رات کی تاریکی ہر سمت چھائی ہوئی تھی۔ ماحول پر موت جیسا سکوت طاری تھا۔ کبھی کبھار کسی کتے کے بھونکنے کی آواز اس خاموشی کو چیر دیتی۔ سب لوگ اپنے اپنے گھروں میں محوِ استراحت تھے، مگر وہ اکیلی ادھ کھلی کھڑکی سے باہر پھیلی تاریکی میں نہ جانے کیا تلاش کر رہی تھی۔اس کی آنکھیں ویران تھیں، جیسے صدیوں کی تھکن ان میں منجمد ہو گئی ہو۔چند ٹوٹے ہوئے خوابوں کی کرچیوں کی چبھن اس کے چہرے سے عیاں تھی۔ اس کا پورا جسم جیسے جادوئی سوئیوں کے زیرِ اثر تھا اور کسی ایسے مسیحا کا منتظر تھا جو ان سوئیوں کو نکال کر اسے پھر سے جینے کی نوید سنا دے۔
اچانک اس کی نظریں تاریکی میں ایک سمت ٹھہر گئیں۔ وہاں روشنی کی ایک ننھی سی رمق دکھائی دے رہی تھی۔اس نے غور سے دیکھا تو ایک ننھا سا جگنو اپنی معمولی سی روشنی سے اندھیرے کا مقابلہ کر رہا تھا۔ ٹھیک اسی لمحے دور افق پر ایک ٹوٹتا ہوا تارا نمودار ہوا، جیسے وہ خود کو فنا کر کے تاریکی میں روشنی بکھیرنے نکلا ہو۔
نہ جانے کب اس کی بنجر آنکھوں سے ایک آنسو ڈھلکا اور خاموشی سے اس کے رخسار پر بہہ نکلا۔ وہ محض ایک آنسو نہیں تھا، بلکہ برسوں سے جمی ہوئی جمودی کیفیت کے پگھلنے کا آغاز تھا۔
اچانک رومی کا برسوں پہلے پڑھا ہوا ایک قول اس کے ذہن کے بند دریچوں پر دستک دینے لگا:
’’زخم وہ جگہ ہے جہاں سے روشنی تمہارے اندر داخل ہوتی ہے۔‘‘
اس نے محسوس کیا جیسے وہ کسی بند گلی سے نکل کر کھلی فضا میں پہلی بار سانس لے رہی ہو۔ اسے احساس ہوا کہ یہ مصائب، دراصل روح کے وہ دریچے ہیں جن سے رحمتیں داخل ہو کر انسان کو ارتقا کے مراحل سے گزارتی ہیں۔اب اسے اپنے وجود میں پیوست اداسی کی زہریلی سوئیاں خود ہی نکالنی تھیں، کیونکہ اس کی کہانی کا مسیحا کوئی اور نہیں، وہ خود تھی۔
اس نے کسی کے انتظار کے بغیر آگے بڑھ کر کھڑکی کے دونوں پٹ پوری قوت سے کھول دیے۔ افق کے اُس پار روشنی آہستہ آہستہ تاریکی پر غالب آ رہی تھی، اور زندگی نے آخرکار اپنی کھوئی ہوئی رمق دوبارہ حاصل کر لی تھی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments