محترمہ ایڈیٹر صاحبہ
ھادیہ ای میگزین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ماہنامہ ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ جولائی 2026ء کا مطالعہ کیا۔ درسِ قرآن اور درسِ حدیث سے آغاز کرتے ہوئے ہر مضمون قرآن و سنت کی روشنی سے منور ہے۔ درسِ قرآن میں تقدیر اور مومن کے یقین جیسے اہم موضوعات، جبکہ درسِ حدیث میں ظالم و مظلوم کی مدد کے اسلامی تصور کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے فوراً بعد’’قدرت کی باتیں‘‘ کے ذریعے ہادیہ اپنے قارئین کو نہایت دل نشیں انداز میں اللہ تبارک و تعالیٰ کی قدرت، حکمت اور صفتِ عدل و انصاف سے روشناس کراتی ہے۔موجودہ دور کی فیشن پرستی کے مقابلے میں ’’سادگی‘‘ کے موضوع پر شائع شدہ مضمون سے اسلامی اعتدال اور سلفِ صالحین کے طرزِ زندگی کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔نئی نسل اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال کے فوائد کے ساتھ ساتھ اس کے ممکنہ مضر اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، اور نہایت دل نشیں انداز میں دیانت داری کا سبق دیا گیا ہے۔
بچوں کے کالم میں’’دادی جان کی زبانی عاشورہ کی کہانی‘‘ پڑھ کر بچپن کی یادیں تازہ ہو گئیں۔آخر میں’’بہنیں پوچھتی ہیں‘‘کے کالم کے ذریعے مختلف فقہی مسائل سے آگاہی حاصل ہوئی۔میں ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کی پوری ٹیم کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں اور اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ آپ کی تمام کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، آپ کو دارین میں بہترین جزائے خیر سے نوازے، اس میگزین کو مزید مقبولیت، ترقی اور کامیابی عطا فرمائے، اور اسے امتِ مسلمہ کے لیے علم و ہدایت کا مؤثر ذریعہ بنائے۔
آمین یا رب العالمین۔
و علیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا مراسلہ موصول ہوا۔ یہ ہمارے لیے واقعی خوش آئند بات ہے کہ آپ ’’ھادیہ ای میگزین‘‘ کا مطالعہ کرتی ہیں۔ الحمد للہ! ہادیہ ای میگزین کی یہ خوش قسمتی ہے کہ اسے آپ جیسی قدرشناس قارئات میسر ہیں۔آپ کی اس حوصلہ افزائی پر ہم دل کی عمیق گہرائیوں سے آپ کے بے حد ممنون و مشکور ہیں۔
والسلام
ایڈیٹر
ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments