ملکی منظر نامہ
قصہ ٔدرد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم۔۔!
گزشتہ ماہ وطن عزیز میں ہوئے کچھ غیر معمولی واقعات توجہ طلب ہیں۔ اولاً سب سے اہم اور غور طلب پہلو ہے تعلیمی اداروں میں چل رہی ہلچل۔ ملک کی ایک اہم یونیورسٹی’ جامعہ ملیہ اسلامیہ‘ دہلی، جو معیار تعلیم اور طریقہ تعلیم کے سبب طالب علموں کا ‘شہر آرزوہے۔ اس میں دسمبر 2019میں ہوا واقعہ، سیاہ دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اسی یومِ سیاہ کے موقع پر جامعہ کے تمام طلبہ گزشتہ 4 سالوں سے اس واقعہ کو یاد کرتے ہیں۔ ظلم کے خلاف نعرہ حق بلند کرنا جامعہ کے طلبہ کی اولین ترجیح رہی ہے۔ اسی طرح جب اس مرتبہ انہوں نے جامعہ کی تاریخ کے یوم سیاہ کے موقع پر ظلم و جبر کے اسدن کو یاد کیا اور سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہوئے تو وہیں یونیورسٹی انتظامیہ نے لائبریری اور کینٹین بند رہنے کا فیصلہ سنادیا۔ اس سے قبل بھی ان طلباء کو کئی مرتبہ سخت ہدایات ملی ہیں، جب جب انہوں نے ایسی سرگرمیاں کیں۔ سوال یہاں یہ ہے کہ ملک کی ایک بڑی یونیورسٹی کیا حکومت کے ہاتھوں بک چکی ہے؟ ایک درس گاہ جہاں طالب علموں کو ظلم و تشدد کے خلاف آواز اٹھانا بتایا جاتا ہے، حق و باطل کی واضح تفریق ذہنو ں میں بٹھا ئی جاتی ہے، اسی دیار شوق سے جب ایسے فضول فیصلے انتظامیہ کی جانب سے دیکھنے کوملتے ہیں تو سخت ملال ہوتا ہے کہ تعلیم گاہوں میں بھی اب ان کے سیاسی داؤ پیچ چلے جائیں گے اور اس درمیان اندھی تقلید پر سر ہلانے کی ضد اور انصاف کو قدموں تلے روند کر حکومتی کٹھ پتلیاں بن جانا بصورت نتیجہ دیکھنے کوملے گا۔ یہ صرف جامعہ کی بات نہیں ہے بلکہ ’مولانا آزاد یونیورسٹی‘ حیدرآباد میں بھی ان طلباء کو نشانہ بنایا گیا، جنہوں نے خراب کھانے کو لے کر ہوسٹل میں احتجاج کیا۔ کیا یہ کھلا ظلم نہیں ہے؟ اب کیا حکومت کی سیاسی چکی میں یونیورسٹی کو پیساجائے گا؟ یہ تابناک مستقبل کا گلا گھونٹنا نہیں تو اور کیا ہے؟ یہ طالب علموں کے ذہنوں سے انصاف کا تصور ختم کرنا اور ذاتی مفاد کی عملی تصویر پیش کرنا ہے۔
دوسرا قصہ درد حکومت کی جانب سے ٹیکس وصولی کا ہے۔ ہر شہری ٹیکس تلے دبا ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے عائد کیا گیا ٹیکس ہر کسی کا درد سر بنا ہوا ہے۔ ایک عام انسان جو خاندان کی کفالت کی خاطر پسینے سے شرابور ہوکر ہر طرح کے حالات میں کمر کس کر محنت کرتا ہے اور جب محنت کی کمائی اس کی ہتھیلی پر رکھی جاتی ہے تو ٹیکس ادائیگی کا سوچ کر اس قابل رحم انسان کی مسکان غائب ہوجاتی ہے۔ غریبوں اور عام انسانوں کو مالی طور پر نچوڑنے کا یہ ایک ایسا عمل ہے جسے حکومت حق سمجھتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ غریبوں کو معاشی طور پر لاغر کرنے کی طرف حکومت کا یہ قدم کیا سوغات لائے گا اور ظلم کی یہ کونسی قسم ہے جس میں اپنے حق و محنت کی کمائی کا ایک اچھا خاصا حصہ اس حکومت کی نذر کیا جائے جس نے عوامی فلاح و بہبود کے نام پر محض وعظ و تقریر کے سوا کچھ نہیں کیا۔
میں ڈوب بھی گیا تو شفق چھوڑ جاؤں گا!
ماہ دسمبر میں وطن عزیز کا ایک گوہر نایاب مراد سابق وزیر اعظم ’منموہن سنگھ ‘دنیا سے رخصت ہوئے۔ یہ وہ شخصیت ہے جو ہندوستان کی ڈوبتی معیشت کے لیے مضبوط سہارا ثابت ہوئی اور انہوں نے معیشت کے ڈوبتے جہاز کو تھام کر کنارے لگایا۔ ان کا یہ کارنامہ تاریخ ہند میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ عوامی تعلقات کے ماہر نہیں تھے مگر اپنے کام میں درجہ کمال کی مہارت رکھتے تھے، یہی چیز وہ عوام کو کہتے رہے مگر عوام کے بکے ذہنوں نے اس مسیحا کے بالمقابل ایک ‘بول بچن کو ترجیح دی۔ منموہن سنگھ ایک باوقار شخصیت کے حامل تھے۔ جن کی خاموشی میں رعب اور باتوں میں حکمت تھی۔ جن کی مہارت اور حکمت کو دنیا کے بڑے ملکوں کے وزرائے اعظموں نے تسلیم کیا۔ گزشتہ ماہ ہندوستان کا یہ روشن ستارہ غروب ہوگیا۔
گیٹ وے حادثہ!
قارئین کرام! عروس البلاد ممبئی میں’ گیٹ وے آف انڈیا‘ سے’ ایلی فنٹ‘ا جانے والی کشتی کے غرق آب ہونے کی دل دہلانے والی خبر بھی ماہ دسمبر کی سرخیوں میں رہی۔ خبروں کے مطابق تقریباً 110 لوگ کشتی میں موجود تھے جن میں سے بیشتر کو بچا لیا گیا اور بعض جاں بحق ہوگئے۔ اسی واقعہ میں مسیحا ثابت ہوئے ’عارف محمد ‘نے 35 افراد کی جانبچا کر انسانیت کو بڑا سبق دیا ہے۔ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل اس شخص نے اپنی کشتی کے ذریعے بغیر وقت ضائع کیے ان لوگوں کی جان بچائی اور اس کارنامے کو سراہنا بحیثیت ذمہ دار انسان فرض ہے۔
عالمی منظرنامہ
’’روح الروح‘‘
عزیز قارئین ایک سال سے زائد عرصے سے فلسطین پر ہورہے اسرائیلی حملوں میں بڑی تعداد میں مجاہدین نے جام شہادت نوش کیا۔ اسی بزم شہادت کو ایک اور عباد الرحمان بنام ’’خالد نبھان‘‘ نے رونق بخشی۔ یہ مرد آہن اپنی شہادت کے ساتھ ہی کئی افراد کے اسلام قبول کرنے کی وجہ بن گیا۔ واضح رہے کہ خالد نبھان جن کی عزیز از جان پوتی ’ریم‘ کے لیے والہانہ محبت نے ساری دنیا کو اشکبار کردیا تھا، جب گزشتہ سال وہ معصوم شہید ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے ’’روح الروح ‘‘ فقرے سے سبھی کے دل جیت لیے اور اپنے پیچھے دعا کرنے والے کئی ہاتھ چھوڑ گئے۔
لمبی ہےغم کی شام۔۔۔
گزشتہ ماہ تاریخ نے ایک اور واقعہ کو اپنے اندر سمو لیا۔ بشار الاسد کی ظالمانہ حکومت کا بالآخر خاتمہ ہوگیا۔ اور پوری دنیا نے ‘’فتح شام‘ کی گواہی دی۔ یہ ایک تاریخ ساز واقعہ ہے جو مجاہدوں کی محنت، عوام کی دعاؤں اور مظلوم قیدیوں کی آہ و فغاں اور صبر و ہمت کا نتیجہ ہے۔ ظالم ترین حکمراں نے قیدیوں کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا تھا اور زندان کی دیواروں نے جو ظلم کی داستانیں سنائی ہیں،ان چیخوں کو لکھنے کی قلم میں طاقت نہیں۔ قیدیوں کی رہائی کے بعد ایک تاریخ ساز جملہ جو دل چیر گیا وہ یہ تھا کہ ’’آج یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم پھر پیدا ہوئے ہیں!‘‘ ظلم و بربریت کی وہ انتہا کہ جسے تصورمیں نہیں لایا جاسکتا۔ بالآخر ان صابروں نے صبحِکاذب کے بعد صبح ِصادق کا نظارہ کیا اور ایک آواز ہوکر ایک تاریخی گونج کل عالم میں سنائی دی ’’لا غالب الا اللہ‘‘
٭ ٭ ٭


0 Comments