مَا أَحَدٌ يَدْخُلُ الْجَنَّةَ يُحِبُّ أَنْ يَرْجِعَ إِلَى الدُّنْيَا… إِلَّا الشَّهِيدُ، يَتَمَنَّى أَنْ يَرْجِعَ فَيُقْتَلَ عَشْرَ مَرَّاتٍ؛ لِمَا يَرَى مِنَ الْكَرَامَةِ.
ترجمہ : ’’جنت میں داخل ہونے والا کوئی شخص دنیا میں واپس آنا پسند نہیں کرے گا، خواہ اسے دنیا کی تمام نعمتیں ہی کیوں نہ مل جائیں، سوائے شہید کے۔ وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عزت و کرامت کو دیکھ کر یہ تمنا کرے گا کہ اسے دنیا میں واپس بھیجا جائے تاکہ وہ دس مرتبہ اللہ کی راہ میں شہید ہو۔‘‘
(صحیح بخاری: 2817، صحیح مسلم: 1877)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
یہ حدیثِ مبارکہ شہادت کے عظیم مقام و مرتبہ کو نہایت مؤثر انداز میں بیان کرتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کے ذریعے واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی راہ میں جان قربان کرنے والوں کے لیے ایسا بلند مقام اور ایسی عظیم نعمتیں تیار کر رکھی ہیں کہ جنت میں داخل ہونے کے بعد بھی صرف شہید ہی یہ آرزو کرے گا کہ اسے دوبارہ دنیا میں بھیجا جائے تاکہ وہ پھر اللہ کی راہ میں اپنی جان قربان کرے۔عام اہلِ جنت کی کیفیت یہ ہوگی کہ جب وہ جنت کی بے شمار نعمتیں، راحتیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کر لیں گے تو کبھی دنیا میں واپس آنے کی خواہش نہیں کریں گے، خواہ انہیں دنیا کی تمام دولت، اقتدار اور آسائشیں ہی کیوں نہ پیش کی جائیں۔ لیکن شہید اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عزت و کرامت کو دیکھ کر بار بار شہادت کی تمنا کرے گا۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر مومنوں کے کچھ گروہ ایسے نہ ہوتے جن کے پاس میرے ساتھ جہاد پر جانے کے لیے سواری نہ ہوتی اور میرے پیچھے رہ جانا ان پر بہت شاق گزرتا، تو میں اللہ کی راہ میں جانے والے کسی لشکر سے پیچھے نہ رہتا۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! میری خواہش ہے کہ میں اللہ کی راہ میں شہید کیا جاؤں، پھر زندہ کیا جاؤں، پھر شہید کیا جاؤں، پھر زندہ کیا جاؤں، اور پھر شہید کیا جاؤں۔‘‘
(صحیح بخاری، صحیح مسلم)
اس حدیث سے حاصل ہونے والے اہم اسباق
بے مثال رتبہ :
شہادت اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت بلند مرتبہ ہے۔شہید کو ایسی عزت و نعمتیں عطا ہوتی ہیں کہ وہ دوبارہ شہادت کی تمنا کرتا ہے۔
نبی کریمﷺ کی خواہش:
خود رسول اللہ ﷺ نے بھی بار بار شہادت کی خواہش کا اظہار فرمایا، جس سے اس مقام کی عظمت واضح ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں بھی شہداء کے بلند مقام کو کچھ اس طرح بیان فرمایا ہے۔:
وَلَا تَقُولُوا لِمَن يُقْتَلُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتٌ بَلْ أَحْيَاءٌ وَلَٰكِن لَّا تَشْعُرُونَ
’’اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جائیں ، انہیں مُردہ نہ کہو ، ایسے لوگ تو حقیقت میں زندہ ہیں ، مگر تمہیں ان کی زندگی کا شعور نہیں ہوتا‘‘
(سورۃ البقرۃ: 154)
ایک اور مقام پر فرذکرمایا:
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ
’’جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں انھیں مُردہ نہ سمجھو، وہ تو حقیقت میں زندہ ہیں،اپنے رب کے پاس رزق پا رہے ہیں‘‘
(سورہ آل عمران : 169)
اس آیت میں اللہ کی راہ میں جان دینے والوں کو مردہ کہنے سے منع کیا گیا ہے اور انہیں اللہ کے حضور زندہ اور رزق پانے والا قرار دیا گیا ہے۔یہ آیت اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ شہداء کو اللہ تعالیٰ کے ہاں خصوصی برزخی زندگی اور عظیم انعامات عطا ہوتے ہیں، جن کی حقیقت کو دنیاوی حواس سے مکمل طور پر نہیں سمجھا جا سکتا۔
معزز ساتھیو۔
قرآن میں’’شہادت‘‘کا لفظ مقتول فی سبیل اللہ کے لیے آیا ہی نہیں ہے، سوائے ایک آیت کے، جہاں اس کا امکان پیدا ہوتا ہے، لیکن یقین کے ساتھ نہیں کہا جا سکتا۔قرآن کا فلسفۂ شہادت دراصل ’’گواہی دینا‘‘ ہے؛ یعنی توحید کی گواہی، حضرت محمد ﷺ کی رسالت کی گواہی، اور قرآن کی حقانیت کی گواہی۔ یہ گواہی صرف قول سے ہی نہیں، بلکہ عمل سے بھی ہونی چاہیے، انفرادی سطح پر بھی اور اجتماعی سطح پر بھی۔ انسان کی سیرت اور کردار اس بات کی گواہی دیں کہ وہ حضرت محمد ﷺ کا ماننے والا اور اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار ہے، اور اس کا پورا نظامِ زندگی اس حقیقت کا شاہد ہو کہ وہ واقعی اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے دینِ حق کا پیروکار ہے۔یہی شہادت علی الناس ہے، جس کے لیے انبیاء علیہم السلام بھیجے گئے، جس کے لیے رسول مبعوث ہوئے، اور ختمِ نبوت کے بعد جسے امتِ مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری قرار دیا گیا۔اللہ تعالیٰ اپنی کتاب میں فرماتا ہے:
وَكَذٰلِكَ جَعَلْنٰكُمْ اُمَّةً وَّسَطًا لِّتَكُوْنُوْا شُهَدَآءَ عَلَی النَّاسِ وَیَكُوْنَ الرَّسُوْلُ عَلَیْكُمْ شَهِیْدًا
’’اسی طرح تو ہم نے تمہیں ایک اُمّتِ وَسَط بنایا ہے تاکہ تم دُنیا کے لوگوں پر گواہ ہو اور رُسول تم پر گواہ ہو‘‘
یہی گواہی انفرادی بھی ہے، اجتماعی بھی، اور عملی بھی۔پس قرآن کے مطابق شہادت کا اصل فلسفہ یہی ہے۔ مقتول فی سبیل اللہ اس شہادت کا ایک خاص مرحلہ ہے۔ جس شخص نے اپنی زندگی میں قولاً و عملاً اللہ تعالیٰ کے دین کی گواہی دی ہو، پھر اسی مقصد کے لیے قتل کر دیا جائے، تو گویا اس کی گواہی اپنے آخری درجے تک پہنچ گئی، اس کی صداقت ثابت ہو گئی، اور تب اسے یہ خطاب مل سکتا ہے کہ وہ اللہ کا گواہ (شہید) ہے۔
میدانِ جنگ کے علاوہ شہادت کا اجر
احادیثِ مبارکہ میں بعض دیگر اموات کو بھی شہادت کا اجر ملنے کا ذکر آیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’شہید پانچ ہیں: طاعون (وبا) میں مرنے والا، پیٹ کی بیماری (جیسے ہیضہ وغیرہ) میں مرنے والا، پانی میں ڈوب کر مرنے والا، ملبے کے نیچے دب کر مرنے والا اور اللہ کی راہ میں شہید ہونے والا۔‘‘ دیگر صحیح احادیث میں ’’آگ میں جل کر وفات پانے والے اور نفاس کی حالت میں وفات پانے والی خواتین کے لیے بھی شہادت کا درجہ ملنے کاذکر آیا ہے۔‘‘
(صحیح البخاری)
تاریخِ اسلام میں بے شمار جلیل القدر صحابۂ کرامؓ اور صحابیاتؓ نے اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ذیل میں چند نمایاں شہداء کا تذکرہ پیش کیا جا رہا ہے۔
جلیل القدر صحابیات (شہداء)
• حضرت سمیہ بنت خیاطؓ: اسلام کی تاریخ کی پہلی شہیدہ۔ انہیں مکہ مکرمہ میں مشرکین، خصوصاً ابو جہل، نے اسلام پر ثابت قدم رہنے کی پاداش میں نیزہ مار کر شہید کیا۔
• حضرت اُمِّ ورقہ بنت عبداللہؓ: قرآنِ کریم کی حافظہ اور مبلغہ تھیں۔ عہدِ نبوی میں اپنے غلام کے ہاتھوں رات کے وقت شہید ہوئیں۔
جلیل القدر صحابۂ کرام (شہداء)
- حضرت حمزہ بن عبدالمطلبؓ: رسول اللہ ﷺ کے چچا او ر ‘‘سید الشہداء’’۔ جنگِ اُحد میں شہید ہوئے۔
- حضرت مصعب بن عمیرؓ: اسلام کے پہلے سفیر۔ جنگِ اُحد میں اسلامی پرچم تھامے ہوئے شہید ہوئے۔
- حضرت یاسرؓ: حضرت عمار بن یاسرؓ کے والد اور اولین مسلمانوں میں سے تھے۔ مشرکینِ مکہ کے سخت ترین مظالم کے دوران شہید ہوئے۔
- حضرت عمر فاروقؓ: اسلام کے دوسرے خلیفہ۔ مسجدِ نبوی میں دورانِ نماز ابو لؤلؤ فیروز کے خنجر کے وار سے شہید ہوئے۔
- حضرت عثمان غنیؓ: اسلام کے تیسرے خلیفہ۔ باغیوں کے ہاتھوں اپنے گھر میں دورانِ تلاوتِ قرآن شہید ہوئے۔
- حضرت علی المرتضیٰؓ: اسلام کے چوتھے خلیفہ۔ کوفہ کی مسجد میں ابنِ ملجم کے زہر آلود خنجر کے وار سے شہید ہوئے۔
- حضرت عمار بن یاسرؓ: جلیل القدر اور اولین مسلمان صحابی۔ جنگِ صفین میں تقریباً 93 سال کی عمر میں شہید ہوئے۔
- حضرت بلال بن رباحؓ، حضرت خباب بن ارتؓ اور حضرت سعید بن زیدؓ جیسے دیگر جلیل القدر صحابۂ کرامؓ نے بھی اسلام کی خاطر بے پناہ اذیتیں برداشت کیں۔ نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت سے ہر مسلمان واقف ہے۔
آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں بھی صحابۂ کرامؓ اور صحابیاتؓ کی طرح دینِ اسلام کی خدمت، ایثار اور قربانی کی توفیق عطا فرمائے، ہمیں اپنے دین پر استقامت نصیب فرمائے، اور اگر اس میں ہماری بھلائی ہو تو اپنی راہ میں شہادت کی سعادت عطا فرمائے، نیز جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
٭ ٭ ٭


0 Comments