ازدواجی محبت: مضبوط خاندان کی بنیاد اور محبت کے اندازاسلام، نفسیات اور جدید تحقیق کی روشنی میں

اللہ تعالیٰ نے انسان کو محض جسم ہی نہیں، بلکہ دل، روح اور بے شمار جذبات بھی عطا فرمائے ہیں۔ جس طرح جسم کو زندہ رہنے کے لیے خوراک، پانی اور ہوا کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح دل کو بھی محبت، عزت، اپنائیت، توجہ اور قبول کیے جانے کے احساس کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان دنیا کی ہر آسائش حاصل کر لے، لیکن اگر اسے اپنے ہی گھر میں محبت، سکون اور جذباتی آسودگی نہ ملے تو وہ اندر سے خالی، بے چین اور تنہا محسوس کرنے لگتا ہے۔جب ایک باحیا اور باکردار لڑکی جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتی ہے تو اس کے دل میں بھی محبت کے حسین خواب جنم لیتے ہیں، مگر وہ اپنے جذبات کو ایک حلال اور پاکیزہ رشتے کے لیے محفوظ رکھتی ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ اس کا شریکِ حیات اس کا بہترین دوست ہو، اس کے ساتھ اپنے دل کی باتیں کرے، اس کی خوشیوں اور غموں میں شریک رہے، اس کا ہاتھ تھامے، اس کی حوصلہ افزائی کرے اور زندگی کے ہر موڑ پر اس کا سہارا بنے۔
اسی طرح ہر شوہر بھی یہ خواہش رکھتا ہے کہ اس کا گھر اس کے لیے سکون اور اطمینان کا گہوارہ ہو، جہاں اسے عزت دی جائے، اس کی محنت کی قدر کی جائے، اس کی تھکن کو سمجھا جائے اور اسے یہ احساس ہو کہ وہ اپنے خاندان کے لیے اہم اور قابلِ احترام ہے۔بدقسمتی سے بہت سے گھروں میں محبت ختم نہیں ہوتی، بلکہ اس کا اظہار کم ہوتا جاتا ہے۔ شوہر اپنی ذمہ داریوں میں مصروف ہو جاتا ہے، بیوی گھریلو امور اور بچوں کی تربیت میں مشغول ہو جاتی ہے، اور آہستہ آہستہ گفتگو کم ہو جاتی ہے، مسکراہٹیں ماند پڑ جاتی ہیں، تعریف کے الفاظ ناپید ہونے لگتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ گزارا جانے والا وقت بھی محدود ہو جاتا ہے۔ پھر ایک وقت ایسا آتا ہے کہ دونوں ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے بھی جذباتی طور پر ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔

محبت کی کمی کے نفسیاتی اثرات

نفسیات کے مطابق انسان کی بنیادی ضروریات میں صرف خوراک، لباس اور رہائش ہی شامل نہیں بلکہ جذباتی وابستگی (Emotional Connetion)بھی ایک اہم ضرورت ہے۔ جب شوہر یا بیوی کو اپنے شریکِ حیات سے محبت، توجہ، عزت اور اپنائیت نہیں ملتی تو احساسِ محرومی پیدا ہونے لگتا ہے۔ یہی محرومی آہستہ آہستہ چڑچڑے پن، غصے، بے چینی، احساسِ تنہائی، خود اعتمادی میں کمی اور بعض اوقات شدید ذہنی دباؤ یا افسردگی کا سبب بن جاتی ہے۔اس کے اثرات صرف میاں بیوی تک محدود نہیں رہتے بلکہ بچوں کی شخصیت، ان کی تربیت، خاندانی ماحول اور پورے معاشرے پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

محبت کی کمی اور معاشرتی بگاڑ

آج ایک تشویشناک حقیقت یہ ہے کہ ناجائزازدواجی تعلقات (Extra-Marital Effairs) میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بلاشبہ اس کی بنیادی وجہ ایمان کی کمزوری اور اللہ تعالیٰ کے احکام سے دوری ہے، اور کسی بھی قسم کی محرومی گناہ کا جواز نہیں بن سکتی۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ جب گھر میں جذباتی سکون ختم ہو جائے، ایک دوسرے کی قدر باقی نہ رہے اور اظہارِ محبت ماند پڑ جائے تو بعض افراد، جو اپنے نفس پر قابو نہیں رکھ پاتے، غلط راستوں کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔لہٰذا صرف برائی کی مذمت کافی نہیں، بلکہ گھروں میں محبت، باہمی اعتماد، مؤثر گفتگو، جذباتی قربت اور ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھنے کی فضا بھی قائم کرنا ہوگی۔ یہی مضبوط اور پُرسکون خاندان، ایک صالح اور متوازن معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔

سوشل میڈیا کا فریب

آج فلمیں، ڈرامے اور سوشل میڈیا ازدواجی زندگی کی ایک غیر حقیقی اور مصنوعی تصویر پیش کر رہے ہیں، جہاں ہر وقت رومان، ہر روز تحائف، ہر لمحہ خوشی اور ہر منظر دلکشی سے بھرپور دکھایا جاتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لوگ اپنی حقیقی زندگی کا موازنہ ایک خیالی دنیا سے کرنے لگتے ہیں۔
شوہر یہ توقع کرنے لگتا ہے کہ اس کی بیوی ہمیشہ فلمی اداکارہ کی طرح نظر آئے، جبکہ بیوی بھی یہ امید باندھ لیتی ہے کہ اس کا شوہر ہر وقت فلمی ہیرو کی طرح رومانوی طرزِ عمل اختیار کرے۔حقیقت یہ ہے کہ ازدواجی زندگی ذمہ داریوں، معاشی دباؤ، بچوں کی تربیت، بیماریوں اور وقت کے بدلتے تقاضوں سے عبارت ہے۔ اسی لیے غیر حقیقی توقعات اکثر مایوسی، بے چینی اور میاں بیوی کے درمیان جذباتی فاصلے پیدا کر دیتی ہیں۔

محبت کی پانچ زبانیں

مشہور ماہرِ خاندانی تعلقات گیری چیپ مین (Gary Chapman) کے مطابق ہر انسان محبت کو محسوس کرنے اور اس کا اظہار قبول کرنے کا ایک منفرد انداز رکھتا ہے۔ اگر میاں بیوی ایک دوسرے کی محبت کی زبان کو سمجھ لیں تو بہت سے اختلافات خود بخود ختم ہو سکتے ہیں۔
1۔ محبت بھرے الفاظ :بعض لوگوں کے لیے محبت کا سب سے مؤثر اظہار اچھے اور حوصلہ افزا الفاظ ہوتے ہیں۔’’ مجھے تم پر فخر ہے۔‘‘’’اللہ تعالیٰ تمہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔‘‘ ’’تم نے بہت اچھا کام کیا۔‘‘بعض اوقات محبت بھرے چند الفاظ انسان کی ساری تھکن اور دل کی اداسی دور کر دیتے ہیں۔
2۔ معیاری وقت:کچھ لوگوں کے لیے سب سے قیمتی تحفہ وقت ہوتا ہے۔روزانہ صرف پندرہ سے بیس منٹ موبائل فون سے دور رہ کر شریکِ حیات کی بات توجہ سے سننا، ایک ساتھ چائے پینا یا چہل قدمی کرنا بھی محبت کے خوبصورت اظہار میں شامل ہے۔
3۔ تحائف:تحفے کی قیمت اہم نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے موجود خلوص، محبت اور احساس زیادہ اہم ہوتا ہے۔ایک پھول، ایک کتاب، پسندیدہ چیز یا سفر سے لائی گئی معمولی سی سوغات بھی محبت کے رشتے میں نئی تازگی پیدا کر دیتی ہے۔
4۔ خدمت :شریکِ حیات کے کاموں میں ہاتھ بٹانا بھی محبت کا عملی اظہار ہے۔شوہر کا بچوں کی دیکھ بھال میں حصہ لینا، بیوی کا شوہر کی ضروریات کا خیال رکھنا، بیماری میں تیمارداری کرنا یا تھکن کے وقت ایک کپ چائے بنا دینا ایسے چھوٹے چھوٹے اعمال ہیں جو محبت کو مضبوط اور تعلقات کو خوشگوار بنا دیتے ہیں۔

5۔ جسمانی قربت : یہ بھی محبت کی ایک اہم زبان ہے، جس کی بنیاد احترام، اعتماد، رضامندی اور باہمی جذباتی وابستگی پر قائم ہوتی ہے۔ ازدواجی زندگی میں مناسب جسمانی قربت میاں بیوی کے درمیان محبت، اطمینان اور تعلق کے احساس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اسلام ہمیں کیا سکھاتا ہے؟:محبت سے ہاتھ تھام لینا، شفقت سے کندھے پر ہاتھ رکھنا، مسکرا کر قریب بیٹھ جانا یا گلے لگا لینا انسان کو جذباتی تحفظ اور قلبی سکون عطا کرتا ہے۔اسلام نے چودہ سو سال پہلے ہی محبت، رحمت اور حسنِ معاشرت کے یہ سنہری اصول سکھا دیے تھے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَجَعَلَ بَیْنَكُمْ مَّوَدَّةً وَّرَحْمَةً ؕ (سورہ روم 21 )

’’اور اس نے تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی تاکہ تم ایک دوسرے سے سکون حاصل کرو۔‘‘
رسولِ اکرم ﷺ اپنی ازواجِ مطہرات ؓ کے ساتھ محبت، شفقت، حسنِ معاشرت اور احترام کا بہترین عملی نمونہ پیش فرماتے تھے۔ آپ ﷺ ا ان سے گفتگو کرتے، ان کے ساتھ کھانا تناول فرماتے، سفر میں انہیں ساتھ رکھتے، ان کی دلجوئی فرماتے اور ہمیشہ ان کی عزت و تکریم کا خیال رکھتے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے اہل و عیال کے لیے سب سے بہتر ہو، اور میں اپنے اہل کے لیے تم سب سے بہتر ہوں۔‘‘ یہی اسلامی ازدواجی زندگی کا حقیقی نمونہ ہے۔

مضبوط گھر، مضبوط نسل

بچے صرف ہماری نصیحتوں سے نہیں بلکہ ہمارے کردار سے سیکھتے ہیں۔ وہی بنتے ہیں جو اپنے والدین کے عمل میں دیکھتے ہیں۔اگر وہ گھر میں محبت، احترام، درگزر، تعاون اور خوش اخلاقی کا ماحول دیکھیں گے تو یہی اوصاف ان کی شخصیت کا حصہ بن جائیں گے۔ لیکن اگر گھر خاموشی، بے اعتنائی اور تلخی کا مرکز بن جائے تو اس کے منفی اثرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں۔اسی لیے ایک مضبوط معاشرہ صرف مضبوط معیشت سے نہیں بلکہ مضبوط، پُرسکون اور محبت کرنے والے خاندانوں سے تشکیل پاتا ہے۔

اب بھی دیر نہیں ہوئی

اگر برسوں گزر چکے ہوں تو بھی اصلاح کا دروازہ بند نہیں ہوتا۔آج ہی اپنے شریکِ حیات سے محبت بھرے چند الفاظ کہیے۔اس کی خوبیوں کا اعتراف کیجیے۔اس کے لیے وقت نکالیے۔اس کی بات توجہ سے سنیے۔اسے ایک چھوٹا سا تحفہ دیجیے۔اس کے کاموں میں تعاون کیجیے۔اور روزانہ اسے یہ احساس دلائیے کہ: ’’تم میری زندگی کا قیمتی حصہ ہو۔‘‘

اختتام

ازدواجی محبت نہ تو محض عیش و عشرت کا نام ہے اور نہ ہی فلمی رومان کا۔ یہ ایک نفسیاتی، روحانی اور معاشرتی ضرورت ہے۔جب میاں بیوی ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے ہیں، محبت کا اظہار کرتے ہیں، ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے لیے سکون کا ذریعہ بنتے ہیں تو صرف ایک پُرسکون اور خوشحال گھر ہی تشکیل نہیں پاتا بلکہ ایک مضبوط نسل اور ایک صالح معاشرہ بھی پروان چڑھتا ہے۔
یاد رکھیے! گھر صرف اینٹوں اور دیواروں سے نہیں بنتا، بلکہ محبت، رحمت، احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کے لیے نکالے گئے وقت سے آباد ہوتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Firdos Jahan Shaikh

    Mashallah jindagi me hrarat paida karne wali taqreer

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦