انوکھا جشن

12 ربیع الاول کی صبح تھی۔ اسکول کی چھٹی تھی۔ احمد نے گلی میں ہرے جھنڈے دیکھے۔ دور سے بلند آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔
وہ دوڑتا ہوا دادی اماں کے پاس آیا۔
’’دادی اماں! سب لوگ کہہ رہے ہیں کہ آج محبتِ رسول ﷺ کا اظہار کرنا ہے۔ ہم کیا کریں؟‘‘
دادی اماں نے مسکرا کر پوچھا:
’’بیٹا! اگر رسول اللہ ﷺ ہمارے محلے میں تشریف لائیں اور دیکھیں کہ ایک بیمار بچہ شور کی وجہ سے سو نہیں پا رہا، ایک ایمبولینس راستے میں رک گئی ہے، نمازی مسجد پہنچنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں، اور لوگ ایک دوسرے کو دھکے دے رہے ہیں، تو کیا آپ ﷺ خوش ہوں گے؟‘‘
احمد خاموش ہوگیا۔
دادی اماں نے نرمی سے کہا:’’رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ آپ ﷺ نے لوگوں کو تکلیف دینے سے منع فرمایا۔ یہاں تک کہ مسجد میں لہسن اور پیاز کی بو سے دوسروں کو تکلیف نہ پہنچے، اس کا بھی خیال رکھنے کی تعلیم دی۔‘‘
’’پھر دادی اماں! محبت کیسے ظاہر کریں؟‘‘
دادی اماں بولیں: ’’آؤ، آج ہم ایک منفرد جشن منائیں۔‘‘
’’کیسا جشن؟‘‘
’’آج ہم ہر شخص کو سلام کرنے میں پہل کریں گے، وقت پر نماز ادا کریں گے، راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دیں گے، بڑوں کا ادب کریں گے، چھوٹوں سے محبت کریں گے، کسی سے بلند آواز میں بات نہیں کریں گے، اور کوشش کریں گے کہ ہمارے کسی عمل سے کسی انسان کو تکلیف نہ پہنچے۔‘‘
احمد کی آنکھیں چمک اٹھیں۔
’’دادی اماں! یعنی ہر ربیع الاول ہم رسول اللہ ﷺ کی ایک نئی سنت سیکھیں گے اور اس پر عمل کریں گے؟‘‘
دادی اماں نے خوش ہو کر کہا: ‘‘ہاں بیٹا! یہی وہ جشن ہے جو پورا سال جاری رہتا ہے۔ محبت صرف نعروں سے نہیں، بلکہ کردار سے ظاہر ہوتی ہے۔ جب لوگ ہمارے اخلاق و کردار کو دیکھ کر کہیں کہ یہ بچہ رسول اللہ ﷺ کی سنت پر چلتا ہے، تو یہی سب سے خوبصورت اظہارِ محبت ہے۔‘‘
اُس دن احمد نے اپنے دوستوں سے بھی کہا:
’’آؤ، ہم عہد کریں کہ ہمارے کسی کام سے کسی پڑوسی، بیمار، مسافر یا راہ گیر کو تکلیف نہ پہنچے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں آسانی پیدا کرنے اور بہترین اخلاق اپنانے کی تعلیم دی ہے۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. رئیسہ پروین ناندیڑ

    ماشاءاللہ بہت خوب ہر موقع پر اسی طرح لکھتی رہیں تا کہ
    ہم کو اور ہمارے بچوں کو نئی عمل کی روشنی ملے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦