اردو لشکری زبان ہے۔اردو اصل میں روشن خیالی، ترقی اور آزادی کی ایک بہترین زبان ہے، جس نے تحریک آزادی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ لفظ اردو، ترک زبان کے لفظ اوردو (لشکر، فوج) یا اوردا سے نکلا ہے، اسی سے انگریزی لفظ Horde کا ظہور ہوا، تاہم ترک زبان سے اردو میں کم ہی الفاظ آئے ہیں۔
اردو اور ترکی دونوں عربی اور فارسی سے مستعار ہیں، اس لیے بہت سے اردو اور ترکی الفاظ کے تلفظ میں مماثلت ہے۔اردو ہندوستان کی ایک اہم زبان ہے، جسے ہندوستان کی آزادی سے پہلے سے ہی ہندوستان میں بڑی تعداد میں لوگ بولتے آئے ہیں۔ اردو کو ہندوستان کی ثقافت اور ورثے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔
اُردُو، برصغیر ہندوپاک کی معیاری زبانوں میں سے ایک ہے۔ یہ پاکستان کی قومی اور رابطۂ عامہ کی زبان ہے، جب کہ بھارت کی چھ ریاستوں کی دفتری زبان کا درجہ رکھتی ہے۔ آئین ہند کے مطابق اسے 22 دفتری شناخت شدہ زبانوں میں شامل کیا جاچکا ہے۔ 2001ء کی مردم شماری کے مطابق اردو کو بطور مادری زبان بھارت میں 5.01 فی صد لوگ بولتے ہیں اور اس لحاظ سے ہی بھارت کی چھٹی بڑی زبان ہے۔
اردو تاریخی طور پر ہندوستان کی مسلم آبادی سے جڑی ہے۔ زبانِ اردو کو پہچان اور ترقی اس وقت ملی جب برطانوی دور میں انگریز حکمرانوں نے اسے فارسی کے بجائے انگریزی کے ساتھ شمالی ہندوستان کے علاقوں اور جموں و کشمیر میں اسے 1846ء اور پنجاب میں 1849ء میں بطور دفتری زبان نافذ کیا۔
اٹھارویں صدی میں اردو ایک ادبی زبان بن گئی اور اس کی دو معیاری شکلیں دہلی اور لکھنؤ میں وجود میں آئیں۔اُردو کا بعض اوقات ہندی کے ساتھ موازنہ کیا جاتا ہے۔ اُردو اور ہندی میں بُنیادی فرق یہ ہے کہ اُردو نستعلیق رسم الخط میں لکھی جاتی ہے اور عربی و فارسی الفاظ استعمال کرتی ہے، جب کہ ہندی زبان دیوناگری رسم الخط میں لکھی جاتی ہے اور سنسکرت الفاظ زیادہ استعمال کرتی ہے۔ کچھ ماہرینِ لسانیات اُردو اور ہندی کو ایک ہی زبان کی دو معیاری صورتیں گردانتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہندی، اُردو زبان سے نکلی ہے۔ اسی طرح اگر اردو اور ہندی زبان کو ایک سمجھا جائے تو یہ دنیا کی چوتھی بڑی زبان ہے۔ اردو زبان دنیا کی نئی زبانوں میں سے ہونے کے باوجود اپنے پاس معیاری اور وسیع ذخیرۂ ادب رکھتی ہے۔ خاص کر جنوب ایشیائی زبانوں میں اردو اپنی شاعری کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔
بھارت نے 1969ء میں اردو کے فروغ کے لیے سرکاری بیورو قائم کیا، اردو بھارت میں سرکاری طور پر تسلیم شدہ زبانوں میں سے ایک ہے اور اسے بھارتی ریاستوں آندھرا پردیش، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، تلنگانہ اور قومی دار الحکومت دہلی میں ’’اضافی سرکاری زبان‘‘ کا درجہ بھی حاصل ہے۔ جموں و کشمیر کی پانچ سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔
1971 ءکی مردم شماری رپورٹ میں یہ تعداد 2 کروڑ 86 لاکھ تھی، جو دس سال بعد 1981 ءمیں ساڑھے 3 کروڑ ہو گئی تھی۔ اس کے بعد1991ءمیں یہ 4 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس صدی کی پہلی مردم شماری یعنی 2001 ءمیں یہ 5 کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی،مگر 2011 ءکی مردم شماری، جس کی رپورٹس کافی بعد میں آئیںاور جس میں زبانوں کے اعداد و شمار کے تجزیےکی رپورٹ اب جاری کی گئی ہے، یہ تعداد بڑھی نہیں بلکہ کم ہوئی ہے۔ یعنی اب اردو ہندوستان میں سرکاری اعداد و شمار کی حیثیت سے ساڑھے چار فی صد سے بھی کم لوگوں کی زبان ہے۔
2011ء کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان میں اردو بولنے والوں کی تعداد 50.8 ملین تھی (کل آبادی کا 4.34%)۔ ہندوستان میں بولی جانے والی اردو کو کئی بولیوں میں بھی پہچانا جا سکتا ہے جیسے کہ لکھنؤ اور دہلی کی معیاری اردو کے ساتھ ساتھ جنوبی ہندوستان کی دکنی بولی وغیرہ۔ اردو کی ہندی سے مماثلت کی وجہ سے، دونوں زبانوں کے بولنے والے آسانی سے ایک دوسرے کو سمجھ سکتے ہیں۔
بھارت میں اردو ان جگہوں پر بولی جاتی ہے جہاں بڑی مسلم اقلیتیں یا شہر ہیں، جو ماضی میں مسلم سلطنتوں کے علاقے تھے۔ ان میں اتر پردیش، بہار،دہلی، جموں کشمیر اور مہاراشٹر؛یہ وہ ریاستیں ہیں جہاں مسلم اقلیتیں زائد تعداد میں موجود ہیں ۔ ان کے علاوہ حیدرآباد، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں بھی اردو گو طبقہ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ بھارت کے تقریباً 800 اضلاع میں ایک بہت بڑی تعداد میں اردو بولنے والی اقلیت میں ہیں۔
کچھ بھارتی مسلم اسکول (مدرسہ) اردو کو پہلی زبان کے طور پر پڑھاتے ہیں اور ان کا اپنا نصاب اور اپنےامتحانات ہوتے ہیں۔ درحقیقت بالی وڈ فلموں کی زبان میں اردو اور فارسی الفاظ کی ایک بڑی تعداد ہوتی ہے اور اس طرح اسے ایک لحاظ سے ’’اردو‘‘ سمجھا جاتا ہے،جس کے ذریعے ایک بڑی تعداد بالی وڈ کی وجہ سے اردو کو سمجھتی ہے۔ بھارت میں 3,000 سے زیادہ اردو جریدے شائع ہوتے ہیں، جن میں 405 روزنامہ اردو اخبارات بھی شامل ہیں۔
یوپی کو اردو کا ہوم لینڈ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں تقریباً پونے 4 کروڑ مسلمان رہتے ہیں، مگر بمشکل 1 کروڑ 8 لاکھ نے اردو کو مادری زبان درج کروایا۔ یہ ٹرینڈ آج سے بیس پچیس سال پہلے شروع ہو گیا تھا، تب مسلمانوں کی آبادی اور اردو آبادی کا تناسب 50 فیصدی تھا، جو گرتے گرتے 28 فیصدی پر آگیا ہے۔ یعنی یہاں 100 میں سے صرف 28 مسلمان اردو کو مادری زبان درج کروا رہے ہیں۔ظاہر ہے، وہ نسلیں جن کو اردو سے جذباتی لگاؤ تھا، ختم ہو رہی ہیں۔ یہی حال راجستھان، مدھیہ پردیش اورشمال کے دوسرے صوبوں کا ہے۔یہ وہ صوبے ہیں جہاں مسلمان عام طور پر اردو کو اپنی زبان سمجھتا تھا۔ بہار کی صورت حال اترپردیش سے بہتر ہے مگر وہاں بھی حالات تسلی بخش نہیں ہے۔وہاں مسلم آبادی پونے 2 کروڑ ہے اور اردو گو آبادی ساڑھے 87 لاکھ ہے۔ جنوبی ہند اور مہاراشٹر کی صورت حال بالکل مختلف ہے۔ یہاں مسلم آبادی اور اردو گو آبادی میں بہت کم فرق ہے۔ تلنگانہ،آندھرا پردیش میں 81 لاکھ مسلمان ہیں اور اردو بولنے والے 75لاکھ یعنی 90 فی صد مسلمان اردو کواپنی مادری زبان لکھوا رہے ہیں، جب کہ شمال کے صوبوں میں یہ تعداد 30 اور 20 فی صد سے بھی کم ہے۔کرناٹک بھی ایسا ہی صوبہ ہے جہاں اردو بے حد مضبوط نظر آتی ہے۔حد تویہ ہے کہ تمل ناڈو میں بھی اردو بولنے والوں کی تعداد راجستھان اور مدھیہ پردیش کے مقابلہ زیادہ ہے۔گجرات، آسام اور بنگال میں مسلمانوں کی زبان عام طور پر گجراتی، بنگلہ اور آسامی رہی ہے مگر شمال کی ان ریاستوں میں تو مسلم معاشرہ میں اردو کا ہی رواج تھا۔
آپ لاکھ کہیں کہ اردو بولنے والوں کی تعداد اس سے گئی گنا زیادہ ہے مگر اعداد و شمار کے حساب سے اردو کا کم زور ہونا، زبان کے لیے نیک فال نہیں ہے۔کچھ لوگوں کو رپورٹس پر شک ہونے لگتا ہے اور اس کمی کے پیچھے بھی سازش نظر آتی ہے مگر حقیقت تلخ ہے۔ یہ سچ ہے کہ زبان کسی مذہب کی نہیں ہوتی مگر یہ بھی ایک سچائی ہے کہ ہندوستان میں عام طور پرمسلمان ہی اردو کو اپنی مادری زبان کے طور پر درج کرواتا ہے۔ اردو مسلمانوں کی زبان نہیں، علاقوں کی زبان ہے۔
احساس
(1)آج جو صورت حال ہے وہ خود اپنے آپ میں ایک مسئلہ ہے۔ ہمارے پاس کوئی ایسا Platform نہیں ہے، جہاں سے ساری Information حاصل ہوسکے۔
(2)دیگر سبھی زبانوں کے منفرد Government archives موجود ہے، حتیٰ کہ فلموں کے Archives بھی موجود ہے مگر اردو کا ایسا کوئی Archive موجود نہیں ہے۔
(3)بنیادی بات یہ ہے کہ تحقیقی کام اس معیار کا نہیں کیا جاسکا ،جس معیار کا مطلوب ہے۔
اور اگر تھوڑا بہت ہوا بھی ہے تو ہمارے پاس اس کو جمع کرنے یا محفوظ کرنے کا کوئی باقاعدہ نظام نہیں ہے۔ Institute of objective Studies دہلی، یہاں پر کسی حد تک تحقیقی کام ہوا ہے ،پر وہاں تک اپروچ نہیں ہے ۔
اردو کا مستقبل
اردو کا مستقبل اتنا تاریک نہیں ہے جتنا ہم سمجھتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے Technology سے جوڑ دیا گیا ہے۔اردو عام ہوگئی ہے۔ Google کی اہم زبان بن گئی ہے،اور جب اردو Technology سے جڑی تو اردو کے حوالے سے روزگار سے بھی جڑ گئی۔
عملی اقدام
اردو کو ایک زبان کے طور پر رواج دیں۔بنیادی تعلیم اردو زبان ہی میں حاصل کریں اور کروائیں۔ اردو کو معمول کی زبان بننا لازم ہے۔ اردو لکھیں،نیزاسے پیشہ ورانہ زبان بنانا بھی بے حد ضروری ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments