نوجوانی کا دور انسانی زندگی کا وہ خوبصورت ترین دور ہوتا ہے جو ہمت و حوصلے، جوش و ولولے اور عزائم و امنگوں سے تعبیر کیا جاتا ہے، جہاں مستقبل کے خواب آنکھوں میں اور سب کے سامنے کچھ بن کر دکھانے کی آرزو ہر دل میں موجود ہوتی ہے۔ ترقی کرنے، آگے بڑھنے اور عروج پر پہنچنے کی خواہش انسان کو بے چین رکھتی ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے:
‘‘Youth is the age of warmth and glory’’
نوجوانی کا دور گرم جوشی اور شان و شوکت کا دور ہوتا ہے۔ یہ نوجوان ہی ہوتے ہیں جو کسی بھی قوم و ملک کا بیش قیمت سرمایہ سمجھے جاتے ہیں۔ وہ سماج میں تہذیب و تمدن کے امین، قوم کے محافظ اور حال و مستقبل دونوں کے معمار ہوا کرتے ہیں۔ ان کی صلاحیتوں اور کارکردگی کے اوپر ملک کی ترقی منحصر ہوتی ہے۔ کسی بھی قوم و معاشرے میں وہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو پورے جسم کو سپورٹ دیتی ہے اور کام کرنے، چلنے پھرنے کے لائق بنائے رکھتی ہے۔
اگر کسی قوم کے نوجوان باصلاحیت، باکردار اور باشعور ہوں تو وہ پورے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کر سکتے ہیں، لیکن اگر صورتِ حال اس کے برعکس ہو اور نوجوان خود ہی بے مقصد، مایوس اور بے راہ روی کی زندگی گزار رہے ہوں تو وہ معاشرے بھی زوال کا شکار ہونے لگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تاریخ کا ہر انقلاب، چاہے وہ سیاسی نوعیت کا ہو یا اقتصادی، سماجی مسائل سے متعلق ہو یا ملکی، سبھی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم رہا ہے۔ انقلابِ روس ہو یا انقلابِ فرانس، ایران کا اسلامی انقلاب ہو یا مارٹن لوتھر کے ذریعے لائی گئی اصلاحی تحریک، سری لنکا کی بات ہو یا بنگلہ دیش کا انقلاب، ان سبھی کے پیچھے نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد دکھائی دیتی ہے۔آج خود ملکِ عزیز میں تعلیم کی موجودہ حالت اور نیٹ کے پیپرلیک کے مسئلے کو لے کر جنتر منتر پر آواز اٹھانے والے زیادہ تر نوجوان ہی ہیں۔ اے آئی (AI) کے اس دور میں ہمارے نوجوان بہت سے داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک طرف مادہ پرستی، بے حیائی اور فحاشی کا عفریت ان کو نگلنے کے لیے تیار ہے، دوسری طرف سوشل میڈیا، بے روزگاری اور خود کو ثابت نہ کر پانے کی ٹینشن نے انہیں گھیر رکھا ہے۔ تعلیمی نظام کی کمزوری، گھر میں دینی تربیت کا نہ ہونا اور اخلاقی اعتبار سے زوال پذیر معاشرہ ان کی شخصیت اور صلاحیتوں کو برباد کر رہا ہے۔
نوجوانوں کو درپیش اہم ترین مسائل
1۔ فکری اور اخلاقی انتشار:
اس وقت فکری اور اخلاقی انتشار اپنے عروج پر ہے اور اس کی بنیادی وجہ نوجوانوں کی روحانی اور دینی تربیت کا فقدان ہے۔ مغربی تہذیب و تمدن کے اثرات، سوشل میڈیا کی یلغار، مادہ پرستی اور والدین کی غفلت نے آج کے نوجوان کو اپنے دین سے بہت دور کر دیا ہے۔ ان کا تعلق اپنے پیدا کرنے والے رب سے کمزور ہو گیا ہے۔ ان پر ان کے پیدا کرنے والے کے کیا حقوق ہیں اور ان سے متعلق ان کے والدین کے کیا خواب ہیں، وہ ان سب سے یکسر بے پروا ہیں۔ حقوقُ اللہ یا حقوقُ العباد کی ادائیگی ان کی زندگی اور اس کی ترجیحات میں کہیں شامل نہیں ہے، جس کی وجہ سے جہاں وہ ایک بے مقصد زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، وہیں روحانی بے سکونی انہیں اخلاقی انحطاط اور گناہوں کی طرف بھی لے جا رہی ہے۔
آج کا نوجوان موسیقی کو روح کی غذا سمجھتا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انسانی روح کی اصل غذا اللہ کا کلام اور اس کا ذکر ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ قرآنِ پاک میں فرماتا ہے:
الا بذکر اللہ تطمئن القلوب
(سورۃ الرعد، آیت: 28)
’’خبردار رہو! اللہ کی یاد ہی وہ چیز ہے جس سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوا کرتا ہے۔‘‘
اپنے دین سے گہری وابستگی اور تعلق کسی بھی نوجوان کی زندگی میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک درخت اپنے آپ میں اسی وقت مضبوط ہو سکتا ہے جب اس کی جڑیں بہت گہرائی تک زمین میں پیوست ہوں۔ اسی طرح ایک نوجوان کی شخصیت بھی اسی وقت صحیح معنوں میں پروان چڑھ سکتی ہے جب اس کی اپنے دین سے وابستگی، تعلق اور دینی شعور پختہ ہو۔
2۔ معاشی مسائل اور بے روزگاری:
موجودہ دور میں کالج اور یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے باوجود بہت بڑی تعداد میں نوجوان روزگار سے محروم ہے اور اس کی سب سے اہم وجہ تعلیمی نظام اور مارکیٹ میں عدم مطابقت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سفارش اور کرپشن اس مصیبت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ معاشی اعتبار سے کمزور نوجوان، جس کو اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہو اور جس پر گھریلو ذمہ داریوں نے بھی اپنا آنچل پھیلا رکھا ہو، اس کی نفسیاتی صورتِ حال ڈپریشن، مایوسی اور غصے کے علاوہ کچھ نہیں ہو سکتی۔ جہاں جائز ذرائع سے پیسہ کمانا مشکل ہی نہیں، ناممکن نظر آتا ہو، وہاں نوجوان خود بخود جرائم کی طرف بڑھنے لگتے ہیں۔بے روزگاری ان کے اندر صرف احساسِ کمتری ہی پیدا نہیں کرتی بلکہ ان کی پوری شخصیت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔بے روزگاری کے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسلامی معاشی اصولوں کو اپنانے کی سخت ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کر کے انہیں باہنر بنانا اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا بھی بہت ضروری ہے۔
3۔ موبائل کی لت اور سوشل میڈیا کا بے جا استعمال:
آج کے نوجوان کا تیسرا اہم مسئلہ موبائل کی لت اور سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف اس کا بیش قیمت وقت برباد ہو رہا ہے، تعلیم کا نقصان ہو رہا ہے، اس کا اپنے خاندان سے تعلق کمزور ہو رہا ہے بلکہ موبائل کا بے جا استعمال اسے تنہائی اور فحاشی کے دلدل میں بھی دھکیل رہا ہے۔ موبائل کا بے جا استعمال جہاں مایوسی، تناؤ، گھبراہٹ اور ڈپریشن میں اضافہ کر رہا ہے، وہیں نوجوانوں میں ذہنی اور جسمانی بیماریوں کو بھی پیدا کر رہا ہے۔
اس بے جا استعمال کو روکنے کے لیے مثبت مصروفیات کو شعوری طور پر اپنی زندگی میں داخل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میں اچھی کتابوں کے مطالعے، کھیل کود اور ڈیجیٹل ڈسپلن بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فیملی ٹائم اور خاندان والوں سے ربط و تعلق بھی موبائل کے بے جا استعمال کو روکنے میں کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔
4۔ بے حیائی اور اخلاقی بے راہ روی:
موجودہ دور میں بے حیائی و فحاشی نے فیشن کا روپ اختیار کر لیا ہے۔ فحش فلموں اور ڈراموں نے نوجوانوں کی فطری شرم و حیا کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اخلاقی زوال کا حال یہ ہے کہ حیا و پاکیزگی کو نوجوان نسل کی نظر میں خامی اور عیب بنا کر دکھایا جا رہا ہے۔
بقول شاعر:
خِرَد کا نام جُنوں رکھ دیا، جُنوں کا خِرَد
جو چاہے آپ کا حسنِ کرشمہ ساز کرے
جبکہ رسول اللہ ﷺ کے مطابق حیا ایمان کا ایک شعبہ ہے۔ اسلامی تعلیمات خیالات اور نگاہوں کی حفاظت کے ساتھ نوجوانوں کو جنسی جذبات کی تکمیل کے لیے نکاح کے جائز تعلق کی تعلیم دیتی ہیں۔
قرآنِ پاک اور سیرتِ رسول ﷺ میں نوجوانوں کا کردار
جوانی کی عمر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر انسان کے لیے ایک بڑی نعمت ہوتی ہے۔ اسی لیے اس کے بارے میں مختلف احادیث میں ذکر ملتا ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: ’’قیامت کے دن انسان کے قدم اپنی جگہ سے ہٹ نہ سکیں گے، یہاں تک کہ اس سے پانچ باتوں کے بارے میں سوال نہ کر لیا جائے: عمر کن کاموں میں گزاری؟ جوانی کی توانائی کہاں صرف کی؟ مال کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا؟ جو علم حاصل کیا، اس پر کہاں تک عمل کیا؟‘‘
(جامع ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ)
اسی طرح ایک اور مرتبہ آپ ﷺ نے جوانی کے دور کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا: ’’پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو: جوانی کو بڑھاپے سے پہلے، صحت کو بیماری سے پہلے، خوش حالی کو ناداری سے پہلے، فراغت کو مشغولیت سے پہلے، اور زندگی کو موت سے پہلے۔‘‘(جامع ترمذی)
قرآنِ پاک بھی اصحابِ کہف کے حوالے سے اُس وقت کے طاقت ور اور جابر حکم ران سے لوہا لینے والے چند نوجوانوں کا قصہ بیان کرتا ہے۔
نَّحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ نَبَأَهُم بِالْحَقِّ إِنَّهُمْ فِتْيَةٌ آمَنُوا بِرَبِّهِمْ وَزِدْنَاهُمْ هُدًى
(سورۃ الکہف: 13)
’’ہم اِ ن کا اصل قصہ تم کو سُناتے ہیں۔وہ چند نوجوان تھے جو اپنے ربّ پر ایمان لے آئے تھے اورہم نے ان کو ہدایت میں ترقی بخشی تھی‘‘
اسی طرح اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَّ رَبَطْنَا عَلٰی قُلُوْبِھِمْ اِذْ قَامُوْا فَقَالُوْا رَبُّنَا رَبُّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ لَنْ نَّدْعُوَاْ مِنْ دُوْنِہٖٓ اِلٰھًا لَّقَدْ قُلْنَآ اِذًا شَطَطًا
(سورہ کہف14)
’’ہم نے ان کے دل اُس وقت مضبوط کر دیے جب وہ اٹھے اور انہوں نے اعلان کر دیا کہ ہمارا رب تو بس وہی ہے جو آسمانوں اور زمین کا رب ہے ہم اُسے چھوڑ کر کسی دوسرے معبود کو نہ پکاریں گے اگر ہم ایسا کریں تو بالکل بیجا بات کریں گے‘‘
ان چند نوجوانوں نے اپنے زمانے میں جو کردار ادا کیا، وہ تمام نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید اور مشعلِ راہ ہے۔
ہر دور میں انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت پر لبیک کہنے والوں میں نوجوان پیش پیش رہے ہیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ایمان لانے والوں میں بھی نوجوانوں کا ایک طبقہ شامل تھا۔ اسی طرح حضور اکرم ﷺ کی ابتدائی دعوت پر لبیک کہنے والوں میں سب سے زیادہ نوجوان تھے۔
جب ہم سیرتِ پاک کا مطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے نوجوانوں اور ان کی صلاحیتوں کو بہت اہمیت دی، انہیں بڑی بڑی ذمہ داریاں سونپیں اور ان پر بھرپور اعتماد فرمایا۔
ان نوجوانوں میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ، حضرت عمار بن یاسرؓ، حضرت مصعب بن عمیرؓ، حضرت زید بن حارثہؓ، حضرت اسامہ بن زیدؓ، حضرت خالد بن ولیدؓ، حضرت عمرؓ، حضرت عثمانؓ، حضرت عبداللہ بن مسعودؓ، حضرت عبداللہ بن عمرؓ، حضرت عبداللہ بن زبیرؓ، حضرت عبداللہ بن عباسؓ اور حضرت سعد بن ابی وقاصؓ جیسے اولوالعزم صحابۂ کرامؓ شامل تھے۔یہ سب نوجوان تھے، مگر رسول اللہ ﷺ کی تربیت نے ان کی خوابیدہ صلاحیتوں کو نہ صرف نکھارا بلکہ انہیں کمالِ عروج تک پہنچا دیا۔نوجوانی ہی کے دور میں شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ، امام ابن تیمیہؒ اور امام غزالیؒ جیسے عظیم علماء نے علوم و فنون کی نئی راہیں روشن کیں۔ اسی عہدِ جوانی میں محمد بن قاسم، قتیبہ بن مسلم، طارق بن زیاد اور صلاح الدین ایوبی نے تاریخ کا دھارا بدل دیا اور اپنی ہمت و شجاعت سے نئی تاریخ رقم کی۔
اسی عمر میں امام حسن البنا شہیدؒ نے الاخوان المسلمون جیسی عظیم تحریک کی بنیاد رکھی۔ اسی دور میں ہم سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے قلم سے الجہاد فی الاسلام جیسی معرکہ آرا کتاب سامنے آتی دیکھتے ہیں، جس نے جہاد کے صحیح اسلامی تصور کو واضح کیا۔ اسی دورِ شباب میں مولانا ابوالکلام آزادؒ کی صحافت کے جوہر نمایاں ہوتے ہیں اور الہلال اور البلاغ جیسے عظیم اخبارات منظرِ عام پر آتے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ نوجوان آج بھی میرِ کارواں بن سکتے ہیں، مگر انہیں صحیح رہنمائی اور بہترین تربیت کی ضرورت ہے۔ وہ قیادت، علم اور دعوت کے میدان میں آج بھی اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ وہ مثالی عالم، مفکر، سائنس دان، مصلح اور قائد بن کر پوری قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں، مگر اس کے لیے انہیں سوزِ دل، بلند نگاہی اور سخن دل نوازی کا پیکر بن کر ابھرنا ہوگا۔انہیں قرآنِ کریم اور سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں اپنی زندگی کا لائحۂ عمل مرتب کرنا ہوگا، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب والدین اپنی اولاد کی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی بھی فکر کریں، اساتذہ ان کی کردار سازی کا فریضہ انجام دیں، معاشرہ انہیں مثبت ماحول فراہم کرے، اور خود نوجوان اپنی شخصیت سازی پر توجہ دیتے ہوئے اپنی طاقت، قوت اور صلاحیتوں کو صحیح رخ دیں۔ تب ہی وہ قوم کے مستقبل کے معمار اور روشن مستقبل کی تعبیر بن سکتے ہیں۔
٭ ٭ ٭

![Muntakhib Mazmoon[Naujawaan nasl ke masail aur unke hal]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/07/Muntakhib-MazmoonNaujawaan-nasl-ke-masail-aur-unke-hal.jpg)
0 Comments