نومبر ۲۰۲۴
دوست بھی چارہ ساز ہوتے ہیں

رشتے اور تعلقات ہر انسان کی بنیادی ضرورت میں شامل ہیں، یہ تعلقات انسان کی خوشی کی وجہ بھی ہوتے ہیں، ہم انسانوں کی زندگی میں کئی سارے رشتے ہوتے ہیں جو ہمیں عزیز ہوتے ہیں ،ان ہی میں سے ایک خوب صورت رشتہ دوستی کا ہے، دوستی کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ ہر انسان اس کے انتخاب کا حق رکھتا ہے، پھر جو دوست ہم بناتے ہیں ان کے ساتھ ہم اپنے دکھ سکھ شیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں، یوں تو ہم میں سے ہر انسان کی زندگی میں دوست ہوتے ہیں لیکن بہت کم لوگ ہوتے ہیں جنھیں ایسے دوست میسر ہوتے ہیں جن کے ساتھ رہتے ہوئے وہ یوں محسوس کرتا ہے گویا وہ اس کی ذات کا ہی ایک حصہ ہیں، اس کے ہونے سے ہر خلا ءپر ہونے لگتا ہے اور جب وہ نہ ہو تو یوں لگتا ہے کہ گویا کسی نے اسے بھری محفل میں تنہا کر دیا ہے۔
جس طرح زندگی میں موجود ہر رشتے کے بنائے رکھنے اور کامیابی کے ساتھ اسے برتنے کے اصول ہوتے ہیں، بالکل اسی طرح دوستی کے بھی اپنے تقاضے ہوتے ہیں، ہم میں سے بیش تر لوگ ایک اچھا اور مخلص دوست تو چاہتے ہیں لیکن خود کسی کے لیے خود میں یہ خوبیاں پیدا کرنے کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہوتے، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہر کوئی امید لگائے بیٹھ جاتا ہے، یوں ہر انسان اکیلا ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس لیے میرا ماننا ہے کہ ہم سب کو سب سے پہلے خود اپنی امیدوں کو حقیقت پسندانہ سطح پررکھتے ہوئے اس پر خود پورا اترنے کی ضرورت ہے ،اس طرح ہم خود دوسروں کے معیار پہ کھرے اترتے ہوئے ایک اچھی دوستی بنا سکتے ہیں۔

آئیے! جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ دوستی کی بنیاد کیا ہونی چاہیے، سب سے پہلے تو ہمیں انسانی فطرت کو سمجھتے ہوئے اس کے تقاضوں کو جاننے کی ضرورت ہے کہ انسانی دکھ و سکھ کو کیسے بانٹا جاتا ہے؟ اکثر اوقات ہم اپنے دوستوں کی چھوٹی چھوٹی باتوں کا اتنا زیادہ اثر لے لیتے ہیں کہ وہ احساس ناراضگی انا میں تبدیل ہو جاتی ہے، نتیجۃًہم اس وقت اپنے دوست کو نظر انداز کر دیتے ہیں ،جب کہ انھیں ہماری ضرورت ہوتی ہے، اگر اپنے دوست کے جذبات کو سمجھنے میں مشکل درپیش ہو تو اس کا آسان حل یہ ہے کہ خود کو اس کی جگہ پہ رکھ کر سوچیں، پھر آپ کے لیے فیصلہ کرنا آسان ہو جائے گا۔ میرے خیال میں کوئی بھی انسان ایسے دوستوں کی ضرورت محسوس نہیں کرتا جو کہ اپنے دوست کے جذبات کو کبھی بھی سمجھنے کی کوشش نہیں کرتا ،محض دنیاداری کے تقاضوں کے مطابق دوستی کو نبھاتا ہے۔
اعتماد اور دیانت کو دوستی کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے ۔اعتماد ہر رشتے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے دوستی میں بھی اس کو مرکزیت حاصل ہے۔ایک سچا دوست وہ ہوتا ہے جس پر ہم اپنے راز عیاں کر سکتے ہوں اور وہ اسے امانت کی طرح سنبھالنا جانتا ہو ، وہ تعلق کی طے شدہ باؤنڈری کا لحاظ کرتا ہو کسی طرح کی خفگی ہونے کی صورت میں بھی وہ رشتوں کا بھرم رکھتے ہوئے اسے بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہو، دوستی میں ایمان داری بھی ضروری ہے، کیوں کہ سچے دوست شیئرنگ کرتے ہوئے کذب بیانی کے بجائے سچ کا سہارا لیتے ہیں، اس کی وجہ سے دوستی میں غلط فہمی پیدا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
بات چیت کو ہمیشہ جاری رکھنا بامعنی و مخلص دوستی کا لازمی عنصر ہے ،اس لیے اچھے دوست کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کے ساتھ دل کھول کر بات کی جا سکتی ہو۔ دوستوں کے ساتھ صحت مند تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیےدوست کے تئیں وفاداری کا ہونا ضروری ہے۔سچی دوستی کا سب سے بڑا تقاضہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ہمیں اس وقت میسر ہوں جب کہ ہمیں ان کی ضرورت ہو، چاہے ہم مشکل وقت سے گزر رہے ہوں یا کسی کامیابی پر جشن منا رہے ہوں، ہمارے حقیقی دوست ہمیں خوش کرنے، صحیح فیصلہ لینے ، اور رونے کے لیے کندھا دینے کے لیےموجود ہوتے ہیں۔ وہ ہمارے خوابوں کی تکمیل میں ہماری مدد کرتے ہیں اور ہمیں زندگی میں بہترین انسان بننے کی ترغیب دیتے ہیں۔ بےتکلفی، ہنسی، مذاق بھی دوستی کے رشتے میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، ایک دوسرے کی صحبت سے لطف اندوز ہونا، اور زندگی بھر رہ جانے والی یادیں بنانا ،ہماری دوستی کو مضبوط کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ ہمارے سچے دوست ہمیں ہنساتے ہیں، ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ زندگی میں آنے والے غموں سے کیسے نمٹا جائے اور خوشی کو کیسے انجوائے کیا جائے؟وہ زندگی کے سفر سے لطف اندوز ہونے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔
دوستی ان لوگوں کے درمیان ایک منفرد رشتہ ہے جو مشترکہ مفادات، اقدار اور تجربات کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ دوستی صرف کسی سے بات کرنے یا اس کے ساتھ گھومنے پھرنے سے پروان نہیں چڑھتی، بلکہ یہ ہمہ وقت احساس کرنے سے پنپتی ہے ۔ ایک اچھا دوست زندگی کے چیلنجوں سے گزرنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔

دوستی کیسے پروان چڑھتی ہے؟ دوستی باہمی مفادات، مشترکہ تجربات اور مشترکہ اقدار کے ذریعے پروان چڑھتی ہے۔ یہ ایک وقت کے ساتھ نشوونما پانے والا عمل ہے جو ابتدائی مرحلے سے شروع ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ پروان چڑھتا ہے۔ جیسے جیسے ہم ایک دوسرے کو بہتر طور پر جانتے ہیں، اسی طرح ہم اپنی ذات سے جڑے حقائق کو ظاہر کرنا شروع کر دیتے ہیں، ہم جذبات کے ذریعے ان سے جڑنے لگتے ہیں، یہ جذبات و احساسات ہمیں دوستی کے بندھن کو گہرا بنانے پہ زور دیتی ہے ، اور وقت کے ساتھ ایک دوسرے پر ہمارا اعتماد بڑھتا ہے۔ دوستی کے لیے دونوں فریقوں سے کوشش اور سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے ہمہ تن گوش ہو کر سننے، کھل کر بات چیت کرنے، ایک دوسرے کے نقطۂ نظر کو سمجھنے کی خواہش کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہم میں سے اکثر لوگ دوستی کے تعلق کو فار گرانٹیڈ لینے کے عادی ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ دوستی کو ایک فارمل رشتے کی طرح نبھاتے ہیں، معمولی معمولی باتیں یا بات چیت میں در آنے والے وقفے سے وہ بہت جلدی متاثر ہوجاتے ہیں، کچھ لوگ دوستوں کو بھی یہ کہنے سے باز نہیں آتے کہ میں بہت مصروف ہوں کیا کروں وقت ہی نہیں ملتا، حالاں کہ یہاں وقت سے زیادہ ترجیحات کا مسئلہ ہے، بےشک وقتی طور پردوسروں کو اپنی اہمیت کا احساس دلانے کے لیےوہ خود کو مصروف کر لیتے ہیں یا فقط ظاہر کرتے ہیں، وقت کے ساتھ ان کی زندگی میں خلاء پیدا ہونا شروع ہو جاتا ہے، کیوں کہ ہر رشتے کی طرح دوستی بھی انسان کے جذبات کی ڈیولپمنٹ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اپنے جذبات و احساسات کو بنا کسی تکلف کے ہم دوستوں سے ہی شیئر کر سکتے ہیں،جہاں غلط صحیح کی ہم اتنی پرواہ نہیں کرتے، شیئرنگ انسانی نفسیات کی ضرورتوں میں شامل ہے۔
ہم خود اپنے جذبات کے تقاضوں سے ناواقف ہوتے ہیں، خود ہی اپنی زندگی میں خلا پیدا کرتے ہیں پھر اسے غلط طریقے سے پر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، میری سمجھ کے مطابق زندگی میں ایک ایسا دوست ضرور ہونا چاہیے جو لانگ ٹائم یا لائف ٹائم آپ کے ساتھ ہو، جو آپ کی زندگی کے نشیب و فراز کے ہر لمحے میں شامل ہو، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایسے دوست بہت مشکل سے ملتے ہیں ،ایسے دوست جذباتی مدد، حوصلہ افزائی اور تعلق کی لذت سے آشنا کرتے ہیں، وہ زندگی کے دباؤ سے نمٹنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ قریبی دوستوں کا ہونا خوشی میں اضافہ، تناؤ کی سطح کو کم کرنے اور بہتر جسمانی صحت کا باعث بنتا ہے۔
لہٰذا، آئیے! ان لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کریں جو ہمارے ہم خیال ہیں اور اس دوستی کے تعلق کو بنائے رکھنے کے لیے وقت، احساسات اور خلوص کی سرمایہ کاری کریں، کیوں کہ آخر کار دوستی ہی زندگی کو جینے کے قابل بناتی ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ دوستی ہمیشہ خاندان سے باہر ہو، اگر قریبی رشتوں میں کوئی ایسا مل جائے جس سے بات کر کے ہمیں خوشی ملتی ہے تو اس سے بھی دوستی بنائی جا سکتی ہے، یہ بات صد فی صد درست ہے کہ سچی دوستی ایک مکمل اور خوش گوار زندگی کا ایک لازمی جزو ہے۔ بھروسہ، ایمان داری، بات چیت، تعاون، ہنسی، اور تفریح یہ سب حقیقی دوستی بنانے اور برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ اپنے دوستوں کی قدر کریں اور بدلے میں ہمیشہ خود سچے دوست بننے کو اپنی ترجیح میں شامل رکھیں۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

زندگی میں ایک ایسا دوست ضرور ہونا چاہیے جو لانگ ٹائم یا لائف ٹائم آپ کے ساتھ ہو، جو آپ کی زندگی کے نشیب و فراز کے ہر لمحے میں شامل ہو، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ایسے دوست بہت مشکل سے ملتے ہیں ،ایسے دوست جذباتی مدد، حوصلہ افزائی اور تعلق کی لذت سے آشنا کرتے ہیں، وہ زندگی کے دباؤ سے نمٹنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ قریبی دوستوں کا ہونا خوشی میں اضافہ، تناؤ کی سطح کو کم کرنے اور بہتر جسمانی صحت کا باعث بنتا ہے۔

Comments From Facebook

1 Comment

  1. IsrarAbbasi

    تبصرہgood

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے