ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

عورت کی نظر سے

ایک عورت میرے پاس آئی، جس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں۔بےچاری روتی رہی ہوگی۔ اس نے کہا کہ ایک بچے کی گم شدگی کی خبر دینی ہے۔ چھ سال کا ہے، محمد انور نام ہے اُس کا۔
میں نے پوچھا:
’’ کپڑے کیسے پہنے ہوئے ہیں؟‘‘
اُس نے بتایا کہ نیلے رنگ کی قمیض ہے، اور پیروں میں ہوائی چپل پہنی ہوئی ہے۔
میں نے کہا:
’’شلوار کس رنگ کی ہے؟‘‘
بولی:
’’سفید رنگ کی، مگر اب تک تو وہ بہت میلی ہو چکی ہوگی۔‘‘
اُس عورت کی اس بات سے میرے ذہن میں ایک بات آئی کہ اگر اُس بچے کا باپ ہوتا اور خبر لکھواتا تو اُس نے سفید شلوار ہی لکھوانی تھی، لیکن ماں چوں کہ اُسے روزانہ دُھلی ہوئی شلوار پہناتی ہوگی تو اسے اس بات کا شدت سے احساس تھا،اور اگر بہن بھی ہوتی تو یہی کہتی کہ اب تک تو وہ شلوار میلی ہو چکی ہوگی۔
اس سے مجھے یہ احساس ہوا کہ عورت اور طرح سوچتی ہے اور مرد اور طرح سوچتا ہے۔ ماں اور بہن اور طرح سوچتی ہیں جب کہ باپ اور بھائی اور طرح سوچتے ہیں۔
اُس کی اس بات نے مجھے ایک نیا احساس دیا کہ چیزوں کو اور حالات کو عورت کی نگاہ سے دیکھنا بہت اہم اور ضروری ہے۔ٹراٹسکی نے کہیں لکھا ہے کہ:

If you want to change the situation, look at the situation through the
.eyes of a woman

(اگر تم حالات کو تبدیل کرنا چاہتے ہو تو حالات کو ایک عورت کی نظر سے دیکھو!)

منوبھائی (منیر احمد قریشی)

دیوان

مولانا عبد الرحمٰن جامی، مشہور فارسی شاعر اور صوفی بزرگ تھے۔ عوام الناس کے ساتھ ساتھ صوفی منش لوگ بھی ان کی خدمت میں حاضری دیا کرتے تھے۔
ایک دفعہ ایک مہمل گو شاعر جس کا حلیہ صوفیوں جیسا تھا، ان کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنے سفر حجاز کی طویل داستان کے ساتھ ساتھ ان کو اپنے دیوان سے مہمل شعر بھی سنانے لگا، اور پھر بولا:
’’میں نے خانۂ کعبہ پہنچ کر برکت کے خیال سے اپنے دیوان کو حجر اسود پر ملا تھا۔‘‘
یہ سن کر مولانا جامی مسکرائے اور فرمایا:
’’حالانکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ تم اپنے دیوان کو آب ِزم زم سے دھو دیتے۔‘‘

ادھار کتابیں

کتاب کبھی ادھار نہ دیں، کیوں کہ کوئی واپس نہیں کرتا۔ خود میری لائبریری میں صرف وہی کتابیں باقی ہیں ،جو لوگوں نے مجھے ادھار دی تھیں۔

اناتول فرانس

مادری لہجہ

انگریز تو خیر اپنے مادری لہجے میں انگریزی بولنے پر مجبور ہیں، لیکن جاپانی، جرمن، اطالوی، فرانسیسی، روسی اور چینی بھی اس زبان میں گفتگو کرتے ہیں تو اپنے فطری لہجے کو انگلستانی لہجے میں ڈھالنے کی کوشش نہیں کرتے۔ غلامی کے دور نے احساسِ کم تری کی یہ وراثت صرف ہمیں عطا کی ہے۔ اگر ہم اپنے نیچرل لہجے میں انگریزی زبان بول لیں تو اسے بڑا مضحکہ خیز لطیفہ سمجھ لیا جاتا ہے۔

قدرت اللہ شہاب

کون سالا؟

بتایا جاتا ہے کہ کسی بات پر اکبر الہ آبادی نے عدالت میں کہہ دیا کہ:
’’کون سالا ایسا کہتا ہے؟‘‘
تو عدالت میں موجود وکیل نے کہا کہ مائی لارڈ یہ توہین عدالت ہے۔ انھوں نے گالی دی ہے، ان کو سزا ملنی چاہیے۔
یہ سن کر اکبر الہ آبادی نے فوراً جواب دیا:
’’میں نے ایسا کیا کہہ دیا ؟میں نے تو بس یہی کہا ہے کہ کون سا Law ایسا کہتا ہے؟‘‘

اقدار

1912ء میں جب ٹائٹینک ڈوب رہا تھا تو اس پر دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے جان جیکب ایسٹر چہارم (John Jacob Astor IV) بھی سوار تھے۔ ان کے پاس بے پناہ دولت تھی، لیکن اس وقت انھوں نے اس کا کوئی غلط استعمال نہیں کیا۔ تاریخی ریکارڈ کے مطابق انھوں نے اپنی حاملہ اہلیہ کو لائف بوٹ میں سوار کروایا، مگر خود جہاز پر ہی رہے اور حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
اسی جہاز پر امریکی کاروباری شخصیت اسیدور اسٹراس (Isidor Straus) بھی اپنی اہلیہ ایڈا اسٹراس (Ida Straus) کے ساتھ موجود تھے۔ اسیدور اسٹراس مشہور امریکی ڈیپارٹمنٹل اسٹور Macy’s کے شریک مالک تھے۔ جب انھیں عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے لائف بوٹ میں جگہ دی جانے لگی تو انھوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ جب تک خواتین اور بچے جہاز پر موجود ہیں، وہ کسی خصوصی رعایت سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔
ان کی اہلیہ ایڈا اسٹراس کو لائف بوٹ میں سوار ہونے کا موقع ملا، لیکن انھوں نے اپنے شوہر کو تنہا چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ روایت کے مطابق انھوں نے کہا:
’’ہم نے ساری زندگی ساتھ گزاری ہے، اب جدا نہیں ہوں گے۔‘‘
انھوں نے اپنی ملازمہ ایلن برڈ (Ellen Bird) کو لائف بوٹ میں بھیج دیا اور خود اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
ان دولت مند افراد نے اپنے اخلاقی اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے اپنی دولت اور یہاں تک کہ اپنی جان دینے کو ترجیح دی۔ اخلاقی اقدار کے حق میں ان کے انتخاب نے انسانی تہذیب اور انسانی فطرت کی شان کو اجاگر کیا، جب کہ ہمارے ملک کے بیورو کریٹس ، سیاستدان اور لیڈرز اپنی اپنی فیملیوں کو ملکی سرمایے سمیت دوسرے ملکوں میں منتقل کر کے کروڑوں کی آبادی والے ملک کو جہنم میں دھکیل رہے ہیں۔

الو کے پٹھے

دلی اور لکھنؤ والوں کے درمیان نوک جھونک چلتی رہتی تھی ۔
دونوں سمجھتے تھے کہ وہ زیادہ اچھی اردو بولتے ہیں اور زیادہ اچھے شاعر ہیں ، ایک دوسرے کو مصرعے بھیجتے کہ اس پر گرہ لگائیں ۔ دلی والے اپنی نازک خیالی کے لیے بھی مشہور تھے ۔ایک بار دلی والوں نے مصرع بھیجا:
رگِ گل سے بلبل کے پر باندھتے ہیں
لکھنؤ والوں نے اس مصرعے پر گرہ لگا کر واپس کیا:
سنا ہے کہ دلی میں الو کے پٹھے
رگِ گل سے بلبل کے پر باندھتے ہیں

بیٹے کی موت

ایک دفعہ میں پیرس کے ادبی میلے میں شریک ہوا تو وہاں میری آمد کی خبر سن کر ایک مصور مجھ سے ملنے آیا اور کہا:
’’میں بھی داغستانی ہوں، فلاں گاؤں کا رہنے والا ہوں، لیکن تیس برس سے یہاں فرانس میں ہوں۔‘‘
داغستان واپسی پر میں نے اس کے عزیزوں اور ماں کو تلاش کیا۔ اس مصور کے بارے میں اس کے خاندان کو یقین تھا کہ وہ مر چکا ہے۔ مصور کی ماں یہ خبر سن کر بہت حیران ہوئی۔ اس ماں کو علم ہی نہیں تھا کہ اس کا بیٹا ابھی تک زندہ ہے۔
میں نے مصور کی ماں کو یقین دلاتے ہوئے کہا:
’’آپ کا بیٹا واقعی زندہ ہے اور فرانس میں خوش و خرم ہے۔‘‘
یہ سن کر اس کی ماں بہت روئی۔
اس دوران مصور کے رشتہ داروں نے اس کے وطن چھوڑنے کا قصور معاف کر دیا تھا، کیوں کہ انھیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ ان کا کھویا ہوا عزیز ابھی زندہ ہے۔ مصور کی ماں نے مجھ سے پوچھا:
’’بتاؤ !اس کے بالوں کی رنگت کیسی ہے ؟ اس کے رخسار پر جو تِل تھا کیا اب بھی ہے ؟ اس کے بچے کتنے ہیں ؟‘‘
اور پھر دفعۃًمصور کی ماں نے پوچھا :
’’رسول ! تم نے میرے بیٹے کے ساتھ کتنا وقت گزارا؟‘‘
میں نے کہا:
’’ہم بہت دیر بیٹھے رہے اور داغستان کی باتیں کرتے رہے۔‘‘
پھر اُس کی ماں نے مجھ سے ایک اور سوال کیا :
’’اُس نے تم سے بات چیت تو اپنی مادری زبان میں کی ہوگی ناں؟‘‘
’’نہیں!ہم نے ترجمان کے ذریعہ بات چیت کی تھی۔میں ازبک بول رہا تھا اور وہ فرانسیسی۔وہ اپنی مادری زبان بھول چکا ہے۔‘‘
مصور کی بوڑھی ماں نے یہ سنا تو سر پر بندھے سیاہ رومال کو کھول کر اپنے چہرے کو چھپا لیا، جیسے پہاڑی علاقوں کی مائیں اپنے بیٹے کی موت کی خبر سن کر اپنے چہروں کو ڈھک لیتی ہیں۔
اس وقت اوپر چھت پر بڑی بڑی بوندیں گر رہی تھیں، ہم داغستان میں تھے۔ پھر ایک طویل خاموشی کے بعد ماں نے کہا :
’’رسول ! تم سے غلطی ہوئی۔ میرے بیٹے کو مرے ہوئے ایک مدت بیت گئی۔جس سے تم ملے وہ میرا بیٹا نہیں، کوئی اور ہو گا، کیوں کہ میرا بیٹا اس زبان کو کس طرح بھلا سکتا ہے جو میں نے اسے سکھائی تھی؟‘‘

کتاب:میرا داغستان،از:رسول حمزہ توف

‘‘ڈال‘‘ سے…؟

اردو کی ایک کتاب KG میں بچوں کو پڑھائی جاتی ہے، جس میں ’’ڈ‘‘ سے ڈاکٹر بتایا گیا ہے۔
حیرت ہے کہ نصاب تیار کرنے والوں کو حرف ’’ڈ‘‘سے اردو کا کوئی مقبول و مروّج لفظ ہی نہیں مل سکا اور ’’ڈ‘‘سے ڈاکٹر پر گزارہ کر لیا گیا۔
اب سوشل میڈیا پر ’’ڈھول‘‘ پیٹ کر‏اس بات کا ’’ڈھنڈورا‘‘ کرنا پڑ رہا ہے کہ ’’ڈ‘‘ سےالفاظ ’’ڈالنا‘‘ کوئی اتنا مشکل امر بھی نہیں ہے۔
اگر آپ کی ناراضی کا ’’ڈر‘‘ نہ ہوتو ’’ڈ‘‘ کو ذرا ’’ڈھونڈنا‘‘ شروع کریں۔
’’ڈانٹ ڈپٹ‘‘سے کام نہ چلے تو ’’ڈنڈا‘‘بھی قدرت کا ایک تحفہ ہے۔ ’’ڈ‘‘سے ’’ڈھول‘‘ نہ پیٹیں، ’’ڈگڈگی‘‘ نہ بجائیں، الفاظ کا ’’ڈھیر‘‘‏اکٹھا نہ کریں تو بھی اردو کے کنویں سے ایک آدھ ’’ڈول‘‘ ہی کافی ہوگا۔
’’ڈبہ‘‘سے ’’ڈبیا‘‘ تک، ’’ڈراؤنے‘‘ قوانین سے لے کر تعلیم کے ’’ڈاکوؤں‘‘ تک، امیروں کے ’’ڈیروں‘‘سے لے کر غریب کی ’’ڈیوڑھی‘‘ تک اور پھولوں کی ’’ڈالی‘‘ سے لے کر سانپ کے ’’ڈسنے‘‘ تک ’’ڈ‘‘ ہر جگہ دست یاب ہے۔
‏سوچا ’’ڈبڈباتی‘‘ آنکھوں سے یہ ’’ڈاک‘‘ بغیر کسی ’’ڈاکیے‘‘ اور ’’ڈاک خانے‘‘کے آپ تک پہنچا دوں کہ لفظوں کی مالا شاید نصاب کی کوتاہیوں کی ’’ڈھال‘‘ ثابت ہو۔

اخبار

یہ کون سا اخبار ہے؟
یہ روزنامہ باغ وبہار ہے
اس کی کیابات ہے؟
مجموعۂ معلومات ہے
یہ لوگوں کو سیدھی راہ بھی بتاتا ہے
طاقت اوراکسیری دوائیں بھی بکواتا ہے
اس میں فلمی صفحہ بھی ہوتا ہے
اس میں اسلامی صفحہ بھی ہوتا ہے
غازیوں کی تکبیریں بھی ہوتی ہیں
حسینوں کی تصویریں بھی ہوتی ہیں
دنیا بھی چست رہتی ہے
عاقبت بھی درست رہتی ہے
اخبار کے بڑے فائدے ہیں
اخبار نہ ہو تو قوم کی رہ نمائی کیسے ہو ؟
ایکٹرسوں کی رونمائی کیسے ہو؟
حکیم قبض کی دوا کس میں باندھے ؟
لیڈر اپنی ہوا کس میں باندھے؟
پنساری مرچوں کا پڑا کس میں باندھے ؟
یہ اخبار والا برا نڈر ہے
باطل سے نہیں ڈرتا
لوگوں سے نہیں ڈرتا
کبھی کبھی خدا تک سے نہیں ڈرتا
بس سرکار سے ڈرتا ہے
بڑا اچھا کرتا ہے
جب تک خوشنودیِ سرکار ہے
اخبار ہے،روزگار ہے
کوٹھی اور کار ہے
پرانے لوگ ایسا نہیں کرتے تھے
پرانے لوگ بھوکے بھی تو مرتے تھے
پھر بھی میاں اخبار والے
اخبار کالا کر
اپنا کردار کالا مت کر
صرف اخبار بیچ
ایمان مت بیچ!

ابن انشاء

سستی کا فلسفی

 فرانسیسی ناول نگار البرٹ کو سری کو سستی کا فلسفی کہا جاتا تھا ،کیوں کہ وہ سارا دن سوتا تھا اور رات بھر جاگتا تھا ۔ البرٹ اتنا سست تھا کہ اس نے ایک بار ادبی ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا تھا، کیوں کہ پارٹی صبح 10 بجے تھی اور یہ وقت اس کے سونے کا تھا ۔

پچیس لفظوں کی کہانی

 جسم

بیوہ تھی،کام کی تلاش میں نکلی۔ہر جگہ جسم درکار تھا۔
’’حرام زندگی سے حرام موت بہتر ہے!‘‘
نوٹ لکھا،اور پنکھے سے جھول گئی۔

کتاب:(پچیس لفظی کہانیوں کا مجموعہ)
بس پچیس لفظ،از:احمد بن نذر

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Sufyan Alhindi

    ماشاءاللہ بہت خوب
    احمد تو احمد ہیں

    کاش ہم بھی اس طرح سیکھ لیتے
    حق تعالٰی سلامت رکھے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦