قاری کی رائے

محترمہ مدیرہ، ماہنامہ ’’ھادیہ ای میگزین‘‘
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ماہنامہ ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کا جولائی 2026ء کا شمارہ مطالعہ کرنے کا موقع ملا۔ یہ شمارہ علمی، فکری، تربیتی اور روحانی اعتبار سے نہایت وقیع، جامع اور معیاری پیشکش ہے۔ موجودہ دور میں جب ذرائع ابلاغ کا بڑا حصہ سطحی اور غیر سنجیدہ مواد سے بھر چکا ہے، ایسے ماحول میں’’ھادیہ‘‘ علم، شعور، کردار سازی اور مثبت سماجی تبدیلی کا ایک مؤثر ذریعہ بن کر سامنے آیا ہے۔اس شمارے کا آغاز درسِ قرآن’’تقدیر، مصیبت اور مومن کا یقین‘‘ سے ہوتا ہے، جو آزمائشوں کے درمیان اللہ تعالیٰ کی تقدیر پر کامل ایمان، صبر اور توکل کا حسین درس دیتا ہے اور قاری کے ایمان کو تازگی اور استحکام عطا کرتا ہے۔ اسی طرح درسِ حدیث ’’ظالم اور مظلوم کی مدد کا اسلامی تصور‘‘ نہایت مؤثر انداز میں یہ واضح کرتا ہے کہ اسلام صرف مظلوم کی مدد کا ہی حکم نہیں دیتا، بلکہ ظالم کو ظلم سے روکنا بھی اس کی حقیقی مدد ہے۔ یہ دونوں مضامین شمارے کی فکری اور روحانی بنیاد کو مضبوط بناتے ہیں۔اس شمارے کی ایک نمایاں خوبی موضوعات کا تنوع ہے۔ آبادی پر کنٹرول، گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر ظلم، سادگی، خواتین کے مسائل اور معاشرتی اصلاح جیسے اہم موضوعات پر فکر انگیز اور بصیرت افروز مضامین قارئین کو اپنے معاشرے کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی دعوت دیتے ہیں۔عصری تقاضوں کے پیشِ نظر چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کے غیر ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل چوری، نوعمری کے نفسیاتی مسائل اور صحت سے متعلق مفید معلومات کو بھی متوازن انداز میں شامل کیا گیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ’’ھادیہ‘‘ بدلتے ہوئے زمانے کے چیلنجز کا اسلامی نقطۂ نظر سے گہرا تجزیہ پیش کرتا ہے۔
ادب سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے افسانہ، غزلیں اور مرزا غالب پر مضمون، جبکہ بچوں کے لیے تربیتی مواد اس شمارے کی کشش میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔خصوصاً’’بہنیں پوچھتی ہیں‘‘ کے مستقل فقہی گوشے نے اس شمارے کی افادیت کو دوچند کر دیا ہے۔ خواتین کو درپیش عملی اور شرعی مسائل پر مستند رہنمائی، بالخصوص بیوہ عورت کی عدت جیسے حساس مسئلے پر مدلل جواب، اس بات کا ثبوت ہے کہ ’’ھادیہ‘‘خواتین کی دینی اور فقہی رہنمائی کو اپنی اہم ذمہ داری سمجھتا ہے۔ یہ مستقل فقہی گوشہ خواتین کو پیش آنے والے عملی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ایک مستند اور قابلِ اعتماد رہنما کی حیثیت رکھتا ہے۔میری نظر میں ’’ھادیہ‘‘ صرف ایک ادبی یا معلوماتی ای میگزین نہیں، بلکہ ایک ہمہ جہت تربیتی، فکری اور دعوتی پلیٹ فارم ہے، جو خواتین، نوجوانوں اور خاندانوں کی مثبت تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
میں ادارۂ ھادیہ، محترمہ مدیرہ اور تمام اہلِ قلم کو اس معیاری، بامقصد اور مفید کاوش پر دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس میگزین کو مزید وسعت، مقبولیت، قبولیت اور اثر عطا فرمائے، اسے امتِ مسلمہ کی فکری، اخلاقی اور دینی رہنمائی کا مؤثر ذریعہ بنائے، اور اس سے وابستہ تمام اہلِ قلم کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔
والسلام

سسٹر شازیہ!
و علیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا مراسلہ موصول ہوا۔ یہ جان کر دلی مسرت ہوئی کہ آپ بڑی تندہی سے نہ صرف ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کا مطالعہ کرتی ہیں بلکہ قدرشناسی کا حق ادا کرتے ہوئے ہمیں اپنی قیمتی آراء سے بھی آگاہ کرتی ہیں۔
خواتین کے درمیان ہادیہ ای میگزین کا مقصد اُن سے متعلق اہم موضوعات اور عناوین پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔
الحمد للہ! آپ کا مراسلہ ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے اور اس بات کا اطمینان دلاتا ہے کہ خواتین ان موضوعات کی طرف متوجہ ہیں اور انہیں سنجیدگی سے پڑھ رہی ہیں۔ہم آپ کی اس محبت، توجہ اور حوصلہ افزائی پر دل کی گہرائیوں سے ممنون و مشکور ہیں۔

والسلام
ایڈیٹر
ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦