طلاق ایک انسانی ضرورت ہے، اس حقیقت کو دنیا تسلیم کر چکی ہے۔ اسی لیے جہاں تمام ادیان میں طلاق کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا ہے اور اس کے لیے واضح خطوط متعین کیے گئے ہیں، وہیں معاصر قوانین میں بھی طلاق کا نظام رکھا گیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اب طلاق کی ضرورت پر گفتگو کی ضرورت باقی نہیں رہی، البتہ یہ سوال اب بھی بحث طلب ہے کہ طلاق کا اختیار کس کو ملنا چاہیے؟
تین امکانات
عقلی طور پر نکاح کے خاتمے کے بنیادی اختیار کے بارے میں صرف تین امکانات پائے جاتے ہیں۔ پہلا امکان یہ ہے کہ طلاق کا اختیار صرف مرد کو حاصل ہو، دوسرا امکان یہ ہے کہ طلاق کا اختیار صرف عورت کو حاصل ہو، اور تیسرا امکان یہ ہے کہ مرد و عورت کے بجائے عدالت یا سماج کو یہ اختیار دیا جائے۔
اسلامی نقطۂ نظر
اسلام کے عائلی نظام میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ خاندان کی سربراہی اور معاشی ذمہ داری مرد پر رکھی گئی ہے۔ نکاح کے نتیجے میں عورت کے نفقہ، مہر، رہائش اور دیگر مالی ذمہ داریاں مرد سے متعلق ہیں۔ اس ذمہ داری کا لازمی نتیجہ یہی ہے کہ اس رشتے کو ختم کرنے کی اگر کبھی ضرورت پیش آئے تو اس کا اختیار مرد کو ہی ملنا چاہیے، تبھی ذمہ داری اور اختیار میں تناسب ممکن ہو سکتا ہے۔قرآن میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے ۔
الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءِ بِمَا فَضَّلَ اللَّهُ بَعْضَهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ وَبِمَا أَنْفَقُوا مِنْ أَمْوَالِهِمْ
(سورۂ انساء: 34)
’’مرد عورتوں پر قوّام ہیں،اس بنا پر کہ اللہ نے اُن میں سے ایک کو دُوسرے پر فضیلت دی ہے،اور اس بنا پر کہ مرد اپنے مال خرچ کرتے ہیں۔’’
اس آیت میں دو علتیں بیان کی گئی ہیں: اول، بعض اوصاف و صلاحیتوں میں فرق، اور دوم، مالی ذمہ داری۔
علامہ ابن کثیر اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں:
وَبِمَا أَنْفَقُوا مِنْ أَمْوَالِهِمْ أَيْ: مِنَ الْمُهُورِ وَالنَّفَقَاتِ وَالْكُلَفِ الَّتِي أَوْجَبَهَا اللَّهُ عَلَيْهِمْ لَهُنَّ فِي كِتَابِهِ وَسُنَّةِ نَبِيِّهِ ﷺ، فَالرَّجُلُ أَفْضَلُ مِنَ الْمَرْأَةِ فِي نَفْسِهِ، وَلَهُ الْفَضْلُ عَلَيْهَا وَالْإِفْضَالُ، فَنَاسَبَ أَنْ يَكُونَ قَيِّمًا عَلَيْهَا، كَمَا قَالَ اللَّهُ تَعَالَى: وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ.
ترجمہ:
’’اور مردوں کے قوام ہونے کی ایک وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے مال خرچ کرتے ہیں، یعنی مہر، نفقہ اور وہ تمام مالی ذمہ داریاں جو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب اور اپنے نبی ﷺ کی سنت میں ان پر عائد کی ہیں۔ پس مرد کو بعض پہلوؤں سے عورت پر فضیلت حاصل ہے اور اسی مناسبت سے اسے عورت کا نگہبان اور ذمہ دار بنایا گیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’اور مردوں کو عورتوں پر ایک درجہ حاصل ہے۔‘‘
وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
(سورۂ بقرہ: 228)
’’ البتہ مردوں کو ان پر ایک درجہ حاصل ہے۔ اور سب پر اللہ غالب اقتدار رکھنے والا اور حکیم ودانا موجود ہے ۔‘‘
امام رازی اس آیت کے تحت لکھتے ہیں:
جان لینا چاہیے کہ مرد کی عورت پر فضیلت ایک معلوم اور مسلم امر ہے، البتہ یہاں اس فضیلت کے ذکر میں دو احتمالات ہیں۔
پہلا احتمال یہ ہے کہ مرد کئی امور میں عورتوں پر زائد فضیلت رکھتا ہے۔ ان امور میں سے ایک عقل ہے، دوسرا دیت کا مسئلہ ہے، تیسرا میراث کا مسئلہ ہے، چوتھا امامت، قضاء اور شہادت کی اہلیت ہے، پانچواں یہ ہے کہ مرد کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ہوتے ہوئے دوسری شادی کرے یا باندی رکھے، جبکہ عورت کو شوہر کی موجودگی میں ایسا کوئی حق حاصل نہیں۔ چھٹا یہ ہے کہ بعض صورتوں میں شوہر کو بیوی کی میراث میں اتنا حصہ ملتا ہے جو بیوی کو شوہر کی میراث میں ملنے والے حصے سے زیادہ ہوتا ہے۔ ساتواں یہ ہے کہ شوہر اپنی بیوی کو طلاق دینے کا اختیار رکھتا ہے، اور جب وہ طلاق دے دے تو رجعی طلاق کی صورت میں اس کو رجوع کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوتا ہے، خواہ عورت اس پر راضی ہو یا نہ ہو، جبکہ عورت کو شوہر کو طلاق دینے کا اختیار حاصل نہیں، نہ ہی طلاق کے بعد وہ شوہر کو واپس لینے کی قدرت رکھتی ہے، نیز وہ شوہر کو رجوع کرنے سے بھی نہیں روک سکتی۔ آٹھواں یہ ہے کہ مالِ غنیمت میں مرد کا حصہ عورت کے حصے سے زیادہ ہوتا ہے۔
پس جب ان امور میں مرد کی فضیلت ثابت ہو گئی تو ظاہر ہوا کہ عورت مرد کے مقابلے میں ایسی ہے جیسے کوئی کمزور اور بے بس قیدی اپنے نگہبان کے ہاتھ میں ہو۔دوسرا احتمال یہ ہے کہ اس آیت کا مقصد یہ بیان کرنا ہو کہ ازدواجی زندگی سے حاصل ہونے والے منافع، راحتیں اور لذتیں دونوں فریقوں کے درمیان مشترک ہیں، کیونکہ نکاح کا اصل مقصد سکون، باہمی انس و محبت، نسلوں کا باہم مربوط ہونا، اعوان و احباب کی کثرت اور جائز لذت کا حصول ہے، اور یہ تمام فوائد مرد و عورت دونوں کو حاصل ہوتے ہیں، بلکہ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ان فوائد میں عورت کا حصہ بعض اعتبار سے مرد سے زیادہ ہوتا ہے۔
پھر اس کے باوجود شوہر کو بعض اضافی حقوق اور ذمہ داریاں دی گئی ہیں، مثلاً مہر ادا کرنا، نفقہ برداشت کرنا، بیوی کی حفاظت کرنا، اس کے مصالح و ضروریات کا انتظام کرنا اور اسے آفات و خطرات سے بچانا۔ جب مرد ان اضافی ذمہ داریوں کا مکلف بنایا گیا تو ان کے مقابلے میں عورت پر شوہر کی خدمت اور اس کے حقوق کی رعایت زیادہ مؤکد قرار دی گئی۔
اسی حقیقت کی طرف اللہ تعالیٰ نے اس ارشاد میں اشارہ فرمایا ہے:
الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءِ
(النساء: 34)
’’مرد عورتوں پر قوّام ہیں۔’’
اور نبی کریم ﷺ سے روایت ہے: ’’اگر میں اللہ کے سوا کسی کو سجدہ کرنے کا حکم دیتا تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔’’
اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
یعنی اللہ ایسا غالب ہے جسے کوئی مغلوب نہیں کر سکتا اور ایسا حکمت والا ہے جس کے احکام اور فیصلے سراسر درست اور برمحل ہیں۔ اس کے احکام اور افعال میں نہ عبث کا احتمال ہے، نہ سفاہت کا، نہ غلطی کا اور نہ باطل ہونے کا۔
(التفسیر الکبیر، ج 6، ص 441)
علامہ رشید رضا مصری کی چشم کشا تحریر
علامہ رشید رضا مصری نے اس مناسبت سے نہایت عمدہ گفتگو کی ہے۔
وہ لکھتے ہیں:
مرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ عورت کا کفیل، نگہبان اور خاندان کا سربراہ ہو، کیونکہ وہ جسمانی قوت میں زیادہ مضبوط ہے، عقل و تدبیر میں زیادہ صلاحیت رکھتا ہے، روزی کمانے اور بیرونی خطرات سے دفاع کرنے پر زیادہ قدرت رکھتا ہے۔ یہی اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کا مفہوم ہے:
الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءِ
(النساء: 34)
’’مرد عورتوں پر قوّام ہیں۔‘‘
اور عورت کے لیے مناسب اور ضروری ہے کہ وہ گھر کے انتظام و انصرام کی ذمہ دار ہو اور اولاد کی تربیت کرے، کیونکہ اس کی طبیعت میں نرمی، شفقت اور برداشت زیادہ رکھی گئی ہے۔ نیز، جیسا کہ ہم پہلے بیان کر چکے ہیں، وہ احساس اور تعقل کے اعتبار سے مرد اور بچے کے درمیان ایک واسطہ اور درمیانی حیثیت رکھتی ہے۔ اسی بنا پر وہ اس بات کے لیے زیادہ موزوں ہے کہ لڑکے کو تدریج کے ساتھ مردانگی اور بلوغِ فکری کی طرف منتقل کرے، اور لڑکی کی ایسی تربیت کرے کہ اس میں نزاکت، شائستگی، سکونِ طبع اور ان فطری ذمہ داریوں کے لیے آمادگی پیدا ہو جو اس کی طبیعت کے مطابق ہیں۔
اگر تم چاہو تو اس مسئلے کو یوں بھی بیان کر سکتے ہو کہ گھر ایک چھوٹی مملکت کی حیثیت رکھتا ہے، جس طرح تمام گھروں کا مجموعہ ایک بڑی مملکت بناتا ہے۔ اس چھوٹی مملکت میں عورت کے سپرد داخلہ اور تعلیم و تربیت کے شعبے کی ذمہ داری ہے، جبکہ مرد عمومی سربراہی کے ساتھ مالیات، عوامی معاملات، دفاع اور بیرونی تعلقات جیسے شعبوں کی نگرانی کرتا ہے۔
جب فطرت کا نظام یہ ہے کہ عورت گھر کی منتظم ہو اور اس کا بنیادی دائرۂ عمل گھر تک محدود رہے، کیونکہ وہ اپنی فطری ساخت کے لحاظ سے بہت سے بیرونی اور مشقت طلب کاموں کی اسی طرح متحمل نہیں ہو سکتی جیسے مرد ہو سکتا ہے، اور پھر حمل، ولادت اور بچوں کی پرورش جیسی ذمہ داریاں بھی اس کے راستے میں حائل ہوتی ہیں، تو اس صورت میں اس کا مرد پر معاشی انحصار ایک فطری امر بن جاتا ہے۔
لہٰذا عورت کو اپنی مستقل معاشی کفالت کا مکلف بنانا، اور اس سے بھی بڑھ کر اسے خاندان کی سربراہی اور مرد پر قوامت کا ذمہ دار قرار دینا، فطرت کے تقاضوں سے تجاوز اور اعتدال سے دوری کے مترادف ہوگا۔
(تفسیر المنار، ج 4، ص 290)
فیصلہ سازی اور جذباتیت
دوسرا اہم اور قابلِ توجہ پہلو جذبات اور فیصلہ سازی کا ہے۔ ماہرینِ نفسیات کسی نہ کسی درجے میں ضرور اس بات کو قبول کرتے ہیں کہ عموماً عورتیں جذبات کے اظہار، ہمدردی اور حساسیت میں مردوں سے آگے ہوتی ہیں۔ جدید نفسیات کے متعدد محققین، مثلاً سائمن بیرن کوہن، این کیمبل اور ڈینیل گولمین کے مطابق خواتین اوسطاً جذبات کے اظہار، ہمدردی اور دوسروں کے احساسات کے ادراک میں مردوں سے زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ یہ فرق عمومی رجحان (General Tendency) کے درجے میں ہے، نہ کہ ایسا مطلق اصول جو ہر فرد پر یکساں طور پر صادق آتا ہو۔
فیصلہ سازی میں جذبات کا بڑا دخل ہوتا ہے، اور جب معاملہ کسی گھر کے ٹوٹنے اور بکھرنے کا ہو تو ایسے موقع پر سمجھ داری کے ساتھ فیصلہ کرنا ضروری ہوتا ہے، کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی سے ایک آباد خاندان ویران ہو سکتا ہے۔ اس لحاظ سے بھی طلاق کا اختیار مرد کے ہاتھ میں دینے میں زیادہ مصلحت ہے۔
اگر صرف مرد کو طلاق کا اختیار ہوتا اور علیحدگی کے حوالے سے عورت کے پاس کوئی اختیار نہ ہوتا، تب بھی اس نظام پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن شریعتِ اسلامیہ کا کمال یہ ہے کہ اس نے مرد کو طلاق کا اختیار دینے کے باوجود عورت کو بے بس نہیں چھوڑا، بلکہ خلع، تفویضِ طلاق اور فسخِ نکاح کی صورت میں اس کے لیے ایسے قانونی اور شرعی راستے مقرر کیے ہیں، جن کے ذریعے وہ ناقابلِ برداشت ازدواجی زندگی سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔
اگر عورت بھی معاشی اعتبار سے خود مختار ہو جائے تو کیا طلاق کے اختیار میں تبدیلی ہونی چاہیے؟
موجودہ دور میں معاشی سرگرمیاں صرف مرد تک محدود نہیں رہیں، بلکہ عورتوں میں بھی ملازمت اور کاروبار کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسی صورت میں یہ سوال پیدا ہو سکتا ہے کہ جب مرد کو طلاق کا اختیار دیے جانے کی ایک علت عورت کی معاشی ذمہ داری اٹھانا ہے، تو اس علت کے بدلنے سے کیا حکم پر بھی کوئی اثر پڑے گا؟
اس کا سادہ جواب یہ ہے کہ شرعی نقطۂ نظر سے عورت کے نفقہ، رہائش اور دیگر اخراجات کی ذمہ داری مرد ہی کی ہے، اور وہی اس کا ذمہ دار ہے۔ اگر عورت کماتی ہے یا کاروبار کرتی ہے تو اس کی آمدنی اس کی اپنی ملکیت ہوگی۔ عورت اپنے مال سے گھر چلانے کی پابند نہیں ہے۔ اس طرح صاف ظاہر ہوتا ہے کہ فقہی نقطۂ نظر سے اس حکم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
اس مسئلے میں معاصر اہلِ علم کے دو رجحانات ہیں۔
پہلا رجحان یہی ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ حقِ طلاق صرف معاشی ذمہ داری سے متعلق نہیں، بلکہ پورے خاندانی نظام اور خصوصاً قوامیت سے متعلق ہے۔ مرد پر گھر چلانا شرعاً واجب ہے، جبکہ عورت کا معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینا ایک اتفاقی امر ہے۔
اس کے برعکس بعض مفکرین اور قانون دانوں کا رجحان یہ ہے کہ عورتوں کی بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں اور سماج کے بدلتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر تفویضِ طلاق، خلع اور فسخِ نکاح کے دائرۂ کار کو وسیع کرنے اور عورت کے قانونی تحفظات پر غور کیا جانا چاہیے۔ ان حضرات کے نزدیک قوامیت کی ایک اہم علت مالی کفالت ہے، لہٰذا جب عورت خود کمانے لگے تو عورت کے اختیارات پر بھی نظرِ ثانی ہونی چاہیے۔ اس رجحان کے اثرات بعض مسلم ممالک کے عائلی قوانین میں بھی نظر آتے ہیں۔
کیا عورت کو طلاق کا اختیار ملنا چاہیے؟
جمہور علماء کے نزدیک طلاق کا اصل حق مرد کو دیا گیا ہے، البتہ شریعت نے عورت کو بھی خلع، تفویضِ طلاق اور فسخِ نکاح کی صورت میں علیحدگی کے متعدد راستے فراہم کیے ہیں۔ اس طرح عورت کو ازدواجی تعلق کے خاتمے سے متعلق قانونی اور شرعی ذرائع مہیا ہیں۔
اس کے برعکس بعض معاصر مفکرین اور قانون دان یہ رائے رکھتے ہیں کہ سماجی تبدیلیوں کے نتیجے میں عورت کو تفویضِ طلاق، خلع اور فسخِ نکاح کے سلسلے میں مزید مؤثر اختیارات ملنے چاہیے، تاکہ ازدواجی زندگی ناقابلِ برداشت ہو جانے کی صورت میں وہ مؤثر قانونی راستہ اختیار کر سکے۔
اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر بعض مساوات پسند مفکرین، جن میں آمنہ ودود اور ان کے ہم خیال مصنفین نمایاں ہیں، یہ موقف اختیار کرتے ہیں کہ جس طرح مرد کو یک طرفہ حقِ طلاق حاصل ہے، اسی طرح عورت کو بھی مساوی طور پر یہ حق حاصل ہونا چاہیے۔ تاہم یہ رائے معاصر مسلم فکر میں ایک محدود حلقے تک پائی جاتی ہے اور اسے جمہور علماء یا اکثر اصلاح پسند اہلِ فکر کی تائید حاصل نہیں ہے۔
عورت کو مرد کی طرح مساوی حقِ طلاق نہ دیے جانے میں متعدد حکمتیں ہیں، جن میں خاندان کا استحکام، اختیار اور ذمہ داری میں توازن، مرد پر عائد مالی ذمہ داریاں، طلاق کے سماجی اثرات کا لحاظ، اور عورت کے لیے علیحدگی کے متبادل راستوں کی موجودگی شامل ہیں۔
اس تناظر میں علامہ رشید رضا مصری نے توجہ دلائی ہے کہ ایک عورت حمل، ولادت، رضاعت اور بچوں کی پرورش کے مختلف مراحل سے گزرتی ہے۔ عورت کی زندگی کے یہ وہ عوامل ہیں جو اسے مرد سے مختلف بناتے ہیں۔ اسی لیے شریعت نے خاندانی نظام کی تشکیل میں عورت کی ان فطری ذمہ داریوں کا خاص لحاظ رکھا ہے۔ (تفسیر المنار)
طلاق کا اختیار عدالت کو دیے جانے کے نتائج
ایک بڑا طبقہ اس بات کا قائل ہے کہ طلاق کا اختیار صرف عدالت کو دیا جائے۔ موجودہ دور میں دنیا کے اکثر ممالک میں یہی نظام رائج ہے۔ اس رجحان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے عورت اور بچوں کا بہتر تحفظ ہوتا ہے اور طلاق کے عمل میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔
تاہم اس رجحان کا عملی تجربہ بھی دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ اس نظام میں فریقین کی نجی آزادی محدود ہونے کے علاوہ شرعی اور قانونی نظام کے درمیان فاصلہ، عدالتی اخراجات، فیصلوں میں تاخیر، اور غریب طبقے کے لیے عدالتی نظام تک رسائی کی مشکلات جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
مزید برآں، مغربی معاشروں میں اس نظام کے نتیجے میں خاندانی نظام کا عدم استحکام، طلاق کی بلند شرح، شادی کے رجحان میں کمی، نکاح کے بغیر بچوں کی پیدائش میں اضافہ، اور سنگل پیرنٹ (Single Parent) خاندانوں کی کثرت جیسے مظاہر بھی سامنے آئے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments