وہ سردیوں کی ایک سنہری صبح تھی۔ فرزین اپنے باغیچے میں کرسی پر بیٹھا سبق یاد کررہا تھا۔
شعاعی ترکیب(Photosynthesis)
مما نے کچن کی کھڑکی سے جھانک کر دیکھا کہ فرزین سائنسی اصطلاحات اور کیمیکل ریئکشن (Chemical reaction)یاد کرچکا تھا۔
مما نے جلدی سے کچن کے کام نمٹائے اور فرزین کے پاس آبیٹھیں۔
’’ میرا گڈو ! سائنٹسٹ بنےگا۔ ٹیم ورک کرےگا۔اللہ میاں کو راضی کرےگا۔‘‘انھوں نے فرزین کی پیشانی کو چوما۔
’’ ہاں مما! میں سائنٹسٹ بنوں گا۔ سائنٹسٹ بن کر ٹیم ورک کروں گا۔ یہ تو سمجھ گیا، لیکن سائنٹسٹ سے اللہ تعالی کیسے راضی ہوں گے؟ ‘‘فرزین نے مما سے پوچھا۔
’’جب سائنٹسٹ اللہ میاں کی اطاعت کرےگا ۔ جیسے آپ کا یہ پودا ٹیم ورک کرکے اللہ میاں کو راضی کر رہا ہے ویسے ہی…‘‘ مما نے جملہ ادھورا چھوڑدیا۔
’’یہ پودا کیسے ٹیم ورک کررہا ہے؟یہ نہ تو بات کرسکتا ہے اور نہ ہی حرکت؟‘‘فرزین نے حیرانی سے پوچھا۔
مما نے اسے قریب بٹھایا اور کہا:
’’اچھا ابھی سمجھاتی ہوں۔‘‘
مما فرزین کو سمجھانے لگیں۔
’’ دیکھو! پودے کو اپنے نشوونما کے لیے غذا کی ضرورت تھی، اللہ میاں نے
جڑوں کو حکم دیا کہ وہ زمین سے پانی جذب کریں۔ہوا سے کہا کہ وہ کاربن ڈائی آکسائیڈ لادے اورسورج کو روشنی کی توانائی پہنچانے کا حکم دیا۔پھر پتوں میں موجود کلوروفیل(Chlorophyl) نے سب کو استعمال کیا اور غذا تیار کی۔یہ پورا عمل ٹیم ورک ہی تو تھا ۔جسے سائنس کی زبان میں شعاعی ترکیب یا Photosynthesis کہتے ہیں۔
پودے کی غذا کے لیے ساری کائنات نے اس کی مدد کی۔پھر اس ننھے پودے کی اطاعت تو دیکھو!ساری غذا تیار کرنے کے بعد وہ پتوں میں ہی نہیں رکھ لیتا ہے،بلکہ کچھ حصہ جڑوں میں جمع کردیتا ہے، کچھ پھلوں اور ان کے بیجوں کو دے دیتا ہے۔لینے اور دینے کا یہ عمل اللہ کی اطاعت اور ٹیم ورک ہی سے ممکن ہوا ہے۔‘‘
فرزین بہت غور سے ان کی بات سن رہا تھا۔
پیارے بچو ! آپ بھی نفع بخش علم حاصل کرنا اور اپنے علم سے اللہ کے بندوں کو فائدہ پہنچانا۔
٭ ٭ ٭


Best explanation for kids…