے معلوم ہوا کہ انھوں نے تین برس پہلے ایک دوسری شادی کر لی تھی، جسے انھوں نے مجھ سے مکمل طور پر مخفی رکھا۔ جس خاتون سے انھوں نے نکاح کیا، وہ ایک معلمہ ہیں۔ معلوم ہوا کہ نکاح سے قبل تقریباً چار برس تک ان کے اس خاتون سے تعلقات رہے تھے۔ اب، جب مجھے اس حقیقت کا علم ہو چکا ہے، تو وہ کہتے ہیں: ’’اسلام نے دوسری شادی کی اجازت دی ہے، اور میں نے اس خاتون کی مدد اور سہارا دینے کی غرض سے اس سے نکاح کیا ہے۔‘‘یہ خاتون پہلے سے شادی شدہ تھیں اور ایک بیٹی کی ماں بھی ہیں۔ میری گزارش ہے کہ کیا میرے شوہر کے لیے یہ عمل شرعاً درست تھا کہ ایک شادی شدہ عورت کے ساتھ تعلقات قائم کریں، جس کے نتیجے میں اس کی ازدواجی زندگی متاثر ہوئی، اور پھر دوسری شادی کو شرعی جواز کے طور پر پیش کریں؟ مزید یہ کہ میں خود بھی ایک معلمہ تھی، مگر میرے شوہر نے مجھے ملازمت چھوڑنے پر آمادہ کیا، جبکہ بعد میں ایک دوسری معلمہ سے نکاح کر لیا۔براہِ کرم یہ بھی رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس صورتِ حال کی بنیاد پر میرے لیے اپنے شوہر سے خلع حاصل کرنا شرعاً جائز ہے؟

جواب:

آپ کے سوال کے دو اہم پہلو ہیں:
(۱) آپ کے شوہر کے طرزِ عمل کا شرعی جائزہ۔
(۲) اس صورتِ حال میں آپ کے لیے خلع کا حکم۔
ازدواجی زندگی محبت، رحمت، ایثار اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہوتی ہے۔ قرآنِ کریم نے میاں بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دیا ہے، جس سے مراد یہ ہے کہ ان کے درمیان اعتماد، راز داری اور باہمی شفافیت کا رشتہ ہونا چاہیے۔ اس لیے شوہر اور بیوی دونوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے سے کوئی اہم بات نہ چھپائیں۔ کوئی بات مخفی رکھنے سے بداعتمادی جنم لیتی ہے، دلوں میں دوریاں پیدا ہوتی ہیں اور گھر کا سکون، محبت اور اپنائیت متاثر ہوتی ہے۔یہ درست ہے کہ اسلام نے بعض شرائط کے ساتھ مرد کو ایک سے زیادہ نکاح کرنے کی اجازت دی ہے، لیکن یہ اجازت عدل، ذمہ داری اور تقویٰ کے ساتھ مشروط ہے۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو ایک ہی بیوی پر اکتفا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تَعْدِلُوا فَوَاحِدَةً (النساء:۳)

’’اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ اُن کے ساتھ عدل نہ کرسکو گے تو پھر ایک ہی بیوی کرو۔‘‘
لہٰذا صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ ’’اسلام نے دوسری شادی کی اجازت دی ہے‘‘، بلکہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا دوسری شادی کسی ظلم، فریب یا حقوق کی پامالی کے بغیر ہوئی ہے، پہلی بیوی کے حقوق ادا کیے جا رہے ہیں اور دونوں بیویوں کے درمیان عدل قائم رکھا جا رہا ہے یا نہیں۔اگر آپ کی بیان کردہ تفصیلات درست ہیں تو کئی برس تک دوسری خاتون سے تعلقات رکھنا، پھر خفیہ طور پر نکاح کرنا اور پہلی بیوی کو اس حقیقت سے بے خبر رکھنا شرعاً قابلِ مذمت طرزِ عمل ہے۔ مزید یہ کہ اگر وہ خاتون اس وقت کسی دوسرے شخص کے نکاح میں تھیں اور اسی دوران ان سے ناجائز تعلقات قائم کیے گئے، جس سے ان کا ازدواجی رشتہ متاثر ہوا، تو یہ ایک سنگین گناہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’جو شخص کسی عورت کو اس کے شوہر کے خلاف بھڑکائے، وہ ہم میں سے نہیں۔‘‘(سنن ابوداؤد: ۲۱۷۵ )
البتہ اگر اس خاتون کی پہلے اپنے شوہر سے طلاق ہو چکی تھی اور اس کے بعد ان سے نکاح کیا گیا تو ایسا نکاح شرعاً جائز ہے، لیکن اسے خفیہ رکھنا اور پہلی بیوی سے اس حقیقت کو چھپانا درست طرزِ عمل نہیں۔
رہا آپ کا دوسرا سوال، تو اسلام نے خلع کی اجازت دی ہے، لیکن اس کے کچھ حدود و شرائط ہیں۔ اسلام ازدواجی رشتے کو برقرار رکھنے اور اسے مستحکم بنانے کی تعلیم دیتا ہے، تاہم اگر حالات ایسے ہو جائیں کہ میاں بیوی کے لیے اللہ کی مقرر کردہ حدود پر قائم رہنا ممکن نہ رہے اور ساتھ رہنا انتہائی دشوار ہو جائے تو علیٰحدگی کی گنجائش دی گئی ہے۔ اگر شوہر علیٰحدگی چاہے تو طلاق دے سکتا ہے، اور اگر بیوی الگ ہونا چاہے تو وہ خلع کا مطالبہ کر سکتی ہے۔ شوہر کی ذمہ داری ہے کہ یا تو بیوی کو ساتھ رکھنے کی معقول صورت پیدا کرے یا اس کے خلع کے مطالبے کو قبول کرے۔
خلع کی صورت میں، اگر شوہر مہر کی واپسی کا مطالبہ کرے تو شرعی اصولوں کے مطابق اس کا معاملہ طے کیا جائے گا۔اگر آپ محسوس کرتی ہیں کہ آپ کے لیے اپنے شوہر کے ساتھ ازدواجی زندگی برقرار رکھنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے، ان پر آپ کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے، ان کے ساتھ رہنے سے شدید ذہنی اذیت لاحق ہوتی ہے اور آپ کو اندیشہ ہے کہ آپ ان کے حقوق ادا نہیں کر سکیں گی، تو ایسی صورت میں آپ کے لیے خلع کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا يُقِيمَا حُدُودَ اللَّهِ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا فِيمَا افْتَدَتْ بِهِ(البقرۃ: ۲۲۹ )

’’اگر تمہیں یہ خوف ہو کہ وہ دونوں حدود الٰہی پر قائم نہ رہیں گے، تو ان دونوں کے درمیان یہ معاملہ ہو جانے میں مضائقہ نہیں کہ عورت اپنے شوہر کو معاوضہ دے کر علیحدگی حاصل کرلے۔‘‘
البتہ میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ خلع کے فیصلے میں جلد بازی نہ کریں۔ آپ کے شوہر اپنے اعمال کے خود ذمہ دار ہیں۔ اگر انہوں نے آپ کے ساتھ ناانصافی کی ہے، آپ کے حقوق پامال کیے ہیں یا آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے تو اس کی جواب دہی انہیں اللہ تعالیٰ کے حضور کرنی ہوگی۔آپ اپنی ذمے داری بہ حسن و خوبی انجام دیتی رہیں تو اس کا اجر پائیں گی۔ لیکن اگر آپ شوہر کے رویّے سے بہت اذیت محسوس کر رہی ہیں اور آپ کے دل میں اُن کے لیے نفرت پیدا ہو گئی ہے، تو آپ کے لیے خلع حاصل کرنے کی گنجائش ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦