نومبر ۲۰۲۴
یہ کیسی مسیحائی ہے؟

طب ایک مقدس پیشہ ہے۔ جس کو بہت ہی عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ امیر غریب سب ہی ڈاکٹرز کی بہت عزت کرتے ہیں،کیوں کہ ڈاکٹر ایک مسیحا کا کام کرتا ہے۔ ایک طب ہی ایسا پیشہ تھا جو کہ بدنام نہیں تھا، لیکن اب ڈاکٹر کو بھی اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا ،کیوں کہ آج کے یہ مسیحا ضمیر فروش بن چکے ہیں۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب طب کے پیشےکو مسیحائی سمجھا جاتا تھا، محض ڈاکٹر کی موجودگی سے ہی مریض کو اطمینان ہوجاتا،اور وہ جلد ہی صحت یاب ہو جاتا،لیکن افسوس آج ان ہی ڈاکٹر زکے نام سے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں، امیر ہو یا غریب، ہر ایک کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں۔
اس کی وجہ علاج کے نام پر دی جانے والی مہنگی دوائیاں، بےجا ٹیسٹ اور آسمان چھوتی فیس ہے۔ جس کے بعد مریض کے ساتھ ساتھ اُس کے اہل خانہ کو بھی چکر آجاتے ہیں۔
چھوٹے کلینکس سے لے کر بڑے سے بڑے مشہور ہسپتالوں میں بھی کھلے عام لوٹ مچی ہے، نئی نئی بیماریوں کا ڈر پھیلا کر مریضوں کی جیب ڈھیلی کی جاتی ہے۔یوں تو مریض بیماری سے مکمل صحت یابی کی تمنا لیےہسپتال کا رُخ کرتے ہیں،اور ڈاکٹر سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ بہتر علاج کے ذریعہ ان کے درد ، تکلیف کو دور کریں گے جبکہ یہاں پہ چند ضمیر فروش، ڈاکٹر جیسے مسیحا کے بھیس میں پیشہ ور دلال بیٹھے ہیں۔ جو لیب سے لے کر میڈیکل تک ہر جگہ اپنا کمیشن طے کیے ہوئے ہوتے ہیں۔ بیچارہ مریض کرے بھی تو کیا کرے؟ مجبوراً خود کو ان سفید پوش قصاب کے حوالے کردیتا ہے۔ بھلے سے جیب کٹے یا گلا!
کئی ڈاکٹر ایسے بھی ہیں جو سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی کرتے ہوئے اپنا الگ سے ذاتی کلینک چلاتے ہیں ،تاکہ وہاں وہ مریضوں سے اور زیادہ رقم وصول کر سکیں۔ ایک تو سرکاری نوکری میں رہ کر لاکھوں کی تنخواہ، دوسری طرف ذاتی کلینک کی آمدنی، یوں لگتا ہے جیسے بھارت کی خستہ حالی کے باوجود اگر کسی کے دونوں ہاتھوں میں لڈو ہیں تو وہ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ ان لالچی ڈاکٹر زکے ہاتھوں میں ہیں۔
دراصل ان ضمیر فروش ڈاکٹروں نے اپنے اس مقدس پیشے کو محض تجارت اور پیسہ کمانے کا ذریعہ بنارکھا ہے، بھلے یہ مجبور مریض اتنی زیادہ رقم کی ادائیگی کی خاطر اپنا گھر اور جائداد بیچ دے یا صحت مند زندگی کی چاہت لیے قرض کے بوجھ میں دب کر مرجائے۔
انسانیت تو اس وقت دم توڑ دیتی ہے، جب زندہ انسانوں کے ساتھ ساتھ مردہ جسموں کو بھی نہیں بخشا جاتا، انھیں بھی دو سے تین دن تک وینٹلیٹر پہ لٹا کر آکسیجن ماسک لگانے کا ڈرامہ کرتے ہوئے، ہسپتال والے اہل خانہ کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں،ان میں چند ایسے کم ظرف جلاد قسم کے ڈاکٹر بھی موجود ہیں،جو جسمانی اعضاء کی اسمگلنگ کرتے ہیں۔ نوزائیدہ بچوں کو غائب کروادیتے ہیں۔ انھیںنہ ماں پر ترس آتا ہے نہ معصوم بچوں پر۔ یہ اخلاقی پستی میں دنیا کی ساری قوموں کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، ان کی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ ایک انسان ان کے سامنے سسک سسک کے جان دے رہا ہوتا ہے مگر اِنھیں پرواہ نہیں ہوتی، ذاتی مفاد اور دولت کے اندھے کنویں کے تعاقب کی دوڑ میں انھوں نے انسانی قدروں کو پامال کر دیا ہے۔ اپنی غفلت پر پردہ ڈالنے کے لیے محض ’’قضائے الٰہی‘‘ کہہ کر بے جان مریض کو ورثاء کے سپرد کردیتے ہیں۔
لیکن آج کہ اس دور میں جہاں بہت سارے ضمیر فروش موجود ہیں، تو کچھ ایسے بھی ڈاکٹر ہیں، جن کے دل میں انسانیت کے لیے دردمندی،بے لوث محبت، اپنے فرض کے لیے ذمہ داری کا احساس زندہ ہے، اور جو اپنا فرض آخر دم تک ادا کرتے ہیں۔ وہ اللہ تعالی کی دی گئی حکمت سے انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک اچھے اور پروفیشنل ڈاکٹر کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنے مریض کو مکمل صحت یاب کرنے کی کوشش کرے۔ اگر وہ سارے ڈاکٹر (جو دولت کمانے کے لیے ناجائز طریقہ اختیار کرتے ہیں۔) دولت کی دوڑ سے نکل آئیں اور انسانیت کی خدمت دل سے کریں تو غریب عوام کا بھلا کیا جاسکتا ہے۔

درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کر و بیاں

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے