جنوری ۲۰۲٥
قاری کی رائے

السلام علیکم
محترمہ ایڈیٹر صاحبہ اس مراسلہ کے ذریعہ اجتماع ارکان کے تاثرات میں عوام الناس تک پہنچانا چاہتی ہوں۔ امید ہے میرے خیالات کی ترسیل’ میں ہادیہ ای میگزین‘ مددگار ثابت ہوگا ۔

کونو قوانین باالقسط شھداء للہ

15 تا 17 نومبر 2024 کو ’وادی ہدا حیدرآباد‘ میں جماعت اسلامی کا تاریخ ساز ’کل ہند اجتماع ارکان‘ کا انعقاد ہوا جس میں ملک کے گوشہ گوشہ سے ارکان جماعت نے شرکت کی ۔
جس مقام پر اجتماع ارکان کا انعقاد کیا گیا وہ بہت ہی نا ہموار جگہ تھی،جس میں پہاڑیاں ،ٹیلے چٹانیں اور جھاڑیاں تھیں اور اس جگہ کو ہموار کرنا اور اجتماع کے قابل بنانا یقیناایک محنت طلب کام تھا ۔گویاوہاں ایک ایسی بستی بسانی تھی جس کی بنیاد ہمدردی ومحبت ،اخوت اور خلوص پر مبنی ہوممکن ہی نظر نہیں آرہا تھا کہ اتنا عظیم الشان اجتماع یہاں ہوپائیگا ؟ جس میں ہزاروں افراد کی شرکت ہوگی لیکن ۔

ارادے جن کے پختہ ہوں،نظر جن کی خدا پر ہو
تلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے

ناظم اجتماع ’عبد الجبار صدیقی‘ صاحب نے بتایا کہ اس کام کی پلاننگ ایک سال پہلے کرلی گئی تھی ،چھ ماہ پہلے سے کام کا آغاز کیا گیا تھا اور چار مہینوں سے مسلسل کام جاری تھا ۔غرض اس جگہ کو ہموار کرکے ایک بستی بسائی گئی جس میں انسانی زندگی کی تمام ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ۔بجلی ،پانی ،راستے، قیام وطعام کے لئے باقاعدہ خیمے بزرگوں کے لئے باقاعدہ انتظامات اور ضروریاتِ زندگی کے ساتھ ہی مریضوں کے لئے ایمبولینس سروس اور طبی امداد سے بھرپور بستی اس اجتماع کے ذریعہ ایسی بستی بسائی گئی جہاں حالانکہ مختلف رنگ، مختلف بول چال ، مختلف رہن سہن اورمختلف علاقوں کے لوگ شریک ہوئے تھے لیکن کسی میں اجنبیت کا احساس نہیں تھا ۔،ہر طرف پیار محبت ،خلوص و ہمدردی اور اپنائیت ہی نظر آرہی تھی۔
سب کا عقیدہ ایک ،نظریہ ایک،نصب العین ایک اور’ اقامت دین‘ کا ایک ہی خواب سجائے سب لوگ ایک ہی منزل کی جانب رواں دواں تھے ۔
سب سے انوکھی بات کہ

 ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز

امیر ،مامور کا ایک ہی جیسا قیام وطعام ،جس میں کوئی فرق نہیں ۔اس عظیم الشان اجتماع کی کامیابی پر تمام ہی شرکاء ناظم اجتماع کو بڑھ چڑھ کر مبارکباد پیش کررہے تھے لیکن ناظم اجتماع نے اس بات پر کوئی فخرمحسوس نہیں کیا بلکہ نہایت انکساری کے ساتھ کہا کہ یہ ہمارے تصور کی بستی ہے،جو کہ تحریک اسلامی کا خواب ہے ،اور جو تحریک اسلامی کے افراد بسانا چاہتے ہیں یہ کوئی بڑا کمال نہیں ایسی کئی بستیاں ہم بسا سکتے ہیں ،چاہے حیدرآباد ہو، چاہے پٹنہ ہو یا بنگال لیکن اسکے لئے ہمیں بہترین افراد سازی کرنا ہوگی، بہترین افراد سے بہترین ادارے بنانے ہونگے کیونکہ بہترین اداروں سے بہترین اثرات پڑتے ہیں اسکے لئے سخت محنت کریں،جیسے اس کام کے لئے ہم نے محنت کی ،محنت سے اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ کی مدد و نصرت حاصل ہوتی ہے ہماری ذمہ داری ہیکہ سماج کے بڑے حصے کو ہمارے نصب العین سے جوڑیں ،عقیدہ سے جوڑیں ،پالیسی سے جوڑیں ، ہماری سرگرمیوں سے جوڑیں اور اللّٰہ رب العزت کا تعارف بندوں تک اتنا پہنچائیں کہ ہر چالیسواں گھر جماعت کا گھر بن جائے۔نئے عزائم نئے حوصلوں کے ساتھ نئے افراد سے تعلقات بڑھائیں ۔ اچھے ا ثرات چھوڑیں ،کاموں کو بڑھانے کی فکر کریں اور اس کے لئے کمر بستہ ہو جائیں تو ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں ۔ ناظم اجتماع کی تقریر سے ہم کو یہ پیغام ملاکہ حالات چاہے کتنے ہی ناسازگار ہوں،راستے کتنے ہی دشوار گزار ہوں اور کتنے ہی مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے لیکن ارادے مضبوط ہوں ،عزائم پختہ ہوں اور حوصلے تو اللّٰہ کی مدد شامل حال ہوتی ہے اور کامیابی ہمارا مقدر بن جاتی ہے۔
تو آئیے ہم بھی نئے عزائم و حوصلوں کے ساتھ اپنے ارادوں کو پختہ کریں ،اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور انھیں ادا کرنے کی کوشش کریں اور اس خواب کو شرمندہ تعبیر کریں کہ ایسی اسلامی بستی بسائیں گے جس کا عقیدہ لا الہ الااللہ ، محمد رسول اللہ ہوگا اور نصب العین اقامت دین ہوگا۔۔۔۔ان شاءاللہ

وعلیکم السلام
سسٹر !
اجتماع ارکان سے متعلق آپ کے تاثرات پڑھ کر یک گونہ خوشی کا احساس ہوا ، ہمارے لیے سعادت کی بات ہے کہ آپ نے اپنے احساسات کی ترسیل کے لیے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے میگزین’ ھادیہ‘ کا انتخاب کیا ۔اللہ کریم اس اجتماع کو ایک بڑی تبدیلی کا ضامن بنائے آمین ۔
ایڈیٹر

ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥