تیرے جانے کا غم ہے بہت
پر ہم شہیدوں پر ماتم نہیں کرتے
یہ خبر گردش کررہی تھی کہ یحییٰ سنوار (جنھیں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کا قائد منتخب کیا گیا تھا۔ ) کواسرائیلی فوجیوں کے ذریعے شہید کر دیا گیا ہے۔اسرائیل کی طرف سے خود وزیراعظم نتین یاہو نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنی فوج کی اب تک کہ سب سے بڑی کامیابی بتایا تھا، لیکن حماس کی طرف سے خاموشی تھی، نہ ہی اس خبر کی تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید۔ اگر چہ اشارات شہادت کی طرف ہی تھے۔ بہرحال دل میں امید تھی کہ شاید یہ خبر جھوٹی ہو اور یحییٰ سنوار صحیح سلامت اور موت کے منہ سے بچ گئے ہوں، جیسا کہ اس سے پہلے کئی بار بچ چکے تھے، لیکن تقدیر کا فیصلہ اس بار کچھ اور تھا ۔ شام میں حماس کی پولیٹیکل ونگ اور ملٹری ونگ دونوں طرف سے اس خبر کی تصدیق کر دی گئی کہ یحییٰ سنوار اب ان کے درمیان نہیں رہے، ساتھ ہی انھوں نے اپنا موقف بھی بیان کردیا کہ اگر اسرائیل اور نتین یاہو کو ایسا لگتا ہے کہ وہ قائدین کی شہادت سے حماس کو توڑ دیں گے، انھیں گھٹنے ٹیکنے اور ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیں گے تو یہ ان کی بڑی بھول ہے ۔
حماس کو اپنے عظیم قائد کو کھونے کا درد ہے، لیکن یہ تنظیم آخری دم تک اپنے حقوق کی حصولیابی کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی اور ایسا ہی کچھ Statement حزب اللہ کی طرف سے بھی جاری کیا گیا ہے۔
قائدین کی شہادت تو حماس کی تاریخ اور امت مسلمہ کی تاریخ کا حصہ ہے۔ خود دور نبوی میں غزوۂ موتہ میں تین قائدین صحابۂ کرام (Commander in chief )یکے بعد دیگرے شہید ہوئے ۔ شہیدوں کے خون سے ہی تاریخ رقم ہوتی ہے ، انقلاب آتے ہیں، حق کا بول بالا ہوتا ہے، باطل کا زور ٹوٹتا ہے اور حقیقی آزادی نصیب ہوتی ہے ۔
یحییٰ سنوار کی شہادت سے ہماری آنکھیں اشک بار ہیں ، ایک عظیم اور باہمت قائد کے کھونے کا درد ہے ، آخری لمحات میں ان کی تکلیفیں دل کوپاش پاش کررہی ہیں لیکن ہمیں پورا یقین ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ فلسطینیوں کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے گا۔ اس مشکل وقت کو لانے میں بھی اللہ کی طرف سے کوئی نہ کوئی خیر پوشیدہ ہوگی۔
موجودہ دور میں یحییٰ سنوار جیسے قائد( جو خود میدان میں ایک عام فوجی کی طرح لڑ رہے تھے ،جیسا کہ خود اسرائیل کی ریلیز کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔)کی کوئی دوسری نظیر نہیں مل سکتی۔ ہم نے تو تاریخ کی کتابوں میںصحابہ ٔکرامؓ ، تابعینؒ اورتبع تابعینؒ کو ایسا کرتے ہوئے پڑھا تھا ،لیکن یحییٰ سنوارنے اپنے قول و عمل سے ثابت کردیا کہ جہاد کی تڑپ اور خدا کی راہ میں جان کی قربانی کا جذبہ ابھی بھی زندہ ہے۔ابھی بھی ایسے قائدین موجود ہیں جو خود بنکروں میں چھپے نہیں رہتے ہیں، بلکہ سامنے سے وار کرنے اور سہنے کا عزم رکھتے ہیں۔ جس تنظیم کے قائدین ایسے ہوں تو اس تنظیم کا ہر ممبر کیسے جوش و جذبے اور ولولے سے اپنا کام کررہا ہوگا۔
ایک حدیث کے مطابق قرب قیامت کے وقت اسلام شام میں جمع ہونے لگے گا اور شام کا دل فلسطین ہے اور ایک سال سے وہاں کے مجاہدین، عوام ، عورتوں اور بچوں نے ثابت کر دیا کہ وہی حقیقی معنوں میں اسلام کے شیدائی ہیں ،باقی تو ہر جگہ صرف نامی اور خاندانی مسلمان ہیں ۔( الا ما شاء اللہ)
آیئے! تھوڑا سا اس مرد مجاہد کے بارے میں جانتے ہیںجو اسرائیل کے Most wanted لوگوں کی لسٹ میں ٹاپ پر تھے۔ جو چھوٹی سی غزہ پٹی میں رہتے ہیں لیکن پھر بھی امریکہ، اسرائیل اور ان کی بہترین فوجیں ، انٹلیجنس؛ انھیں تیرہ سالوں سے کتوں اور بھوکے بھیڑیوں کی مانند ڈھونڈ رہی تھیں۔ جو اتنے بے خوف تھے کہ ایک بار پریس کانفرنس میں کیمرے کے سامنے آنکھوںمیں آنکھیں ڈال کر انھوں نے کھلا چیلنج کیا کہ ابھی یہاں سے میں اپنے گھر جاؤں گا، جو کرنا ہو کر لو۔ پھر وہ بازاروں سے ہوتے ہوئے لوگوں سے ملتے جلتے، مصافحہ کرتے، ہنستے مسکراتے بحفاظت اپنے گھر تک پہنچ گئے۔ ان کا بہت ہی مشہو ر قول ہے جو ان کی دلیری، شجاعت ، بے خوفی اورموت کا وقت مقرر ہونےپر پختہ ایمان کی واضح دلیل ہے۔ وہ اکثر کہتے تھے کہ انسان کے پاس دو دن ہیں، ایک وہ دن جس میں وہ جیتا ہے اس دن کوئی اسے مار نہیں سکتا، اوردوسرا وہ دن جو اس کی موت کا دن ہے جس میں کوئی اسے بچا نہیں سکتا۔
اسرائیل نے یحییٰ سنوارکے آخری لمحات کی جو ویڈیو ریلیز کی ہے، جو شاید انھوں نے خوشی اور جلد بازی میں کر دی ہو گی اور اب پچھتا رہے ہوں گے، کیوں کہ اس ویڈیو نے حماس کے لیڈران کے خلاف خود اسرائیل کے غلط بیانات کی تردید کر دی ہے ۔ اسرائیل اکثر یہ دعویٰ کرتا تھا کہ حماس کے لیڈران اور قائدین دہشت گرد ہیں، جوخود تو سرنگوں میں اور دوسرے ممالک میں چھپے رہتے ہیں، جب کہ عوام کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور انھیں Shieldکے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس ویڈیو نے ان کی مکاریوں اور جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا اور یحییٰ سنوارلوگوں کے سامنے ایک ایسے مجاہد کے طور پر آئے، جن کے نقش قدم پر چلنے کو لوگ، خاص طور پر فلسطینی اعزاز سمجھیں گے ،جو لوگوں کے دلوں میں ایک ہیرو اور Legendکی طرح اپنی چھاپ چھوڑ گئے ہیں۔چند سیکنڈکی ویڈیو میں زخموں سے چور یہ مجاہد پوری قوت کے ساتھ لکڑی ڈرون کی طرف پھینکتا نظر آتا ہے ،جو مزاحمت کرنے والوں کو مزید شہادت کا شیدائی بناتا ہے اور کھلا پیغام دیتا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرنی ہے۔
جی چاہتا ہے نقش قدم چومتے چلیں
دور حاضر کے اس عظیم شخصیت کی کنیت ابو ابراہیم تھی۔ان کا خاندان1948ء کے نقبے میں( جس میں ان کے پورے گاؤں کو ہی خالی کر دیا تھا)۔ہجرت کرکے خان یونس کے ایک پناہ گزیں کیمپ میں رہائش پذیر ہو گیا تھا۔ تقریباً اس کے چودہ سال بعد اسی کیمپ میں یحییٰ سنوارکی ولادت ہوتی ہے۔ اب آپ سوچیے ایسا بچہ جس نے پناہ گزیں کیمپ میں نہ جانے کتنی تکلیفوں میں اپنا بچپن گزارا ہوگا، اسرائیل کی نہ جانے کتنے ظلم و ستم سنے اور خود دیکھے ہوں گے، تو ایسے بچے کے اندر اسرائیل کے خلاف کتنی نفرت، غصہ اور اپنے حقوق کی بازیابی کا کیسا شدید جذبہ ہوگا۔ اگر اسرائیل یہ سوچ رہا ہے کہ جن بچوں کو اس نے یتیم اور بے گھر کیا ، جن کے معصوم بچپن کو چھین لیا، جن کے امنگوں ، خواہشات اور جذبات سے کھلواڑ کیا تو ایسے بچے اسے سلام کریں گے یا اس کے سامنے سرنڈر کر دیں گے یا اس کی آرتی اتاریں گے تو یہ اس کی بڑی بھول ہے ۔ وہ خود اپنے خلاف اپنے ہاتھوں ایسے جاں باز مجاہدین کو تیار کررہا ہے۔ ایسے یحییٰ سنوار غزہ پٹی میںبہت ملیں گے ۔ ایک شہید ہوگا دوسرا اس کی جگہ شہادت کی تڑپ کے ساتھ لے گا ،اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا،یہاں تک کہ اسرائیل اپنے مظالم سے باز آ جائے۔
ابھی شہید یحیی سنوار20 سال کے بھی نہیں ہوئے تھے کہ 1982ءمیں انھیںاسلامک ایکٹیوٹیز کی وجہ سے گرفتا کر لیا جاتا ہے ۔1985ء تک وہ جیل میں رہتے ہیں اور یہیں ان کی ملاقات حماس کے بانی شیخ احمد یٰسین سے ہوتی ہے، اورو ہ ان سے بہت ہی متاثر ہوتے ہیں اور دونوں میں بہت قربت پیدا ہو جاتی ہے۔1987ء میں جب25 سال کے ہوتے ہیں تب ’’المجد‘‘ نامی ایک گروپ بناتے ہیں، جس کے وہی چیف ہوتے تھے ۔ اس میں ان کا کام یہ تھا کہ جو بھی فلسطین کے خلاف اسرائیل کو مخبری کر تا، چاہے وہ فلسطینی ہو یا اسرائیلی یا کوئی اور؛ شہید یحییٰ سنواراسے کیفر کردار تک پہنچا دیتے۔ اسی لیے اسرائیلی انھیںa Butcher of Gazیعنی غزہ کا قصائی بھی بولتے تھے۔1987ء میں ہی حماس کا قیام عمل میں آتا ہے۔
1989ء میں ایک بار پھر انھیں گرفتار کر لیا جاتا ہے، اس ا لزام میں کہ انھوں نے دو اسرائیلیوں اور نو فلسطینیوں کو مخبری کرنے کے جرم میں مار ڈالا ۔ جیل میں انھیں عمر قید کی سزا سنا دی جاتی ہے، لیکن وہ کبھی بھی مایوس نہیں ہوئے بلکہ ہمیشہ کہتے تھے کہ میں ضرور رہا ہوں گا۔ یہی وجہ تھی کہ وہ جیل میں اپنا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتے تھے، بلکہ جیل کو ٹریننگ سینٹر سمجھتے ۔ یہیں انھوں نے ’’ہبریو‘‘ زبان لکھنا پڑھنا سیکھا۔ بلا کے نڈر ،بہادر اور ذہین تھے۔ قیادت کی تمام صلاحیتیں ان کے اندر موجود تھیں۔ اسرائیل کے اخبارات کا مطالعہ کرتے ، جیلرس وغیرہ سے باتیں کرتے اور اسرائیلیوں کی سائیکالوجی ، Mindset اور کم زوریوں کا گہرائی اور گیرائی سے مشاہدہ کرتے۔ جیل میں وہ فلسطینیوں اور حماس کے لوگوں کی نمائندگی کرتے، ان کی قیادت کرتے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ انھیں ڈسپلن کے ساتھ رہنے کا ڈھنگ بھی سکھاتے۔ یہیں پر انھوں نے اپنے حالات کے متعلق بہت سی باتوں کو قلم بند بھی کیا۔جب بھی موقع ملتا ورزش کرتے اور جسمانی طورپر بھی خود کو مضبوط بنانے کا کوئی لمحہ ضائع نہیں کرتے۔
21 یا22 سال تک جیل میں رہے ۔2011ء میں ان کی رہائی ہوئی ۔ معاملہ یہ ہوا کہ غیلاط نام کا ایک اسرائیلی، جو بہت اثر و رسوخ والا بندہ تھا، وہ حماس کے ہتھے چڑھ گیا ،اس کی رہائی کے بدلے حماس نے جیل میں بند ایک ہزار قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیاہے، جس میں شہید یحییٰ سنوار بھی شامل تھے۔ اس شرط کو بادل ناخواستہ اسرائیل کو منظور کرنا پڑا۔ اسرائیل انھیں بالکل بھی چھوڑنا نہیں چاہتا تھا ،لیکن غیلاط کی رہائی کے لیے بہت دباؤ ہونے کی وجہ سے آزاد کرنا پڑا۔ یہیں پر یہ معاملہ بھی ہوتا ہے کہ جتنے لوگوں کو دروازےسے سے نکال کر گاڑی میں بٹھایا جا رہا تھا، ان سے ایک کاغذ پر دستخط لیا جا رہا تھا کہ یہاں سے جانے کے بعد وہ اسرائیل کے خلاف کسی ایکٹیوٹی میں حصہ نہیں لیں گے۔ شہید یحییٰ سنوار سے پہلے کے تمام قیدی دستخط کررہے تھے، جب ان کی باری آئی تو انھوں نے دستخط کرنے سے صاف منع کردیا۔ اسرائیلی فوج بہت دیر تک اپنے ذمہ داران سے گفت و شنید کرتی رہی کہ کیا کیا جائے؟ بالآخر انھیں جانے کی اجازت دے دی گئی ۔
ان کے پیچھے جس بھی قیدی بچے تھے، انھیں بھی ہمت ملی اور سب نے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ نہایت ہی فاتحانہ شان کے ساتھ اسرائیلی افواج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہوئے ان ہی کی گاڑی سے ایک بار پھر غزہ میں داخل ہوئے، ایک نئی ہمت، جوش اور جذبے کے ساتھ۔اس طرح اپنی جوانی کا بڑا حصہ انھوں نے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بہت ہی مثبت انداز میں گزارا،لیکن تبھی سے اسرائیلی فوج ان کی تلاش میں بھی لگ گئی۔
جیل سے کےنکلنے بعد انھوں نے شادی کی اور فی الحال ان کے تین بچے ہیں۔ 2012ء میں حماس میں بطور ممبر شامل ہوئے اور2013ء سے ہی حماس میں ان کی پوزیشن اونچی ہونے لگی۔2017ء میں شہید اسماعیل ہنیہ کے بین الاقوامی سطح پر پولیٹیکل بیورو کے چیف ہونے کے بعد ان ہی کی خالی کردہ جگہ پر غزہ کے لیڈر یا قائد یا پریسیڈنٹ( جو چاہیں نام دیں ) بن گئے۔ ساتھ ہی یہ کمانڈر ان چیف بھی تھے ۔یہ غزہ میں ہی رہ کر وہاں کے معاملات دیکھتے اور سلجھاتے تھے۔
جیل میں رہتے ہوئے اور2018ء میں بھی انھوں نے اسرائیل کو یہ پیغام بار بار دیا کہ ہم جنگ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ تم ہمارے حقوق کو تسلیم کر لو اور عزت کی زندگی جینے دو، لیکن جب انھوں نے دیکھا کہ نرمی کی وجہ سے فلسطینیوں کا معاملہ دبتا جا رہا ہے، کوئی ان کے لیے آواز نہیں اٹھا رہا ہے اور اسرائیل میں Extrimistکی گورنمنٹ آگئی ہے جو مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، وہاں کے نمازیوں پر ظلم و ستم کرتی ہے تو ان کی غیرت کو شدید دھچکہ پہنچتا ہے اور وہ Do and dieکی پلاننگ شروع کر دیتے ہیںاور ایک بڑا Visionلے کر اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل7 اکتوبر کا ماسٹر مائنڈ شہید یحییٰ سنوارکو ہی سمجھتے تھے اورانھیںاپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتے تھے،اور ان کی شہادت کا دن اسرائیلیوں اور ظالموںکے لیے جشن کادن بن گیا۔
یہ عزیمت کا پیکر انسان جوخود کبھی مایوس نہیں ہوا ،اس کی وفات امت مسلمہ کے لیے امید کا جھونکا بن گئی کہ زندگی کا ایک بڑا مقصد ہونا اور اس مقصد کے حصول کے لیے آخری دم تک جدوجہد کرتے رہنا ہی ایک مومن کی شان ہے۔ مومن نہ تو بزدل ہوتا ہے اور نہ ہی موت کے خوف سے میدان چھوڑ کر بھاگتا ہے، بلکہ وہ آخری دم تک دشمنوں کو ناکوں چنے چبواتا رہتا ہے ،اور جاتے جاتے اپنے ساتھیوں کو ہمت و حوصلہ اور کبھی نہ جھکنے کا حوصلہ دے جاتا ہے۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ شہید یحییٰ سنوار کے حسنات کو قبول فرمائے، ان کی کوتاہیوں سے سے صرف نظر کرے، انھیں کروٹ کروٹ جنت الفردوس نصیب فرمائے، امت کو ان کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے ، فلسطینیوں کی آنکھوں کو فتح کے دید سے سرشار کردے، ان کے تمام غموں کا مداوا کردے، تنین یاہو، بائیڈن اور فلسطینیوں کے خلاف مدد کرنے والوں کی ایسی پکڑ کر کہ وہ دوبارہ سر نہ اٹھا سکیں، ان کے غرور کو خاک میں ملا دے، ان کے زعم کو چکنا چور کردے،انھیں ایسے ہی خاک میں ملا دے جیسے تو نے فرعون اورہامان کو ملایا، انھیں ایسی ذلت والی شکست دے جیسی احزاب کو دی،بلاشبہ تیری پکڑ بہت سخت ہے ، تو کن فیکون کا مالک ہے ، قادر ہے، قہار اور جبار ہے ، اس کائنات کا مالک ہے ، تیری ذات ہی سب کچھ کرنے پر قادر ہے۔ یااللہ! ہم جانتے ہیں کہ تیرے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں، تو دشمنوں کی رسی کو ڈھیل دے رہا ہے، امت مسلمہ اور فلسطینیوں کو آزما رہا ہے لیکن ہم انسان بہت جلد باز ہیں، تھک رہے ہیں، چور چور ہو رہے ہیں، زخمی ہو رہے ہیں لیکن تیری رحمت سے مایوس نہیں ہیں ، اگر ابھی بھی فلسطینیوں کی آزمائش باقی ہے تو انھیں حوصلہ اور ہمت عطا فرما، ان کے دلوں کو سکون و اطمینان عطا فرما، بلا شبہ ان کی مدد کے لیے تیری ذات ہی کافی ہے۔ ہماری ٹوٹی پھوٹی دعاؤں کو یا رب قبول فرما۔ آمین یا رب العالمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments