جنریشن زی:ڈیجیٹل دنیا کی پہلی نسل (قسط ۱)

ہر دور کی اپنی ایک نسل ہوتی ہے، اور ہر نسل اپنے وقت کے ماحول، حالات اور وسائل کے زیرِ اثر پروان چڑھتی ہے۔ ہمارے والدین نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا زمانہ دیکھا، ہم نے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی آمد دیکھی، لیکن جنریشن زی (Generation Z) وہ پہلی نسل ہے جس نے آنکھ ہی ایک ایسی دنیا میں کھولی، جہاں اسمارٹ فون، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پہلے سے موجود تھے۔اس نسل کے لیے ٹیکنالوجی کوئی نئی ایجاد نہیں، بلکہ زندگی کا ایک فطری حصہ ہے۔ جیسے مچھلی پانی میں رہتی ہے اور اسے پانی کی موجودگی کا احساس نہیں ہوتا، اسی طرح جنریشن زی کے بچوں کے لیے ڈیجیٹل دنیا ان کی روزمرہ زندگی کاجزوِ لاینفک بن چکی ہے۔یہ حقیقت والدین کے لیے ایک نئی ذمہ داری پیدا کرتی ہے۔ آج والدین صرف بچوں کی جسمانی اور تعلیمی تربیت کے ذمہ دار نہیں رہے، بلکہ انہیں ایسی نسل کی رہنمائی بھی کرنی ہے، جس کی شخصیت، سوچ، تعلقات، سماجی روابط، تعلیم، جذبات اور نفسیات پر ڈیجیٹل دنیا کے گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔والدین عموماً نئی نسل کی تربیت کے حوالے سے زمانے کے بدل جانے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں، حالانکہ مسئلہ زمانے کا نہیں، بلکہ انسان کے رویّوں اور اعمال کا ہوتا ہے۔

هَلْ أَتَىٰ عَلَى الْإِنسَانِ حِينٌ مِّنَ الدَّهْرِ لَمْ يَكُن شَيْئًا مَّذْكُورًا

(سورۃ الإنسان، آیت:۱)
’’کیا انسان پر لامتناہی زمانے کا ایک وقت ایسا بھی گزرا ہے جب وہ کوئی قابلِ ذکر چیز نہ تھا؟‘‘
سورۂ الإنسان کی یہ پہلی آیت والدین کو یاد دلاتی ہے کہ زمانہ بذاتِ خود نہ اچھا ہوتا ہے اور نہ برا، بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کی تخلیق اور اس کی تدبیر کے تحت چلتا ہے۔ انسان پر وہ وقت بھی اللہ تعالیٰ کے حکم سے گزرا جب وہ موجود ہی نہیں تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اسے عدم سے وجود بخشا، اور یہ دنیا اس کی آزمائش کے لیے بنائی۔ اسی سورۂ مبارکہ کی اگلی آیت میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

اِنَّا خَلَقۡنَا الۡاِنۡسَانَ مِنۡ نُّطۡفَةٍ اَمۡشَاجٍۖ نَّبۡتَلِيۡهِ فَجَعَلۡنٰهُ سَمِيۡعًۢا بَصِيۡرًا

(سورۃ الإنسان، آیت:۲)
’’ہم نے انسان کو ایک مخلُوط نُطفے سے پیدا کیا تاکہ اس کا امتحان لیں اور اِس غرض کے لیے ہم نے  اسے سُننے اور دیکھنے والا بنایا۔‘‘
سننے اور دیکھنے کی یہ آزمائش بلا شبہ ہم سب کے ساتھ وابستہ ہے۔ انسان ہر دور میں اللہ تعالیٰ کی آزمائش سے گزرتا ہے۔ اس لیے Gen Z یا کسی بھی نسل کی تربیت میں صرف’’زمانے‘‘ کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ہر دور اپنے مخصوص چیلنجز لے کر آتا ہے۔
’’آج کا زمانہ خراب ہے‘‘،’’Gen Z ‘‘بگڑ گئی ہے،’’سوشل میڈیا نے سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔‘‘ یہ جملے روزمرہ گفتگو کا حصہ بن چکے ہیں۔ بچوں کے والدین پریشان ہیں کہ یہ بچے رات دیر تک جاگتے ہیں، صبح دیر سے اٹھتے ہیں، نماز کا انہیں بالکل خیال نہیں، ان کے انداز بدل گئے ہیں، وہ تہذیب سے دور اور سماجی روابط سے کٹے ہوئے نظر آتے ہیں۔یہ تمام باتیں اپنی جگہ درست ہیں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر والدین اس نسل کی خصوصیات، نفسیات اور طرزِ فکر کو سمجھ لیں تو وہ اپنے نوعمر بچوں کی کہیں بہتر انداز میں رہنمائی کر سکتے ہیں۔اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ صرف ’’زمانے‘‘ کو برا کہنا درست رویہ نہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
’’ابنِ آدم مجھے ایذا دیتا ہے، وہ زمانے کو برا بھلا کہتا ہے، حالانکہ میں ہی زمانے کا مالک ہوں، میرے ہی ہاتھ میں رات اور دن کا الٹ پھیر ہے۔‘‘(صحیح بخاری:۴۸۲۶؛ صحیح مسلم: ۲۲۴۶)
اس حدیث کا مطلب یہ نہیں کہ زمانے کے فتنوں سے آنکھیں بند کر لی جائیں، بلکہ اس کا مفہوم یہ ہے کہ ہم ہر خرابی کا ذمہ دار صرف ’’زمانے‘‘ کو نہ ٹھہرائیں۔ ہر دور اپنے امتحانات لے کر آتا ہے۔
والدین کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنی اولاد کو ایمان، اخلاق، حکمت اور صحیح رہنمائی سے آراستہ کریں۔ والدین کا اصل امتحان یہ نہیں کہ وہ بچوں کو ٹیکنالوجی سے دور رکھیں، بلکہ یہ ہے کہ وہ انہیں ٹیکنالوجی کا ایسا باشعور صارف بنائیں جو اس کا غلام نہیں، بلکہ اس کا مالک ہو۔

ڈیجیٹل نیٹو (Digital Native) جنریشن

یہ سمجھتے ہیں کہ ڈیجیٹل نیٹو جنریشن کیا ہوتی ہے اور اس کی خصوصیات کیا ہیں۔
تعلیمی ماہر مارک پرینسکی
(Marc Prensky) نے ۲۰۱۱ء میں پہلی مرتبہ ’’ڈیجیٹل نیٹو‘‘ کی اصطلاح استعمال کی۔ اس سے مراد وہ بچے اور نوجوان ہیں جو پیدائش ہی سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ماحول میں پروان چڑھے ہوں۔پہلی نسلوں کو کمپیوٹر، موبائل یا انٹرنیٹ استعمال کرنا سیکھنا پڑا، لیکن جنریشن زی کے لیے یہ چیزیں سیکھنے کی نہیں، بلکہ زندگی گزارنے کی زبان ہیں۔
۱)ہم ڈکشنری کھولنے کا ہنر سیکھتے تھے، اور ایک لفظ تلاش کرتے ہوئے کئی دوسرے الفاظ بھی پڑھ لیتے تھے۔ ان کا اندازِ تلاش بہت Pinpoint ہوتا ہے۔ ان بچوں کے لیے گوگل پر معلومات تلاش کرنا کسی لغت یا انسائیکلوپیڈیا سے کہیں زیادہ آسان ہے۔
۲)ہم اپنے دور میں اپنی امی کے ساتھ کچن میں کھڑے ہو کر کھانا بنانا سیکھ لیتے تھے۔ بڑے صبر کے ساتھ کھانا پکاتے ہوئے اس کی ترتیب اور ذائقے میں آنے والی تبدیلی کا مشاہدہ کرتے تھے، جبکہ اس نسل کو یوٹیوب سے سیکھنا روایتی لیکچر سے زیادہ دلچسپ محسوس ہوتا ہے۔چونکہ عملی طریقے سے سیکھنے اور مشاہدہ کرنے میں صبر درکار ہوتا ہے، جبکہ آج زندگی اور سیکھنے کی رفتار ہماری سابقہ سوچ سے کہیں زیادہ تیز ہو چکی ہے۔
۳)ان بچوں کے والدین نے خط بھی لکھے ہیں اور ان کے جواب کا طویل انتظار بھی کیا ہے، بعد میں فون کال کا دور آیا، تو خط کے مقابلے میں فون پر بات کرنے کو ترجیح دی گئی۔اس نسل کو پیغام (Message)بھیجنا فون پر بات کرنے سے زیادہ فطری محسوس ہوتا ہے۔ یہ فون کال کم کرتے ہیں، لیکن ایک ریل (Reel) بنا کر پوری دنیا کو مخاطب کر لیتے ہیں، جبکہ دوستوں سے صرف ٹیکسٹ میسج پر اکتفا کرتے ہیں۔ ان کے پیغامات کی بھی اپنی ایک الگ زبان ہے۔خاموشی کے ساتھ، بغیر آواز کے، یہ نسل گھنٹوں فون پر چیٹنگ کرتی رہتی ہے۔ تصور کیجیے کہ دو گونگے آمنے سامنے بیٹھے ہوں، گفتگو جاری ہو، اشارے ہوں، سماعت آواز نہ سن رہی ہو، لیکن مسلسل خیالات کا تبادلہ ہو رہا ہو۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو حیوانِ ناطق بنایا ہے۔ اگر اس فطری توازن میں خلل آئے گا تو یقیناً نفسیات بھی متاثر ہوں گی۔ یہ نسل ہر وقت موسیقی سنتی رہتی ہے، کانوں میں ایئر بڈز (Earbuds)لگے رہتے ہیں، لیکن انسانی آواز کم سنتی ہے، اور رفتہ رفتہ تعلقات قائم کرنے کے فطری ہنر سے دور ہوتی جاتی ہے۔بالمشافہ گفتگو میں انسان بولتا ہے، سامنے والے کے چہرے کے تاثرات دیکھتا ہے، اس کے لہجے سے درد اور کرب کو محسوس کرتا ہے، اور باڈی لینگویج (Body Language)سے اس کے اضطراب کا اندازہ لگاتا ہے۔
لیکن جب مخاطب مسلسل نظروں سے اوجھل رہے اور بات چیت صرف چیٹنگ تک محدود ہو جائے تو آہستہ آہستہ یہ صلاحیتیں کمزور ہونے لگتی ہیں، اور نئی نسل میں نئے سماجی اور نفسیاتی مسائل جنم لینے لگتے ہیں۔
۴)جب ہم نے ۲۰۱۱ء میں سوشل میڈیا جوائن کیا تو ایک جملہ اکثر سننے کو ملتا تھا کہ:
’’سوشل میڈیا کے تعلقات ایسے ہوتے ہیں کہ ادھر ویب سائٹ بند ہوئی، اُدھر رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔‘‘لیکن اس نسل کے نزدیک آن لائن دوست بھی حقیقی تعلقات کا حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ یہ ان کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔
۵)ان کے والدین کے نزدیک مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence – AI) ایک حیرت انگیز شاہکار ہے، اور وہ سوچتے رہتے ہیں کہ آخر یہ کیسے کام کرتی ہے۔لیکن اس نسل کے نزدیک مصنوعی ذہانت کوئی حیرت انگیز ایجاد نہیں، بلکہ روزمرہ زندگی کا ایک عام ذریعہ ہے۔بیشتر والدین یہ سمجھتے ہیں کہ موبائل یا انٹرنیٹ محض ایک آلہ (Tool) ہے، لیکن حقیقت اس سے کہیں زیادہ گہری ہے۔ماہرینِ نفسیات کے مطابق بچہ جس ماحول میں پرورش پاتا ہے، وہی ماحول اس کے سوچنے، سیکھنے، مسائل حل کرنے اور دوسروں سے تعلق قائم کرنے کے انداز کو تشکیل دیتا ہے۔چونکہ جنریشن زی کا بڑا حصہ ڈیجیٹل ماحول میں گزرتا ہے، اس لیے ان کی سوچ بھی اسی ماحول کے مطابق ڈھل رہی ہے۔اگر والدین خود بھی بروقت ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ ہو جائیں، اس کا مثبت اور مؤثر استعمال کریں، اور بچے انہیں ایسا کرتے ہوئے دیکھیں، تو بچوں کو علم و تحقیق کا ماحول مکمل طور پر نہ سہی، کم از کم ایک مثبت متبادل ضرور میسر آ سکتا ہے۔ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کی وجہ سے یہ نسل معلومات بہت تیزی سے حاصل کرتی ہے۔ تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعے جلد سیکھتی ہے، ایک وقت میں کئی کام کرنے کی عادی ہے، ہر سوال کا فوری جواب چاہتی ہے، اور لمبی تحریروں کے بجائے مختصر اور بصری مواد کو ترجیح دیتی ہے۔یہ تبدیلی ہمیشہ منفی نہیں ہوتی، بلکہ بدلتے ہوئے ماحول کے ساتھ انسانی ذہن کی فطری مطابقت (Adaptation)کا نتیجہ ہے۔
ہم آئندہ صفحات میں ڈیجیٹل نسل کی خوبیوں، اس کے سامنے موجود چیلنجز اور آزمائشوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ موجودہ جنریشن زی کے بارے میں آسان الفاظ میں ہر چھوٹی، بڑی اور باریک سے باریک بات والدین تک پہنچائی جائے، تاکہ وہ اپنے بچوں کے رویّوں کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں اور ان کی تربیت کے لیے مؤثر، مثبت اور غیر محسوس انداز میں منصوبہ بندی کر سکیں۔

ڈیجیٹل نسل کی خوبیاں

اگر ٹیکنالوجی کا درست استعمال کیا جائے تو یہ نسل غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل بن سکتی ہے۔ ٹیکنالوجی صرف ایک ذریعہ نہیں، بلکہ ایک ماحول بھی ہے۔ تاہم اس کے درست استعمال کا شعور جنریشن زی میں پیدا کیا جائے، اور یہی کام، جنابِ والا، اصل امتحان ہے۔
۱۔ علم تک بے مثال رسائی:موجودہ ڈیجیٹل دور کو ’’معلومات کے دھماکے‘‘ کے بجائے ’’معلومات تک آسان ترین رسائی’’ کا دور کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔ ہم نے اسے معلومات کا دھماکا اس لیے محسوس کیا تھا کہ ہمارے ذہن اس رفتار کے عادی نہیں تھے، لیکن آج کے بچے معلومات نہایت آسانی سے، گویا پلک جھپکتے ہی حاصل کر لیتے ہیں، بلکہ انہیں عملی طور پر استعمال بھی کرتے ہیں۔ماضی میں حصولِ علم کے لیے کتنی مشقت اٹھانی پڑتی تھی۔ لوگ علم کی تلاش میں شہروں بلکہ ملکوں کے سفر کرتے تھے، سخت محنت برداشت کرتے تھے، جبکہ آج ایک بچہ دنیا کے بہترین اساتذہ سے گھر بیٹھے تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔قرآنِ کریم کی تجوید، مختلف زبانیں، پروگرامنگ، سائنس، ریاضی، آرٹ یا کسی بھی ہنر کی تعلیم چند لمحوں میں دستیاب ہے۔ بچے مختلف مہارتیں سیکھ رہے ہیں۔ علم کی ایسی فراوانی انسانی تاریخ میں پہلے کبھی موجود نہیں تھی۔اب ہماری ذمہ داری یہ ہے کہ اس فراوانی میں صحیح علم حاصل کرنے کا شعور پیدا کریں، پھر دیکھیے کیا کچھ ممکن نہیں۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو خیر و شر میں تمیز اور انتخاب کی صلاحیت عطا فرمائی ہے۔

وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِِ 

(سورۃ البلد کی آیت ۱۰)
’’اور دونوں نمایاں راستے اُسے (نہیں) دکھا دیے؟‘‘
یعنی اللہ تعالیٰ نے انسان کو دونوں راستے دکھا دیے۔ آج کی جنریشن زی بھی اسی آزمائش سے گزر رہی ہے کہ وہ علم کو کس راستے میں استعمال کرتی ہے۔دنیا اور آخرت دونوں میں علم کی اہمیت برقرار رہے گی۔ قیامت کے دن انسان سے کہا جائے گا:

اقْرَأْ كِتَابَكَ كَفَىٰ بِنَفْسِكَ الْيَوْمَ عَلَيْكَ حَسِيبًا

(سورۃ الإسراء، ۱۴)
’’پڑھ اپنا نامہ اعمال، آج اپنا حساب لگانے کے لیے تو خود ہی کافی ہے‘‘
اس آیت میں انسان کے اپنے اعمال پر خود گواہ بننے کا تصور نہایت واضح ہے۔ آج کے نوعمر بچے بھی بڑوں کے رویّوں کا مشاہدہ کرتے ہیں اور اپنے ذہن میں ان پر گواہ بنتے ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ قیامت کے دن انسان کو اس کے اپنے اعمال کا گواہ بنا دے گا۔
۲۔ تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ:آج کا نوجوان ویڈیو بنا سکتا ہے، گرافکس ڈیزائن کر سکتا ہے، ویب سائٹ تیار کر سکتا ہے، پروگرامنگ سیکھ سکتا ہے، اپنی کتاب شائع کر سکتا ہے، آن لائن کاروبار شروع کر سکتا ہے اور گھروں کے تعمیراتی ڈیزائن بھی ڈیجیٹل ذرائع سے تیار کر لیتا ہے۔اگر والدین درست رہنمائی کریں تو یہی ٹیکنالوجی مستقبل میں باعزت ذریعۂ معاش بھی بن سکتی ہے۔
۳۔ عالمی شعور:اس نسل کا عالمی شعور قابلِ توجہ ہے۔ جنریشن زی صرف اپنے محلے یا شہر تک محدود نہیں رہتی، بلکہ دنیا کے مختلف ممالک، تہذیبوں اور زبانوں سے واقف ہوتی جا رہی ہے۔یہ مختلف معاشروں کا باہمی تقابل کر سکتی ہے، ان کی حکمتِ عملیوں اور فکری ارتقا کا جائزہ لے سکتی ہے، جس سے اس میں وسعتِ نظر پیدا ہوتی ہے۔البتہ اس کے ساتھ صحیح اور غلط اقدار میں فرق کرنا بھی ضروری ہو جاتا ہے۔اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس نسل میں عقابی نگاہ پیدا ہونے کی صلاحیت موجود ہے، بشرطیکہ اسے درست رہنمائی میسر آئے۔یہ رہنمائی والدین کے شعور، حکمت اور تربیت پر منحصر ہے۔ بچوں کو برا بھلا کہنا، ان پر مسلسل تنقید کرنا یا ان سے دوری اختیار کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ انہیں محبت، اعتماد اور حکمت کے ساتھ صحیح راستہ دکھانا والدین کی ذمہ داری ہے۔درحقیقت اتنی صلاحیتوں اور بیدار حس رکھنے والی نسل کی تربیت ہمارے لیے بھی ایک بڑی آزمائش ہے۔

ڈیجیٹل دنیا کے پوشیدہ خطرات

یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ جب تیرہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچے موبائل فون میں مصروف ہوں تو انہیں فوراً روکنے ٹوکنے کے بجائے پہلے ان کے ساتھ مؤثر ابلاغ (Communication) قائم کرنے اور تعلق کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے۔اس عمر کے بچے سخت روک ٹوک کو پسند نہیں کرتے اور بعض اوقات والدین سے دوری اختیار کر لیتے ہیں۔بہتر یہ ہے کہ انہیں مناسب حدود کے ساتھ موبائل استعمال کرنے کی اجازت دی جائے، لیکن یاد رکھیے کہ ہر نئی سہولت اپنے ساتھ نئے امتحانات بھی لاتی ہے۔ان امتحانات سے نمٹنے کی بہترین تیاری بچوں کے ساتھ غیر مشروط محبت (Unconditional Love) کا تعلق قائم کرنا ہے۔یہ درست ہے کہ والدین کی تشویش بے جا نہیں۔ آخر یہ انہی کی اولاد ہے، اور ان کے دل دنیا اور آخرت دونوں کی جواب دہی کے احساس سے دھڑکتے ہیں۔ انہیں یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں غلط استعمال کے باعث ان کے بچے نقصان کا شکار نہ ہو جائیں، اور حقیقت یہ ہے کہ بعض صورتوں میں ایسا ہو بھی رہا ہے۔(جاری)

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٦