حضرت فضیل بن عیاضؒ کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں۔ وہ اپنے دور کے عظیم فقیہ، محدث اور زہد و تقویٰ کے امام تسلیم کیے جاتے ہیں۔ ان کی زندگی کے بے شمار واقعات نہایت سبق آموز ہیں۔ یہاں ان کی زندگی کا ایک ایمان افروز واقعہ پیش کیا جا رہا ہے۔
حضرت فضیل بن عیاضؒ سمرقند میں پیدا ہوئے۔ زندگی کے ابتدائی دور میں وہ ڈاکو تھے اور رہزنی ان کا پیشہ تھا۔ یہاں تک کہ ایک خطرناک ڈاکو کی حیثیت سے ان کا نام ہی لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا کر دیتا تھا۔
ایک دن وہ ایک بڑے تاجر کے گھر میں دیوار پھلانگ کر ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے۔ اس وقت وہ تاجر نمازِ تہجد ادا کر رہا تھا اور سورۂ حدید کی تلاوت میں مشغول تھا۔
جیسے ہی حضرت فضیل بن عیاضؒ کے کانوں میں اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد پہنچا، ان پر لرزہ طاری ہوگیا:
أَلَمْ يَأْنِ لِلَّذِينَ آمَنُوا أَنْ تَخْشَعَ قُلُوبُهُمْ لِذِكْرِ اللَّهِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّ (الحدید: 16)
’’کیا ایمان والوں کے لیے ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کے ذکر اور اس حق کے سامنے جھک جائیں جو نازل کیا جا چکا ہے؟‘‘
بس، یہی ایک آیت ان کی زندگی میں انقلاب لے آئی۔ انہوں نے بداعمالیوں سے سچی توبہ کی، علمِ دین کی طرف رغبت اختیار کی اور جلیل القدر اہلِ علم کی صحبت سے فیض حاصل کیا۔ بعض روایات کے مطابق انہوں نے امام ابو حنیفہؒ سمیت متعدد اہلِ علم سے استفادہ کیا۔بعد ازاں وہ اپنے زمانے کے ممتاز فقیہ، محدث اور زہد و تقویٰ کے امام بن گئے۔
یہ واقعہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قرآنِ مجید کا اخلاص کے ساتھ غور و فکر کرتے ہوئے مطالعہ کرتے رہنا چاہیے۔ کیا معلوم، کب اللہ تعالیٰ کی کوئی ایک آیت ہمارے دل کو بدل دے اور ہماری زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے تبدیل کر دے۔
٭ ٭ ٭

![Bolti Tasveerein[ Ek Aayat ne Zindagi badal di]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/07/Bolti-Tasveerein-Ek-Aayat-ne-Zindagi-badal-di.jpg)
0 Comments