’’پچھلے ہفتے میری ایک آن لائن میٹنگ تھی۔ میٹنگ شروع ہونے ہی والی تھی کہ اچانک اسکرین پر ایک نوٹیفکیشن آیا۔‘‘
Read.ai Meeting Notes
(Gemini is requesting to join this meeting)
کچھ لمحوں بعد ایک اور پیغام نظر آیا کہ AI میٹنگ کے نوٹس اور خلاصہ تیار کرنے میں مدد کرے گی۔ میں نے اجازت دی، میٹنگ شروع ہوئی، گفتگو چلتی رہی اور ہم اپنے کام میں مصروف ہو گئے۔میٹنگ ختم ہوئی تو سب لوگ ایک ایک کرکے لاگ آؤٹ ہو گئے، مگر ایک شریک ابھی بھی میرے ذہن میں موجود تھا۔۔۔وہ نہ انسان تھا، نہ کیمرے میں نظر آ رہا تھا، بلکہ وہ AI تھا۔ اس نے ہماری گفتگو سنی، اہم نکات الگ کیے، فیصلوں کو ترتیب دیا اور چند لمحوں بعد پوری میٹنگ کا جامع خلاصہ میرے سامنے پیش کر دیا۔میں کافی دیر تک اس اسکرین کو دیکھتی رہی۔ دل میں ایک عجیب سا سوال پیدا ہوا ۔۔۔
اگر اب میٹنگز میں AI ہمارے ساتھ بیٹھ سکتی ہے، تو پھر سوشل میڈیا پر وہ ہمارے بارے میں کتنا کچھ جانتی ہوگی؟
’’جب انسٹاگرام آپ سے زیادہ آپ کو جاننے لگے۔۔۔‘‘
آپ نے کبھی محسوس کیا ہے؟
آپ صرف ایک ویڈیو دیکھتے ہیں۔۔۔
اور دوسری بھی ویسی ہی آ جاتی ہے۔
آپ ایک جیکٹ سرچ کرتے ہیں۔۔۔
اور اگلے تین دن ہر جگہ وہی جیکٹ آپ کا پیچھا کرتی رہتی ہے۔
آپ کسی شہر کی صرف ایک ریل (Reel) دیکھتے ہیں۔۔۔
اور پورا فیڈ ٹریول ویڈیوز سے بھر جاتا ہے۔
پہلے پہل تو لگتا ہے جیسے یہ سب اتفاق ہو۔
پھر آہستہ آہستہ احساس ہوتا ہے۔۔۔
یہ اتفاق نہیں۔
یہ AI ہے۔
وہ خاموشی سے دیکھ رہی ہوتی ہے کہ آپ کہاں رکتے ہیں، کس چیز پر زیادہ وقت صرف کرتے ہیں، کس پوسٹ کو پسند کرتے ہیں اور کسے نظر انداز کر دیتے ہیں۔شاید اسی لیے کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسٹاگرام اب ہمیں، خود ہم سے بھی زیادہ جاننے لگا ہے۔
’’گوگل میٹ میں وہ نیا مہمان۔۔۔‘‘
ایک وقت تھا جب میٹنگ میں صرف انسان شریک ہوتے تھے۔
کسی کے کیمرے پر مسکراہٹ ہوتی تھی۔۔۔
کسی کی آواز میں اعتمادہوتاتھا۔۔۔
ور کوئی ہمیشہ کی طرح دیر سے جوائن کرتا تھا۔
اب ایک نیا شریک بھی آ گیا ہے۔
خاموش۔۔۔
بغیر چہرے کے۔۔۔
بغیر آواز کے۔۔۔
مگر سب کی بات غور سے سنتا ہے۔
جب Google Meet میں Gemini کے AI فیچرز استعمال ہوتے ہیں تو اسکرین پر ایک اطلاع آتی ہے کہ AI میٹنگ میں شامل ہو رہی ہے۔ اس کا کام گفتگو کو سمجھنا، نوٹس تیار کرنا، ٹرانسکرپٹ بنانا اور آخر میں میٹنگ کا خلاصہ پیش کرنا ہوتا ہے۔
سہولت یقیناً شاندار ہے۔
لیکن اسی لمحے ذہن میں ایک سوال بھی پیدا ہوتا ہے۔۔۔
اگر آج AI ہماری میٹنگ سمجھ سکتی ہے۔۔۔
تو کل وہ اور کیا کچھ سمجھنے لگے گی؟
’’ہم مفت ایپس استعمال کرتے ہیں۔۔۔یا ایپس ہمیں استعمال کر رہی ہیں؟‘‘
ہم روزانہ فیس بک کھولتے ہیں۔
انسٹاگرام اسکرول کرتے ہیں۔
واٹس ایپ پر گھنٹوں بات کرتے ہیں۔
یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھتے ہیں۔
اور یہ سب بغیر کوئی فیس دیے۔
پھر کبھی سوچا۔۔۔
یہ کمپنیاں اربوں ڈالر کماتی کیسے ہیں؟
صرف اشتہارات سے؟
جزوی طور پر۔
اصل دولت وہ معلومات ہیں جو ہم ہر روز خود ان کے حوالے کرتے رہتے ہیں۔
ہم کیا پسند کرتے ہیں۔
کیا خریدنا چاہتے ہیں۔
کس موضوع پر زیادہ دیررکتے ہیں۔
کس خبر پر جذباتی ہو جاتے ہیں۔
یہ سب AI کے لیے صرف معلومات نہیں۔۔۔
بلکہ ہماری ایک مکمل ڈیجیٹل پروفائل ہے۔
’’NCRBکی رپورٹ کیوں خطرے کی گھنٹی ہے؟‘‘
چند سال پہلے فراڈ کا مطلب جعلی دستخط، چوری یا ڈاکہ ہوتا تھا۔
آج صرف ایک موبائل کافی ہے۔
ایک لنک۔۔۔۔۔۔
ایک OTP۔۔۔
یا ایک جعلی ویب سائٹ۔۔۔
اور برسوں کی جمع پونجی چند منٹوں میں ختم ہو سکتی ہے۔
حالیہ NCRB رپورٹ بھی اسی بدلتی ہوئی حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
ڈیجیٹل فراڈ، آن لائن جرائم اور سائبر دھوکہ دہی میں مسلسل اضافہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جرائم اب صرف سڑکوں پر نہیں ہوتے۔۔۔
وہ ہمارے موبائل کی اسکرین پر بھی ہوتے ہیں۔
ڈیٹا لیک۔۔۔ ایک تصویر کی قیمت کتنی ہو سکتی ہے؟
’’ہم اکثر ہنس کر کہتے ہیں۔۔۔
’’میری تصویر سے کسی کو کیا ملے گا؟‘‘
’’میرے پاس چھپانے کے لیے ہے ہی کیا؟‘‘
لیکن ذرا تصور کیجیے۔۔۔
ایک تصویر۔۔۔
ایک فون نمبر۔۔۔
ایک ای میل۔۔۔
ایک لوکیشن۔۔۔
اور آپ کی چند پسندیدہ چیزیں۔۔۔
جب یہ سب ایک ساتھ جمع ہو جائیں تو یہ صرف معلومات نہیں رہتیں۔
یہ آپ کی پوری زندگی کا نقشہ بن جاتی ہیں۔
اسی لیے ماہرین کہتے ہیں کہ آج کے دور میں ڈیٹا بھی ایک قیمتی اثاثہ ہے۔
اور جب یہی ڈیٹا لیک ہوتا ہے تو صرف معلومات نہیں چوری ہوتیں۔۔۔
اعتماد بھی ٹوٹ جاتا ہے۔
’’کیا واقعی ہماری پرائیویسی اب صرف ایک وہم رہ گئی ہے؟‘‘
شاید ایسا کہنا درست نہیں ہوگا۔
لیکن یہ ضرور سچ ہے کہ پرائیویسی کا مفہوم بدل چکا ہے۔
ہم خود بھی اپنی زندگی کا بہت بڑا حصہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔
اور باقی معلومات ہماری آن لائن سرگرمیاں خاموشی سے ظاہر کر دیتی ہیں۔
AI اس سارے ڈیٹا کو سمجھنے میں پہلے سے کہیں زیادہ ذہین ہو چکی ہے۔
اس لیے سوال صرف ٹیکنالوجی کا نہیں۔۔۔
ہماری ذمہ داری کا بھی ہے۔
احتیاط کیا کریں؟
٭ AI سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، لیکن آنکھیں بند کر کے اس پر بھروسا کرنا بھی دانشمندی نہیں۔
٭ ہر نئی ایپ انسٹال کرنے سے پہلے یہ ضرور دیکھیں کہ وہ کن معلومات تک رسائی مانگ رہی ہے۔
٭ غیر ضروری اجازتیں (Permissions) بند رکھیں۔
٭ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں۔
مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور Two-Factor Authentication ضرور فعال کریں۔
اور سب سے اہم بات۔۔۔
٭ ہر تصویر، ہر لوکیشن اور اپنی ہر ذاتی بات سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ضروری نہیں ہوتا۔
یاد رکھیے۔۔۔
٭ انٹرنیٹ کبھی کچھ نہیں بھولتا۔
آخری بات۔۔۔
٭ مصنوعی ذہانت ہماری زندگی کو آسان بنا رہی ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔
٭ لیکن ہر سہولت کے ساتھ ایک ذمہ داری بھی آتی ہے۔
آخری سوال۔۔۔
شاید آنے والے برسوں میں سب سے قیمتی چیز سونا یا جائیداد نہیں ہوگی۔۔
بلکہ انسان کی ذاتی معلومات ہوں گی۔۔۔۔
سوال یہ نہیں کہ AI کتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا ہم بھی اسی رفتار سے اپنی پرائیویسی کی حفاظت کرنا سیکھ رہے ہیں؟
کیونکہ کبھی کبھی ۔۔۔
سب سے خاموش نگرانی وہ ہوتی ہے۔۔۔
جس کا ہمیں احساس بھی نہیں ہوتا۔
٭ ٭ ٭


نہایت معلوماتی اور دل چسپ تحریر!
عموماً ایسے موضوعات پر لکھنے والے اس کو انگریزی الفاظ اور اصطلاحات سے بوجھل کر دیتے ہیں،جس سے پڑھنے والے کو بوریت کے ساتھ کئی بار کوفت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے،مگر اس کالم میں سب ایڈیٹر صاحبہ کی تحریروں کی شگفتگی اپنی اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔شکریہ آپ کا،ایسے ہی لکھتی رہیں،اور ہماری معلومات میں اضافے کا سامان بہم کرتی رہیں۔
جزاک اللہ خیرا کثیرا
Very informative regarding AI
Bahut simple aur asrangez andaz hai aapka
Jazakallah khair
جزاک اللہ خیرا کثیرا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ماشاءاللہ، ہادیہ میگزین کا مستقل قاری ہوں اور بالخصوص ڈاکٹر مبشرہ خان فردوس، زہرہ فاطمہ صاحبہ کے کالم اور ’’ٹی ٹائم‘‘ شوق سے پڑھتا ہوں۔
زہرہ فاطمہ صاحبہ کے کالم جو کالم ہوتے ہیں، اگر صاحب مضمون کی ااور ہادیہ انتظامیہ کی اجازت ہوتو کیا میں اس کالم کو کاپی کرکے مضمون نگار کے نام کے ساتھ قسط وار اپنے واٹس ایپ چینل پر نشر کرسکتا ہوں؟
اگر اجازت مرحمت فرمائیں تو باعثِ تشکر ہوگا۔
جزاکم اللہ خیراً